Author: محمد صلاح الدین

  • واجبات کی عدم ادائیگی پرسول ایوی ایشن کا پی آئی اے کونوٹس

    واجبات کی عدم ادائیگی پرسول ایوی ایشن کا پی آئی اے کونوٹس

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو نوٹس جاری کردیا، واجب الادا رقم نہ ملنے پر سول ایوی ایشن کو شدید مالی بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 40 ارب روپے کے واجبات ادائیگی کے لیے پی آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔

    پی آئی اے کو گزشتہ کئی ماہ سے پارکنگ، اوور فلائنگ، لینڈنگ اور سیکیورٹی کی مد میں واجبات ادا کرنے ہیں جو تاحال ادا نہیں کیے جا سکے۔

    پی آئی اے کی جانب سے 40 ارب روپے کے واجبات نہ ملنے پر سی اے اے کو شدید مالی بحران کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    علاوہ ازیں پی آئی اے نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت فیول کمپنیوں، غیر ملکی ایئرپورٹس کو بھی لاکھوں ڈالر کے واجبات ادا نہیں کیے۔

    ذرائع کے مطابق اربوں روپے کے خسارے سے دوچار قومی ائیر لائن پی آئی اے میں ہزاروں ڈالر تنخواہوں پر غیر ملکیوں کو بھرتی کیا جارہا ہے ، کروڑوں روپے افسران کے بیرون ملک دوروں پر خرچ کیے جارہے ہیں۔

  • کراچی: پی آئی اے کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

    کراچی: پی آئی اے کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ

    کراچی: حکومت نے قومی ائیر لائن پی آئی اے کو دو حصوں ون اور ٹو میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے پاکستان ایئرویز کے شیئرز پی آئی اے کو فروخت کیے جائیں گے، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آذر بائیجان کے دورے کے بعد پی آئی اے کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے قومی ائیر لائن پی آئی اے کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پی آئی اے ون کے تمام آپریشنل معاملات پاکستان ایئرویز کے سپرد کردیئے جائیں گے جبکہ پی آئی اے ٹو میں نان فنکشنل ادارے،تمام قرضہ جات پی آئی اے ادا کرے گا۔

    pia-post-01

    ذرائع کے مطابق پاکستان ایئرویز کے شیئرز پی آئی اے کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے ایوی ایشن ڈویژن نے پاکستان ایئرویز کی سمری بھی تیار کرلی۔

    پاکستان ایئر ویز کے سو فیصد شیئرز خرید کر اسے پی آئی اے ون میں تبدیل کردیا جائے گا جبکہ پی آئی اے ٹو تمام قرضہ جات، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 40  ارب سے زائد واجبات اور دنیا بھر کے مختلف ایئر پورٹس کے واجبات کی ادائیگی بھی کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایئر ویز کے نام سے مزید نئے طیارے  پی آئی اے حاصل کرے گا، وزیراعظم نواز شریف کے آذر بائیجان کے دورے کے بعد 16 اکتوبر کو وزیراعظم کی زیر صدارت پی آئی اے سے متعلق خصوصی اجلاس میں سمری کو منظور کیا جائے گا۔

  • پی آئی اے، کرایوں میں بیس فی صد کمی کا اعلان

    پی آئی اے، کرایوں میں بیس فی صد کمی کا اعلان

    کراچی: قومی ایئرلائن پی آئی اے نے لندن ,نیو یارک اور کینیڈا جانے والی پروازوں میں بیس فیصد کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی انتظامیہ نے لندن، نیویارک اور کینیڈا کی پروازوں کے لیے کرایے میں بیس فی صد کمی کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق یکم نومبرسے تیس نومبر تک ہوگا۔

    کرایوں میں کمی کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات بھی فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔

    پی آئی اے کے ڈائریکٹرمارکیٹنگ خرم مشتاق نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے ہفتہ وار پروازوں میں اضافہ کردیا گیا ہے اس سلسلے میں بیجنگ کے لیے ہفتے میں چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ جس سے قومی ائیر لائن کو ریونیو میں اضافے کے ساتھ ساتھ اقتصادی راہداری کے حوالے سے آنے والے چینی ماہرین بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے،

    انہوں  نے بتایا کہ پی آئی اے نے  ملک بھر سے جدہ کے لیے مزید سات پروازوں کا اضافہ کردیا ہے، جدہ کے لیے کراچی اسلام آباد اور لاہور سے اٹھائیس پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

    دوسری جانب قومی ایئرلائن نومبر سے بارسلونا کے لیے ہفتہ وار دو پروازوں کا آغاز کر رہی ہے، ساتھ ہی پیرس کے لیے بھی مزید دو پروازوں کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کی جانب سے کرایوں میں کمی اور یورپ کی جانب پروازوں میں اضافے سے پی آئی اے کے ریونیو میں اضافے کے امکانات روشن نظرآتے ہیں۔

     

     

  • دورہ آذر بائیجان،وزیراعظم  کے لیے طیارہ مخصوص،پی آئی اے کا شیڈول متاثر

    دورہ آذر بائیجان،وزیراعظم  کے لیے طیارہ مخصوص،پی آئی اے کا شیڈول متاثر

    اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف کے تین روزہ دورہ آذربائیجان کے لیے پی آئی اے کے ائر بس اے 320 طیارے کو طلب کر لیا گیا،طیارہ اسلام آباد سے باکو کی 2 طرفہ پرواز کے لیے مختص ہوگا جس سے پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول متاثر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف 13 اکتوبر سے 15 اکتوبر تک کے دورہ آذربائجان کے لیے باکو روانہ ہوں گے جس کے لیے پی آئی اے سے طیارہ طلب کرلیا گیا ہے،طیارہ تین دن تک وزیر اعظم کے لیے مختص رہے گا۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے ایئر بس 320 طیارے کو وی وی آئی پی بنانے کے لیے محکمہ انجینئرنگ کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں جس کے باعث وزیر اعظم کے تین دن تک زیر استعمال ایئر بس 320 طیارے پر کروڑوں روپے کے اخراجات آئیں گے۔

    ذرائع کے مطابق تین روز تک طیارے کی عدم موجودگی سے قومی ائرلائن کا فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا امکان ہے جس کی وجہ سے پی آئے اے کو کروڑوں کے ریونیو کا ممکنہ نقصان ہوسکتا ہے جب کہ باکو ائرپورٹ پر طیارے کی تین روزہ پارکنگ کے بھاری اخراجات بھی پی آئی اے ہی ادا کرے گی، طیارے پر تعینات عملے کے لیے ہوٹل رہائش کی مد میں بھی لاکھوں ادا کیے جائیں گے۔

  • پی آئی اے میں ڈاؤن سائزنگ کی آخروجہ کیا ہے؟

    پی آئی اے میں ڈاؤن سائزنگ کی آخروجہ کیا ہے؟

    پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ان دنوں شدید مالی بحران سے دو چار ہے ادارے کی ناقص حکمت عملی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے ادارہ مسلسل خسارے میں ہے پی آئی اے کی کارکردگی پر قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی نے بھی شدید تنقید کی لیکن اس کے باوجود حکومت کے سر پر جو تک نہ رینگی ۔ جرمن سی ای او کی بھاری معاوضے پر تعیناتی، پی آئی اے کے افسران کی بیرون ملک دوروں پر کروڑوں روپے کے اخراجات لیکن کارکردگی میں کوئی بہتری نہیں آ ئی جبکہ ڈاو ٔن سائزنگ کے نام پر پی آئی اے میں گیارہ ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کرنے کیلئے پالیسی مرتب کی جارہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اےکے بورڈ آف ڈائریکٹر کی ایچ آر کمیٹی کے چیرمین ملک نذیر کو ڈاؤن سائزنگ کا ٹاسک دیا ہے اور انہوں نے اس کے لیے فہرستیں بھی مرتب کرنا شروع کردی ہیں۔

    چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے میں اٹھارہ ہزار سے زائد ملازمین کام کر رہے ہیں جو کہ ادارے پر مالی بوجھ ہے پالیسی بنارہے ہیں کہ جتنے ملازمین کی ضرورت ہوگی اس حساب سے ملازمین رکھے جائیں گے‘ ادارے پر گیارہ ہزار سے زائد ملازمین کا بوجھ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پالیسی بنا رہے ہیں، 57سال کی عمر کے حامل ملازمین کو بھی ریٹائر منٹ کے ساتھ ساتھ گھر بیٹھنے والے ڈائریکٹرا ن کو بھی فارغ کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔جعلی ڈگریوں کے حامل 400سے زائد ملازمین کو بھی فارغ کرنے کیلئے فہرستیں مرتب کرلی گئی ہیں۔ ادارے میں 6سے7ہزار ملازمین کی ضرورت ہے جبکہ 18 ہزار ملازمین کام کررہے ہیں۔

    ماہرین ہوا بازی کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ادارہ نقصان میں جارہا ہے پی آئی اے ماضی میں دنیا کی بہترین ایئر لائنز میں شمار کیا جاتا تھا پانچ غیر ملکی ایئرلائنوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے میں پی آئی اے نے اپنا کردار ادا کیا تھا لیکن آج پی آئی میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں افسران کی تعیناتیاں اور شاہ خرچیوں پر اربوں ڈالر خرچ ہوئے ،انتہائی مہنگے داموں کرائے پر طیارے حاصل کئے گئے جس کی وجہ سے ادارے کو مزید نقصان کا سامنا رہا۔

    ان کےمطابق پی آئی اے کے محکمہ مارکیٹنگ کی ناقص کارکردگی کے سبب بھی پی آئی اے کو نقصان ہوا، ادارے میں مبینہ طور پر بدعنوانیاں بھی اپنے عروج پر ہے جس سے متعلق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) تحقیقات کر رہی ہے۔

    jjjjjjjjjjj

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں پی آئی اے کی نجکاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے ردعمل میں ملک بھر کے پی آئی اے ملازمین نے ہڑتا ل کردی تھی جس کے سبب متعدد پروازیں منسوخ ہوئیں اور ہزاروںمسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    ہڑتال کئی روز تک جاری رہی تاآنکہ کراچی میں ہڑتال اور احتجاجی ریلی میں ہونے والی فائرنگ میں دو ملازمین کے جاں بحق ہونے کے بعد حکومت نے ملازمین کے مطالبات منظور کرتے ہوئے نجکاری کا فیصلہ غیر معینہ مدت کے لیے موخر کردیا تھا۔

    hghghg

  • فضائی کرتب کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم کراچی پہنچ گئی

    فضائی کرتب کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم کراچی پہنچ گئی

    کراچی : دنیا بھر میں چار ہزار سے زائد فضائی کرتب کا مظاپرہ کرنے والی ریڈ ایروز نامی ٹیم کراچی پہنچ گئی، آٹھ ہزار کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے آنے والی برطانوی ہوا باز ٹیم کا استقبال پی اے ایف بیس پر کیا گیا۔

    arrow-post-01

    پی اے ایف بیس پر بارہ طیاروں پر مشتمل معروف برطا نو ی ہوا باز ٹیم ریڈ ایروز کا استقبال ائیر وائس مارشل سلمان احسن بخاری، ائیر افیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ نے کیا،جبکہ پاکستان میں تعینات برطانوی ہیڈ آف مشن اسٹیو کراس مین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    arrow-post-02

    اسکواڈرن لیڈر ڈیوڈ کی قیادت میں ریڈ ایروز ٹیم نے کراچی کی فضاﺅں میں کرتب پیش کیے۔ ترجمان پی اے ایف کے مطابق برطانیہ سے 29 ستمبر سے شروع اس سفر کے دوران ٹیم نے مختلف ممالک کے 11 مقامات پر قیام کیا جب کہ  تقریباً 8 ہزارمیل کا فاصلہ طے کرنے ٹیم زوہائی انٹرنیشل ائیر شو 2016ء  میں 1سے6 نومبر تک شرکت کرے گی۔

    arrow-post-03

    ریڈ ایروز نامی یہ ٹیم 1964ء سے اب تک دنیا بھر میں چار ہزار سے زائد بار فضائی کرتب کا مظاہر ہ کر چکی ہے۔

  • سی پیک منصوبہ : ایف آئی اے نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا

    سی پیک منصوبہ : ایف آئی اے نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا

    اسلام آباد : پاک چائنہ اقتصادی راہداری کی تعمیر کیلیے آنے والے چینی ماہرین کی مؤثر حفاظت کے پیش نظرایف آئی اے نے لائحہ عمل مرتب کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی پیک کے مختلف منصوبوں پر کام کے لئے آنے والے چینی شہریوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے آنے والوں کی مکمل تفصیلات کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔

    سی پیک کے لئے آنے والے شخص کی جگہ کوئی دوسرا شخص کہیں بھی سفر نہیں کر سکے گا ،ایف آئی اے ملک بھر کے تمام انٹری پوائنٹس پر خصوصی کاونٹرز قائم کرے گی

    ۔ذرائع کے مطابق پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے مختلف اقدامات کے ضمن میں ایف آئی اے کو بھی آن بورڈ لیا گیا ہے جس کے تحت چاروں صوبوں میں سی پیک کے مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے کے لیئے آنے والے چائنیز شہریوں کے لیئے ملک بھر کے26انٹری پوائنٹس پر ایف آئی اے کی جانب سے علیحدہ امیگریشن کاونٹرز بنائے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی آڑ میں کوئی دوسرا شخص سفر نہیں کر سکے گا، جبکہ سی پیک کے علاوہ دیگر منصوبوں پر تعینات چینی شہریوں کے حوالے سے محکمہ پولیس کی اسپیشل برانچ ریکارڈ مرتب کرنے کے علاوہ ایف آئی اے اور دیگر اداروں سے کو آرڈنیشن بھی کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کے کسی بھی انٹری پوائنٹ سے داخل ہونے والے سی پیک منصوبے کے چینی کارکن کی جانب سے بذریعہ سڑک یا ہوائی جہاز کے ذریعے اندرون ملک کسی بھی سفر کی صورت میں بھی اسکی تفصیلات کی فراہمی بھی اسپیشل برانچ کی ذمہ داری ہو گی ۔

    ذرائع کا مذید کہنا ہے کہ مذکورہ اقدام کا مقصد متعلقہ چینی شہری کی آڑ میں کسی دوسرے شخص کی ملک میں آمد کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے، جس کی بنیادی وجہ دشمن ملک کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لئے اقدامات کو ناکام بنا نا ہے ۔

    ذرائع کے مطابق اسی ضمن میں اس منصوبے پر کام کرنے والے افراد کے لئے پولیس ،ایف آئی اے،اسپیشل برانچ اور دیگر اداروں کی مشاورت سے سیکورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت منصوبے پر کام کرنے والے افراد کی ایک صوبے سے دوسرے صوبے یا شہر آمد کے لیئے ایک سینٹرل ڈیسک بھی بنایا جائے گا جو تمام اداروں سے کو آرڈینیشن کرے گا۔

     

  • پی آئی اے میں اقرباء پروری، جونیئرافسرکی غیرقانونی ترقی

    پی آئی اے میں اقرباء پروری، جونیئرافسرکی غیرقانونی ترقی

    کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے میں اقرباء پروری عروج پر پہنچ گئی، بد عنوان جونیئر افسر کو سفارش کی بنیاد پر ترقی سے نوازدیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اربوں روپے کے خسارے کا شکار قومی ادارے پی آئی اے کو مزید تباہ کرنے کے لیے ادارے کے باکمال لوگوں نے اقرباء پروری کی انتہا کردی۔

    pia-post-01

    پی آئی اے نے اسٹیشن منیجر لاہور طارق مجید کو گروپ 8 سے9 میں ترقی دے دی، طارق مجید کو ڈپٹی جنرل منیجر مقرر کیا گیا ہے۔

    pia-post-02

    یاد رہے کہ طارق مجید پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور مبینہ بدعنوانی کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں، ذرائع کے مطابق طارق مجید ڈیلی ویجز ملازمین کے ذریعے چھ سال تک اپنی جعلی حاضری لگواتا رہا۔

    پی آئی اے انتظامیہ کو جب اس بات کا علم ہوا تو اس کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا اور ساتھ ہی شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔

    pia-post-03

    اس حوالے سے ڈیلی ویجز ملازم غلام جیلانی نے تحقیقات کے دوران انتظامیہ کو حلفیہ بیان دیا کہ طارق مجید جو کہ لاہورایئرپورٹ پر منیجر تھا، چھ سال سے غیر قانونی طریقے سے اپنی حاضری مجھ سے لگوارہا تھا اور اپنا آفس کارڈ مجھے دیا ہوا تھا جو قانوناً جرم ہے۔

    pia-post-04

    پی آئی اے انتظامیہ نے جرم ثابت ہونے پر طارق مجید کی تنزلی بھی کردی تھی لیکن اس کے باوجود اہم شخصیات کی سفارش پر اسے گروپ آٹھ سے نو میں ترقی دی گئی جو قانونی جرم ہے۔ کسی بھی افسر کے خلاف تحقیقات کی جارہی تو اسے ترقی نہیں دی جاسکتی۔

  • پی آئی اے نے فضائی میزبانوں کے’حسین بنانے ‘ پرلاکھوں روپے خرچ کردیے

    پی آئی اے نے فضائی میزبانوں کے’حسین بنانے ‘ پرلاکھوں روپے خرچ کردیے

    کراچی :خسارے کا شکار پاکستان انٹرنیشل ایئرلائن نے ملک کے مختلف شہروں میں فضائی میزبانوں کو دیدہ زیب بنانے کے تربیتی کورس کے نام پرلاکھوں روپے خرچ کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اسلام آباد ‘ لاہور اور کراچی میں فضائی میزبانوں کو آرائش کے لیے نجی کمپنی کے آرٹسٹ سےتربیتی کورسز کرائےجس میں پندرہ لاکھ روپے بمعہ فائیو اسٹار ہوٹلوں میں رہائش و دیگر مراعات کی مد میں خرچ کردیے گئے۔

    aa

    پی آئی اے کے ذرائع کے مطابق اربوں روپے خسارے سے دوچار قومی ایئرلائن کی جانب سے تازہ چہروں والی فضائی میزبانوں کو مسافروں کو خوشگوار احساس دلانے کیلئے رقم خرچ کی ہے۔

    یاد رہے کہ پی آئی اے کی ٹریننگ سینٹر میں پہلے ہی فضائی میزبانوں کی گرومنگ اور ان کی تربیت کیلئے ایک شعبہ قائم ہے اور دوسری جانب پی آئی اے نے مالی بحران کے باعث فضائی میزبانوں کو چھ ماہ سےواجب الادا انٹر نیشنل فلائنگ الاؤنس کی مد میں لاکھوں ڈالر ادا کرنے ہیں۔

     

  • پی آئی اے کے جہازکا جنریٹرخراب، سعودی ایوی ایشن نے جرمانہ کردیا

    پی آئی اے کے جہازکا جنریٹرخراب، سعودی ایوی ایشن نے جرمانہ کردیا

    کراچی : فیصل آباد سے جدہ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 740 کا گراؤنڈ جنریٹر خراب ہوگیا مسافروں نے پی آئی اے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ سعودی ایوی ایشن نے جرمانے کا نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ اورلاجواب سروس کا نعرہ لگانے والی قومی ائیر لائن پی آئی اے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے جس پرسعودی عرب کی جانب سے ادارے کو نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    پی آئی اے کی پرواز پی کے 740 جو فیصل آباد سے جدہ پہنچی تو اس کے خراب گراؤنڈ جنریٹر کے باعث طیارہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ حبس اور گرمی کی وجہ سے مسافروں کا طیارے میں برا حال ہوگیا۔

    مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پی آئی اے پر اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا، پی آئی اے کے کیبن کرو نے ایمرجنسی ٹارچ لائٹ کے ذریعے مسافروں کو جہاز سے اتارا۔

    سعودی ایوی ایشن نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پی آئی اے کو نوٹس جاری کردیا، نوٹس میں دس ہزار ریال جرمانے کا امکان ہے۔

    سعودی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ جنریٹر کیوں نہیں ٹھیک کروایا گیا، طیارے میں کوئی بھی واقعہ رونما ہوسکتا تھا، جس کی ذمہ دار بھی پی آئی اے ہوتی۔