Author: محمد صلاح الدین

  • دوران پرواز موبائل کی بیٹری پھٹ جاتی تو بڑا حادثہ ہوسکتا تھا، خاتون مسافر نے تہلکہ خیز ویڈیو شیئر کردی

    دوران پرواز موبائل کی بیٹری پھٹ جاتی تو بڑا حادثہ ہوسکتا تھا، خاتون مسافر نے تہلکہ خیز ویڈیو شیئر کردی

    باکمال لوگ لاجواب سروس کی دعویدار پی آئی اے کے عملے نے انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، طیارے کے ائیر وینٹی لیشن سسٹم میں خاتون کا موبائل فون گرگیا جو 13 روز تک نہ مل سکا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے عملے کی جانب سے کی جانے والی غفلت سینکڑوں مسافروں کی جان لے سکتی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے بوئنگ777طیارے میں دوران پرواز ایک خاتون مسافر کا موبائل سیٹ کے نیچے کھلے ایئر وینٹی لیشن سسٹم میں گرگیا تھا۔ یہ واقعہ 6 جولائی کو جدہ سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں پیش آیا۔

    خاتون نے موبائل فون گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل کردی، پی آئی اے کا انجینئرنگ عملہ لاکھ کوشش کے باوجود 13دن تک ائیر وینٹی لیشن سسٹم سے مذکورہ موبائل نہ نکال سکا۔

    خاتون مسافر نے ایئر وینٹی لیشن سسٹم میں موبائل فون گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی
    پی آئی اے کا بوئنگ777طیارہ موبائل فون کے ساتھ ہی 13دن تک سفر کرتا رہا۔

    اپمی ویڈیو میں خاتون مسافر کا کہنا ہے کہ عملہ کئی روز تک موبائل فون کی ائیر وینٹی لیشن سسٹم میں موجودگی سے انکار کرتا رہا۔

    خاتون مسافر کا کہنا ہے کہ موبائل کی گمشدگی کے بعد میں مسلسل 7 دن تک موبائل لوکیشن کے ذریعے طیارے کے ساتھ موبائل کو سفر کرتا ہوا دیکھ رہی تھی۔

    اگر خدانخواستہ موبائل فون کی بیٹری پھٹ جاتی تو بڑا حادثہ رونما ہوسکتا تھا،خاتون کے اہل خانہ نے پی آئی اے کے خلاف وفاقی محتسب کو بھی درخواست دے دی۔

    اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے بتایا کہ پی آئی اے عملے نے 19 جولائی کو جہاز کا فرش کھول کر موبائل فون مسافر کے حوالے کردیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ مذکورہ خاتون مسافر سے مسلسل رابطے میں تھی، شیڈولڈ پروازوں کی وجہ سے فوری طور پر جہاز کا فرش کھول کر موبائل نہیں نکالا جاسکتا تھا۔

  • الفرسان کیا ہے؟ سعودیہ کی جانب سے پاکستانی مسافروں کے لیے بڑی پیشکش

    الفرسان کیا ہے؟ سعودیہ کی جانب سے پاکستانی مسافروں کے لیے بڑی پیشکش

    کراچی: سعودیہ کے لائلٹی پروگرام الفرسان نے پاکستانی مسافروں کے لیے Cash + Miles پیشکش کی ہے، ادائیگی کا یہ نیا طریقہ کار سعودیہ کے ڈیجیٹل بکنگ کے سفر سے مربوط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودیہ کے لائلٹی پروگرام الفرسان نے Cash + Miles متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، یہ ادائیگی کا ایسا نیا طریقہ کار ہے، جس کی مدد سے مسافر اپنے ٹکٹ کی قیمت کا حصہ الفرسان مائلز کے ساتھ اور باقی رقم نقد کے ساتھ ادا کر سکتے ہیں، یہ سہولت اب ڈیجیٹل بکنگ کے عمل کے دوران ادائیگی کے نئے طریقے کے طور پر موجود ہے۔

    یہ نئی پیشکش ان پاکستانی مسافروں کے لیے زبردست کشش رکھتی ہے، جو ذاتی امور، معمول کے وزٹ، عمرہ و حج اور کاروبار وغیرہ کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اکثر سفر کرتے ہیں۔ چاہے آپ جدہ سے کراچی، ریاض سے اسلام آباد، یا دمام سے لاہور کا سفر کر رہے ہوں، اب اپنے حاصل کردہ الفرسان Miles کو ٹکٹ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں اور اپنے سفر کو مزید سستا، قابل رسائی، اور فائدہ مند بناسکتے ہیں۔


    سعودی عرب کا شام میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان


    ادائیگی کا نیا طریقہ زیادہ سہولت فراہم کرتا ہے، جس سے مسافروں کو ہر فلائٹ میں بغیر کسی سیٹ کی پابندی کے بکنگ کرنے کی اجازت ملتی ہے، اور سعودیہ کی آفیشل ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشنز پر دستیاب ’’Manage My Booking‘‘ فیچر کے ذریعے اپنے سفر کے پروگراموں میں ترمیم یا رقم کی واپسی کی درخواست بھی کی جا سکتی ہے۔

    اس آپشن کا متعارف کرایا جانا ادائیگی کی سہولت میں اضافہ اور عالمی معیار کی مسافروں کی ضرورت کے مطابق خدمات کی فراہمی کے لیے سعودیہ کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔ یہ اقدام سعودیہ کے اسٹریٹجک مقاصد سے ہم آہنگ ہیں تاکہ منصوبہ بندی اور بکنگ سے لے کر ریزرویشنز کے انتظام اور بعد از فروخت سپورٹ تک رسائی تک مسافروں کے سفر کے ہر پہلو کو پہلے سے زیادہ بہتر کیا جا سکے۔

    الفرسان لائلٹی پروگرام سعودیہ، فلائی اے ڈیل، یا اسکائی ٹیم کے اتحادی شراکت داروں کے ساتھ پرواز کرنے والے پاکستانی مسافروں کو سہولت اور آسانی فراہم کیے ہوئے ہے، اور الفرسان لائلٹی پروگرام کے حامل مائلز سمیت خصوصی پیشکشوں اور دیگر مراعات سے مستفید ہوتے ہیں۔ یہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ اور جدید ڈیجیٹل سلوشنز سے تعاون یافتہ پروگرام اپنے پاکستانی اور عالمی ممبران کی بڑھتی ہوئی توقعات کو پورا کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

  • پیرس میں اوورسیز پاکستانیوں اور سفارت خانے کے عملے کو بڑی مشکل کا سامنا

    پیرس میں اوورسیز پاکستانیوں اور سفارت خانے کے عملے کو بڑی مشکل کا سامنا

    کراچی: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے سے ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے سے ملازمین مشکل میں پڑ گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سفارت خانے کی ترسیلات زر اور عملے کی تنخواہیں فرینکفرٹ کے نیشنل بینک آف پاکستان کے ذریعے ان کے ذاتی اکاؤنٹس میں آ رہی ہیں۔

    پیرس میں نیشنل بینک کی برانچ کی بندش سے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کے مطابق اکتوبر 2022 میں پیرس میں نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچ کچھ وجوہ پر بند کر دی گئی تھی۔

    اب ذرائع نے امید ظاہر ہے کہ فرانس میں پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے بعد قوی امید ہے کہ پیرس میں نیشنل بینک کی برانچ بھی دوبارہ سے بحال ہو جائے گی۔


    بڑی خبر: برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں


    واضح رہے کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، اور پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں ختم ہو گئی ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کی درخواست دے سکتی ہیں۔

    برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پابندیوں کے خاتمے کا فیصلہ ایوی ایشن سیفٹی میں بہتری پر یو کے ایئر سیفٹی کمیٹی نے کیا ہے، اب ایئر لائنز کو پروازوں کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔

  • پی آئی اے کی برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں اور انتظامات میں بڑی  پیشرفت

    پی آئی اے کی برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں اور انتظامات میں بڑی پیشرفت

    کراچی : قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا 2 رکنی وفد برطانیہ میں پہلی پرواز کے انتظامات کا جائزہ لینے مانچسٹر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں اور انتظامات میں پیشرفت سامنے آئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کا 2 رکنی وفد برطانیہ میں پہلی پرواز کے انتظامات کا جائزہ لینے مانچسٹر پہنچ گیا، وفد میں چیف آپریٹنگ آفیسرخرم مشتاق اورجی ایم کوآرڈینیشن ذوالقرنین مہدی شامل ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ قومی ایئر لائن کی پروازوں پرپابندی ہٹنے کے بعد پہلی پرواز 14 اگست سےچلانےکی تیاری ہے، وفد برطانیہ کے فلائٹ آپریشن سے قبل انتظامات پر جائزہ رپورٹ پیش کرے گا۔

    ذرائع نے کہا کہ پی آئی اے نےابتدائی طور پراسلام آبادمانچسٹرمیں ہفتہ وار 4پروازیں چلانے کا پلان تیار کرلیا ہے، مانچسٹر کے بعد پی آئی اے کا لندن اور برمنگھم کی پروازوں کو بھی شروع کرنے کا پلان ہے۔

    مزید پڑھیں : آئندہ ماہ اگست سے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

    یاد رہے قومی ایئر لائن نے آئندہ ماہ اگست سے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کو جدید خطوط پر استوار اور مکمل تیار رکھنے کی ہدایت کی۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کو یو کے سی اے اے سے فلائٹ آپریشن کیلئے درخواست پراجازت کاانتظار ہے، قومی ایئرلائن سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر 5 سال بعد برطانیہ میں پابندی ختم ہوچکی ہے۔

  • پاکستان سے امریکا جانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    پاکستان سے امریکا جانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی

    کراچی : پاکستان سے امریکا جانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی، امریکا میں بھی براہ راست پروازوں کی بحالی کے امکانات روشن ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایوی ایشن شعبے پر غیرملکی ایوی ایشن اتھارٹیز کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا۔

    ذرائع سی اے اے نے بتایا کہ برطانیہ کے بعدامریکا میں پروازوں کی بحالی پر کام تیز کردیا گیا، سعودی اور امریکن ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم کا دورہ پاکستان طے پاگیا۔

    سعودی ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم آئندہ ماہ اگست میں پاکستان کا دورہ کرے گا ، سعودی ٹیم پاکستان کےبین الاقوامی ایئرپورٹس کاسیکیورٹی آڈٹ کرےگی۔

    مزید پڑھیں : آئندہ ماہ اگست سے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

    امریکن فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کاوفد ستمبر میں پاکستان کےدورے پرپہنچے گا، جس کے لئے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے انسپکٹرز کو بھی اپنی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    امریکی فیڈرل ایوی ایشن حکام ڈی جی سی اے اے سے اہم اجلاس کریں گے، امریکی حکام کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پرپروازوں کاجائزہ لیں گے۔

    جس کے بعد پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کوامریکا میں بھی براہ راست پروازوں کی بحالی کی امید ہے۔

  • ’’پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم جلد 1 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گا‘‘

    ’’پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم جلد 1 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گا‘‘

    کراچی: شہر قائد میں تعینات بنگلا دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محبوب العالم نے کہا ہے کہ جلد ہی پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تجارتی حجم 1 ارب امریکی ڈالرز تک پہنچ جائے گا۔

    کراچی میں تعینات ڈپٹی ہائی کمشنر بنگلادیش محبوب العالم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز بھی جلد ہوگا، پاکستان میں بنگلا دیشی مصنوعات کے فروغ کے لیے بھی سنگل کنٹری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔

    لاڑکانہ کے دورے کے موقع پر لاڑکانہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، لاڑکانہ پریس کلب اور آرٹس کونسل آف لاڑکانہ میں تاجروں، صنعت کاروں، صحافیوں، فنکارو ں اور سرکاری افسران سے ملاقات میں بنگلا دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ تجارت، ثقافت اور صحافت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔


    سونے سے 200 فی صد منافع، ہر کاروبار پر سبقت مل گئی


    انھوں نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تجارت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی نمائشوں اور تجارتی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہوگی، انھوں نے ستمبر 2025 میں ڈھاکا میں منعقد ہونے والی تیسری میڈ ان پاکستان نمائش، نومبر 2025 میں لیدر مصنوعات کی نمائش اور جنوری 2026 میں ڈھاکا میں ہونے والی بین الاقوامی تجارتی نمائش کا ذکر کرتے ہوئے لاڑکانہ کے تاجروں کو ان نمائشوں میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

    پاکستانیوں کو بنگلا دیش کے ویزا کے اجرا میں حائل مشکلات کے حوالے سے ڈپٹی ہائی کمشنر نے یقین دلایا کہ کراچی میں بنگلہ دیشی مشن تمام پاکستانی تجارتی وفود کے لیے ترجیحی ویزا کو یقینی بنائے گا۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر سامان چوری میں ملوث پی آئی اے ملازم زیر حراست

    کراچی ایئرپورٹ پر سامان چوری میں ملوث پی آئی اے ملازم زیر حراست

    کراچی ایئرپورٹ پر سامان چوری میں ملوث پی آئی اے ملازم کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خاتون مسافر پی آئی اے کی پرواز 305 سے لاہور سے کراچی پہنچی اور ایئرپورٹ انتظامیہ کو اپنا سامان غائب ہونے کی شکایت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے جانے کے دوران پی آئی اے ملازم نے مزاحمت بھی کی، ملازم کا ایئرپورٹ انٹری پاس ضبط کرلیا گیا۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ کی مدد سے خاتون کا سامان سے بھرا بیگ مل گیا، پی آئی اے نے ملازم کو اے ایس ایف کے حوالے کردیا ہے۔

  • پاکستان سے برطانیہ جانے والوں کے لیے بڑی خبر

    پاکستان سے برطانیہ جانے والوں کے لیے بڑی خبر

    کراچی : قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے آئندہ ماہ اگست سے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیااور طیارے کو جدید خطوط پر استوار اور مکمل تیار رکھنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) انتظامیہ نے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کی تیاری تیزکردی۔

    ذرائع نے بتایا کہ سی ای او نے برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کے لیے انتظامات سمیت اصفہانی ہینگر میں برطانیہ کے فلائٹ آپریشن کیلئے بوئنگ 777 کا جائزہ لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن آئندہ ماہ اگست سے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرے گا، سی ای او پی آئی اے کی طیارے کو جدید خطوط پر استوار اور مکمل تیار رکھنے کی ہدایت کردی۔

    سی ای او قومی ایئر لائن کو چیف ٹیکنکل افسرنےبرطانیہ کیلئے طیارے پربریفنگ دی ، سی ای او کے ہمراہ دیگر اعلیٰ حکام بھی اصفہانی ہینگر کے دورے پر ساتھ تھے۔

    ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کو یو کے سی اے اے سے فلائٹ آپریشن کیلئے درخواست پراجازت کاانتظار ہے، قومی ایئرلائن سمیت تمام پاکستانی ایئرلائنز پر 5 سال بعد برطانیہ میں پابندی ختم ہوچکی ہے۔

  • پی آئی کے بعد ایک اور پاکستانی ایئرلائن کی برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں

    پی آئی کے بعد ایک اور پاکستانی ایئرلائن کی برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں

    کراچی : قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ایک اور پاکستانی ایئرلائن نے برطانیہ میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے کیلئے درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے بعد نجی ایئرلائن  نے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن کی تیاریاں تیز کردیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ نجی ایئر لائن نے یو کے سول ایوی ایشن کو فلائٹ آپریشن کیلئےدرخواست دے دی، نجی ایئرلائن اگست سے اسلام آباد سے مانچسٹر کے درمیان پروازیں چلائے گی۔

    خیال رہے قومی ایئر لائن نے یو کے سول ایوی ایشن کو پہلے ہی درخواست دے رکھی ہے، دونوں ایئرلائنز اب برطانیہ کی جانب سےمنظوری کی منتظر ہیں۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کا برطانیہ جانے والوں کے لئے بڑا اعلان

    یاد رہے کہ حال ہی میں برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر پانچ سال سے عائد پابندی ختم کردی تھی، برطانیہ کے ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں اعلان کرتے ہوئے دونوں ممالک کے ہوا بازی حکام کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔

    برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان اور یو کے ماہرین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا ’’میں پاکستانی ایئر لائن سے سفر کی منتظر ہوں، پاکستان کے ساتھ فضائی رابطوں میں بہتری خاندانوں کے ملاپ میں مدد دے گی۔‘‘

  • دبئی سے آنے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    دبئی سے آنے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    کراچی : دبئی سے آنے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا تاہم تاہم طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی سے فیصل آباد آنے والی غیر ملکی پرواز لینڈنگ کے دوران حادثے سے بچ گئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ طیارے کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا، جس پر کپتان نے کنٹرول ٹاور سے فوری رابطہ کیا اور کپتان کی مہارت سے جہاز بحفاظت فیصل آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد انجینئرز کی ٹیم طلب کرلی گئی اور معائنے میں انجن کو نقصان کی تصدیق ہوئی۔

    تاہم طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا، جس کے باعث فیصل آباد سے دبئی جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہے۔

    مزید پڑھیں : دبئی سے کراچی آنیوالا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    گذشتہ ماہ دبئی سے کراچی آنیوالے غیرملکی طیارے سے پرندہ ٹکرانے سے بال بال بچ گیا تھا پرواز کراچی ایئرپورٹ رن وے پر لینڈ کر رہی تھی۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ دبئی سے کراچی آنیوالے غیر ملکی طیارے کے کپتان نے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع دی۔

    خیال رہے ملک کے ایئرپورٹس پر پرندوں کی تاحال موجودگی محفوظ فلائٹ آپریشن کیلئے چیلنج بنا ہوا ہے۔