کراچی : پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود مزید ایک ماہ بند رکھنے کی توسیع کردی، جو 24 اگست تک برقرار رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بھارتی طیاروں کی فضائی حدود میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے انہیں پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے فضائی حدود کی بندش کا نیا نوٹم جاری کردیا، جس میں کہا ہے کہ بھارتی ایئرلائنز کے ذریعے چلنے والے تمام طیاروں پر پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی رہے گی۔
یہ پابندی مسافر و فوجی دونوں طیاروں پر بھی لاگو ہوتی ہے جبکہ بھارتی رجسٹرڈ یا لیز پر لیے گئے طیارے بھی پاکستانی فضائی حدوداستعمال نہیں کرسکیں گے۔
اتھارٹی نے تصدیق کی کہ توسیع شدہ پابندی 18 جولائی کو نافذ ہوئی اور 24 اگست تک برقرار رہے گی۔
خیال رہے فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو اب تک اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے، بوئنگ 777 اور ایئر بس طیاروں کی پروازوں کو یومیہ 2 سے 4 گھنٹے کے اضافی سفر کا سامنا ہے۔
سب سے زیادہ متاثرہ ایئر لائن ’ایئر انڈیا‘ وفاقی حکومت سے مالی امداد کا مطالبہ بھی کر چکی ہے، ایئر لائن کے ایک اندازے کے مطابق اگر بندش برقرار رہتی ہے تو اسے ہر سال 50 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہو سکتا ہے.
خیال رہے پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستان کی فضائی حدود 23 اپریل سے بند ہے۔