Author: محمد صلاح الدین

  • ہزاروں امریکی ڈالرز اسمگل کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

    ہزاروں امریکی ڈالرز اسمگل کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

    کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھاری مالیت کے امریکی ڈالرز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

    پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈپارچر پر کامیاب کارروائی کی اور 72 ہزار 700امریکی ڈالر کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    اس حوالے سے کسٹمزحکام نے بتایا کہ ڈیپارچر ہال سے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا،72ہزار700امریکی ڈالربرآمد کرلیے گئے۔

    کسٹمزحکام کے مطابق یہ کامیاب آپریشن اسسٹنٹ کلیکٹر شرجیل وسان کی نگرانی میں کیا گیا، مسافر ایتھوپین ایئر لائنز کی پرواز کے ذریعے کیمرون روانہ ہونے والا تھا۔

    تلاشی کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر نے کرنسی کو اپنے جوتوں اور سامان میں چھپا کر رکھا ہوا تھا، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    کسٹمزحکام کے مطابق پاکستان کسٹمز غیر قانونی کرنسی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔

  • پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی

    پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی

    کراچی : پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کے امکانات روشن ہوگئے، ایف اے اے ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے امریکا کی براہ راست پروازوں کے لیے امریکن فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی(ایف اے اے)کی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان رابطہ ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے پاکستان کے دورے کو حتمی شکل دیدی ہے،
    ایف اے اے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرے گی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کے معاملے پر بھی بات ہوگی۔

    واضح رہے کہ سال 2022میں پی آئی اے کے کراچی میں ایئرکریش کے بعد یورپی یونین کی جانب سے قدغن کے بعد ایف اے اے نے پاکستانی پروازوں کی کیٹگری سی اے ون سے سی اے ٹو کردی تھی۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ پروازوں کی بحالی کے تناظر میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دستاویزات تیارکرلی ہیں، پابندی کے خاتمے پر پی آئی اے کی امریکی شہروں نیویارک، شکاگو اور ہیوسٹن کیلیے پروازیں بحال ہوجائیں گی۔

  • پاکستان کا غیرملکی ایئرلائن کو مزید پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ

    پاکستان کا غیرملکی ایئرلائن کو مزید پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ

    پاکستان نے یو اے ای کی ایئرلائن ایئر عربیہ کو پاکستان کو مزید پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق ایئرعربیہ کو سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ہفتہ وار 7 پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔

    ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ سے ایئرعربیہ 17 جولائی سے فلائٹ آپریشن کا آغاز کرے گی، ملتان اور فیصل آباد پر ایئرعربیہ کو ہفتہ وار پانچ، پانچ پروازوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کے امکانات روشن ہوگئے۔

    امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی میں رابطہ ہوا ہے، امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے پاکستان کے دورے کو حتمی شکل دے دی۔

    امریکی سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرے گی جس میں پروازوں کے معاملے پر بات ہوگی۔

     برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم نے بھی اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا ہے، برطانیہ جانے والی پرواز کے مسافروں کی سیکیورٹی اسکریننگ کے عمل کی جانچ پڑتال کی۔

    برطانوی ٹیم نے مسافروں کی چیک ان عمل اور بورڈنگ کے اجرا کے نظام کو چیک کیا، مسافروں کی ایمی گریشن اور ویزے کی جانچ کے نظام کا بھی آڈٹ کیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی افسران نے ٹیم کو بریفنگ بھی دی۔

    برطانوی ٹیم سی اے اے سے مل کر اسلام آباد ایئرپورٹ کا سیکیورٹی آڈٹ کررہی ہے، ڈی ایف ٹی نے اسلام آباد سے لندن جانے والی ایئرلائن کا انسپکشن بھی کیا، برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم 10 جولائی تک آڈٹ مکمل کرلے گی، پاکستانی ایئرلائنز سے متعلق برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کا اجلاس رواں ماہ متوقع ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر طیاروں کے لیے نیا خطرہ،  تمام ایئرلائنز کے کپتانوں کو خبردار کر دیا گیا

    کراچی ایئرپورٹ پر طیاروں کے لیے نیا خطرہ، تمام ایئرلائنز کے کپتانوں کو خبردار کر دیا گیا

    کراچی : پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کراچی ائیرپورٹ کے اطراف میں پرندوں کی تعداد میں اضافے پر تمام ایئرلائنز کے کپتانوں کو اہم ہدایات جاری کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ائیرپورٹ کے اطراف پرندوں کی تعداد میں اضافے سے طیاروں کے لیے پھر نیا خطرہ پیدا ہوگیا۔

    پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے تمام ایئر لائنز کے کپتانوں کوخبردار کردیا ، جس میں کہا ہے کہ مون سون سیزن ہے، ایئرپورٹ اوراطراف بڑی تعداد میں پرندے موجود ہیں۔

    اس حوالے سے انتظامیہ نے نوٹم بھی جاری کیا ، جس میں محفوظ فلائٹ آپریشن کے لیے دوران لینڈنگ اور ٹیک آف سخت احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پرندے طیاروں کے لیے بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی ایئرپورٹ پر 3 طیاروں کے حادثات سے متعلق بڑی پیشرفت

    خیال رہے گذشتہ ماہ کراچی ایئرپورٹ پر 3 غیر ملکی طیاروں کے ساتھ حادثات پیش آئے تھے ، جس کے بعد تینوں طیاروں کو گراؤنڈ کردیا گیا تھا۔

    ترکش ایئرلائن اور فلائی جناح کے طیاروں سے پرندہ ٹکرانے پر گراؤنڈ کیا گیا تھا۔

  • پاکستانی ایئرلائنز پر پانچ سال سے جاری برطانوی پابندی ہٹنے کا امکان

    پاکستانی ایئرلائنز پر پانچ سال سے جاری برطانوی پابندی ہٹنے کا امکان

    پاکستانی ایئرلائنز پر پانچ سال سے عائد برطانوی پابندی ہٹنے کا امکان ہے۔

    برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ ڈی ایف ٹی کی تین رکنی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، برطانوی ٹیم سی اے اے کے ساتھ مل کر اسلام آباد ایئرپورٹ کا سیکیورٹی آڈٹ کرے گی۔

    برطانوی ٹیم اسلام آباد سے برطانیہ جانے والی پروازوں کی جانچ پڑتال کرے گی، برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ 10 جولائی تک آڈٹ مکمل کرے گی۔

    ایئرپورٹ سے برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کا فیصلہ ہوگا۔

    پاکستان سے پروازوں کی اجازت پر برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کا اجلاس بھی اسی ماہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ 29 نومبر 2024 کو یورپین یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے یورپ میں فلائٹ آپریشن سے پابندی اٹھالی تھی۔

    یہ پڑھیں: کیا برطانیہ میں پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندی کا خاتمہ قریب ہے؟

    10 جنوری 2024 کو پی آئی اے کا یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن ساڑھے 4 سال بعد بحال ہوگیا تھا، اسلام آباد سے پرواز نمبر پی کے 749 میں سوار 323 مسافر پیرس پہنچے تھے۔

    پی آئی اےکی پرواز پیرس کے چارلس ڈیگال ایئرپورٹ پر اترنے کے موقع پر بھی خصوصی استقبال کیا گیا تھا۔

    16 مارچ کو اے آر وائی نیوز نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر محمد فیصل کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ عیدالفطر کے بعد یورپی یونین کی پابندی ہٹانے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز برطانیہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرے گی۔

  • دوران پرواز مسافر کو دل کا دورہ، پھر کیا ہوا؟

    دوران پرواز مسافر کو دل کا دورہ، پھر کیا ہوا؟

    نجی ایئرلائن کی پرواز میں مسافر کو دل کا دورہ پڑا جس کے باعث طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نجی ایئرلائن کی اسلام آباد سے دبئی جانے والی پرواز کی کراچی ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی۔

    پرواز ای آر 701 کے مسافر کو دوران پرواز دل کا دورہ پڑا، کپتان نے فوری لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

    انتظامیہ کے مطابق ایئرپورٹ پر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بروقت طبی امداد دے کر مسافر کی جان بچائی، 34 سالہ عبدالستار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ دسمبر میں پی آئی اے کی دبئی سے کراچی آنے والی پرواز میں مسافر کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے نتیجے میں پرواز کو میڈیکل بنیاد پر ملتان ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا تھا۔

    پی آئی اے کی پرواز میں موجود سینئر فضائی میزبانوں نے مسافر کو طیارے میں فوری طبی امداد دی تاہم ملتان ائیرپورٹ لینڈ کرتے ہی میڈیکل ٹیم طیارے میں پہنچ گئی۔

    مسافر کو طبعیت بحال ہونے پر ملتان کے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

  • مسافر طیارہ پائلٹ کے قابو سے باہر، حادثے سے بال بال بچ گیا

    مسافر طیارہ پائلٹ کے قابو سے باہر، حادثے سے بال بال بچ گیا

    کوئٹہ : نجی ایئر لائن کا مسافر طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، رن وے پر جانے کیلیے ٹیکسی کے دوران پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والا نجی ایئر لائن کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا بھی طیارے میں سوار تھے، انہوں نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ نجی ایئر لائن کی پرواز پہلے 2 گھنٹے رن وے پر کھڑی رہی۔

    تاخیر کے بعد طیارے نے ٹیکسی کی تو جھٹکے لیتے ہوئے بےقابو ہوگیا، شکر ہے طیارے نے ٹیک آف نہیں کیا تھا، اس موقع پر خوف کے باعث دو مسافروں کی حالت غیر ہوگئی۔

    میاں رؤف عطا نے بتایا کہ مسافر صورتحال سے پریشان ہو کر چیخنے لگے، طیارے میں سوار ایک شخص بے ہوش ہوگیا جبکہ ایک خاتون کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ نجی ایئر لائن کی لاپرواہی سے مسافروں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں، نجی ایئرلائن کی یہ پرواز کوئٹہ سے اسلام آباد کے لئے اُڑ نہ سکی۔

    مزید پڑھیں : کراچی ائیرپورٹ پر مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی ائیر پورٹ پر ایک مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، کپتان نے بحفاظت ایئرپورٹ پراتار لیا۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر فلائی جناح کے طیارے سے دوران لینڈنگ پرندہ ٹکرا گیا، ذرائع نے بتایا کہ فلائی جناح کی پرواز لاہور سے کراچی ایئرپورٹ لینڈ کر رہی تھی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کپتان نے طیارے سے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع اے ٹی سی کو دی، پرواز میں 150سےزائد مسافر سوار تھے تاہم کپتان نے طیارے کو بحفاظت ایئرپورٹ پر اتار لیا۔

     

  • کراچی ایئرپورٹ سے کوئٹہ جانیوالی خاتون مسافر کی گولڈ جیولری غائب ہونے کا انکشاف

    کراچی ایئرپورٹ سے کوئٹہ جانیوالی خاتون مسافر کی گولڈ جیولری غائب ہونے کا انکشاف

    کراچی : کراچی ایئرپورٹ سے کوئٹہ جانیوالی خاتون مسافر نے گولڈ جیولری غائب ہونے کی شکایت کردی، جس کے بعد تحقیقات شروع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے کوئٹہ جانیوالی خاتون مسافر کی گولڈ جیولری غائب ہونے کا انکشاف ہوا۔

    ذرائع نے بتایا کہ خاتون مسافر نے گولڈ جیولری غائب ہونے کی شکایت کردی، خاتون مسافر کی شکایت پر پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے تحقیقات شروع کردیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ خاتون مسافر چند روز قبل کراچی ایئرپورٹ سے نجی ایئرلائن کی پرواز سے کوئٹہ روانہ ہوئی تھیں ، خاتون جب کوئٹہ پہنچی تو چیک کرنے پر اس کی گولڈ جیولری غائب تھی۔

  • جرمنی میں پاکستانی طالب علم کی درد ناک موت

    جرمنی میں پاکستانی طالب علم کی درد ناک موت

    فرینکفرٹ : جرمنی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، شدید گرمی میں جھیل میں نہانے کیلیے اترنے والا پاکستانی طالب علم ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی طالب علم جھیل میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا, یورپ کی شدید گرمی سے بچنے کی کوشش پاکستانی نوجوان کو موت کے منہ میں لے گئی۔

    پاکستان کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والا مومن عثمان مقامی یونیورسٹی میں زیرتعلیم تھا۔ مومن عثمان دوستوں کے ہمراہ جھیل میں نہانے گیا تھا۔

    مومن عثمان کی اچانک موت نے ان کے خاندان اور پاکستانی برادری کو غم زدہ کر دیا، پاکستانی قونصل جنرل نے میت پاکستان بھجوانے کے لیے مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرلیا ہے۔

    مومن عثمان جرمنی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی ڈارمشٹاڈ میں ماسٹرز کی ڈگڑی کے لیے پڑھائی کررہا تھا۔ مومن دوست کے ہمراہ گرمی کی شدت کو دورکرنے کی غرض سے قریبی جھیل میں نہانے کے لیے گیا۔

    جہاں اچانک نہاتے ہوئے دوسرے دوست کی نظروں سے اوجھل ہوا تو دوست کو تشویش ہوئی، موقع پر موجود افراد نے عثمان کو تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن کچھ نہ ملا۔

    پولیس نے ریسکیو آپریشن شروع کیا غوطہ خوروں نے عثمان کی نعش کو جھیل سے نکال کر اسپتال منتقل کیا، پاکستانی قونصل جنرل شفاعت کلیم خٹک نے مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرکے مطالبہ کیا کہ میت کو جلد از جلد ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے پاکستان بھیجنے کا بندوبست کیا جائے۔

  • کراچی ائیرپورٹ کا رن وے بند کرنے کا اعلان

    کراچی ائیرپورٹ کا رن وے بند کرنے کا اعلان

    کراچی ائیرپورٹ کا رن وے کچھ دیر کے لیے جزوی طور پر بند رہے گا، رن وے پر طیاروں کے ٹائروں کے ربڑ کے ذرات ہٹانے کا کام کیا جائے گا۔

    کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق کراچی ائیرپورٹ کا رن وے آج 2جولائی کو ایک گھنٹے کیلئے بند رہے گا۔

    karachi airport

    جاری کیے جانے والے نوٹم میں کہا گیا ہے کہ طیاروں کے ٹائروں کی ربڑ کی باقیات ہٹانے کیلئے رن وے صبح7سے8 بجے تک بند رہے گا۔

    پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی رن وے سے طیاروں کے ٹائروں کی باقیات ہٹانے کا کام کرے گی، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے نوٹم جاری کرکے تمام ایئر لائنز کو آگاہ کردیا ہے۔