Author: محمد صلاح الدین

  • پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن تواتر سے جاری

    پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن تواتر سے جاری

    کراچی : پاکستان ائیر لائن (پی آئی اے) کا بعد از حج آپریشن تواتر سے جاری ہے، اب تک 24 ہزار حجاج کرام کو پاکستان پہنچایا جا چکا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بعد از حج آپریشن کےدوران 109کے لگ بھگ پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں، اب تک 24 ہزارحجاج کرام کوپاکستان پہنچایا جا چکا ہے۔

    پی آئی اے کا بعد حج آپریشن 10جولائی کو اختتام پذیر ہوگا، آپریشن کے دوران 109کے لگ بھگ پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بعد ازحج آپریشن کے تحت کل 42 ہزار حجاج کرام پاکستان پہنچیں گے۔

    بعد از حج آپریشن کے لیے قومی ائیر لائن کے فضائی بیڑے میں شامل بوئنگ 777اور ائیر بس 320ساختہ طیارے استعمال کیے جارہے ہیں۔

    سعودی ادارہ شماریات کے مطابق دنیا بھر سے آئے 16 لاکھ 73 ہزار 230 عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی۔

    ان میں سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج کرام 171 مختلف ممالک سے آئے، جب کہ سعودی عرب کے اندر سے ایک لاکھ 66 ہزار 654 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔

    حجاج کرام میں 8 لاکھ 77 ہزار 841 مرد اور 7 لاکھ 95 ہزار 389 خواتین شامل تھیں، جسے تاریخ کا ایک متوازن تناسب قرار دیا جا رہا ہے۔

  • ایئرکارگو چارجز میں 100 فیصد تک اضافہ

    ایئرکارگو چارجز میں 100 فیصد تک اضافہ

    پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے ایئرکارگو چارجز میں 100 فیصد تک اضافہ کر دیا۔

    ملک بھر کے ایئرپورٹس پر نئے کارگو چارجز یکم جولائی سے فوری نافذ کر دیے گئے ہیں جس کا پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پرواز میں پالتو پرندے، بلی، کتے، پان کے پتے، جنرل کارگو کے نئے نرخ جاری کیے گئے ہیں۔ پالتو پرندوں کو پرواز میں لے جانے پر چارجز میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا۔ پالتو جانور اور پرندے لے جانے پر چارجز 200 سے بڑھا کر 300 روپے فی کلو مقرر کیے گئے ہیں۔

    پان کے پتے پر کارگو چارجز میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے نئے نرخ 70 روپے کلو ہوں گے۔

    ڈینجریس گڈز کے کارگو نرخ 200 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی کلو مقرر کیے گئے۔ جنرل کارگو کے نرخ میں 25 فیصد اضافہ کر کے نرخ 125 روپے کلو مقرر کیے گئے ہیں۔ ٹرانس شپمنٹ کے کارگوریٹس بڑھا کر 15 روپے فی کلو مقرر کر دیے گئے۔

    ایئرپورٹ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایئرکارگو چارجز 5 سال بعد بڑھائے ہیں جس کی ایئرپورٹ اتھارٹی ایگزیکٹو کمیٹی نے منظوری دی۔ نئے کارگو ریٹس ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر آج سے نافذالعمل ہو گئے ہیں۔

  • دبئی سے کراچی آنیوالا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    دبئی سے کراچی آنیوالا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    کراچی : دبئی سے کراچی آنیوالے غیرملکی طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، پرواز کراچی ایئرپورٹ رن وے پر لینڈ کر رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر پرندوں کی تاحال موجودگی محفوظ فلائٹ آپریشن کیلئے چیلنج بنا ہوا ہے۔

    کراچی ایئرپورٹ پر ایک اور غیرملکی طیارہ پرندہ ٹکرانے سے بال بال بچ گیا، ذرائع نے بتایا کہ دبئی سے کراچی آنیوالے غیر ملکی طیارے کے کپتان نے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع دی۔

    دبئی سے غیر ملکی ایئر لائن فلائی دبئی کی پرواز  ایئرپورٹ رن وے پر لینڈ کر رہی تھی ، سول ایوی ایشن کی پوسٹ فلائٹ انسپکشن میں پرندہ ٹکرانے کے شواہد نہیں ملے۔

    بارشوں سے کیڑے مکوڑوں نے پرندوں کی موجودگی نے پی اے اےحکام کوپریشان کردیا ، تین دن کے دوران صرف  ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے دو واقعات ہو چکے ہیں۔

    یاد رہے کراچی ائیرپورٹ پر استنبول کیلئے جانے والی ترکش ائیرلائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : ترکش ائیرلائن کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    طیارہ اڑان بھرنے کیلئے ٹی کے 709 ٹیکسی وے پہنچا تو پرندہ ٹکرا گیا تھا، طیارے سے پرندہ ٹکرانے پر کپتان نے ایمرجنسی بریک لگائی۔

    ترکش ایئرلائن کی پرواز واپس لاکر مسافروں کو لاؤنج منتقل کردیا گیا اور تکنیکی عملے نے معائنے کے بعد جہاز کو گراؤنڈ کردیا تھا۔

  • ایرانی ایئرلائن کی پرواز 16روز بعد مشہد سے کراچی پہنچ گئی

    ایرانی ایئرلائن کی پرواز 16روز بعد مشہد سے کراچی پہنچ گئی

    ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد ایرانی ایئرلائن کی پہلی پرواز کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کر گئی۔ پہلی پرواز ایران کے شہر مشہد سے کراچی پہنچی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران کی سرکاری ایئر لائن کی پہلی پرواز 16 روز بعد مشہد سے کراچی پہنچی ہے، ایرانی ایئرلائن کی پرواز آئی آر 816 نے رات گئے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایران کی سرکاری ایئر لائن کی پرواز آئی آر 817 کراچی ایئر پورٹ سے مشہد کیلئے شیڈول کے مطابق روانہ ہوئی۔

    واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے بعد جمعرات کو اپنی فضائی حدود جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    ایکس پوسٹ میں وزارت مواصلات کے ترجمان مجید اخوان کا کہنا تھا کہ ملک کے مشرقی نصف حصے کی فضائی حدود کو ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے اور ایران کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ اور امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جو دارالحکومت سے 40 کلومیٹر واقع ہیں، فی الحال پروازوں کے لیے دستیاب نہیں ہیں، ان کے بارے میں بعد میں احکامات جاری کئے جائیں گے۔

    مملکت ایران کی جانب سے یہ اعلان امریکا کی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔

    کراچی ایئرپورٹ پر 3 طیاروں کے حادثات سے متعلق بڑی پیشرفت

    اس جنگ بندی کے ساتھ ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 دن تک جاری رہنے والی کشیدگی کا خاتمہ ہوا، جو 13 جون کو اسرائیلی حملوں کے باعث شروع ہوئی تھی، جن میں ایران کے جوہری اور عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا،جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل پر میزائیلوں کی برسات کردی تھی۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر 3 طیاروں کے حادثات سے متعلق بڑی پیشرفت

    کراچی ایئرپورٹ پر 3 طیاروں کے حادثات سے متعلق بڑی پیشرفت

    کراچی ایئرپورٹ پر گزشتہ روز 3 غیر ملکی طیاروں کے ساتھ حادثات کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    تینوں طیارے تاحال کراچی ایئرپورٹ پر گراؤنڈ ہیں، پی اے اے کی جانب سے طیاروں کے یکے بعد دیگرے حادثات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بین الاقوامی کوریئر کمپنی کے ایک طیارے سے لوڈر ٹرک ٹکرا گیا تھا، جس کی وجہ سے طیارے کے بائیں ونگز کی لائٹس ٹوٹ گئی تھیں۔

    airport

    ذرائع کے مطابق بین الاقوامی کوریئر کمپنی کے کارگو طیارے کو 3 جگہوں پر شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم طیارے کا تاحال مرمتی کام شروع نہیں ہوسکا۔ ماہر ٹیم بیرون ملک سے کراچی آکر طیارے کی مرمت کا باقاعدہ کام شروع کرے گی۔

    airport

    اس کے علاوہ ترکش ایئرلائن کا طیارہ بھی تاحال کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ میں گراؤنڈ کیا گیا ہے، ترکش ایئر کے طیارے کو انجن سے پرندہ ٹکرانے پر گراؤنڈ کیا گیا تھا۔

    airport

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ایئر کا طیارہ بھی تاحال کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہے، سعودی ایئر کے طیارے کے انجن میں آگ کی وارننگ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی تھی، پی آئی اے انجینئرنگ ٹیم نے طیارے سے خرابی دور کرنے کیلئے کام شروع کردیا ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ : بارش کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

    کراچی ایئر پورٹ : بارش کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

    موسم کی خرابی اور تیز بارش کے باعث کراچی ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن زیادہ متاثر ہوا جس کے سبب 15 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں شام کے وقت موسلادھار بارش سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا کراچی ایئرپورٹ سے جانے والی 15 پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ ایک پرواز منسوخ ہوئی۔

    کراچی سے شام7بجےلاہور جانے والی قومی ایئرلائن کی ایک پرواز منسوخ کی گئی اور کراچی سے دبئی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز15 منٹ تاخیرسے شام 4بج کرمنٹ پر روانہ ہوئی۔

    کراچی سے اسلام آباد کی نجی ایئرلائن کی پرواز 20 منٹ تاخیرسے شام 6 بجے روانہ ہوئی جبکہ پی آئی اے کی کراچی سے دبئی کی پرواز 10 منٹ تاخیرشام پونےبجے روانہ ہوئی۔

    اس کے علاوہ نجی ایئرلائن کی کراچی سے شارجہ کی پرواز آدھا گھنٹہ تاخیر سے شام 6 بجے روانہ ہوئی اور نجی ایئرلائن کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز 15 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں موسلادھار بارش، سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک متاثر

    واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد جل تھل ہوگیا، شہر کی بیشتر سڑکوں پر برسات کا پانی جمع ہوگیا۔

    شہر میں ہفتے کو ہونے والے بارش کے بعد کراچی کے لیے پھر سے وہی پرانی کہانی سامنے آئی ہے، بارش کے بعد ہر طرف سڑکوں پر پانی ہی پانی نظر آرہا ہے، مرکزی اور دیگر شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث کئی سڑکوں پر ٹریفک بھی متاثر ہورہی ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر بارش ، لائٹ ویٹ طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا گیا

    کراچی ایئرپورٹ پر بارش ، لائٹ ویٹ طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا گیا

    کراچی : کراچی ایئرپورٹ پر لائٹ ویٹ طیاروں کوفلائنگ سے روک دیا گیا، طیاروں کو دوران بارش حد نگاہ اور بیلنس قائم رکھنےمیں دشواری ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ اور اطراف میں بارش کے باعث لائٹ ویٹ طیاروں کو فلائنگ سے روک دیا گیا۔

    ایئرپورٹ اتھارٹی نے تربیتی چھوٹے طیاروں کو فلائنگ سے روکا، لائٹ ویٹ طیاروں کو دوران بارش حد نگاہ اور بیلنس قائم رکھنے میں دشواری ہوتی ہے۔

    یاد رہے بارش کے پیش نظر جناح  ایئرپورٹ انتظامیہ نے حفاظتی ہدایات جاری کی گئیں تھیں۔

    گائیڈ لائنز میں جناح ایئرپورٹ انتظامیہ نے کراچی میں مون سون کے موسم میں تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی تھی۔

    ایئرپورٹس اتھارٹی نے ہدایت کی تھی کہ ہلکے طیاروں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کرنے یا محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر لوڈر ٹرک  کھڑے طیارے سے ٹکرا گیا

    کراچی ایئرپورٹ پر لوڈر ٹرک کھڑے طیارے سے ٹکرا گیا

    کراچی : کراچی ایئرپورٹ پر لوڈر ٹرک کھڑے طیارے سے جا ٹکرایا تاہم ایئرپورٹس اتھارٹی کےایئرسائیڈحکام نے تحقیقات شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے بین الاقوامی کارگو کمپنی کے طیارے سے گاڑی ٹکرا گئی۔

    ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ طیارہ پارکنگ میں کھڑا تھا کہ اچانک ایک لوڈر ٹرک طیارے سے جا ٹکرایا ممکنہ طور پر لوڈر ٹرک کے بریک فیل ہو گئے تھے۔

    تصادم کے بعد طیارے کو فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا جبکہ ایک تکنیکی ٹیم نے نقصان کی حد کا اندازہ لگانا شروع کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ایئر سائیڈ حکام نے واقعے کی اصل وجہ کا تعین کرنے اور زمینی کارروائیوں میں کسی ممکنہ کوتاہی کا اندازہ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    ایئرپورٹ حکام نے کارگو طیارے سے لوڈر ٹرک ٹکراںے کے واقعے کی تصدیق کردی تاہم حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

  • پی آئی اے میں کارگو شعبہ کے افسر کو میڈیکل شعبہ کا سربراہ لگانے کا انکشاف

    پی آئی اے میں کارگو شعبہ کے افسر کو میڈیکل شعبہ کا سربراہ لگانے کا انکشاف

    پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن میں کارگو شعبہ کے افسر کو میڈیکل شعبہ کا سربراہ لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    آڈیٹرجنرل رپورٹ کے مطابق طبی ماہر کی جگہ کارگو شعبہ کے افسر کو جی ایم میڈیکل بنایا گیا ہے، جی ایم کارگو طارق حسین کو جی ایم  میڈیکل سروسز کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔

    چیف میڈیکل افسر کی آسامی کو تبدیل کر کے جی ایم میڈیکل سروس کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق پی آئی اے چیف میڈیکل افسر کی آسامی کے سروس رولز تبدیل کیےگئے کیونکہ شعبہ میڈیکل کے سربراہ کیلئے ڈاکٹر، ایوی ایشن میڈیسن میں ڈپلومہ لازمی ہے، انتظامیہ نے جی ایم میڈیکل عہدے کیلئے ماسٹر ڈگری یا ایم بی اےکی شرط عائد کی۔

    آڈیٹر جنرل نے فوری ماہر سینئر ڈاکٹر کو چیف میڈیکل افسر کے عہدے پر تعینات کرنے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ 2017 میں انتظامیہ نے چیف میڈیکل افسر کی آسامی تبدیل کر کے جی ایم میڈیکل سروسز کیا تھا۔

  • کراچی ائیرپورٹ پر ایک اور مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    کراچی ائیرپورٹ پر ایک اور مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    کراچی : کراچی ائیر پورٹ پر ایک اور طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا اور کپتان نے طیارے کو بحفاظت ایئرپورٹ پراتارلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر فلائی جناح کے طیارے سے دوران لینڈنگ پرندہ ٹکرا گیا، ذرائع نے بتایا کہ فلائی جناح کی پرواز لاہور سے کراچی ایئرپورٹ لینڈ کر رہی تھی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کپتان نے طیارے سے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع اے ٹی سی کو دی، پرواز میں 150سےزائدمسافر سوار تھے تاہم کپتان نے طیارے کو بحفاظت ایئرپورٹ پر اتار لیا۔

    کراچی ایئرپورٹ اوراطراف بارش کےباعث کیڑے مکوڑےہونےسےپرندوں کی تعدادزیادہ ہے، ڈی جی ایئرپورٹ ذیشان سعید نے فوری طور پرفیومیگیشن اور اضافی برڈشوٹر تعینات کرنے کی ہدایت کردی۔

    مزید پڑھیں : ترکش ائیرلائن کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    اس سے قبل کراچی ائیرپورٹ پر استنبول کیلئے جانے والی ترکش ائیرلائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔

    طیارہ اڑان بھرنے کیلئے ٹی کے 709 ٹیکسی وے پہنچا تو پرندہ ٹکرا گیا ، طیارے سے پرندہ ٹکرانے پر کپتان نے ایمرجنسی بریک لگائی۔