Author: سلمان لودھی

  • کراچی : گارڈن انٹر چینج کے قریب فائرنگ کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی : گارڈن انٹر چینج کے قریب فائرنگ کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی (30 اگست 2025) شہر قائد کے علاقے گارڈن میں لیاری ایکسپریس وے کے انٹرچینج کے قریب زیر تعمیر عمارت میں ہونے والی فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    مسلح ملزمان نے زیر تعمیر عمارت کے مزدور کو بھتے کی پرچیاں دیں اور پھر فائرنگ کردی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو بھتے کی پرچیاں دیتے اور اسلحہ کے زور پر یرغمال بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے، گارڈن تھانے میں واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں بھتہ خوری، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    فوٹیج فائرنگ

    مزید پڑھیں : گارڈن میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ سے 2 مزدور زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز صبح کے وقت ایک زیر تعمیر عمارت میں مسلح ملزمان نے ٹانگ پر گولی مار کر 2 مزدوروں کو زخمی کردیا تھا، عمارت کے مالک سے ایک سال پہلے بھی بھتہ طلب کیا گیا تھا۔

    زخمی مزدوروں کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ملزمان آئے اور پرچہ دے کر کہا اس نمبر پر فون کرو۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے سپروائزر کو گولی ماری جو اس کو لگ کر دوسرے مزدور کو جا لگی۔

    پولیس مقابلے کے بعد دو ڈاکو گرفتار

    علاوہ ازیں پولیس نے اجمیر نگری میں مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

    پولیس حکان کے مطابق اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار 2 افراد کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا، ملزمان نے رکنے کی بجائے فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    جوابی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ڈاکو موٹر سائیکل سلپ ہونے سے گرگئے، پولیس نے دونوں ملزمان کو اسلحہ اور موٹر سائیکل سمیت گرفتار کر لیا۔

  • کراچی : سنگین وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم ابرار جادو گرفتار

    کراچی : سنگین وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم ابرار جادو گرفتار

    کراچی : رینجرز  نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن نمبر 10 سے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ترجمان رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت ابرار عرف جادو ولد مختیار کے نام سے ہوئی ہے۔

    مطلوب ملزم ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، بھتہ خوری اور منشیات فروشی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم نے 2017 میں لیاری گینگ وار کارندے امجد کے ساتھ مل کر تاجروں کو بھتے کی پرچیاں دیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اورنگی ٹاؤن ایرانی کیمپ سے 75ہزار روپے سے زائد بھتہ وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ملزم نے رواں سال جون میں زیڈ ایم سی پارک سے 10 موبائل فون، 80ہزار روپے نقدی لوٹنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے 25 سے زائد ڈکیتیوں میں 55 موبائل فونز اور 5 لاکھ روپے لوٹے، ملزم اور اس کا ساتھی امجد کراچی میں منشیات فروشی میں بھی ملوث رہے ہیں۔

    مطلوب ملزم عادی مجرم ہے، دستی بم سمیت متعدد مقدمات میں جیل جا چکا ہے، ملزم کے خلاف 15 سے زائد مقدمات درج ہیں جبکہ ایک مقدمے میں سندھ ہائی کورٹ سے بھی مفرور ہے، ملزم کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • کراچی میں 4 سال کی بچی مبینہ طور پر اغوا، 15 لاکھ  روپے تاوان طلب

    کراچی میں 4 سال کی بچی مبینہ طور پر اغوا، 15 لاکھ روپے تاوان طلب

    کراچی کے علاقے سول لائنز سے 4 سال کی بچی کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سول لائنز ہجرت کالونی سیکٹر ڈی ٹو گلی نمبر 32 سے بچی مائرہ مبینہ طور پر اغوا ہوئی۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    فوٹیج میں مائرہ کی بڑی بہن کو اغوا کاروں کے پیچھے بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے 15 لاکھ روپے تاوان طلب کیا ہے۔

    والد کے مطابق بچی کی بڑی بہن نے روکنے کی کوشش کی لیکن اغوا کار بیٹی کو لے کر فرار ہوگئے۔

    تھانے کی پولیس کہتی ہے کہ کیس اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے پاس ہے اور گھر والے بھی پولیس کی کارکردگی سے مایوس ہیں۔

    اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بچی کو بازیاب کروائیں۔

  • کراچی: ہاکس بے منوڑہ روڈ کے قریب 3 افراد ڈوب گئے

    کراچی: ہاکس بے منوڑہ روڈ کے قریب 3 افراد ڈوب گئے

    کراچی کے علاقے ناظم آباد کے رہائشی 3 افراد ہاکس بے کے ساحل پر ڈوب گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایدھی کے غوطہ خوروں نے ایک شخص کو بچا لیا جبکہ ایک شخص کی لاش نکال لی گئی ہے۔

    ریسکیو عملے سے جس نوجوان کو بچایا اس کی شناخت حسنین کے نام سے ہوئی جبکہ بلال نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا ہے۔

    ریسکیو حکام کی جانب سے شہاب نامی تیسرے نوجوان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    ایدھی کے غوطہ خوروں کا کہنا ہے کہ مغرب تک تیسرے نوجوان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رہے گا، اندھیرے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن روک دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کراچی میں ہاکس بے کے ساحل پر پکنک مناتے ہوئے تین نوجوان ڈوب گئے تھے، ریسکیو حکام نے بتایا تھا کہ واقعہ عبدالرحمن گوٹھ کے قریب پیش آیا جہاں تینوں دوست نہاتے ہوئے سمندر میں ڈوبے۔

    ڈوبنے والوں کی شناخت خضر، ارباز اور ارمان کے ناموں سے ہوئی تھی۔ ایدھی کے غوطہ خوروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو نیم بے ہوشی کی حالت میں سمندر سے نکال کر سول اسپتال کراچی منتقل کیا تھا۔

  • کراچی میں دستی بموں اور گولیوں سے بھرا بیگ برآمد

    کراچی میں دستی بموں اور گولیوں سے بھرا بیگ برآمد

    کراچی میں دستی بموں اور گولیوں سے بھرا بیگ پولیس نے برآمد کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی میں ندی کےقریب سے مشکوک بیگ سے گولیاں، دستی بم اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

    ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کا کہنا ہے کہ 7 دستی بم، 30 بور پستول، ریوالور، گولیاں برآمد ہوئی ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے وقوع طلب کر لیا گیا۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ مختلف اقسام کے دستی بم، چھوٹے بڑے ہتھیاروں کی گولیاں ملی ہیں، لگتا ہے کسی نے اسلحے سے بھرا بیگ ندی میں پھینکا جو کنارے پر آگیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بند بنانے کے دوران ملیر ندی سے بیگ ملا، پولیس نےبارش کے دوران بند بنانے کیلئے ہیوی مشینیں لگائی تھیں۔

  • دکانداروں نے پٹاخوں کے کارخانے کے مالک کی گاڑی پر حملہ کردیا

    دکانداروں نے پٹاخوں کے کارخانے کے مالک کی گاڑی پر حملہ کردیا

    کراچی: مشتعل دکانداروں کی جانب سے پٹاخوں کے کارخانے کے مالک کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، پتھراؤ کرکے شیشے توڑ دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم اے جناح روڈ تاج کمپلیکس کے قریب گودام میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد وہاں موجود دکاندار مشتعل ہوگئے، پٹاخوں کے کارخانے کے مالک کی گاڑی پر پتھراؤ کرکے شیشے توڑ دیے۔

    پٹاخوں کی دکان کے مالک کا ایک ملازم وہاں سے گاڑی لےکر نکلنے لگا تو جن دکانداروں کا مالی نقصان ہوا اور جو زخمی ہوئے تھے انھوں نے گاڑی پر حملہ کیا۔

    دکانداروں نے گاڑی کا گھیرائو کیا اور اس پر پتھرائو کیا، پولیس اور رینجرز نے گاڑی وہاں سے نکال دی اور دکانداروں کو کہا کہ وہ کوئی مقدمہ درج کروانا چاہتے ہیں تو تھانے سے رجوع کریں۔

    دریں اثنا ریسکیو 1122 کو گودام کی سرچنگ کے دوران ایک شخص کی لاش ملی ہے، متوفی اسد شاہ پٹیل پاڑہ کا رہائشی تھا۔

    چچا جمال شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متوفی اسد شاہ بھائی افسر شاہ سے ملنے متاثرہ عمارت میں آیا تھا، متوفی اسد مدرسے کا طالبعلم تھا، والد انتقال کرچکے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-fireworks-factory-explosion-21-august-2025/

  • کراچی میں بارش کے دوران حادثات میں 8 افراد جاں بحق

    کراچی میں بارش کے دوران حادثات میں 8 افراد جاں بحق

    کراچی میں صبح سے ہونے والی بارش کے دوران مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گئی۔

    منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے جاری موسلادھار بارش سے شہر کا نظام درہم برہم ہو گیا جب کہ معمولات زندگی مفلوج ہو گئے۔

    بارش کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

    گلستان جوہر بلاک 12 میں 4 افراد دیوار گرنے سے جاں بحق ہوئے۔ نارتھ کراچی اورڈیفنس میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    https://urdu.arynews.tv/schools-closed-for-one-week-amid-heavy-rains-flash-floods/

    اورنگی ٹاؤن میں بھی کرنٹ لگنے سے نوجوان جان کی بازی ہار گیا جب کہ ملیر میں پیٹرول پمپ میں آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

    کراچی میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ کی صورت حال کے باعث سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کل نجی و سرکاری اسکول بند رہیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا حکومت نے منگل کے روز صوبے کے سرد پہاڑی علاقوں میں تمام اسکول ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا تھا، یہ فیصلہ حالیہ کلاوڈ برسٹ، طوفانی بارشوں اور فلیش فلڈز کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

  • کراچی میں ٹارگٹ کلنگ : دن دہاڑے وکیل کا قتل

    کراچی میں ٹارگٹ کلنگ : دن دہاڑے وکیل کا قتل

    کراچی : شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں تھم نہ سکے جس میں ہائی کورٹ کا ایک وکیل اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے سولجر بازار لسبیلہ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ناصر ملک نامی وکیل کو دن دہاڑے قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ناصر ملک پر پارکنگ ایریا میں فائرنگ کی گئی، وکیل کو ملزمان نے ٹارگٹ کرکے قتل کیا جائے وقوعہ سے گولیوں کے کئی خول ملے ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول ناصر ملک کا کسی سے تنازع چل رہا تھا، اہل خانہ ملزمان کے نام بھی جانتے ہیں، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلیے سول اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

    پارک سے تشدد زدہ لاش برآمد

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک13اے سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، ریسکیو اہلکاروں کے مطابق 4دن پرانی لاش گراؤنڈ کے اندر سے ملی ہے جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔

    دوسری جانب گلستان جوہر بھٹائی آباد میں فائرنگ سے 2افراد زخمی ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ملیر کینٹ تھانے کی حدود میں پیش آیا، زخمی شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔

    پولیس حکام کے مطابق پیدل آنے والے ایک شخص نے فائرنگ کرکے مقدم سومرو اور سجاد کو زخمی کیا، واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • کراچی: گلستان جوہر میں فائرنگ سے بچی سمیت 6 افراد زخمی

    کراچی: گلستان جوہر میں فائرنگ سے بچی سمیت 6 افراد زخمی

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں دو گروپوں میں فائرنگ سے بچی سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گلستان جوہر بلاک 5 چمن اقبال کالونی میں دو گروپوں میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 9 سالہ بچی سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چمن کالونی میں رہائش پذیر افراد کے درمیان صدارت کے تنازع پر جھگڑا ہوا۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے نفری پہنچ گئی تاحال کوئی گرفتار عمل میں نہیں آئی ہے۔

    

    ادھر ماڑی پور میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی شہری دوران علاج دم توڑ گیا، جمیل بنگش کو تشویش ناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    یہ پڑھیں: کراچی فائرنگ، سرکاری ادارے کا ریٹائرڈ‌ افسر قتل

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول پانچ بچوں کا باپ تھا، گھر کے باہر لوٹ مار کی کوشش کی گئی۔

    لواحقین نے پولیس کو بتایا کہ مقتول طارق روڈ میں دفتر سے رقم لے کر گھر آرہا تھا، ڈاکوؤں نے تعاقب کیا اور مزاحمت پر گولی مار دی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں 4 افراد ملوث ہیں، دو ملزم شہریوں کے جمع ہونے پر موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوئے۔

    مقتول جمیل بنگش کیش کلیکشن کا کام کرتا تھا، پولیس نے ملزمان کی موٹر سائیکل تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔

  • ’کراچی: 9 محرم سے لاپتا ایاز تاحال نہ مل سکا، فیملی اے آر وائی کے دفتر پہنچ گئی

    ’کراچی: 9 محرم سے لاپتا ایاز تاحال نہ مل سکا، فیملی اے آر وائی کے دفتر پہنچ گئی

    کراچی میں علاقے محمودیہ کالونی 9 محرم پانچ جولائی سے لاپتا ایاز تاحال نہ مل سکا اہلخانہ مدد کے لیے اے آر وائی کے دفتر پہنچ گئے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز کی اہلیہ نے کہا کہ بجلی کا بل زیادہ آنے پر شوہر کا مالک مکان سے جھگڑا ہوا تھا اس کے بعد سے وہ لاپتا ہوگئئے۔

    اہلیہ کے مطابق قانونی کارروائی کے لیے تھانے گئی اور درخواستیں دیں لیکن پولیس نے بھائی اور مجھے مارا، تھانے میں زبردستی دستخط کروائے گئے اور کہا گیا کہ تم سے جھگڑے کے بعد شوہر چھوڑ کر چلا گیا۔

    ایاز کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ میرا شوہر لاپتا ہے مجھے اور گھر والوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، تھانے میں مالک مکان جو کہ بااثر شخص ہے وہ بھی موجود ہوتا ہے۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ خاتون اہلکار نے دھمکایا کہ کتے والے کمرے میں بند کرکے جاؤں گی اور 24 گھنٹے بعد تم زندہ نہیں ملو گی۔

    متاثرہ خاتون نے آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ شوہر کو بازیاب کروایا جائے۔