Author: سلمان لودھی

  • کراچی : لاپتہ ہونے والے دو بچوں سے متعلق اہم پیش رفت

    کراچی : لاپتہ ہونے والے دو بچوں سے متعلق اہم پیش رفت

    کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ سے لاپتہ ہونے والے دو بچوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، موٹر سائیکل سوار جوڑا ان بچوں کو لے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار خاتون اور مرد دو بچوں کو ساتھ لے کر جارہے ہیں،

    پولیس اہلکاروں کے مطابق اغواء کیے جانے والے کمسن بچوں 5سال کا عالیان اور 6 سال کا علی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بچے ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں، بچوں کو مختلف مقامات پر ڈھونڈنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے اغوا ہونے والے 7 سالہ بچے صارم کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجوپولیس بازیاب نہیں کرواسکی ہے۔

    گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 7 سالہ صارم کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی سے رابطہ کیا تھا، گورنر نے بچے کی گمشدگی کے واقعے پر بریفنگ لی، ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا تھا کہ بچے کے والدین کو مدرسے کے مؤذن پر شک ہے۔

    کامران ٹیسوری نے بچے کے والد سے واقعے کی پوری تفصیلات معلوم کیں اور بچے کے والدین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    یاد رہے 7 جنوری کو صارم اپنے ہی فلیٹ سے لاپتہ ہوا تھا، جو بھائی کے ہمراہ اپارٹمنٹ میں موجود مسجد کے مدرسے میں پڑھنے گیا تھا جس کے بعد بڑا بھائی گھر آگیا لیکن صارم نہ آیا۔

  • کراچی: گارڈن ویسٹ کے علاقے سے دو بچے لاپتہ

    کراچی: گارڈن ویسٹ کے علاقے سے دو بچے لاپتہ

    کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ کے علاقے سے دو بچے لاپتہ ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ والدین نے گارڈن تھانے میں مقدمہ درج کروایا ہے، بچے دو روز قبل دوپہر 12 بجے گھر سے کھیلنے باہر نکلے تھے کہ لاپتہ ہوگئے۔

    لاپتہ ہونے والے بچوں میں 5 سال کا عالیان اور 6 سال کا علی شامل ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے لیکن فوری طور پر کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔

    پولیس کا کہان ہے کہ دونوں بچے ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں، بچوں کو مختلف مقامات پر ڈھونڈنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے اغوا ہونے والے 7 سالہ بچے صارم کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود پولیس بازیاب نہیں کرواسکی ہے۔

    تفتیش میں پیش رفت نہ ہونے پر اہلخانہ نے مایوس ہو کر ایس ایس پی سینٹرل کے آفس کےسامنے احتجاج کیا، شدت غم سے نڈھال والدہ کا کہنا ہے کہ نجانے میرا بچہ کس حال میں ہوگا۔

    والد نے بھی شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس باتیں تو کر رہی ہے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں ہورہا۔

    معصوم بچے کے والدین نے حکام بالا اور سیکیورٹی اداروں سے اپیل ہےکہ صارم کوجلد سے جلد تلاش کیا جائے۔

    اس سے قبل گورنر سندھ نے 7 سالہ صارم کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل زیشان صدیقی سے رابطہ کیا تھا، گورنر نے بچے کی گمشدگی کے واقعے پر بریفنگ لی، ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا تھا کہ بچے کے والدین کو مدرسے کے مؤذن پر شک ہے۔

    کامران ٹیسوری نے بچے کے والد سے واقعے کی پوری تفصیلات معلوم کیں اور بچے کے والدین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    یاد رہے 7 جنوری کو صارم اپنے ہی فلیٹ سے لاپتہ ہوا تھا، جو بھائی کے ہمراہ اپارٹمنٹ میں موجود مسجد کے مدرسے میں پڑھنے گیا تھا جس کے بعد بڑا بھائی گھر آٓگیا لیکن صارم نہ آیا۔

  • کراچی : خونی ٹریلر نے میاں بیوی کو کچل ڈالا

    کراچی : خونی ٹریلر نے میاں بیوی کو کچل ڈالا

     شہر قائد میں ٹریلرز کے ڈرائیور ٹریفک قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کرنے لگے، سائٹ ایریا میں تیز رفتار ٹریلر کی زد میں آکر میاں زخمی اور بیوی جاں بحق ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا۔

    غنی چورنگی کے قریب ہونے والے خوفناک حادثے میں بیوی نے موقع پر ہی جان دے دی جبکہ شوہر شدید زخمی ہوگیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمی شوہر اور خاتون لاش کو اسپتال منتقل کیا، ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    کراچی میں فائرنگ سے 6 فراد زخمی

    علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 6 افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    سائٹ ایریا خیبر گيٹ کے قریب فائرنگ کی زد میں آکر 2 افراد زخمی ہوئے زخمیوں کی شناخت ساجد اور اسد اللہ نام سے ہوئی ہے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ایس ایس پی سائٹ ایریا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شادی کی ایک تقریب کے پاس پیش آیا، جس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    اس کے علاوہ ،ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے ایک شخص بنارس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص کھڈا مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص اورعزیز آباد میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک شخص ہوا ہے۔

     

  • اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت یہ احتیاط لازمی کریں

    اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت یہ احتیاط لازمی کریں

    کراچی میں اے ٹی ایم ہیک کرکے شہریوں کو لوٹنے والے آئی ٹی ماہر گروہ کے سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے، اے ٹی ایم ہیک کرنے والے گروہ میں خاتون بھی شامل ہے، ملزمان مشین ہیک کرکے بینک کے باہر موجود رہتے ہیں۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ کوئی شہری اے ٹی ایم استعمال کرتا ہے تو کارڈ مشین میں پھنس جاتا ہے، ملزمان کا ایک ساتھی شہری کی مدد کے بہانے ہیلپ لائن پر کال ملاتا ہے، ملزم ہیلپ لائن پر کال کے بہانے شہری کا پاس ورڈ اور دیگر تفصیل حاصل کرلیتا ہے۔

    علاوہ ازیں ناظم آباد میں بزرگ شہری سے ہونے والے فراڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ شہری سے فراڈ کرکے اس کے اکاؤنٹ سے ساڑھے 4 لاکھ روپے نکالے گئے، سی سی ٹی وی میں خاتون اور اس کے دو ساتھیوں کے چہرے بھی واضح ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے لاہور، اسلام آباد، کراچی سمیت کئی شہروں میں وارداتیں کیں۔

  • مدرسے جانے والا بچہ دو روز سے لاپتہ، والدہ غم سے نڈھال

    مدرسے جانے والا بچہ دو روز سے لاپتہ، والدہ غم سے نڈھال

    کراچی : نارتھ کراچی کا رہائشی 7سالہ بچہ مدرسے جاکر واپس نہیں آیا، دوروز گزرنے کے باوجود کچھ پتہ نہ چل سکا، اغوا کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق 7سالہ بچے صارم کو لاپتہ ہوئے دو دن گزر گئے پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

    اہل خانہ کی مدعیت میں دائر کیے گئے مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ صارم منگل کی دوپہر فلیٹ میں قائم مدرسے میں پڑھنے گیا اور لاپتہ ہوگیا۔

    ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ قاری صاحب نے بتایا کہ صارم پڑھنے کے بعد اپنے بھائی کے ہمراہ واپس چلا گیا تھا، اہل خانہ نے بتایاکہ صارم جن فلیٹس میں رہتا ہے وہیں اندر مدرسہ بھی بنا ہوا ہے۔

    Sarim

    گمشدہ بچے کے اہل خانہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ بلال کالونی تھانے میں درج کرا دیا گیا، اے آرت وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صارم کی والدہ نے رو رو کر اپیل کی ہے کہ خدارا میرے بیٹے کو جو بھی لے کر گیا ہے واپس کردے۔

    انہوں نے بتایا کہ میرا ایک بیٹا صارم سے بڑا ہے دونوں مدرسے ساتھ گئے تھے اور بڑا والا تو گھر آگیا لیکن صارم نہیں آیا، انہوں نے بتایا کی فلیٹوں میں سی سی ٹی وی تو لگے ہیں لیکن اس وقت لائٹ نہیں آرہی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال گولیمار، لیاری اور نارتھ ناظم آباد میں کم عمر بچے کھلے میں ہول میں گر کر لاپتہ ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں آئے روز بچوں کے نالوں اور گٹروں میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں لیکن متعلقہ حکام اور ادارے روایتی بیانات اور اقدامات پر ہی اکتفا کرتے ہوئے اگلے حادثے کی خبر انتظار کرتے ہیں۔

  • کراچی : لڑکی کے سر میں دو گولیاں مار کر قتل کردیا

    کراچی : لڑکی کے سر میں دو گولیاں مار کر قتل کردیا

    کراچی : اورنگی ٹاؤن 5نمبر کے قریب فائرنگ سے لڑکی کے بہیمانہ قتل کا واقعہ پیش آیا ہے, ملزمان نے لڑکی کے سر پر دو گولیاں ماریں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن 5نمبر کے قریب 2ملزمان لڑکی کو موٹرسائیکل پر ساتھ لے کر آئے تھے۔

    موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ سے پہلے لڑکی سے کچھ دیر بات کی، ملزمان نے لڑکی کو موٹر سائیکل سے اتارا اور اس کے سر پر2گولیاں مار دیں، جائے وقوعہ سے گولیوں کے دو خول بھی مل گئے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق لڑکی سے کوئی چیز چھینی نہیں گئی، مقتولہ کی عمر 18 سے 20 سال کے درمیان ہے، لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، لڑکی کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔

  • شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ، دو سی ٹی ڈی افسران عہدے سے فارغ

    شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ، دو سی ٹی ڈی افسران عہدے سے فارغ

    کراچی: اہلکاروں کے شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث ہونے پر انچارج محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) ڈی ایس پی راجہ عمر خطاب کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ایس پی ایس پی یو راجہ فرخ یونس کو بھی عہدے سے فارغ کیا گیا، دونوں افسران کو سی پی او رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ مرکزی ملزم سی ٹی ڈی اہلکار علی رضا سمیت 7 ملزمان فرار ہیں جن کی گرفتاری کیلیے کوششیں کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث 8 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے شہری کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر ٹرانسفر کیے تھے۔

    گزشتہ روز ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ متاثرہ شہری کے اکاؤنٹ سے رقم ٹرانسفر کرنے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا، تفتیش میں سی ٹی ڈی کے دیگر افسران اور اہلکاروں کے واردات میں ملوث ہونے کے شواہد ملے۔

    سی ٹی ڈی اہلکاروں کی شہری کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ سے متعلق فوٹیج سامنے آئی تھی جس میں افسران کو سادہ لباس میں دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ایک پولیس موبائل اور 3 اہلکاروں کو بھی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے۔

    اے وی سی سی پولیس نے مزید پولیس اہلکاروں کی شناخت شروع کی تھی تاہم گرفتار ملزمان سے رقم کی برآمدگی نہ ہو سکی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ شہری نے منگھو پیر تھانے میں مقدمہ درج کروایا تھا، اس کے اکاؤنٹ سے 3 لاکھ 40 ہزار ڈالر ٹرانسفر کیے گئے تھے۔

  • کراچی میں کھلا مین ہول ایک اور بچے کی جان نگل گیا

    کراچی میں کھلا مین ہول ایک اور بچے کی جان نگل گیا

    کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی دو نمبر کے قریب 8 سالہ بچہ مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔

    کچھ دیر قبل دو بچوں کی مین ہول میں گرنے کی خبر سامنے آئی تھی جبکہ ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر معصوم کو زندہ باہر نکالنے کی کوششیں کیں۔

    تاہم اب پولیس نے بتایا ہے کہ ریسکیو ٹیموں نے بچے کی لاش نکال لی، 8 سالہ معصوم شاہ فیصل کالونی اے ون کا رہائشی تھا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق مین ہول میں 2 بچے گرے تھے ایک کو فوری بچا لیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی کی اہم سڑکوں کو خوبصورت اور فٹ پاتھوں کی حالت بہتر کرنے کا فیصلہ

    ترجمان ایدھی نے بتایا کہ جاں بحق بچے کی لاش علاقے کے دوسرے نالے سے نکالی گئی۔

    ٹاؤن چیئرمین شاہ فیصل کالونی گوہر خٹک نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ مین ہول پر ڈھکن لگانا واٹر کورپوریشن کا کام ہے، وہ ہمیں بھی ڈھکن نہیں دیتی نہ خود لگاتی ہے۔

    گوہر خٹک نے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج کورپوریشن کی جانب سے ایک ہی جواب آتا ہے بجٹ نہیں ہے۔

    اکتوبر 2024 میں کراچی کے علاقے ماڑی پور ٹاؤن یوسی 4 کے علاقے مواچھ گوٹھ غفوری چوک کے قریب گلی میں کھیلتے ہوئے بچہ مین ہول میں گر گیا تھا۔ علاقہ مکین بچے کو تلاش کرتے رہے جبکہ کچھ دیر بعد عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت باحفاظت مین ہول سے نکال لیا تھا۔

    علاقہ مکینوں میں واقعے پر غم و غصہ پایا گیا اور ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں جگہ جگہ گٹر کے ڈھکن غائب ہیں جس کی وجہ سے اس قسم کے واقعات ہونا معمول بن گیا ہے۔

    مواچھ گوٹھ کے مکینوں کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کھلے مین ہول کے ڈھکن لگائیں۔

    اس سے ایک سال قبل ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی یوسی میں بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا جس کی لاش نکال لی گئی تھی۔ بچے کے والد غم سے نڈھال تھے جبکہ حکام کی لاپروائی پر اہل علاقہ نے احتجاج کیا تھا۔

  • کراچی: سکھن میں فائرنگ سے ہلاک 20 سالہ نوجوان ڈکیت نکلا

    کراچی: سکھن میں فائرنگ سے ہلاک 20 سالہ نوجوان ڈکیت نکلا

    کراچی کے علاقے سکھن میں گزشتہ روز فائرنگ سے ہلاک ہونے والا 20 سالہ نوجوان اطہر ڈکیت نکلا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سکھن میں فائرنگ سے 20 سالہ اطہر کی ہلاکت کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، پولیس کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والا 20 سالہ اطہر ڈکیت ہے۔

    پولیس کے کہنا ہے کہ ہلاک ڈکیت کے ساتھی نے واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا ظاہر کیا تھا، ہلاک نوجوان کے پاس سے پستول برآمد ہوا ہے، ایم ایل او نے ہلاک ڈکیت کی جیب سے میگزین نکال کردیا جس سے 6 گولیاں برآمد ہوئیں۔

    تفتیشی حکام کے مطابق معاملہ مشکوک دیکھ کر ہلاک نوجوان کے ساتھی کو حراست میں لیا تو اس نے دوران تفتیش بتایا کہ ہم دونوں ڈکیت ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈکیت کے رشتے دار واقعے کو ڈکیتی کے دوران قتل کا بتا رہے تھے تاہم ہلاک ڈاکو کے ساتھی نے بتایا کہ ہم ڈکیتی کی نیت سے نکلے تھے راہ گیر کو جیسے ہی روکا تو اس نے میرے کزن کو گولی مار دی۔

    ملزم نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ اطہر کی پستول زمین پر گر گئی تھی ڈر کے باعث واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا ظاہر کیا تھا۔

  • کراچی میں نئے سال کا پہلا مبینہ پولیس مقابلہ، دو ملزمان زخمی

    کراچی میں نئے سال کا پہلا مبینہ پولیس مقابلہ، دو ملزمان زخمی

    کراچی : شہر قائد میں نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے ساتھ پولیس کی سیدھی گولیاں بھی چل پڑیں، کراچی میں سال کا پہلا پولیس مقابلہ بھی ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں جہاں نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے دو درجن سے زائد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ایسے میں سال کا پہلا پولیس مقابلہ بھی سامنے آیا ہے۔

    کراچی کے علاقے مومن آباد الفتح کالونی میں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کا کہنا ہے کہ پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والے ملزمان سے اسلحہ،4 موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والے ملزمان کو ابتدائی طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال روانہ کیا گیا ہے ان کی شناخت امان اللہ اور عبدالستار کے نام سے ہوئی ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے24افراد زخمی ہوگئے جن میں 19 مرد،2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    نامعلوم سمت سے آنیوالی اندھی گولی سے زخمی ہونے والے بے گناہ شہریوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں طبی مداد فراہم کی گئی، جن میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔