Author: سلمان لودھی

  • سال نو کا جشن : کراچی میں ہوائی فائرنگ سے 24 افراد زخمی

    سال نو کا جشن : کراچی میں ہوائی فائرنگ سے 24 افراد زخمی

    کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے24افراد زخمی ہوگئے جن میں 19 مرد،2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سال نو کے آغاز پر کراچی میں رات بجتے ہی مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے نتیجے میں اب تک 24 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ  کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ہوائی فائرنگ سے3افراد زخمی ہوئے۔ طارق روڈ، شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ سے2خواتین اور اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال میں ہوائی فائرنگ سے2افراد زخمی ہوئے۔

    اس کے علاوہ عزیزآباد میں ہوائی فائرنگ سے ایک بچہ، گلزار ہجری اور کورنگی نمبر6میں 2افراد جبکہ لیاری اور آرام باغ میں ہوائی فائرنگ سے 3افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آگرہ تاج اور ڈینسوہال میں ہوائی فائرنگ سے 2افراد جبکہ نارتھ کراچی، ایف بی ایریا، ملیر، لانڈھی، نشتر روڈ میں ہوائی فائرنگ سے 5افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

  • کراچی کے 13 مقامات پر مجلس وحدت مسلمین کا احتجاج، کئی سڑکیں بند

    کراچی کے 13 مقامات پر مجلس وحدت مسلمین کا احتجاج، کئی سڑکیں بند

    کراچی کے 13 مقامات پر مجلس وحدت مسلمین کے احتجاج کے لیے کئی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ناتھا خان کے قریب احتجاج سے ایئرپورٹ جانے والی سڑک بند ہوگئی، کامران چورنگی پر بھی احتجاج کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی، راستے بند ہونے کی وجہ سے لوگ ایئرپورٹ تاخیر سے پہنچے جس کی وجہ سے ان کی فلائٹس چھوٹ گئیں۔

    ملیر 15 پر احتجاج کے باعث ٹریفک کا دباؤ ہے، ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن کے قریب احتجاج کی وجہ سے سڑک بند ہے، یونیورسٹی روڈ سمامہ پر بھی احتجاج کیا جارہا ہے اور ٹریفک جام ہے۔

    ادھر نمائش چورنگی پر احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہے، فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہے، فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاج کی وجہ سے ٹریفک جام ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

    سرجانی ٹاؤن جانے والے راستے پر بھی احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہے، شاہراہ پاکستان انچولی پر بھی احتجاج جاری ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بند ہے۔

    کورنگی ڈھائی نمبر پر احتجاج کے باعث ٹریفک کا دباؤ ہے، اسٹیل ٹاؤن موڑ پر احتجاج ہورہا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے، ناگن فور کے چورنگی کے قریب بھی احتجاج ہورہا ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

  • 2024: کراچی کے شہریوں نے 85 کروڑ سے زائد کی رقم کس مد میں ادا کی؟

    2024: کراچی کے شہریوں نے 85 کروڑ سے زائد کی رقم کس مد میں ادا کی؟

    کراچی کے شہریوں نے سال 2024 کے دوران 85 کروڑ روپے صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ہونے والے جرمانوں کی مد میں ادا کیے۔

    شہریوں نے 20 کروڑ روپے ون وے جبکہ رونگ وے کی خلاف ورزی پر جرمانے دیے۔ ٹریفک پولیس نے رواں سال کے دوران 11 لاکھ 57 ہزار چالان کیے، اس میں سب سے زیادہ چالان گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پر کیے گئے۔

    ٹریفک پولیس نے صرف نمبر پلیٹ پر 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد چالان اور جرمانے میں 11 کروڑ 93 لاکھ وصول کیے۔

    اسی طرح سگنل توڑنے پر ایک لاکھ 96 ہزار چالان کر کے ٹریفک پولیس نے 12 کروڑ 49 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے جبکہ اوور لوڈنگ گاڑیوں پر 2 لاکھ چالان کر کے 10 کروڑ 31 لاکھ روپے جرمانے کیے۔

    نو پارکنگ گاڑیوں پر ایک لاکھ 30 ہزار چالان کے ذریعے 11 کروڑ57 لاکھ جرمانے کیے جبکہ ون وے اور رونگ وے کی خلاف ورزی پر 91 ہزار چالان کر کے 20 کروڑ 20 لاکھ روپے جرمانے کیے۔

    موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ نہ پہننے پر 84 ہزار چالان کے ذریعے 4 کروڑ 24 لاکھ روپے، فینسی نمبر پلیٹ لگانے پر 5 کروڑ 31 لاکھ روپے، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنے پر 3 کروڑ 75 لاکھ روپے جبکہ گاڑیوں میں اسپیڈو میٹر نہ ہونے پر ایک کروڑ 7 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے۔

  • کراچی : درخشاں تھانے کی حدود میں جرائم کے ریٹ مقرر، ہیڈ محرر کی ویڈیو نے بھانڈا پھوڑ دیا

    کراچی : درخشاں تھانے کی حدود میں جرائم کے ریٹ مقرر، ہیڈ محرر کی ویڈیو نے بھانڈا پھوڑ دیا

    کراچی : درخشاں تھانے کے ہیڈ محرر  نے جرائم کے اڈے کھلوانے کے ریٹ مقرر کردیے، ویڈیو سامنے آنے پر ڈی آئی جی نے ہیڈ محرر کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اب گیسٹ ہاؤس ڈانس پارٹی، غیر قانونی چائے کیفوں سمیت سب کے الگ الگ ریٹ مقرر کردیئے گئے، اس حوالے سے درخشاں تھانے کے ہیڈ محرر ہمراز کی رشوت خوری کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

    ویڈیو میں ہیڈ محرر کی گفتگو کو واضح طور پر سنا جاسکتا ہے کہ جس میں اس کا کہنا ہے کہ درخشاں تھانے کی حدود میں چائے کیفوں سے فی کس 30سے40ہزار روپے ہفتہ لیا جاتا ہے۔

    ہیڈ محرر درخشاں ہمراز نے کہا کہ رعایت کے طور پر نئے کام کیلئے25ہزار روپے وصول کروں گا، پیسے دیتے رہو اور جو کام کرنا ہے کرو۔

    ہیڈ محرر کی رشوت خوری کی ویڈیو سامنے آنے پرڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے فوری ایکشن لے لیا انہوں نے ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کو مذکورہ ہیڈ محرر درخشاں کی معطلی کا حکم جاری کردیا۔

  • کراچی : گلستان جوہر میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں آن لائن رائڈر کے قتل کی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : گلستان جوہر میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں آن لائن رائڈر کے قتل کی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر آن لائن رائڈر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب پیش آیا، مقتول آن لائن رائڈر کی شناخت فہد حسین کے نام سے ہوئی ہے جو کورنگی کا رہائشی تھا۔

    مقتول منور چورنگی کے قریب کھڑا رائڈ کا انتظار کررہا تھا اس دوران موٹر سائیکل سوار ڈاکو آگئے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فہد ایک مبینہ ڈاکو کو پکڑنے میں کامیاب ہوا تو دوسرے ساتھی نے فائرنگ کرکے اسے گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول سے ڈکیت کچھ چھین نہ سکے لیکن شاہراہ پر پولیس کی نفری نہ ہونے کی وجہ سے اسے قتل کرکے فرار ہوگئے۔

    مقتول کی لاش جناح اسپتال میں موجود ہے جبکہ اہلخانہ بھی اسپتال پہنچ گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں برس شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے افراد کی تعداد 110 تک جا پہنچی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس حکام کی جانب سے ڈکیتی کی واردات کو چھپانے کی کوشش کی جاتی ہے اور واردات کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جاتا ہے لیکن جب سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آتی ہے تو پتا چلتا ہے کہ مزاحمت پر شہری کو قتل کیا گیا ہے۔

  • کراچی: گارڈ کی شکایت کرنے اسپتال آنے والی حاملہ خاتون فائرنگ سے جاں بحق

    کراچی: گارڈ کی شکایت کرنے اسپتال آنے والی حاملہ خاتون فائرنگ سے جاں بحق

    کراچی کے علاقے کھارادر میں نجی اسپتال کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت فاطمہ کے نام سے ہوئی جو سکیورٹی گارڈ کی شکایت کرنے کیلیے نجی اسپتال آئی تھی تاہم نامعلوم شخص کی گولی کا نشانہ بنی۔

    مقتولہ کے شوہر نے پولیس حکام کو بتایا کہ نامعلوم شخص کی جانب سے چلائی گئی گولی اہلیہ کو لگی۔

    پولیس نے بتایا کہ سکیورٹی گارڈ مقتولہ کا رشتہ دارے ہے جو کچھ عرصے سے تنگ کر رہا تھا، واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    3 اکتوبر کو کراچی کے نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث حاملہ خاتون جاں بحق ہوگئی تھیں۔ ورثاء نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر صحت اور آئی جی سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔

    جاں بحق خاتون کمسن بچے کی ماں تھی اور دوسرے بچے کی پیدائش سے پہلے موت ہوگئی تھی۔ ورثاء نے الزام عائد کیا تھا کہ چیک اپ کیلیے گھر کے قریب نجی اسپتال میں لے گئے تھے جہاں غلط انجکشن لگانے گئے۔

    اس حوالے سے نجی اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کا مؤقف تھا کہ متاثرہ خاتون کی حالت پہلے سے ہی بہت تشویشناک تھی جسے طبی امداد فراہم کی گئی۔

    متاثرہ خاندان نے محکمہ صحت سندھ سے مطالبہ کیا تھا کہ نجی اسپتال میں علاج معالجے کا معیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

  • کراچی: کیماڑی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے بچہ جاں بحق

    کراچی: کیماڑی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے بچہ جاں بحق

    کراچی کے علاقے کیماڑی میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے بچہ جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی گلشن سکندر آباد میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 13سالہ بچہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد دولہا، والد سمیت فرار ہوگیا جس شخص نے شادی میں فائرنگ کی اطلاع دی تھی اس کی نشاندہی ہوگئی ہے۔

    ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچے اور زخمیوں کا تعلق دولہے کے خاندان سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تین افراد کو گرفتار کیا ہے، دولہا اور دلہن والے دونوں کا تعلق ایک ہی برادری سے ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین پولیس کے ساتھ تعاون نہیں کررہے، مرکزی ملزم کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی میں راہ چلتی خاتون سے نازیبا حرکت کا ایک اور واقعہ

    کراچی میں راہ چلتی خاتون سے نازیبا حرکت کا ایک اور واقعہ

    کراچی میں راہ چلتی خاتون سے نازیبا حرکت کا ایک اور واقعہ پیش آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق خداداد کالونی میں راہ چلتی خاتون کو ہراساں کرنے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔ آج صبح پیش آنے والے واقعے میں موٹرسائیکل سوارشخص نے خاتون کو ہراساں کیا۔

    فوٹیج میں ماسک اور کیپ پہنے موٹرسائیکل سوار شخص کو دیکھا جا سکتا ہے۔

  • کراچی میں شہری نے ٹریفک اہلکار کو رشوت دینے کی مبینہ ویڈیو بنالی

    کراچی میں شہری نے ٹریفک اہلکار کو رشوت دینے کی مبینہ ویڈیو بنالی

    کراچی میں شہری نے ٹریفک پولیس اہلکار کو رشوت دینے کی مبینہ ویڈیو بنالی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی فور کے چورنگی پر ٹریفک پولیس اہلکار نے موٹر سائیکل سوار کو روکا، ہیلمٹ نہ پہننے اور فینسی نمبر پلیٹ پر چالان کرنے کی دھمکی دی۔

    شہری نے ٹریفک اہلکار کو 200 روپے رشوت دی اور اس کی ویڈیو بھی بنالی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری ٹریفک پولیس اہلکار کو 500 روپے دیتا ہے اور پھر وہ اسے 300 روپے واپس کرکے 200 روپے رکھ لیتا ہے۔

    قانون کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور فینسی نمبر پلیٹ کا جرمانہ 1500 روپے بنتا ہے۔

    بعدازاں ڈی آئی جی ٹریفک نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل کو حکم دیا کہ اہلکار کو فوری طور پر معطل کرکے تحقیقات کی جائیں۔

    واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس اور پولیس کی جانب سے فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلیں استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

    چند روز قبل سندھ حکومت نے فینسی نمبر پلیٹ، کالے شیشوں والی گاڑیوں اور اسلحے کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا۔

    چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں والی گاڑیوں پر کارروائی کی ہدایت کی گئی تھی۔

  • کراچی میں 3 مقامات پر عوام کے الیکٹرک کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

    کراچی میں 3 مقامات پر عوام کے الیکٹرک کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

    کراچی میں کے الیکٹرک کے خلاف تین مقامات پر عوام سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب کے الیکٹرک کے خلاف عوام نے احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین کے الیکٹرک کے دفتر پر پتھراؤ کیا۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گارڈن سے ایم اے جناح روڈ آنے اور جانے والی دونوں سڑکیں بند ہیں۔

    ادھر عسکری پارک پرانی سبزی منڈی کے قریب مکینوں نے بجلی و پانی نہ ہونے پر احتجاج کیا ہے جس کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ، جیل چورنگی سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک بند کردی گئی۔

    لسبیلہ پر بجلی کی بندش کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں، مظاہرین نے گرومندر جانے والے دونوں ٹریک بند کردیے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا مؤقف

    دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پرانی سبزی منڈی اور اطراف میں نادہندگان کی بجلی منقطع کی گئی، نادہندگان پر واجب الادا رقم 45 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مفت بجلی کی سپلائی ممکن نہیں، علاقہ معززین کی جانب سے جلد ادائیگیوں کی یقین دہانی پر سپلائی بحال کی جارہی ہے۔

    کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بروقت بجلی بلوں کی ادائیگی علاقے میں لوڈشیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا اہم جز ہے۔