Author: سلمان لودھی

  • کراچی ایئر پورٹ دھماکا : 3 غیرملکی جان سے گئے، 17 افراد زخمی

    کراچی ایئر پورٹ دھماکا : 3 غیرملکی جان سے گئے، 17 افراد زخمی

    کراچی ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 3 غیر ملکی شہری جان سے گئے، واقعے میں غیر ملکی شہری سمیت17 افراد زخمی ہوئے۔

    اس حوالے سے ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکے میں 2افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ریسکیو حکام نے واقعے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے 3 غیر ملکیوں کی شناخت لی جون، وہ چون زن اور لی زہااو کے نام سے ہوئی ہے، دھماکے کے 17زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ آئل ٹینکر میں زور دار دھماکے کے بعد پاس ہی موجود دیگر گاڑیوں کو آگ لگنے سے زیادہ نقصان ہوا ہے، دھماکے سے متعلق مزید تحقیقات کررہے ہیں، فرانزک کی رپورٹ کے آنے تک کوئی حتمی بات نہیں کہہ سکتے۔

    جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں متاثر ہوئیں، تحقیقات کرکے جلد تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے، دھماکے میں سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئل ٹینکر میں آگ لگنے کے باعث متعدد گاڑیاں اس کی زد میں آئی ہیں۔

    ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے بتایا کہ اس واقعے کی تخریب کاری یا دہشت گردی کے عنصر سے متعلق بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سگنل کے قریب آئل ٹینکر میں زور دار دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

    اطلاعات کے مطابق ایئرپورٹ سے ماڈل کالونی جانے والے سگنل کے قریب آئل ٹینکر میں زور دار دھماکا ہوا اور جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی۔

    دھماکا اس قدر شدید تھا کہ کورنگی، گلستان جوہر، گلشن حدید، ڈیفنس، جمشید روڈ اور گلشن اقبال سمیت دور دور تک آواز سنی گئی، ابتدائی طور پر دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مذکورہ خبر لمحہ بہ لمحہ ملنے والی تفصیلات کے مطابق شائع کی جارہی ہے، تاہم مزید معلومات کی فراہمی کے بعد مزید اپ ڈیٹس شامل کی جاتی رہیں گی۔

  • کراچی میں ایئرپورٹ‌ کے قریب زوردار دھماکا، متعدد زخمی

    کراچی میں ایئرپورٹ‌ کے قریب زوردار دھماکا، متعدد زخمی

    کراچی کے علاقے ملیر میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سنگل کےقریب زوردار دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے.

    اطلاعات کے مطابق ایئرپورٹ سے ماڈل کالونی جانے والے سگنل کے قریب آئل ٹینکر میں زوردار دھماکا ہوا ہے اور جائے وقوعہ پر آگ بھڑک اٹھی.

    فوری طور پر پولیس نے دھماکے کی نوعیت سے متعلق نہیں بتایا تاہم عینی شاہدین نے نمائندہ اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ایئرپورٹ سگنل پر آئل ٹینکر میں دھماکا ہوا ہے۔

    دھماکا اس قدر شدید تھا کہ کورنگی، گلستان جوہر، گلشن حدید، ڈیفنس، جمشید روڈ اور گلشن اقبال سمیت دور دور تک آواز سنی گئی ہے۔ دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

    اطلاع ملنے پر رینجرز، پولیس اور سیکورٹی اداروں کے اہلکار پہنچ چکے ہیں جب کہ ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے ایس ایس پی ملیر سے رابطہ کر کے حقائق سے فی الفور آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ علاقہ پولیس اور افسران جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور واقعے سے متعلق تمام حقائق جلد عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

  • کراچی: منوڑا کے ساحل پر دو خواتین سمیت چار افراد ڈوب گئے

    کراچی: منوڑا کے ساحل پر دو خواتین سمیت چار افراد ڈوب گئے

    کراچی سے پکنک پر جانے والے ایک ہی فیملی کے 4 افراد منوڑا کے ساحل پر ڈوب گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق منوڑا کے ساحل پر 2 خواتین سمیت 4 افراد سمندر میں ڈوب گئے، افسوسناک واقعہ ہٹ نمبر 65 اور 67 کے درمیان پیش آیا۔

    ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ دو خواتین اور ایک مرد کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ ڈوبنے والے خاندان کا تعلق کراچی کے علاقے دستگیر سے ہے، تمام افراد پکنک منانے کے لیے منوڑا کے ساحل پر آئے تھے۔

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل ہاکس بے کے ساحل پر چار خواتین سمیت پانچ افراد سمندر میں ڈوب گئے تھے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی لائف گارڈز اور ریسیکیو اہلکار مدد کے لیے پہنچے اور پانچوں افراد کو سمندر سے بے ہوشی کی حالت میں نکالا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اسپتال منتقلی کے دوران راستے میں ہی ایک شخص دم توڑ گیا تھا جبکہ ڈوبنے والی خواتین کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک خاتون بھی چل بسی تھی۔

    متاثرہ خاندان لیاقت آباد نمبر 3 گجر نالے کا رہائشی تھا۔ جاں بحق افراد کی شناخت 30 سالہ نورین زوجہ شیرا اور 40 سالہ ارشد ولد بشیر کے ناموں سے ہوئی تھی۔

  • کراچی میں پولیس افسر کی خاتون سے بدتمیزی، دھکے دے کر باہر نکالنے کی دھمکی

    کراچی میں پولیس افسر کی خاتون سے بدتمیزی، دھکے دے کر باہر نکالنے کی دھمکی

    کراچی کے سول لائنز تھانے میں پولیس افسر کی خاتون سے بدتمیزی کی ویڈیو منظرعام پر آنے پر اسے معطل کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے سول لائنز تھانے میں تفتیشی افسر انسپکٹر عبدالرشید نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں خاتون سے بدتمیزی کی اور دھکے دے کر باہر نکالنے کی دھمکی دیتا رہا۔

    ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ تفتیشی افسر خاتون کو باہر نکالنے کی دھمکی دے رہا ہے۔

    متاثرہ خاتون نے الزام لگایا کہ تفتیشی افسر تھانے میں نشے کی حالت میں بیٹھا ہوا تھا اس نے مجھے دھکے دے کر باہر نکالا کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

    خاتون کے مطابق ان کے بیٹے وقاص کو پولیس نے اسلحہ کے لائسنس سمیت پکڑا اور لائسنس پھاڑنے کے بعد اس پر غیرقانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرلیا اور رہائی کے عوض ایک لاکھ روپے رشوت مانگی۔

    متاثرہ خاتون کے بیٹے وقاص نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکار نے نشے کی حالت میں تشدد کیا ہے۔

    بعدازاں ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ایس آئی او سول لائنز عبدالرشید کو معطل کرتے ہوئے ایس ایس پی سٹی کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

  • کھیل کھیل میں : 6 سالہ بچہ گولی لگنے سے جاں بحق

    کھیل کھیل میں : 6 سالہ بچہ گولی لگنے سے جاں بحق

    کراچی کے علاقے محمود آباد میں گھر میں حادثاتی طور پر گولی چلنے سے چھ سالہ بچہ انتقال کرگیا، دوسرے واقعے میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دو بھائیوں کو گولیاں ماردیں۔ 

    پولیس کے مطابق محمود آباد اعظم بستی کے علاقے میں چھ سالہ برہان اپنے ہم عمر رشتہ دار بچے کے ساتھ اپنے والد کے پستول سے کھیل رہا تھا اور اچانک گولی چل گئی، جس سے وہ موقع پر ہی انتقال کرگیا۔

    پولیس کے مطابق برہان کے والد کا لوڈڈ پستول گھر کے اندر رکھا ہوا تھا جو بچوں کے ہاتھ آگیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برہان کا والد محمود آباد میں فرنیچر کا کام کرتا ہے، گھر میں رکھا ہوا پستول لائسنس یافتہ ہے۔

    مسلح افراد کی فائرنگ سے دو کم عمر بھائی زخمی

    دوسری جانب ماڑی پور مچھر کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو بھائیوں کو زخمی کر دیا۔

    پولیس کے مطابق ماڑی پور مچھر کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 12 سالہ اور 14 سالہ بھائیوں کو زخمی کر دیا۔

    زخمیوں کی شناخت سمیر اور ثناء اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔

  • کراچی : چوکیدار نے جان پر کھیل کر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی

    کراچی : چوکیدار نے جان پر کھیل کر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی

    کراچی : فیکٹری کے چوکیدار نے چار ڈاکوؤں سے مزاحمت کرکے انہیں فیکٹری میں داخل نہیں ہونے دیا، مشتعل ڈاکوؤں نے چوکیدار کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے احسن آباد میں 4ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی نیت سے فیکٹری میں گھسنے کی کوشش کی لیکن چوکیدار کی مزاحمت سے ان کی یہ کوشش ناکام ہوگئی۔

    ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر ملزمان نے چوکیدار کو گولی ماری اور فرار ہوگئے، پولیس نے فرار ملزمان کا پیچھا کرکے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ڈی ایس پی سہراب گوٹھ نے بتایا کہ 3ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق گرفتارملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ لیاری36میں ڈکیتی کے لیے پہنچے تھے، پتہ چلاتھا آج فیکٹری میں تنخواہ تقسیم ہونے والی ہے۔

    گرفتارملزم نے بتایا کہ فیکٹری پہنچے تو چوکیدار نے مزاحمت کی اور اندر نہیں جانے دیا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • کراچی : سہراب گوٹھ میں 2 سالہ بچہ ندی میں گر کر لاپتہ

    کراچی : سہراب گوٹھ میں 2 سالہ بچہ ندی میں گر کر لاپتہ

    کراچی : سہراب گوٹھ لیاری ندی میں2سال کے بچے کے گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، اندھیرے کے باعث تلاش کاعمل روک دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نالے میں بچے کے گرنے کی اطلاع پر علاقہ مکین بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور بچے کی تلاش شروع کردی گئی۔

    اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی تلاش کا عمل اندھیرے کے باعث روک دیا گیا بچے کی تلاش کیلئےصبح دوبارہ آپریشن کیا جائے گا۔

    کئی گھنٹے گزر جانے کے باجود نالے میں گرنے والے بچے کو تلاش نہ کیا جا سکا، تاہم علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت بچے کی تلاش کیلئے سرگرم ہیں۔

  • اسپتال کے واش روم میں بچے کی ولادت : ملزمہ کی فوٹیج سامنے آگئی

    اسپتال کے واش روم میں بچے کی ولادت : ملزمہ کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی پولیس نے گزشتہ روز ایک نجی اسپتال کے واش روم میں بچے کو جنم دے کر فرار ہونے والی ملزمہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج مل گئی جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے نجی اسپتال کے واش روم میں خاتون بچے کو جنم دے کر فرار ہوگئی تھی،اسپتال عملے نے بروقت اقدام کرکے بچے کو ریسکیو کیا تاہم نومولود جانبر نہ ہوسکا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کھارادر تھانے کی حدود میں واقع ایک نجی اسپتال میں پیش آیا،پولیس نے سرکار کی مدعیت میں فرار ہونے والی لڑکی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    پولیس نے مذکورہ اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلیں جس میں دو خواتین کو واش جاتے اور وہاں سے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس سے چہرے کی شناخت بھی ممکن ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی سے نومولود بچے اور بچی کی لاشیں ملی تھیں ریسکیو حکام کے مطابق لاشیں نیوی فلیٹ دیوار کے قریب ملیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

     

  • کراچی: گلستان جوہر میں نجی مارٹ کے افتتاح پر بدنظمی، ہنگامہ آرائی

    کراچی: گلستان جوہر میں نجی مارٹ کے افتتاح پر بدنظمی، ہنگامہ آرائی

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نجی مارٹ کے افتتاح پر بدنظمی اور ہنگامہ آرائی ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نجی مارٹ کے افتتاح کے بعد ڈنڈا بردار افراد نے دھاوا بول دیا اور توڑ پھوڑ کی، انتظامیہ کی جانب سے ہجوم دیکھ کر مال کے دروازے بند کرنے کے بعد عوام مشتعل ہوئے۔

    نجی شاپنگ سینٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سیل لگائی گئی تھی۔

    واقعے کے دوران پولیس غائب رہی بعدازاں مارٹ انتظامیہ کی جانب سے پولییس کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مال انتظامیہ کی جانب سے پہلے آگاہ نہیں کیا گیا تھا کہ اس قسم کی کوئی تقریب کی جارہی ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کا کہنا ہے کہ آج مارٹ کا افتتاح تھا، رش زیادہ ہونے کی وجہ سے مارٹ کو بند کیا گیا، مارٹ بند ہونے کی وجہ سے کچھ شرانگیز متحرک ہوئے ، پتھراؤ کی کوشش کی۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس نے فوری رسپانس کیا، نفری موقع پر موجود ہے، مجمع کو کنٹرول کررہے ہیں، مزید نفری بھی روانہ کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ مال انتظامیہ کی جانب سے تقریب کی پروموشن کی گئی تھی اور سیل لگائی گئی تھی جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد پہنچی اور صورتحال کنٹرول سے باہر ہوگئی۔

    علاوہ ازیں جوہڑ موڑ، جوہر چورنگی اور کامران چورنگی پر ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی، شہری گھنٹوں سے سڑکوں پرمحصور ہیں۔

     

     

  • کراچی میں 12 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا ملزم گرفتار

    کراچی میں 12 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا ملزم گرفتار

    کراچی کے علاقے صدر میں تین روز قبل 12 سالہ بچی سے زیادتی کے بعد قتل  کے گھناؤنے عمل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سےگرفتار کیا ہے۔ فوٹیج میں ملزم بچی کو صدر کے علاقے میں لےجاتے ہوئے دیکھا گیا۔

     پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم وقارعلی نے 2ساتھیوں کے ساتھ  بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا پھر ملزمان نے بچی کی لاش کو بوری میں ڈال کر لکی اسٹار کے قریب کچراکنڈی میں پھینک دیا۔

    رات بھر تلاش کرتے رہے صبح بیٹی کی لاش ملی، والدہ

    ملزم کے  دیگر 2ساتھیوں کی گرفتاری کےلیے کوششیں جاری ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کا سراغ لگایا جارہا ہے۔

    پولیس سرجن کا کہنا ہے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق بظاہر لگتا ہے بچی کی موت کہیں اور واقع ہوئی اور نعش کو کچرا کنڈی پر پھینک دیا گیا لاش کے کپڑوں اور حلیہ سے بچی گداگر معلوم ہوتی ہے۔

    پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق پوسٹ مارٹم کے ابتدائی نتائج جنسی تشدد کی نشاندہی کرتے ہیں، سیرولوجی، ڈی این اے اور نشہ کے لیے تمام نمونے جمع کیے گئے ہیں رپورٹ آنے تک موت کی وجہ محفوظ رکھی گئی ہے۔