Author: سلمان لودھی

  • کراچی: مذہبی جماعت کی ریلی پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    کراچی: مذہبی جماعت کی ریلی پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    کراچی کے علاقے گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی گزر رہی تھی جس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔

    فائرنگ کے بعد مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے بس سمیت 4 گاڑیوں کو آگ لگا دی جس کے باعث پٹیل پاڑا سے ناظم آباد جانے والے روڈ پر ٹریفک جام ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ ریلی رضویہ سے گزر رہی تھی کچھ افراد نے پتھراؤ کیا، ریلی پر پتھراؤ کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ ہوئی۔

    پولیس سرجن نے بتایا کہ گولیمار اور اطراف سے 8 زخمی افراد کو سول اسپتال لایا گیا۔

    ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے بتایا کہ گولیمار میں 2 مذہبی گروپوں میں تصادم ہوا جس کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس معاملےکو کنٹرول کر رہی ہے۔

    ادھر، صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

    ضیا لنجار نے ہدایت کی کہ پولیس فوری امن و امان کنٹرول کرنے کے اقدامات کرے۔

    وزیر داخلہ نے جلاؤ گھیراؤ اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں جو بھی ملوث ہے اسے فوری گرفتار کیا جائے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

  • کراچی میں ناخلف بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل کردیا

    کراچی میں ناخلف بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل کردیا

    کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی میں بیٹے نے باپ کو قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں علاقے پرانی سبزی منڈی میں جائیداد کے جھگڑے پر بدنصیب بیٹے نے ماں اور بہنوں کے سامنے باپ پر فائرنگ کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بیٹے کی فائرنگ سے باپ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، مقتول کی شناخت 60 سالہ غنی کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ بیٹا نشے کا عادی ہے اس کا باپ سے جائیداد کا جھگڑا چل رہا تھا۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ بیٹا جائیداد بیچنا چاہتا تھا جبکہ باپ انکار کررہا تھا، ملزم فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

    مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • کراچی : مغوی لڑکی ایک ہی دن میں بازیاب، ایک اغواء کار گرفتار

    کراچی : مغوی لڑکی ایک ہی دن میں بازیاب، ایک اغواء کار گرفتار

    کراچی : اورنگی ٹاؤن کے علاقے پیر آباد میں لڑکی کے اغواء اور پھر بازیابی کا واقعہ پیش آیا ہے پولیس نے مغویہ کو بازیاب کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ ڈکیت گروہ کے 3 کارندے سی ٹی ڈی اہلکاروں کے بھیس میں ایک گھر میں گھسے اور 18سالہ لڑکی کو اسلحے کے زور پر زبردستی گاڑی میں بٹھالیا۔

     گاڑی لے کر جانے لگے تو لڑکی کا بھائی بھی زبردستی گاڑی میں بیٹھ گیا، مبینہ اغوا کاروں نے لڑکی کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد علاقے میں ہی اتار دیا جس نے پولیس کو اطلاع دی۔

    مغویہ کے بھائی نے پولیس کو ملزمان کی گاڑی کا رنگ اور نمبر بتایا جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن سے لڑکی کو اس گاڑی سے بازیاب کرالیا گیا۔

    پولیس نے کارروائی کرکے ایک اغواء کار ذیشان کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے 2ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

    پولیس نے بتایا کہ اغواء کی واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی گئی ہے، گرفتار اغواء کار ذیشان کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا، اس سے قبل ملزم رضویہ، میٹھادر، ناظم آباد، آرٹلری میدان تھانوں میں گرفتار ہوچکا ہے۔

  • کراچی میں رواں سال کی بڑی ڈکیتی، ملزم 2 کروڑ کی رقم لوٹ کر فرار

    کراچی میں رواں سال کی بڑی ڈکیتی، ملزم 2 کروڑ کی رقم لوٹ کر فرار

    کراچی میں رواں سال کی بڑی ڈکیتی ہوئی ہے اس دوران ملزم دو کروڑ کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی اسٹاک ایکسچینج کے قریب ڈکیت شہری سے 2 کروڑ کر چھین کر فرار ہوگیا اور مزاحمت کرنے پر گارڈ پر فائرنگ کردی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی واردات کے دوران فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار نے بھی ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی، ڈاکو موٹرسائیکل پر آئے اور پارکنگ ایریا سے رقم چھین کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق شہری نجی بینک میں رقم جمع کروانے کے لیے پہنچا تھا۔

  • کراچی میں پی پی رہنما ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ کی گاڑی پر فائرنگ

    کراچی میں پی پی رہنما ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ کی گاڑی پر فائرنگ

    کراچی میں پیپلزپارٹی رہنما ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ ڈاکٹر ثمرین کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا، واقعے میں ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ ڈاکٹر ثمرین محفوظ رہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ لوٹ مار کا ہوسکتا ہے، تحقیقات جاری ہیں۔

    تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ ڈاکٹر ثمرین اورنگی ٹاؤن میں 11 نمبر میں گرلز کالج میں 14 اگست کی تقریب کے سلسلے میں آئی تھیں اور واپس جارہی تھیں جب ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر ثمرین ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی وائس چانسلر بھی ہیں۔

  • کراچی میں لاقانونیت عروج پر، قانون کی آنکھوں پر پردے

    کراچی میں لاقانونیت عروج پر، قانون کی آنکھوں پر پردے

    کراچی میں شہری ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر آگئے اور رواں سال کے ابتدائی سات ماہ میں اسٹریٹ کرائم کی 44 ہزار سے زائد وارداتیں ہوئیں۔

    کراچی کے حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ اگر یہ کہا جائے کہ شہر قائد میں غنڈہ راج قائم ہوگیا تو غلط نہ ہوگا۔ اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ کراچی میں رواں سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائم کی 44 ہزار سے زائد وارداتیں ہوئی ہیں لیکن ریکوری 10 فیصد سے بھی کم ہے۔

    سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ شہریوں کو موٹر سائیکلوں سے محروم کیا گیا۔ جنوری سے جولائی تک سات ماہ کے دوران 31 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری یا چھینی گئیں۔

    اسٹریٹ کرمنلز نے 11 ہزار 800 سے زائد شہریوں کو موبائل فون سے محروم کیا گیا جب کہ 1200 افراد سے گاڑیاں چھین یا چوری کر لی گئیں۔

    رواں برس اس شہر نا پرساں میں اغوا برائے تاوان کے 12 اور بھتہ خوری کے 52 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • کراچی : بینک سے ایک کروڑ روپے لے کر نکلنے والا رقم سے محروم

    کراچی : بینک سے ایک کروڑ روپے لے کر نکلنے والا رقم سے محروم

    کراچی کے علاقے طارق روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح افراد بینک سے رقم نکلوا کر جانے والے شہری سے ایک کروڑ روپے سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔

    اس حوالے سے ایسٹ زون پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شہری نجی بینک سے رقم نکلوا کر نکلا تو ڈکیتی کی واردات ہوئی، شہری موٹرسائیکل پر بیگ میں ایک کروڑ روپے لے جارہا تھا۔

    پولیس کے مطابق ڈکیتی کے واقعے کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، متاثرہ شہری کا پولیس کو بیان دیا ہے کہ نجی بینک سے1کروڑ روپے لے کر جارہے تھے۔

    شہری کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان نے بائیک پر رکھا بینگ چھینا اور فرار ہوگئے، ڈکیتی کی واردات سندھی مسلم سوسائٹی کےقریب ہوئی۔

    ڈاکوؤں کی شناخت کے حوالے سے پولیس جائے وقوعہ سے کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے۔

  • کراچی میں ڈاکٹر کی 9 سالہ بچی سے زیادتی

    کراچی میں ڈاکٹر کی 9 سالہ بچی سے زیادتی

    کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں اتائی ڈاکٹر کی جانب سے 9 سالہ بچی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی بنانے کا واقعہ سامنے آگیا۔

    بچی سے مبینہ جنسی زیادتی میں ملوث اتائی ڈاکٹر کو علاقہ مکینوں نے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔

    متاثرہ بچی نے اپنے بیان میں بتایا کہ مجھے زبردستی پکڑ کر بے ہوش کر کے زیادتی کی گئی۔ سرجانی پولیس کے مطابق بچی کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ بچی کے اہل خانہ کی مدعیت میں ملزم برکت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    ادھر، اے آر وائی نیوز کی خبر پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے تفصیلات طلب کر لیں۔

    صوبائی وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں ہدایت کی کہ جامع تفتیش کے بعد ملوث ملزم کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، متاثرہ بچی اور اہل خانہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

    گزشتہ روز فیصل آباد میں جعلی پیر کی 16 سال کی لڑکی سے مبینہ جنسی زیادتی کا کیس سامنے آگیا تھا۔ چک جُھمرہ کی رہائشی خاتون نے اپنی بیٹی کو چار ماہ پہلے پیر شکیل کے اہل خانہ کی خدمت کیلیے گھر بھیجا تھا۔

    جعلی پیر لڑکی کو گھر میں قید رکھ کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا تاہم موقع ملنے پر لڑکی فرار ہو کر والدین کے پاس پہنچ گئی تھی۔

    متاثرہ لڑکی کے والد نے تھانہ چک جھمرہ میں مقدمہ درج کروایا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم جعلی پیر شکیل فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے جبکہ متاثرہ لڑکی کی میڈیکل رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔

    وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے سی پی او سے رابطہ کیا تھا اور فرار ملزم کی گرفتاری کیلیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • کراچی میں یونیورسٹی کی لڑکیوں کو کوکین بیچنے والا ملزم گرفتار

    کراچی میں یونیورسٹی کی لڑکیوں کو کوکین بیچنے والا ملزم گرفتار

    کراچی میں یونیورسٹی کی لڑکیوں کو کوکین بیچنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں کوکین فروخت کرنے والے بین الصوبائی گروہ کے گرفتار کارندے نے تہلکہ خیز انکشافات کردیے۔

    ملزم احسن نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ ایک گرام کوکین 19 سے 20 ہزار روپے میں بیچتے ہیں، گروہ کا سرغنہ رانا شہریار عرف شیری دبئی میں مقیم ہے۔

    گرفتار ملزم کا کہنا ہے کہ چچا رانا شہریار لوکیشن بھیجتا ہے جہاں ہم خریدار کو کوکین پہنچا دیتے ہیں۔

    ملزم احسن نے انکشاف کیا کہ کوکین خریدنے والوں میں کالج، یونیورسٹیز کے طلبا بھی شامل ہیں، خواتین، نوجوان اور بڑی عمر کے لوگ بھی کوکین خریدتے ہیں۔

    ملزم نے بتایا کہ مجھے کوکین سپلائی کرنے کے عوض 60 ہزار روپے ماہانہ دیے جاتے ہیں۔

  • سوشل میڈیا شخصیت ساحل عدیم کیخلاف کراچی میں مقدمہ درج

    سوشل میڈیا شخصیت ساحل عدیم کیخلاف کراچی میں مقدمہ درج

    کراچی: سوشل میڈیا شخصیت ساحل عدیم کے خلاف کراچی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ساحل عدیم نے سندھی قوم کے لیے نازیبا الفاط استعمال کیے جس سے سندھی قوم کی دل آزاری ہوئی ہے۔

    ساحل عدیم کے خلاف مقدمہ کراچی سٹی کورٹ تھانے میں وکیل کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ساحل عدیم نے مقدمے کے بعد تعاون نہ کیا تو ان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ 4 جولائی کو رکن سندھ اسمبلی ماروی فصیح نے ساحل عدیم کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کروائی تھی۔

    رکن سندھ اسمبلی ماروی فصیح کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ایوان نام نہاد موٹیویشنل اسپیکر ساحل عدیم کے اس ریمارکس کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ساحل عدیم کے تبصرے ہماری مذہبی، سماجی اور قانونی اقدار کی سخت خلاف ورزی ہیں، جس کی وجہ سے خواتین کو بڑے پیمانے پر تکلیف ہوئی ہے۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ ساحل عدیم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔