Author: سلمان لودھی

  • کراچی میں 2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک

    کراچی میں 2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے، تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شہریوں نے 2 ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن نمبر 7 کے قریب مکینک کی دکان پر 3 ڈاکوؤں نے واردات کی کوشش کی اس دوران شہریوں نے 2 ڈاکوؤں کو پکڑ لیا اور تیسرا فرار ہوگیا۔

    مشتعل ہجوم نے پکڑے گئے دونوں ڈاکوؤں پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرے کی حالت غیر ہوگئی۔

    پولیس نے زخمی ڈاکو کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں سے دو پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • شاہ لطیف تھانے کا ایس ایچ او، ہیڈ محرر سمیت 4 افراد گرفتار

    شاہ لطیف تھانے کا ایس ایچ او، ہیڈ محرر سمیت 4 افراد گرفتار

    کراچی (05 اگست 2025): تھانے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد شاہ لطیف تھانے کا ایس ایچ او، ہیڈ محرر سمیت 4 افراد گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے شاہ لطیف تھانے میں فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں تھانے کے ایس ایچ او، ہیڈ محرر سمیت 4 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام نے کہا ہے کہ ایس ایچ او سمیت تمام افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ایس ایس پی ملیر نے شاہ لطیف تھانہ میں فائرنگ کے واقعے کی انکوائری کی تو معلوم ہوا کہ فائرنگ کرنے والا اور اس کا ساتھی ایس ایچ او کی اسپیشل پارٹی میں شامل تھے، جب کہ ایس ایچ او اور ہیڈ محرر نے واردات کے ثبوت بھی مٹائے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں ایس ایچ او شاہ لطیف، ہیڈ محرر، اور فائرنگ کرنے والے عاطف اور شاہ زیب گرفتار ہیں۔


    کراچی میں تھانے کے اندر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق


    قبل ازیں یہ پولیس کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی تھی کہ 2 نوجوان ایک شخص کو پکڑ کر شاہ لطیف تھانے لائے اور بتایا کہ یہ ڈکیت ہے، پھر نوجوانوں کا لائے گئے شخص کے ساتھ جھگڑا ہوا، ایک نے پستول نکال لی، تھانے میں جھگڑے کے دوران گولی چلی جو مبینہ ڈکیت کو لگ گئی۔

    ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر خالق پیرزادہ کے مطابق گولی لگنے سے نوجوان موقع پر دم توڑ گیا تھا، دونوں نوجوانوں کو حراست میں لے کر تحقیقات کی گئی کہ تھانے کے اندر مارا گیا شخص ڈاکو ہے یا نہیں، تو معلوم ہوا کہ وہ دونوں ایس ایچ او کی اسپیشل پارٹی میں شامل تھے۔

  • کراچی : گلستان جوہر میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق 3 زخمی

    کراچی : گلستان جوہر میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق 3 زخمی

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے فائرنگ کا واقعہ آپس کے جھگڑے کا شاخسانہ ہے۔ فائرنگ پہلوان گوٹھ میں دکان کے باہر کی گئی، عینی شاہدین کے مطابق ملزمان کار اور موٹرسائیکلوں پر سوار تھے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں سید مظہر عباس اور علی وارث شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کی شناخت علی حسن، محمد علی اور حبیب علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    واقعے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کردی گئی، فائرنگ کے واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔

    واقعے کے بعد مشتعل افراد نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور آگ جلا کر سڑک کو بلاک جبکہ اطراف کی دکانوں کو بند کروادیا تاہم پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کرکے انہیں منتشر کردیا۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں تھانے کے اندر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعہ کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔

  • کراچی میں تھانے کے اندر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    کراچی میں تھانے کے اندر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    کراچی : شاہ لطیف تھانے کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اے آ ر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق 2نوجوان ایک شخص کو پکڑ کر تھانے لائے اور پولیس کو بتایا کہ یہ ڈکیت ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ اس موقع پر نوجوانوں کا لائے گئے شخص کے ساتھ جھگڑا ہوا، جس پر ایک نے پستول نکال لی۔

    تھانے میں جھگڑے کے دوران اچانک گولی چلی جو مبینہ ڈکیت کو لگ گئی، مبینہ ڈکیت نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    پولیس کے مطابق مبینہ ڈکیت کو لانے والے دونوں نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جاں بحق ہونے والے شخص سے متعلق تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔

    ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر خالق پیرزادہ کا کہنا ہے کہ تھانے کے اندر مارا گیا شخص ڈاکو ہے یا نہیں تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • کراچی میں ٹریفک حادثات : خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق

    کراچی میں ٹریفک حادثات : خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق

    کراچی : شہر قائد میں جان لیوا ٹریفک حادثات تھمنے کا نام نہیں لے رہے، منگھوپیر اور شاہ فیصل کالونی میں خاتون سمیت پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران 5ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹریفک حادثات ریڈیو پاکستان، کورنگی ،شاہ فیصل کالونی، منگھوپیر، لانڈھی میں پیش آئے۔

    ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، گلستان جوہر میں گاڑی کی ٹکر سے فوڈ ڈلیوری رائیڈر بھی زخمی ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں 536 شہری جان سے جاچکے، 6ہزار سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے درجنوں افراد معذوری اور تکلیف دہ زندگی گزار رہے ہیں۔

  • کراچی: دو دریا پر بچوں کے ڈوبنے کا واقعہ، عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

    کراچی: دو دریا پر بچوں کے ڈوبنے کا واقعہ، عینی شاہدین نے کیا دیکھا؟

    کراچی دو دریا کے مقام پر ایک شخص اور 2 بچے ڈوب گئے، عینی شاہدین نے آنکھوں دیکھا حال بیان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک شخص دو بچوں کو زبردستی لے کر پانی میں کودا، بچوں کی عمریں 5 سے  سال کے درمیان تھیں، ڈوبنے والا شخص نشئی اور بچے اچھے گھرانے کے لگ رہے تھے۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ بچوں نے کافی دیر تک پانی سے باہر آنے کی کوشش کی، ہم نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی لیکن نہیں بچاسکے۔

    دو دریا پر موجود عینی شاہد نے بتایا کہ ایک ڈیڑھ گھنٹے تک لوگ ڈوبے رہے لیکن کوئی نہیں آیا، مرد نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے، ایک بچہ گرا تو دوسرا بھاگا لیکن مرد نے اس بچے کو بھی پکڑ لیا۔

    عینی شاہد کے مطابق واقعہ تین سے سوا تین بجے کے درمیان پیش آیا، 8 غوطہ خوروں کی مدد سے 2 ٹیمیں آپریشن کررہی ہیں۔

    واضح رہے کہ پولیس کا کہنا ہے کہ دو دریا کے قریب سمندر میں 3 افراد ڈوب گئے، ابتدائی معلومات کے مطابق ایک شخص نے 2 بچوں کے ساتھ سمندر میں چھلانگ لگائی، امدادی ٹیموں کی جانب سے ڈوبنے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی میں 16 سالہ لڑکی کا قاتل پڑوسی نکلا، تہلکہ خیز انکشافات

    کراچی میں 16 سالہ لڑکی کا قاتل پڑوسی نکلا، تہلکہ خیز انکشافات

    کراچی کے علاقے ملیر کھوکھراپار میں لڑکی اریبہ کی لاش ملنے کا معمہ 20 دن میں حل ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 16 سالہ لڑکی اریبہ کے قتل میں ملوث پڑوسی ملزم محمد حذیف کو گرفتار کرلیا۔

    ملزم نے اعترافی بیان میں کہا کہ 10 جولائی کو لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، شور مچانے پر لڑکی کا منہ دبایا جس سے وہ مر گئی، لڑکی پڑوسن تھی، دوست کا پوچھنے میرے گھر آئی تھی۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ گھر خالی تھا، شیطان کے بہکاوے میں آکر جرم کیا۔

    واضح رہے کہ  لڑکی کے قتل کا مقدمہ کھوکھراپار تھانے میں درج ہے، تفتیش کے دوران 20 سے زائد افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا، ملزم کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے کر تفتیش کی گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر جیل بھیج دیا۔

    لواحقین کا کہنا ہے کہ 16 سالہ اریبہ مقتولہ دو بہن بھائیوں میں پڑی تھی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل کھوکھراپار میں 16 سالہ لڑکی کی گھر کے باہر سے پھندا لگی لاش ملی تھی۔

  • کیا ساجد مسیح مسلمان ہو گیا تھا؟ ویڈیو رپورٹ دیکھیں

    کیا ساجد مسیح مسلمان ہو گیا تھا؟ ویڈیو رپورٹ دیکھیں

    کراچی کے علاقے کلفٹن سے لڑکے اور لڑکی کی لاشیں ملی تھیں، مقتول ساجد کے اہل خانہ گوجرانوالہ سے کراچی پہنچ گئے ہیں. کراچی پہنچنے والے اہل خانہ میں انصاف کی دہائی دیتی، 26 سالہ ساجد کی والدہ بھی شامل ہیں، جن کے بیٹے اور بہو ثنا کی لاشیں کلفٹن چائنا پورٹ کےقریب سے ملی تھیں۔

    کیس کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ساجد مسیح نے کراچی پہنچ کر اسلام قبول کر لیا تھا، جس کے بعد دونوں نے عدالت جا کر شادی کر لی تھی، جب کہ مقتول ساجد کے اہل خانہ نے بتایا کہ دونوں کے لاپتا ہونے کے بعد گجرانوالہ میں لڑکی کے گھر والوں نے ان کا گھر جلا دیا ہے، اور ان کی جان کو خطرہ ہے اس لیے پنجاب سے کراچی آ گئے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق کراچی پولیس کی ٹیم نے گجرانوالہ پہنچ کر کیس سے جڑے 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو جان کا خطرہ، ویڈیو بیان وائرل

    کراچی میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو جان کا خطرہ، ویڈیو بیان وائرل

    کراچی میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی اور لڑکے نے جان کے خطرے کے پیش نظر ویڈیو بیان دیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

    کراچی کے علاقے ڈالمیا شانتی نگر کی رہائشی 22 سالہ لڑکی کومل اور 24 سالہ زبیر نے پسند کی شادی کی، جوڑے نے ویڈیو بیان میں تحفظ کی اپیل کی ہے۔

    متاثرہ لڑکی نے کہا کہ ہم نے اپنی مرضی سے پسند کی شادی کی ہے، ہماری مدد کریں۔

    متاثر لڑکی کا کہنا ہے کہ میں بہت پریشان ہوگئی ہوں، آئی جی اور ڈی آئی جی سے اپیل ہے کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

    ویڈیو بیان وائرل ہونے کے بعد عزیز بھٹی پولیس نے کہا کہ ہماری جانب سے کسی جوڑے ہراساں نہیں کیا گیا اگر جوڑا تھانے آکر درخواست جمع کرواتا ہے تو ہراساں کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • کراچی میں ٹریفک حادثات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق

    کراچی میں ٹریفک حادثات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق

    کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ماڑی پور روڈ کے قریب گاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ہوگیا، ناردرن بائی پاس پر ڈمپر کی ٹکر سے 8 سالہ بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

    پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی تعاقب کرنے پر ڈرائیور ڈمپر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر کو تحویل میں لے کر منگھوپیر تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

    ادھر ماڑی پور آئی سی آئی چوک پر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے کیمیکل سے بھرا ٹینکر تحویل میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق موٹر سائیکل محمود کی لاش کو سول اسپتال منقل کردیا گیا ہے۔