Author: سلمان لودھی

  • کراچی میں علاقہ مکینوں نے پولیس اہلکاروں کی رشوت لیتے ہوئے ویڈیو بنالی

    کراچی میں علاقہ مکینوں نے پولیس اہلکاروں کی رشوت لیتے ہوئے ویڈیو بنالی

    کراچی کے علاقے مومن آباد میں علاقہ مکینوں نے پولیس اہلکاروں کی رشوت لیتے ہوئے ویڈیو بنالی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے مومن آباد میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے تلاشی کے بہانے شہریوں سے رقم بٹوری جارہی تھی، علاقہ مکینوں نے ویڈیو بنالی۔

    ویڈیو سامنے آنے کے بعد ویسٹ زون پولیس کے افسران متحرک ہوگئے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کردیا۔

    واضح رہے کہ ایک ماہ قبل بھی ایئرپورٹ جانے والے راستے پر پولیس اہلکار کی مبینہ رشوت خوری کی ویڈیو شہری نے بنائی تھی۔

    شہری کا کہنا تھا کہ اہلکار چیکنگ کے بہانے روک کر جان بوجھ کر گفتگو کو طول دے رہا تھا، اہلکار کو معلوم تھا ہمیں دیر ہورہی ہے اور وہ ہماری مجبوری کا فائدہ اٹھا رہا تھا کیونکہ ہماری فلائٹ چھوٹ جاتی۔

    شہری نے الزام عائد کیا تھا کہ اہلکار نے پیسے لینے کے بعد ہمیں جانے دیا، اعلیٰ حکام واقعے کا نوٹس لیں۔

  • رشتے کیلئے جانے والا شہری ہنی ٹریپ کا شکار، لاکھوں روپے تاوان طلب

    رشتے کیلئے جانے والا شہری ہنی ٹریپ کا شکار، لاکھوں روپے تاوان طلب

    شادی کے جھانسے میں آکر ہنی ٹریپ کا شکار ہونے والا کراچی کا شہری ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا، پولیس نے فوری کارروائی کرکے بازیاب کرالیا۔

     سوشل میڈیا پر ضرورت رشتہ کیلئے رابطہ کرنے والے ہوشیار رہیں، سوشل میڈیا کا سہارا لینے والا کراچی کا شہری ہنی ٹریپ کا شکار ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں نے کراچی کے شہری شعیب کو ہنی ٹریپ کرکے گھوٹکی بلایا اور راستے میں کہا کہ اوباڑو پر اتر جاؤ جہاں سے اسے اغوا کرلیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق جیکسن کے رہائشی محمد شعیب نے سوشل میڈیا پر ضرورت رشتہ کیلئے اشتہار دیا کچھ دیر بعد ایک نامعلوم لڑکی کی کال آئی اور اس نے شادی کیلئے رضامندی ظاہر کی۔

    لڑکی کے بلانے پر جیکسن کا رہائشی گھوٹکی جا پہنچا جہاں کچے کے ڈاکوؤں نے اسے اغوا کرلیا، بعد ازاں اے وی سی سی، سی پی ایل سی اور گھوٹکی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے مغوی کو بازیاب کرالیا۔

    بازیاب ہونے والے شہری محمد شعیب نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر لڑکی نے مجھ سے کہا کہ میں آپ سے شادی کے لیے راضی ہوں۔

    لڑکی نےکہا کہ ہم غریب لوگ ہیں اور جہیز نہیں دے سکتے، اگر آپ مجھ سے شادی کریں گے تو آپ کی اور تمام گھر والوں کی خدمت کروں گی۔

    شعیب نے بتایا کہ میں نے شادی کے لیے حامی بھری اور اس کے بلانے پر گھوٹکی چلا گیا، راستے میں لڑکی فون آیا کہ اوباڑو پر اتر جاؤ جہاں اترتے ہی مجھے اغوا کرلیا گیا۔ بازیاب شہری کے مطابق ڈاکوؤں نے میری رہائی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

    پولیس حکام کاکہنا ہے کہ متاثرہ شہری کو بازیاب کرانے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

  • حمیرا اصغر کے نمونوں کی کیمیکل ایگزامن رپورٹس آگئیں

    حمیرا اصغر کے نمونوں کی کیمیکل ایگزامن رپورٹس آگئیں

    ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے نمونوں کی کیمیکل ایگزامن رپورٹ آگئیں۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ تجزیے کے دوران زہر دیے جانے کے شواہد نہیں پائے گئے، قومی امکان ہے کہ ان کی موت طبعی ہوئی ہے۔

    پولیس نے مجموعی طور پر 9 سیمپلز جامعہ کراچی کی فرانزک لیب ارسال کیے تھے۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر کے ڈی این اے سیمپلز کی رپورٹ ابھی آنا باقی ہیں۔

    پس منظر

    اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز سکس میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔

    لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے، فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

    اداکارہ و ماڈل تماشا گھر اور فلم جلیبی (2015) میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور تھیں، وہ ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں جن کے انسٹاگرام پر 715,000 فالوورز ہیں اور ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024ء کو تھی۔

  • حمیرا اصغر کے شناختی کارڈ سے متعلق اہم انکشاف

    حمیرا اصغر کے شناختی کارڈ سے متعلق اہم انکشاف

    کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی جانے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے شناختی کارڈ سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈیفنس میں فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغرکی لاش ملنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس کو کیس سے متعلق اہم ترین معلومات مل گئیں۔

    اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات کرنے والی پولیس ٹیم کی جانب سے یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ اداکارہ
    حمیرا اصغر 2 شناختی کارڈ استعمال کرتی تھیں، اداکارہ کے اصل اور ٹیمپرڈ شناختی کارڈ کی کاپیاں اے آر وائی نیوز  نے حاصل کرلیں۔

    پولیس کے مطابق حمیرا اصغر  نے اصل شناختی کارڈ میں ٹیمپرنگ کرکے اپنی تاریخ پیدائش تبدیل کی اصل شناختی کارڈ میں حمیرا کی تاریخ پیدائش 10 اکتوبر 1983 درج ہے جبکہ ٹیمپرڈ شناختی کارڈ پر حمیرا اصغر کی تاریخ پیدائش 10 اکتوبر 1997 درج کی گئی ہے۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر دوسرا ٹیمپرڈ شناختی کارڈ کا استعمال شوبز کی فیلڈ میں کیا کرتی تھی۔

    پس منظر

    اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز سکس میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔

    لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے، فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

  • کراچی : پولیس آنے پر ڈاکو نے اپنے سر پر گولی مار لی، ویڈیو

    کراچی : پولیس آنے پر ڈاکو نے اپنے سر پر گولی مار لی، ویڈیو

    کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس کے آنے پر ڈاکو  نے اپنے سر پر گولی مار لی، جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    کورنگی زمان ٹاؤن میں گزشتہ روز پولیس مقابلے کی ویڈیو اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، گزشتہ روز 2 ملزمان ڈکیتی کی واردات کیلئے ایک گھر میں داخل ہوئے، اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچی گئی۔

    پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہوا، جبکہ دوسرا فرار ہونے کیلیے گھر کی چھت پر چلا گیا۔ پولیس نے ملزمان کو گھیرنے کیلئے آس پاس کے گھروں کی چھتوں پر پوزیشن لے لی جس کی وجہ سے اسے فرار ہونے کا موقع نہ مل سکا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتاری سے بچنے کیلیے ملزم اہلکاروں کو بار بار اپنے سر پر پستول رکھ کر خود کو گولی مارنے کی دھمکیاں دیتا رہا۔

    اس دوران پولیس اہلکار ملزم سے بات چیت کرکے ہتھیار ڈالنے کیلئے قائل کرتے رہے جس پر وہ کسی صورت راضی نہ ہوا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے کئی بار فائر کرنے کی کوشش کی لیکن پستول چل نہیں سکی، ملزم بار بار فائر کرتا رہا اور بالآخر ایک موقع پر گولی چل گئی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت علی جبکہ گرفتار ملزم کی ریحان کے نام سے ہوئی ہے، دونوں ملزمان پہلے بھی متعدد وارداتیں کرچکے ہیں جن کا کرمنل ریکارڈ موجود ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کیسے ناکام بنائی؟ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں

    کراچی میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کیسے ناکام بنائی؟ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھیں

    کراچی میں شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی اور فائرنگ کر کے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

    ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں روز متعدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہوتی ہیں۔ ان وارداتوں میں شہری اپنی قیمتی چیزیں کھو دیتے ہیں اور بعض واقعات میں ڈاکو ان کی جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتے۔

    تاہم اب ایک ایسی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں شہری کو بہادری سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرتے اور پھر انہیں ناکام وہاں سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    یہ واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 2 میں پیش آیا۔ بینک سے رقم نکلوا کر شہری جب اپنے گھر پہنچا تو اس کا بینک سے تعاقب کرنے والے ڈاکو بھی وہاں پہنچ گئے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے منہ پر نقاب لگا رکھے ہیں اور اسلحہ کے زور پر شہری سے بینک سے نکلوائی گئی رقم دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تاہم شہری مزاحمت کرتا ہوا پیچھے ہٹتا ہے اور پھر اپنا پستول نکال کر ڈاکو پر فائرنگ کرتا ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں شہری اور ڈاکوؤں کو ایک دوسرے پر فائرنگ کرتے دکھایا گیا ہے۔ گولی سے کسی طرف کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور واردات ناکام ہونے پر ڈاکوؤں نے وہاں سے فرار ہونے میں عافیت جانی۔

    اس واردات کے حوالے سے گلستان جوہر پولیس کا کہنا ہے کہ شہری نے تاحال اس واقعہ کی رپورٹ درج نہیں کرائی ہے۔

  • حمیرا اصغر کے اہلخانہ میت وصول کرنے کراچی پہنچ گئے

    حمیرا اصغر کے اہلخانہ میت وصول کرنے کراچی پہنچ گئے

    اداکارہ حمیرا اصغر کے اہلخانہ میت وصول کرنے کراچی پہنچ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی اور بہنوئی کی پولیس افسران سے ملاقات ہوئی ہے، بھائی اور بہنوئی نے ایس ایس پی ساؤتھ سمیت دیگر افسران سے ملاقات کی۔

    میت وصول کرنے سے متعلق تھانے سے باضابطہ لیٹر کچھ دیر میں جاری کیا جائے گا جس کے چھیپا سے میت لے کر اہلخانہ لاہور جائیں گے۔

    خیال رہے پاکستانی اداکارہ و ماڈل حمیرہ اصغر علی، جن کی عمر بیالیس برس تھی، کی لاش 8 جولائی 2025ء کو کراچی کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) فیز سکس میں ان کے کرائے کے اپارٹمنٹ سے ملی۔ یہ دریافت بقایا کرایہ نہ ادا کرنے کی وجہ سے عدالتی حکم پر بے دخلی کے دوران ہوئی۔

    حمیرا اصغر کیس – Humaira Asghar Ali

    لاش انتہائی گل سڑی حالت میں تھی، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ان کی وفات ممکنہ طور پر اکتوبر 2024ء میں ہوئی۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر قتل کا امکان مسترد کر دیا ہے، کیونکہ اپارٹمنٹ اندر سے بند تھا اور کوئی زبردستی داخلے کے آثار نہیں ملے۔ فورنزک رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ موت کی وجہ معلوم ہو سکے۔

    حمیرا تماشا گھر اور فلم جلیبی (2015) میں اپنے کرداروں کی وجہ سے مشہور تھیں، وہ ایک ماہر مصورہ اور مجسمہ ساز بھی تھیں، جن کے انسٹاگرام پر 715,000 فالوورز تھے اور ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024ء کو تھی۔

    ان کی موت نے شوبز انڈسٹری میں صدمے کی لہر دوڑا دی، جہاں سونیا حسین، عتیقہ اوڈھو اور دیگر نے افسوس کا اظہار کیا۔ یہ کیس تنہائی اور ذہنی صحت کے مسائل پر بحث چھیڑ گیا ہے۔

  • نارتھ کراچی میں نئی نمبر پلیٹ مفت بانٹنے والے متعدد افراد زیر حراست

    نارتھ کراچی میں نئی نمبر پلیٹ مفت بانٹنے والے متعدد افراد زیر حراست

    نارتھ کراچی تھانہ بلال کالونی کی حدود میں پولیس اور ایکسائز نے کارروائی کرتے ہوئے نئی نمبر پلیٹ مفت بانٹنے والے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق مفت نمبر پلیٹ بانٹنے والے مرکزی کردار فیضان کو حراست میں نہیں لیا گیا، ایکسائز نے کئی نمبر پلیٹس تحویل میں لے لیں۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ مبینہ طور پر جعلی نمبر پلیٹس ہیں۔

    نوجوانوں کو حراست میں لینے پر شہریوں نے تھانہ بلال کالونی کے باہر احتجاج کیا ہے۔

    شہری کا کہنا ہے کہ نیو کراچی میں کئی موٹر سائیکل سواروں کو مفت نمبر پلیٹ دی گئی، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس نے کارروائی کی۔

    پولیس نے کارروائی ضلعی انتظامیہ کے حکم پر کی اور نمبر پلیٹس بنانے والے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے نئی نمبر پلیٹ لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے جو شہریوں کے لیے درد سر بن گیا ہے، حکومت نے نمبر پلیٹ لگوانے کی آخری تاریخ 14 اگست مقرر کی ہے۔

     

  • اداکارہ حمیرا اصغر کی افسوسناک موت سے متعلق ویڈیو رپورٹ

    اداکارہ حمیرا اصغر کی افسوسناک موت سے متعلق ویڈیو رپورٹ

    کراچی کے پوش علاقے میں فلیٹ سے ایک خاتون کی لاش ملی، تو ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا کہ لاش ماڈل حیمرا اصغر علی کی ہے، جو 7 سال سے کرائے پر اکیلے رہ رہی تھی، اور ایک سال سے کرایہ نہ دینے پر مالک مکان نے سی بی سی میں کیس دائر کر دیا تھا، جب بیلف آیا تو لاش مل گئی۔

    کراچی ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ سے ملنے والی لاش ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایک ماہ پرانی تھی، علاقہ مکینوں نے بتایا تھا کہ خاتون اداکارہ اور مڈل تھی، گھر میں اکیلی رہتی تھیں، اور 2018 میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا، اس کے گھر سے کبھی کبھی چیخیں بھی سنائی دیتی تھیں، شاید وہ ڈپریشن میں تھی۔


    اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش وصول کرنے کوئی نہیں پہنچا


    پولیس کے مطابق کمرے سے موبائل فون اور حمیرا اصغر علی کی تصاویر والا میگزین ملا، موبائل سم حمیرا اصغر کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کے اہل خانہ سے رابطہ کی کوشش کی گئی لیکن بھائی اور والد نے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔


    حمیرا اصغر علی کیس سے متعلق تمام خبریں

  • حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ڈیفنس میں فلیٹ سے برآمد

    حمیرا اصغر کی کئی روز پرانی لاش ڈیفنس میں فلیٹ سے برآمد

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ڈیفنس میں فلیٹ سے برآمد ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں فلیٹ سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے، 35 سالہ حمیرا اصغر فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ خاتون ماڈل و اداکارہ تھیں، خاتون نے 2018 میں فلیٹ کرایہ پر لیا تھا اور 2024 سے کرایہ نہیں دیا تھا، سی بی سی میں مالک مکان نے کیس کیا ہوا تھا آج بیلف آیا تو لاش دیکھی۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طور پر طبعی معلوم ہوتا ہے، لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد مزید کچھ پتا چل سکے گا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ فلیٹ کو سیل کردیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں، متوفی خاتون حمیرا اصغر علی کی لاش کئی روز پرانی ہے۔

    ایس ایس پی کے مطابق لاش کئی روز پرانی ہونے کے باعث شناخت ممکن نہیں، ڈی این اے سیمپلز کی مدد سے ہی شناخت ممکن ہوسکے گی، بلڈنگ کے مکینوں کے مطابق خاتون کا نام حمیرا اصغر ہے اور وہ ماڈل، اداکارہ تھیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود تصاویر دیکھ کر کہنا مشکل ہے یہ لاش اسی خاتون کی ہے، اب تک خاتون کا کوئی بھی قریبی عزیز سامنے نہیں آیا ہے۔

    حمیرا اصغر کیس سے متعلق تمام خبریں 

    بعدازاں پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون کے کمرے سے حمیرا اصغر کا موبائل فون ملا ہے، موبائل سم کے مطابق شناختی کارڈ کا ریکارڈ منگوایا ہے جس کے بعد مزید تفصیلات سامنے آجائیں گی۔

    واضح رہے کہ حمیرا اصغر نے 2022 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے رئیلٹی شو ’تماشہ گھر‘ میں شرکت کی تھی۔