Author: سلمان لودھی

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں‌ فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

    کراچی کے مختلف علاقوں میں‌ فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

    شہر قائد میں چند ہی گھنٹوں کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے دو مختلف واقعات پیش آئے، جن میں سے ایک کو ہائی پروفائل قرار دیا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اب سے کچھ دیر قبل کورنگی کے علاقے بلال کالونی قبرستان کے قریب نجی کمپنی کے ملازم کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

    واقعے کے بعد پولیس نفری جائے وقوعہ پہنچی جنہوں نے مقتول کی شناخت کے لیے جیب میں رکھے کاغذات نکالے۔پولیس اہلاکروں کے مطابق مقتول کی جیب سے علیحدہ علیحدہ ناموں کے دو شناختی کارڈ برآمد ہوئے، جن پر والدیت ایک ہی تھی۔

    ابتدائی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتول نجی کمپنی کا ملازم تھا، جسے باقاعدہ ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ پولیس نے نوجوان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔

    مزید پڑھیں: مجھے وکیل عرفان مہر کے قاتل ہر صورت چاہئیں، وزیراعلیٰ سندھ

    قبل ازیں کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے کار پر فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں کار سوار سندھ بار کونسل کے سیکرٹری عرفان مہر جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ سندھ بار کونسل کے سیکریٹری عرفان مہرکوٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ، عرفان مہربچوں کواسکول چھوڑنے جارہے تھے۔

  • کراچی میں مسلح ڈکیتوں کا راج، پولیس اہلکار شہید، چند گھنٹوں میں چار شہری زخمی

    کراچی میں مسلح ڈکیتوں کا راج، پولیس اہلکار شہید، چند گھنٹوں میں چار شہری زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی غلہ منڈی میں مقابلے کے دوران زخمی ہونے والا پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ اورنگی ٹاؤن اور نیو کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے چار شہری زخمی ہوگئے۔

    کراچی کے علاقے لانڈھی غلہ منڈی میں مسلح افراد کی موجودگی پر پولیس کی جانب سے ایکشن لیا گیا، اہلکا موقع پر پہنچے تو مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے حمزہ نامی اہلکار زخمی ہوا اور جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس اہلکارکی شہادت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی سے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت بھی کی۔

    پولیس حکام کے مطابق 6 ملزمان موٹرسائیکل پر شہریوں سے لوٹ مارکر رہے تھے، اس دوران پولیس پارٹی وقوعہ پر پہنچی تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور فائرنگ سے پولیس اہلکار ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

    پولیس نے شہریوں کی  وجہ سے براہ راست فائرنگ سے اجتناب کیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان وقوعہ سے فرار ہوگئے۔

    ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزمان اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوئے، جسے قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے جبکہ فائرنگ کرنے والوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

    ایس ایس پی لانڈھی زبیر تنولی نے جناح اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرارہو رہے تھے، جس پر موٹرسائیکل سوار اہلکاروں نے تعاقب کیا اور  انہیں روکنے کے لیے فائرنگ بھی کی، ملزمان کی جوابی فائرنگ سے حمزہ زخمی ہوا اور خون بہہ جانے کی وجہ سے دم توڑ گیا۔

    زبیر تنولی نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے چھوڑا گیا اسلحہ اور موٹرسائیکل کو قبضے میں لے لیا جبکہ جائے وقوعہ سے خول سمیت دیگر شواہد بھی اکٹھے کرلیے ہیں۔ انہوں نے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    دوسری جانب نیو کراچی کے علاقے خمیسو گوٹھ میں فائرنگ سے دو جبکہ ایوب گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، ذرائع کے مطابق دونوں واقعات ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آئے۔ علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن میں صابری چوک پر بھی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوا۔

  • کراچی میں شوہر نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    کراچی میں شوہر نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

    کراچی میں شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے میٹروول سائٹ میں شوہر نے جھگڑے کے بعد بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔

    ذرائع کے مطابق شوہر اور بیوی کے درمیان دوسری شادی کو لے کر جھگڑا چل رہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گھر سے مرد اور خاتون کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ شوہر نے اپنی بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کرکے خودکشی کی ہے۔

    پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت سمیرا کے نام سے ہوئی، رومان نے چند ماہ قبل ہی دوسری شادی کی تھی جس پر پہلی بیوی سے اس کا جھگڑا چل رہا تھا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کا خول برآمد کرکے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا۔

  • کراچی میں پولیس کے ہاتھوں ایس پی رینک کا افسر گرفتار

    کراچی میں پولیس کے ہاتھوں ایس پی رینک کا افسر گرفتار

    کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پولیس نے ایس پی رینک کے افسر کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سرجانی ٹاؤن پولیس نے ایس پی رینک کے پولیس افسر ذاکر حسین پرپانی کو گرفتار کرلیا، افسر پر زمینوں پر قبضوں اور زبردستی تعمیرات کرانے کا الزام ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست افسرکے خلاف ضلع وسطی اور سرجانی میں شکایات درج ہیں۔

    [bs-quote quote=”پولیس افسر تھانے سے بھاگنے کی کوشش میں گر کر زخمی” style=”default” align=”left” author_name=”پولیس حکام”][/bs-quote]

    پولیس کے مطابق افسر سرجانی میں اپنی پولیس موبائل لاکر زمینوں پر زبردستی تعمیرات کروارہا تھا، افسر لوگوں کو ڈرانے کے لیے سرجانی کے دیگر افسران کا نام استعمال کررہا تھا۔

    اعلیٰ پولیس حکام کے مطابق جب سرجانی پولیس موقع پر پہنچی تو افسر وہاں سے فرار ہونے لگا، سرجانی پولیس نے افسر کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر حراست پولیس افسر نے تھانے سے بھی بھاگنے کی کوشش کی، پولیس افسر بھاگتے ہوئے گر گیا اور اسے چوٹیں آئیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ افسر کے خلاف جن افراد نے شکایات کیں انہیں طلب کیا گیا ہے، متاثرہ شہریوں کی درخواست کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • واش رومز میں کیمروں کی تنصیب پر اسکول انتظامیہ کا مؤقف سامنے آگیا

    واش رومز میں کیمروں کی تنصیب پر اسکول انتظامیہ کا مؤقف سامنے آگیا

    کراچی میں قائم نجی اسکول انتظامیہ نے واش رومز میں لگے خفیہ کیمرے کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے نجی اسکول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیمرے واش روم کے بیسن ایریا میں لگائے گئے تھے، کیمرے لگانے کا مقصد تھا کہ لڑکوں اور لڑکیوں کے واش روم الگ رہیں۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کیمرے لگانے کا مقصد تھا کہ لڑکے یا لڑکیاں ایک دوسرے کے واش روم میں نہ جائیں۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے ایک نجی اسکول کے واش رومز میں خفیہ کیمروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔

    محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ خفیہ کیمرے سے ویڈیوز بنائی جاتی تھیں، محکمہ تعلیم کی ٹیم نے اسکول کے دورے کے دوران واش رومز سے خفیہ کیمرے بر آمد کیے، اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی کے نجی اسکول میں خواتین واش روم میں خفیہ کیمروں کا انکشاف

    محکمہ تعلیم سندھ کے حکام کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کو خواتین نے خفیہ کیمروں سے متعلق شکایت کی تھی۔ واش رومز خواتین اساتذہ کے ساتھ طالبات کے بھی زیر استعمال ہے۔

    محکمہ تعلیم کی ٹیم نے بدھ کے روز اسکول کا دورہ کیا تھا، دورے کے دروان خواتین کے واش رومز سے خفیہ کیمرے بر آمد کیےگئے، ویجیلنس ٹیم نے خفیہ کیمروں سے متعلق رپورٹ محکمہ تعلیم کو جمع کروادی ہے، اسکول انتظامیہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا تھا۔

  • کراچی، کمسن بچی کے قتل کا الزام، پولیس اہلکار سمیت 7 گرفتار

    کراچی، کمسن بچی کے قتل کا الزام، پولیس اہلکار سمیت 7 گرفتار

    کراچی: سندھ پولیس نے قیوم آباد میں شادی کی خوشی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی بچی کے قتل کے الزام میں پولیس اہلکار سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے قیوم آباد میں شادی کی تقریب کے دوران شدید ہوائی فائرنگ کی گئی، جس سے علاقہ مکین بھی شدید خوف کا شکار ہوئے۔ والدہ کے مطابق گلی میں جاتے ہوئے افراد نے ہوائی فائرنگ کی، تیسری منزل پر موجود گھرکی کھڑکی میں3سے4گولیاں لگیں، جن میں سے ایک گولی 7 سالہ سعدیہ نامی بچی کے سر پر بھی لگی۔

    اہل خانہ سعدیہ کو تشویشناک حالت میں لے کر جناح اسپتال پہنچے ، جہاں ڈاکٹرز نے اُسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر خون زیادہ بہہ جانے اور سر میں گولی لگنے سے وہ جانبر نہ ہوسکی۔

    مزید پڑھیں: شادی میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے بچی جاں بحق

    ڈیفنس تھانے کے ایس ایچ او نے بتایا کہ فائرنگ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دو بھائیوں نعمان اورارسلان سمیت چھ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ ہوائی فائرنگ کرنے والا پولیس اہلکار ملزم معین موقع سے فرار ہوگیا تھا، جسے ڈیفنس پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے نتیجے میں گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق فرار ملزم معین سولجر بازار تھانے میں تعینات ہے  اور وہ گرفتار ہونے والے افراد کو سگا بھائی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار کزن کی شادی تھی جس میں وہ ہوائی فائرنگ کررہا تھا۔

    ایس ایچ او ڈیفنس اشرف جوگی نے بتایا کہ ڈیفنس پولیس نے جاں بحق ہونے والی کمسن سعدیہ کے والد حنیف کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 890 سال 2021 درج کرکے مرکزی ملزم کی تلاش شروع کردی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے مذکورہ مقدمہ زیر دفعات 324/34کے تحت درج کیا تھا جو اب بچی کے انتقال کے بعد 302میں تبدیل ہوگی۔

  • شادی میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے بچی جاں بحق

    شادی میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے بچی جاں بحق

    کراچی میں شادی کی تقریب کے دوران پولیس اہلکار کی ہوائی فائرنگ نے معصوم بچی کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق قیوم آباد کے علاقے میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران پولیس اہلکار نے ہوائی فائرنگ ‏کی جس کی زد میں آکر بچی زخمی ہو گئی۔

    بچی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج چل بسی۔ ‏بچی قیوم آباد ڈی ایریا کی رہائشی تھی۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے دلہا کے دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا جب کہ فائرنگ کرنے والا شخص ‏اسلحے سمیت فرار ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا اہلکار معین ایس بی سی اےتھانےمیں تعینات ہے اس سے پہلے سولجربازار ‏تھانےمیں بھی تعینات رہا ہے۔

    پولیس نے فائرنگ سے جاں بحق 6 سالہ بچی کی میت کو ضابطے کی کارروائی کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دیا ‏ہے جب کہ واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کی جارہے ہیں اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔

  • پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی کیخلاف ناظم جوکھیو کے قتل کا مقدمہ درج

    پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی کیخلاف ناظم جوکھیو کے قتل کا مقدمہ درج

    کراچی: پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی اویس جوکھیو کے خلاف ناظم جوکھیو کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی اویس جوکھیو کے خلاف ناظم جوکھیو کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ناظم جوکھیو کی لاش گزشتہ روز ملیر میمن گوٹھ سے برآمد ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایم پی اے کریم جوکھیو کے سیکریٹری نیاز جوکھیو کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اویس جوکھیو پر پارٹی کارکن ناظم جوکھیو کے قتل کا الزام ہے، اویس جوکھیو پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالکریم کے چھوٹے بھائی ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملیر میں ناظم جوکھیو کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ورثا کی ‏مرضی سے ایف آئی آر درج کرنےکی ہدایت کی تھی۔

    مزید پڑھیں: ناظم جوکھیو کے قتل کا نوٹس؛ وزیراعلیٰ کی اہم ہدایات جاری‏

    قبل ازیں ملیر جام گوٹھ میں نوجوان کے قتل پر اہلخانہ نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‏سالارگوٹھ میں گزشتہ روز بااثر افراد تلور پرندےکا شکار کرنےآئےتھے تمام افراد پی پی رہنماجام اویس بجار کے ‏مہمان تھے۔

    لواحقین نے الزام عائد کیا تھا کہ رات کو جام اویس بجار کے گارڈ گھرآئے اور ناظم جوکھیو کو اوطاق لے گئے مقتول ‏کے بھائی نےاوطاق جاکراویس بجارسےمعافی مانگی مگراسےرحم نہ آیا، اویس بجارکےگارڈزنےناظم جوکھیو ‏پر تشدد کیا اور بھائی کو گھربھیج دیا۔

    لواحقین کا کہنا تھا کہ لاش کی اطلاع میمن گوٹھ تھانےسےموصول ہوئی اور پولیس نے ڈرامائی کارروائی میں 2افراد کو ‏حراست میں لیا۔

  • کے ایم سی ڈپٹی ڈائریکٹر کے قتل میں‌ ملوث خاتون گرفتار

    کے ایم سی ڈپٹی ڈائریکٹر کے قتل میں‌ ملوث خاتون گرفتار

    کراچی: سندھ پولیس نے کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر برائے کچی آبادی مصباح الاسلام کے قتل میں ملوث خاتون کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ویسٹ پولیس نے کارروائی کر کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے قتل میں ملوث خاتون کو گرفتار کیا، جس نے شوہر کے ساتھ مل کر مصباح الاسلام کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔

    ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق خاتون کی شناخت عروسہ تسلیم زوجہ عمیر نہاد احمد خان کے نام سے ہوئی، ملزمہ کا شوہر ماضی میں اسلحہ سمیت گرفتار ہوکر جیل کاٹ چکا ہے۔

    پولیس نے ملزمہ کو مزید قانونی کاروائی کیلئےتفتیشی حکام کےحوالےکر دیا۔ ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ کیس کے ایک ملزم کو رینجرز پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔

    دوسری جانب ویسٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے پیرآباد میں خاتون کے قتل میں ملوث سات ملزمان کو گرفتار کیا، جنہوں نے اکتیس اکتوبر کو ایک خاتون کو قتل کر کے چند گھنٹے بعد دفنا دیا تھا۔

    ملزمان نے واقعےکو خودکشی کا رنگ دیا اور پولیس کو اس حوالے سے مطلع نہیں کیا تھا، ایس ایچ او کے مطابق گرفتارملزمان میں مقتولہ کا شوہر، بھائی، دیور اور جیٹھ شامل ہیں،  مقتولہ 2بچوں کی ماں تھی، ضابطےکی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

    پولیس حکام نے 24سالہ مقتولہ کی قبرکشائی کیلئے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو خط لکھ دیاگیا۔

    علاوہ ازیں سندھ رینجرز نے اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کر کے ڈکیت گروہ کے سرغنے کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت فیصل عرف جملو، حیات اور فرحان کالا کے ناموں سے ہوئی۔

    ملزمان اورنگی، منگھوپیرکےعلاقوں میں وارداتوں میں ملوث تھے، ملزمان کاگروہ 10سےزائد افرادپرمشتمل ہے۔ رینجرز کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا، گرفتار ملزمان کو  قانونی کارروئی کیلئے پولیس کےحوالےکردیا گیا۔

  • کراچی میں‌ دھماکا، 4 جاں بحق، متعدد زخمی

    کراچی میں‌ دھماکا، 4 جاں بحق، متعدد زخمی

    کراچی: شہر قائد علاقے ناظم آباد میں پیٹرول پمپ پر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 4 جاں بحق جبکہ متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں واقع میٹرک بورڈ آفس کے قریب سی این جی پمپ پر زور دار دھماکا ہوا، جس کی شدت سے اطراف میں بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے فوری بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر مقام کو سیل کیا اور ریسکیو رضاکاروں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے 8زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے 4 دوران علاج دم توڑ گئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا سی این جی پمپنگ اسٹیشن پر سلنڈر میں گیس بھرنے کے دوران پیش آیا۔

    ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے کہا کہ دھماکا ابتدائی طورپر سلنڈر کا معلوم ہوتا ہے، وقوعہ کو سیل کر کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا۔ مالک نے کہا کہ  کسی نے پمپ پرسگریٹ جلاکرپھینکی جس کے باعث دھماکا ہوا۔

    دوسری جانب ایس ایس پی سینٹرل غلام مرتضیٰ تبسم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’جائے وقوعہ سے سلندرکے ٹکڑے  برآمد نہیں ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ پمپ کے بجلی گھر (الیکٹریکل روم کا دروازا اڑا ہوا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے ہوا کا اخراج نہ ہونے کی وجہ سے دھماکا ہوا۔

    دھماکے میں دہشت گردی کے کوئی شواہد نہیں ملے، البتہ تحقیقات کے لیے بم ڈسپوزل ٹیم کو طلب کیا ہے۔