Author: سلمان لودھی

  • گٹکا مافیا کی سرپرستی کرنے والے بے نقاب، رپورٹ‌ میں‌ بڑے نام شامل

    گٹکا مافیا کی سرپرستی کرنے والے بے نقاب، رپورٹ‌ میں‌ بڑے نام شامل

    کراچی: سندھ بھر میں کٹگا مافیا کی سرپرستی کرنے والوں کی فہرست سامنے آگئی، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پولیس افسران بھی مکروہ دھندے میں ملوث افراد کی پشت پناہی کررہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پولیس کی جانب سے گٹکا مافیا کے کارندوں، سرپرستوں اور سہولت کاروں کی فہرست سامنے آئی ہے، 23 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں 312 گٹکا فروشوں کے نام شامل ہیں۔

    کئی ماہ کی تحقیقات کے بعد تیار کی جانے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پولیس افسران، اہلکار، سیاسی جماعت کے رہنما کا دست راز، جعلی صحافی اور بیٹرز گٹکا فروشوں سے وصولیاں کرتے ہیں۔

    رپورٹ میں کراچی کے106بڑے گٹکا سپلائرز، حیدرآباد کے 103 گٹکا فروش،  میرپورخاص کے76، سکھرکے15،لاڑکانہ کے12 گٹکا فروشوں کے نام شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں منشیات اور گٹکا مافیا کی سرپرستی کرنیوالے ایس ایچ اوز کیخلاف ایکشن جاری

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے ضلع وسطی میں 45 سپلائر گٹکا فروخت کررہے ہیں جبکہ ضلع کورنگی دوسرے نمبر پر ہے جہاں 23 بڑے اور بااثر افراد گٹکے کی فروخت کا کھلے عام کام کررہے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہاجر قومی موومنٹ (حقیقی) کا عہدیدار، پاکستان پیپلزپارٹی کے کوآرڈیننرز کا معاون محمود بھی گٹکا فروشوں کی سرپرستی کرتا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اس رپورٹ کی روشنی میں اب گٹکا مافیا، کارندوں اور سرپرستوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • بلدیاتی اداروں کی غفلت، موٹر سائیکل سوار گڑھے میں گر گیا

    بلدیاتی اداروں کی غفلت، موٹر سائیکل سوار گڑھے میں گر گیا

    کراچی میں بلدیاتی اداروں کی غفلت اور لاپرواہی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں جگہ جگہ کھلے مین ہول اور گندے پانی کی وجہ سے شہری حادثات کا شکار ہونے لگے۔

    کراچی کے علاقے کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار گڑھے میں گر گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار روڈ کراس کرتے ہوئے کھلے مین ہول میں جاگرا، حادثے کا شکار ہونے والے شخص کو قریب موجود افراد نے نکالا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی کے علاقے صفورا چورنگی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کھلے مین ہول میں گر گئے تھے۔

    موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد کو قریب موجود افراد نے مین ہول سے نکالا تھا، زخمی نوجوانوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے گرومندر اور تین ہٹی کے اطراف ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کے باعث شہریوں نے سندھ حکومت کے خلاف بینرز آویزاں کردئیے تھے۔

  • حب میں گاڑی پر کریکر حملہ، مقامی صحافی جاں بحق

    حب میں گاڑی پر کریکر حملہ، مقامی صحافی جاں بحق

    حب: بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں گاڑی پر کریکر حملے کے نتیجے میں مقامی صحافی جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حب میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر کریکر سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے، زخمی مقامی صحافی دوران علاج دم توڑ گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے گاڑی پر کریکر پھینکا اور فرار ہوگئے، جاں بحق ہونے والے مقامی صحافی کی شناخت شاہد زہری کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    ہوشاب میں دھماکا، 2 بچے جاں بحق

    ادھر بلوچستان کے ضلع تربت کے علاقے ہوشاب میں بم دھماکے میں دو بچے جاں بحق ہوگئے۔

    لیویز حکام کے مطابق ہوشاب میں بچے گھر کے باہر کھیل رہے تھے کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تین بچے زخمی ہوگئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دو بچے دم توڑ گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • کراچی، پولیس نے سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیو کا سراغ لگا کر نوجوان کو بچا لیا

    کراچی، پولیس نے سوشل میڈیا پر شیئر ویڈیو کا سراغ لگا کر نوجوان کو بچا لیا

    کراچی پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا سراغ لگا کر زنجیروں میں جکڑے ہوئے نوجوان کو بازیاب کرالیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انٹرنیٹ پر ایک روز قبل نوجوان کی ویڈیو وائرل ہوئی، جسے زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا۔

    نوجوان نے اپنی ویڈیو انٹرنیٹ پر خود ہی شیئر کی، جس میں اُس نے بتایا کہ اُسے گھر والوں نے زنجیروں سے باندھ کر رکھا ہوا ہے۔

    ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تمام تھانوں نے اس کا سراغ لگانے کی کوشش کی، جس کے بعد ملیر پولیس اس میں کامیاب ہوئی۔

    کراچی پولیس نےگھرمیں زنجیروں سےبندھے نوجوان کو شاہ لطیف ٹاؤن سے بازیاب کرایا۔ نوجوان کی شناخت حمزہ کے نام سے ہوئی ہے، جسے کسی اور نے نہیں بلکہ اپنے اہل خانہ نے زنجیروں سے باندھ کر روکا ہوا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق نوجوان ایک شادی شدہ خاتون کی محبت میں مبتلا ہے اور اُن سے شادی کا خواہش مند ہے، اہل خانہ نے اُسے اس عمل سے باز رہنے اور سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ باز نہ آیا، جس پر انہوں نے اُسے گھر میں رکھنے کے لیے رنجیروں سے باندھ دیا۔

  • کراچی، تیزاب گردی کا نشانہ بننے والا خواجہ سرا دم توڑ‌ گیا

    کراچی، تیزاب گردی کا نشانہ بننے والا خواجہ سرا دم توڑ‌ گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والا خواجہ سرا دم توڑ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں آج صبح خواجہ سرا پر ایک شخص نے تیزاب پھینکا، جس میں وہ 60 فیصد تک جھلس گیا تھا۔

    خواجہ سرا کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اُس کے علاج کی بھرپور کوشش کی مگر جانبر نہ ہوسکا۔

    رپورٹ کے مطابق تیزاب گردی کا نشانہ بننے والے خواجہ سرا کی شناخت صائمہ کے نام سے ہوئی، جس کا جسم 60 فیصد سے زائد جھلس چکا ہے۔

    خواجہ سرا کے ساتھیوں نے بتایا کہ تیزاب پھینکنے والا شخص واردات کے فورا بعد فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    مزید پڑھیں: خلع مانگنے پر بیوی پر تیزاب پھینکنے والے شوہر کیخلاف مقدمہ درج

    یہ بھی پڑھیں: کراچی:‌ ٹک ٹاک کی وجہ سے تیزاب گردی کا شکار خاتون دم توڑ‌ گئی

    اب سے کچھ دیر قبل تک خواجہ سرا کی لاش اسپتال میں موجود تھی۔ مقتول کے ساتھیوں نے بتایا کہ ضابطے کی کارروائی کاغذات کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکی، جیسے ہی جسد خاکی ہمیں موصول ہوگا آخری رسومات ادا کردی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ 12 ستمبر کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سعید آباد میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر تیزاب گردی کا شکار بننے والی خاتون اسپتال میں دم توڑ گئیں تھیں۔ علاوہ ازیں چوبیس ستمبر کو  کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ملزم شوہر نے خلع مانگنے پر شوہر نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ خاتون پر حملہ کیا اور اس پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا تھا۔

  • چترال، پیرا گلائیڈنگ کے مقابلے، فتح سندھ کے نام

    چترال، پیرا گلائیڈنگ کے مقابلے، فتح سندھ کے نام

    اسکردو: اپر چترال میں ہونے والی تین روزہ نیشنل پیرا گلائیڈنگ چیمئن شپ سندھ کے کھلاڑی نے جیت لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اپرچترال میں سہہ روزہ نیشنل پیراگلائیڈنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سندھ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی میر عثمان نے فتح اپنے نام کی۔ْ

     وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان پارس دیرو نے ٹیم کو مبارکباد دی۔

     ایکوریسی لینڈنگ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے پائلٹ میرعثمان 12 ہزار 800 فٹ بلندی سے اڑان بھر کے مقررہ مقام پر لینڈ کر کے پہلی پوزیشن کے حقدار ٹھہرے۔  سندھ کی ٹیم کے دیگر ممبرز میں ثنا امین جان، عثمان میر علی، عبداللہ جان اور احمد علی شامل تھے۔

    مزید پڑھیں: اپر چترال: 12 ہزار فٹ بلندی سے عمر ایوب سمیت پیراگلائیڈرز کی اڑان

     نیشنل پیراگلائیڈنگ چیمپیئن شپ میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب بھی پیرا گلائیڈنگ مقابلوں کے لیے زینی پاس پہنچے، انہوں نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پیرا گلائیڈنگ مقابلوں میں حصہ لیا۔

  • کراچی، مشتعل باراتیوں کا ایس پی آفس پر دھاوا، ملزم کو چھڑا لیا

    کراچی، مشتعل باراتیوں کا ایس پی آفس پر دھاوا، ملزم کو چھڑا لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لطیف ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمان کے ساتھیوں نے ایس پی آفس پر دھاوا بول دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ ہوئی، جس کا پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا۔

    ملزمان کو حراست میں لینے پرباراتیوں نے ایس پی ملیر کے دفتر پر احتجاج کیا اور ساتھیوں کو چھڑوانے کے لیے دھاوا بولا، مشتعل باراتیوں کی جانب سے ایس پی ملیر آفس میں توڑپھوڑ اور اہلکاروں کو زدوکوب کیا۔

    ایس پی ملیر کے مطابق فائرنگ کی اطلاع پرپولیس پارٹی وقوعہ پر پہنچی توباراتی اس سے الجھ پڑے تھے، ایک شخص نے اہلکارپرپستول تانی، جسےحراست میں لے لیا گیا۔

    ایس پی ملیر کے مطابق مشتعل افرادنےتھانےمیں گھس کر زیر حراست شخص کوچھڑا لیا، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ دوبارہ کارروائی کی گئی، جس میں تین ملزمان گرفتار ہوئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ’ملزمان کی گرفتاری پربھی مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی‘۔ پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کردی۔

  • کراچی فائرنگ، سرکاری ادارے کا ریٹائرڈ‌ افسر قتل

    کراچی فائرنگ، سرکاری ادارے کا ریٹائرڈ‌ افسر قتل

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے سرکاری ادارے کے ریٹائرڈ افسر کو قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹرالیون اے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے گھر کے باہر ایک شخص کو نشانہ بنایا۔

    فائرنگ کے بعد زخمی شخص کو انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی شہید منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج چل بسا۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت مسعود علی کے نام سے ہوئی، جو سرکاری ادارے کے ریٹائرڈ افسر تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ ’نامعلوم مسلح افراد نے مسعود علی کو گھر کے باہر سر پر گولیاں مار کر قتل کیا، جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کے پانچ خول ملے، جنہیں قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی‘۔

    پولیس نے قتل پر ٹارگٹ کلنگ کا شبہ ظاہر کیا جبکہ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد اہل خانہ کے حوالے کردیا۔

  • اسپتالوں کے چکر، حادثے کا زخمی نوجوان اسٹریچر پر دم توڑ گیا

    اسپتالوں کے چکر، حادثے کا زخمی نوجوان اسٹریچر پر دم توڑ گیا

    کراچی کے علاقے کریم آباد پُل کے قریب حادثے میں زخمی ہونے والا نوجوان اسپتالوں کے چکر کاٹنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کریم آباد پل کے قریب حادثے کا زخمی نوجوان بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوان کی موت کی ذمہ دار دو سرکاری اسپتال کی انتظامیہ قرار دی گئی ہے، واقعے کی انکوائری مکمل کرلی گئی ہے فیصلہ وزیر صحت کریں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی نوجوان چار اسپتالوں کے چکر کاٹتا رہا کہیں سی ٹی اسکین کی سہولت نہ ملی تو کسی نے نامعلوم قرار دے دیا، بروقت علاج نہ ملنے پر زخمی شہری اسٹریچر پر ہی دم توڑ گیا۔

    عارف ہاشم نامی نوجوان 12 ستمبر کے روز ٹریفک حادثے میں زخمی ہوا تھا اسے پہلے ایک پھر دوسرے نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے طبی امداد نہ دی جاسکی۔

    بعدازاں عارف کو عباسی اسپتال لایا گیا جہاں رات کی شفٹ میں سی ٹی اسکین اور نیورو سرجری کی سہولت ہی نہ تھی یہاں سے زخمی عارف کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انتظامیہ نے نامعلوم ہونے کی بنیاد پر لینے سے انکار کردیا۔

    عارف کو شدید زخمی حالت میں دوبارہ عباسی اسپتال لایا گیا لیکن اس کی ہمت جواب دے چکی تھی وہ بالآخر اسٹریچر پر ہی دم توڑ گیا۔

    محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ واقعے کی انکوائری مکمل کرلی گئی ہے، جناح اورعباسی شہید اسپتال کی انتظامیہ کوقصور وار ٹہرایا گیا ہے، اسپتالوں کےخلاف کیا کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس کا فیصلہ وزیر صحت سندھ کریں گی۔

  • کراچی میں معمولی جھگڑے پر نوجوان ’اے کے 47‘ لے آیا

    کراچی میں معمولی جھگڑے پر نوجوان ’اے کے 47‘ لے آیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں معمولی جھگڑے پر نوجوان اے کے 47 لے کر آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں معمولی جھگڑے کے دوران ایک شخص اے کے 47 لے کر آگیا اور لوگوں کو دھمکانا شروع کردیا اس دوران ارد گرد موجود لوگ بیچ بچاؤ کرواتے رہے۔

    پولیس کے مطابق روڈ پر ٹرک اور گاڑی کی ٹکر ہوئی اس دوران ٹرک میں سوار افراد کی جانب سے اسلحہ نکال لیا گیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرک میں سوار افراد سادہ لباس میں تھے اور جھگڑے کے دوران اے کے 47 نکال کر شہری کو دھمکاتے رہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران جب لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہوا تو ٹرک میں سوار مسلح شخص فرار ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔