Author: سلمان لودھی

  • کراچی، کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایکشن، تین روز میں‌ 26 لاکھ روپے سے زائد جرمانے

    کراچی، کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایکشن، تین روز میں‌ 26 لاکھ روپے سے زائد جرمانے

    کراچی: عدالتی حکم پر محکمہ ٹریفک پولیس نے تین روز میں 26 لاکھ کم عمر ڈرائیورز اور والدین پر جرمانے عائد کردیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں 18 سال سے کم عمر موٹرسائیکل سوار اور گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔

    محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہر میں خصوصی مہم کے دوران 3 روز میں 26لاکھ چالان وجرمانےکئےگئے،  کم عمرڈرائیوری پر3131چالان اور 15 لاکھ 65 ہزار 500 جرمانے کیے گئے۔

    پولیس کے مطابق کم عمر بچوں کو گاڑی چلانےکی اجازت دینے پر والدین اور گاڑی مالک پر1076چالان اور 10 لاکھ 76 ہزار جرمانے کیے گئے۔

    مزید پڑھیں: 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مہم کا آغاز

    پولیس حکام کے مطابق تین روز کے دوران 2 ہزار 914 گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں ضبط کی گئیں۔

    واضح رہے کہ تین روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے ٹریفک پولیس حکام کو کم عمر ڈرائیورز کے خلاف سخت ایکشن لینے اور چالان و جرمانے کرنے کی سخت ہدایت کی تھی۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ کم عمر ڈرائیورز کے والدین کے خلاف بھی اقدامات کیے جائیں۔

  • کراچی: رواں سال اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں 50 ہزار سے تجاوز کرگئیں

    کراچی: رواں سال اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں 50 ہزار سے تجاوز کرگئیں

    کراچی: شہر قائد میں رواں سال اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں 50 ہزار سے تجاوز کرگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں 8 ماہ کے دوران لوٹ مار کے دوران 54 افراد کو قتل کردیا گیا، ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 458 افراد زخمی ہوئے۔

    [bs-quote quote=”رواں سال موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں 14 ہزار 578 تک جاپہنچیں” style=”default” align=”left” author_name=”پولیس حکام”][/bs-quote]

    سی پی ایل سی حکام کے مطابق 8 ماہ کے دوران شہری 34 ہزار 181 موٹر سائیلوں سے محروم کردئیے گئے جبکہ شہریوں کی 1268 گاڑیاں بھی چوری و چھین لی گئیں۔

    پولیس حکام کے مطابق رواں سال موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں 14 ہزار 578 تک جاپہنچیں۔

    گزشتہ سال کی نسبت رواں برس اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں 35فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سی پی ایل سی کے مطابق پچھلے سال کے آٹھ ماہ میں اسٹریٹ کرائم کی 37ہزار 97وارداتیں ہوئی تھیں۔

  • منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے کالی بھیڑوں کی فہرست تیار

    منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے کالی بھیڑوں کی فہرست تیار

    کراچی: شہر قائد میں 363 منشیات کے اڈے چلانے والے 100 سے زائد افسران و اہلکاروں کی فہرست تیار ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیشل برانچ پولیس نے منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے محکمے کی کالی بھیڑوں کی فہرست تیار کرلی ہے، جس کے مطابق کراچی میں 363 منشیات کے اڈے چلائے جارہے ہیں۔

    رپورٹ  کے مطابق منشیات کے دھندے میں 100سے زائد افسران و  اہلکار ملوث ہیں، مذکورہ افسران اور اہلکار آنکھیں بند کرنے اور کارروائی نہ کرنے کے عوض بھاری رقم لیا کرتے تھے۔

    اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق ہیروئن، افیون، آئس سمیت دیگر خطرناک نشہ آور اشیا سب  پولیس کی سرپرستی میں فروخت کی جاتی ہیں،  منشیات فروشی کے عوض پولیس افسران اور اہلکاروں کو باقاعدگی سے بھتہ دیا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق سٹی میں42، کورنگی میں15، ایسٹ میں20،  ملیر میں4، سینٹرل میں169 منشیات کے اڈوں سے بھتہ لیاجاتا ہے، اسی طرح  ضلع جنوبی میں28، ویسٹ میں منشیات کے87 اڈےچلوانے کیلئے بھتہ لیاجاتا۔

    مزید پڑھیں: منشیات فروشوں سے آہنی ہاتھوں‌ سے نمٹنا ہوگا، آرمی چیف

    اسپیشل برانچ کے افسران نے رپورٹ مرتب  آئی جی سندھ کو ارسال کردی ہے، جس میں ایس ایچ اوز، پولیس اہلکاروں سمیت ڈی ایس پیز کے نام بھی شامل ہیں، اس رپورٹ  میں100سےزائدافسران اور اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

    دوسری جانب ملیرمیں منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والوں کےخلاف ایکشن لیتے ہوئے 2 اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل سمیت 8 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق اسپیشل برانچ کی جاری کردہ لسٹ میں سب انسپکٹرز،انسپکٹرز،اور ڈی ایس پیز کے نام آنے پر زونل پولیس حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں کیونکہ اس رپورٹ کی وجہ سے وہ خود بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

  • کراچی: گراؤنڈ سے بڑی تعداد میں ’جی تھری‘ کی گولیاں برآمد

    کراچی: گراؤنڈ سے بڑی تعداد میں ’جی تھری‘ کی گولیاں برآمد

    کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں واقعہ گراؤنڈ سے بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے پوش علاقے پی ای سی ایچ ایس میں ہاکی گراؤنڈ سے بڑی تعداد میں جی 3 کی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

    پولیس کے مطابق گولیاں ہاکی گراؤنڈ میں پانی کے ٹینک سے ملیں، ٹینک سے جی تھری کی 300 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور رینجرز کی نفری جائے وقوعہ پر موجود ہے مزید شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

    مذکورہ ہاکی گراؤنڈ میں بچے اور بڑے اکثر موجود ہوتے ہیں، اکثر خواتین و بچے مذکورہ پارک میں شام کے اوقات میں آتے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہاکی گراؤنڈ کے اطراف مزید ٹینکوں کی سرچنگ شروع کردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے کہ کس گروپ کی جانب سے یہ گولیاں لائی گئی ہیں اور کب ٹینک میں چھپائی گئی ہیں۔

    پی ٹی آئی کے ایم پی اے علی عزیز کا کہنا ہے کہ آج پارک میں میں پانی کے ٹینک کی صفائی کا کام کیا جا رہا تھا ، صفائی کے دوران مزدوروں کی نشاندہی پر گولیاں نکالی گئیں۔

    پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی علی عزیز کے مطابق پارک کی صفائی، مرمت اور سیکورٹی کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے ۔لیکن بچوں کے گراؤنڈ میں گولیاں یا برآمد ہونا سوالیہ نشان ہے۔

    واضح رہے کہ ماضی میں گھروں اور پارکوں کے ٹینک کے اندر سے بھی رینجرز گولیاں برآمد کرچکی ہے۔

  • کراچی فائرنگ، رینجرز اہلکار قتل، ایک ہفتے میں تین سیکیورٹی اہلکار جاں‌ بحق

    کراچی فائرنگ، رینجرز اہلکار قتل، ایک ہفتے میں تین سیکیورٹی اہلکار جاں‌ بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رینجرز اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد ارم بیکری فرنیچرمارکیٹ کےقریب واقع عبدالصمد اسپتال کے پاس فائرنگ کا واقع پیش آیا۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ سےسادہ لباس میں ملبوس رینجرز اہلکار جاں بحق ہوا جس کی شناخت 45 سالہ عرفان صدیقی ولد محمد صدیق کے نام سے ہوئی۔ سپرمارکیٹ تھانے کے مطابق جاں بحق رینجرز اہلکار کے پاس بھی پستول موجود تھا مگر اُسے موقع نہ مل سکا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، میڈیکل رپورٹ کے مطابق رینجرز اہلکار کو پیچھے سے دو گولیاں ماری گئیں، جن میں سے دل پر لگنے والی گولی موت کی وجہ بنی۔ پولیس کے مطابق  مقتول رینجرز اہلکارپہلے حیدرآباد میں بھی تعینات رہا ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی میں ایک ہفتے کے دوران تین سیکیورٹی اہلکاروں کو قتل کیا گیا، ایک روز قبل اورنگی ٹاؤن جبکہ اُس سے قبل کورنگی صنعتی ایریا میں نامعلوم افراد نے پولیس افسر و اہلکار کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا۔

  • کراچی: بے قابو ٹینکر نے ایک اور شہری کو روند ڈالا، جائے حادثے پر دلخراش منظر

    کراچی: بے قابو ٹینکر نے ایک اور شہری کو روند ڈالا، جائے حادثے پر دلخراش منظر

    کراچی میں بے قابو ٹینکر نے ایک اور شہری کی زندگی کا چراغ گل کردیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کا خوفناک حادثہ رونما ہوا، جہاں تیز رفتار ٹینکر ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار شہری کو روند ڈالا۔

    رپورٹ کے مطابق حادثہ اتنا دلخراش تھا کہ شہری واٹر ٹینکر کے ٹائر میں پھنس گیا اس کے باوجود ٹینکر پھر بھی نہ رکا۔

    حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور بیچ سڑک پر ٹینکر چھوڑ کر فرار ہوگیا، موقع پر موجود افراد نے دلخراش واقعہ دیکھ کر امدادی ٹیم کو اطلاع دی، امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثے پر پہنچی اور شہری کی لاش کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

    واقعے کے کچھ دیر بعد ایس ایس پی سینٹرل نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے کارروائی کرکے واٹرٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے، حادثے میں شامل ٹرک کا ڈرائیورتاحال فرارہے۔

    واضح رہے کہ شہریوں کی جانیں لینے والے ٹینکرز سڑکوں پر دندناتے پھر رہے ہیں اور ‏انتظامیہ انہیں روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ ‏

    ٹینکرز سے ہونے والی اموات کے پے در پے واقعات رپورٹ ہونے کے باوجود حکام نے آنکھیں بند ‏کررکھی ہیں اور شہریوں کو بے قابو ٹینکرز کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔

  • کراچی: گھر میں فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق

    کراچی: گھر میں فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں گھر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا ولیکا اسپتال کے قریب نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے میاں اور بیوی کو قتل کردیا، مقتولین نے پسند کی شادی کررکھی تھی۔

     پولیس کے مطابق مقتولہ کے باپ اور بھائی روبی کی پسند کی شادی کے خلاف تھے، مقتولین سر میں گولیاں ماری گئی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ کے باپ، بھائیوں نے دونوں کو قتل کیا، مقتولین کی شناخت موسیٰ اور روبی کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں نے دو ماہ قبل کورٹ میرج کی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں ایک شخص نے اپنی سابقہ بیوی کو تیزاب پھینک کر جلا ڈالا

    واضح رہے کہ چند گھنٹوں قبل کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں لڑکی پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا تھا، ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر سابق شوہر نے 19 سالہ بیوی رمشا پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس کے باعث لڑکی کے جسم کا 40 فیصد حصہ جھلس گیا تھا۔

    متاثرہ لڑکی کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔

    متاثرہ خاتون کی والدہ نے اےآروائی نیوزسےبات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ رمشا کے شوہر نے واٹس ایپ پر طلاق دی تھی اور طلاق دینے کے باوجود سابق شوہرراستے میں تنگ اور پریشان کرتا تھا۔

    گورنرسندھ عمران اسماعیل نے بلدیہ ٹاؤن میں لڑکی پر تیزاب پھینکنے کےواقعےکی شدید مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • کراچی: سابق شوہر اور بیوی کا ایک دوسرے پر تیزاب پھینکنے کا الزام

    کراچی: سابق شوہر اور بیوی کا ایک دوسرے پر تیزاب پھینکنے کا الزام

    کراچی کے علاقے ناگن چورنگی میں سابق شوہر اور بیوی نے ایک دوسرے پر تیزاب پھینکنے کا الزام عائد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ناگن چورنگی میں سابق شوہر اور اہلیہ نے ایک دوسرے پر تیزاب پھینکنے کا الزام عائد کردیا، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں لیکن واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا جاسکا۔

    پولیس کے مطابق خاتون نے گزشتہ روز تھانے میں بتایا کہ سابق شوہر نے تیزاب پھینکا، پولیس نے سابق شوہر کو دیکھا تو وہ بھی زیادہ زخمی ہوا تھا، سابق شوہر نے الزام لگایا کہ سابقہ بیوی نے اس پر تیزاب پھینکا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں خاتون شبانہ معمولی زخمی ہوئی، جھلسنے والا عثمان سول اسپتال برنس وارڈ میں زیر علاج ہے، واقعہ گزشتہ روز ناگن چورنگی کے قریب ہوٹل پر پیش آیا۔

    متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ سابقہ بیوی شبانہ نے مجھ پر تیزاب پھینکا ہے۔

    پولیس کے مطابق عثمان 9 ماہ پہلے شبانہ کو طلاق دے چکا تھا، دوبارہ شادی کرنے کے معاملے پر واقعہ پیش آیا، شبانہ نے نیو کراچی تھانے میں سابقہ شوہر پر الزام عائد کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ عثمان کا چہرہ، سینہ اور جسم کے دیگر حصے تیزاب سے متاثر ہوئے ہیں، شبہ ہے شبانہ نے عثمان پر تیزاب ڈال کر مقدمہ درج کروانے کی کوشش کی ہو، عثمان کا بیان لینے کے بعد مقدمہ درج کرکے تفتیش بڑھائیں گے۔

  • کراچی: مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر کریکر حملہ ، 9 افراد جاں بحق

    کراچی: مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر کریکر حملہ ، 9 افراد جاں بحق

    کراچی: کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر کریکر حملہ کیا گیا ہے، حملے میں دو بچوں سمیت نو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    ایس پی بلدیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مواچھ گوٹھ میں منی ٹرک پر کریکر حملہ کیا گیا ہے، حملے میں نو افراد جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے اور خواتین شامل ہیں۔

    ایس پی بلدیہ نے بتایا کہ گاڑی میں بیس سے پچیس افراد سوار تھے،خواتین اوربچوں کی تعداد زیادہ تھی، متاثرہ خاندان لانڈھی شیرپاؤ کالونی کا رہائشی ہے جو کہ شادی کی تقریب سےواپس آرہےتھے کہ بلدیہ مواچھ موڑپر موٹر سائیکل سوار نےکریکر پھینکا، واقعے کے بعد منی ٹرک کےڈرائیورکوحراست میں لےلیاہے۔

     اس سے قبل ایس ایس پی فدا حسین جانوری نے واقعے سے متعلق بتایا کہ گاڑی میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا، دھماکے کی جگہ کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا گیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا تھا۔

    دھماکے کے بعد جائے حادثے پر پہنچنے والی ٹیموں کا کہنا تھا کہ منی گاڑی میں گیس سلنڈر موجود نہیں ہے،بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے حادثے پر موجود ہے اور مختلف پہلو سے تحقیقات جاری ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکےسےمتعلق تعین کےبعدحتمی رپورٹ دےگا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نوٹس

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مواچھ گوٹھ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرٹرانسپورٹ سندھ سےتفصیلات طلب کرلیں ہیں، وزیراعلیٰ نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کی بھرپور مدد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہیں۔

    وزیرداخلہ کا واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار

    وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد نے بلدیہ ٹاؤن کراچی دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کےلواحقین کےساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے،وزیرداخلہ نے کریکر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ ، ڈی جی رینجرز سےواقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیرداخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹرک واقعےکی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائے، وفاقی ادارےسندھ حکومت کومکمل تعاون فراہم کریں گے۔

    انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمرخطاب

    دوسری جانب انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمرخطاب نےکریکرحملےکی تصدیق کردی ہے، عمر خطاب نے میڈیا کو بتایا کہ ٹرک میں ہینڈ گرینیڈ پھینکاگیاجو ہوا میں ہی پھٹ گیا، ٹرک پر دائیں جانب سےحملہ کیاگیا، حملہ آورممکنہ طورپرموٹرسائیکل پرسوارتھے۔

  • کراچی میں سرعام لوٹ مار کی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی میں سرعام لوٹ مار کی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ سفاری پارک کے قریب سرعام لوٹ مار کی واردات کی فوٹیج سامنے آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ سفاری پارک کے پل پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے لوٹ مار کی واردات کی، گزرنے والے شہری نے واقعے کی موبائل فوٹیج بنالی۔

    فوٹیج میں ملزمان کو شہری کو زدوکوب کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان لوٹ مار کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    واردات کے دوران زخمی شہری کی شناخت ظفر اقبال کے نام سے ہوئی، زخمی شہری کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں، یومیہ درجنوں افراد اپنے قیمتی سامان اور نقدی سے محروم کردئیے جاتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے منگھو پیر میں بھی ڈاکووں نے دن دہاڑے ماربل فیکٹری کے سامنے ایک تاجر کو لوٹ لیا تھا اور با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔