Author: سلمان لودھی

  • ڈکیتی کی واردات: شہری کی فائرنگ سے ڈاکو مارا گیا

    ڈکیتی کی واردات: شہری کی فائرنگ سے ڈاکو مارا گیا

    کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈکیتی کی واردات کے دوران شہری کی فائرنگ سے ڈاکو مارا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیفنس کے علاقے خیابان سحر میں فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

    شہری بینک سے ساڑھے چار لاکھ روپے لے کر نکلا تھا، موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے کار سوار سے لوٹ مار کی، ملزمان کے فرار ہوتے ہی شہری نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم موقع پر ہی مارا گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں مارے گئے ملزم کو ڈکیتی کی واردت کرتے دیکھا جاسکتا ہے، شہری کے گاڑی میں بیٹھتے ہی ملزمان نے واردات کی تھی۔

    فوٹیج میں ایک ملزم کو موقع سے فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس سے محفوظ رہا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کی تعداد 3 تھی، ہلاک ملزم کی شناخت زاہد کے نام سے ہوئی، واردات میں چھینی گئی رقم 4 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کرلیے گئے ہیں۔

  • پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بٹ کوائنز سے رقم کی منتقلی کا انکشاف

    پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بٹ کوائنز سے رقم کی منتقلی کا انکشاف

    کراچی: پاکستان میں دہشت گردی کے لیے برطانیہ اور یورپ سے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائنز سے رقم کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ اور برطانیہ سے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بٹ کوائنز سے رقم کی منتقلی میں ملوث ملزم نعمان صدیقی کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ منتقل ہونے والی رقم کا کچھ حصہ دہشت گردی کی مالی اعانت میں بھی استعمال ہوا۔

    ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم نعمان صدیقی کا بانی ایم کیو ایم گروپ سے تعلق ہے، سلیم بیلجیئم نے 2018 میں گلستان جوہر میں دھماکے کی منصوبہ بندی کی تھی، اس دھماکے کے لیے رقم نعمان صدیق نے دی تھی۔

    بٹ کوائن: پاکستان کی تاریخ میں منفرد ڈکیتی

    ایف آئی اے نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ ادارے کی وِنگ سی ٹی ڈبلیو کے 2 انسپکٹرز 10 کروڑ ادائیگی کے خلاف ملزم کی رہائی کے لیے ڈیل کر رہے تھے، تاہم دونوں انسپکٹرز کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ انسپکٹرز کے خلاف بھی اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ٹی ٹی پی کو نادرا شناختی کارڈز دلوائے، انکشاف

    افغان ایجنسی این ڈی ایس نے ٹی ٹی پی کو نادرا شناختی کارڈز دلوائے، انکشاف

    کراچی: ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ نادرا کے ڈیٹا بیس میں افغان ایجنسی این ڈی ایس نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو شناختی کارڈز دلوائے۔

    تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون وَن عامر فاروقی نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ نادرا سے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے لیے شناختی کارڈز بنوائے گئے ہیں۔

    عامر فاروقی کا کہنا تھا کہ نادرا سے القاعدہ کے دہشت گردوں کو بھی کارڈز بنوا کر دیے گئے، بھارتی شہری عمران علی کا شناختی کارڈ بنایا گیا، جو صفورا حملے میں ملوث تھا۔

    ڈائر یکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں بھی شناخت تبدیل کی گئی تھی، نادرا سے اللہ نذر اور قوم پرست دہشت گردوں نے بھی شناختی کارڈ بنوائے، عامر فاروقی کے بیان کے مطابق نادرا سے متعدد دہشت گردوں کے شناختی کارڈ بنوائے گئے ہیں۔

    ایف آئی اے ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں نادرا سندھ کے کئی ملازم ملوث ہیں۔

  • کراچی: سوتیلے بیٹے کی فائرنگ سے ماں اور بیٹا جاں بحق

    کراچی: سوتیلے بیٹے کی فائرنگ سے ماں اور بیٹا جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سپر ہائی وے دنبہ گوٹھ میں سوتیلے بیٹے کی فائرنگ سے ماں اور بیٹا جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے فائرنگ کرکے سوتیلی ماں اور بیٹے کو قتل کیا، فائرنگ سے بہن زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم الیاس کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم الیاس نے سوتیلی ماں زبیدہ، بھائی ببلو کو قتل کیا جبکہ فائرنگ سے بہن افشاں زخمی ہوگئی، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

    ادھر کراچی کے علاقے پاک کالونی میں اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار سے وابستہ چار گینگسٹر کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں، ملزمان نارتھ ناظم آباد اور پاک کالونی کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان میں ریاض عرف بطخ، توقیر، تنویر اور وشال شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے چار پستول برآمد کرلیے گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ملزم ریاض عرف بطخ پر دہشت گردی، پولیس مقابلوں ودیگر مقدمات درج ہیں۔

  • کراچی گمشدہ شہری کی لاش مویشی منڈی کی پارکنگ سے برآمد

    کراچی گمشدہ شہری کی لاش مویشی منڈی کی پارکنگ سے برآمد

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ مویشی منڈی کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے گزشتہ روز گمشدہ ہونے والے نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے کی حدود میں قائم ہونے والی گائے منڈی کے پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑی سے لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت اویس حمید کے نام سے ہوئی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گاڑی میں سے خواتین کے پرس اور نشہ آور محلول سمیت دیگر بوتلیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کے مطابق مقتول اویس کو زہر دے کر مارا گیا ہے کیونکہ اُس کے ہاتھ پیر پیلے ہو رہے تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ گاڑی کے شیشے چڑھے ہوئے تھے جبکہ مقتول کے سر سے خون بھی بہہ رہا تھا، جسے دیکھ کر یہ کہا جاسکتا ہے کہ اُس کے سر پر بھی وار کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے لاش کی حالت کو دیکھ کر بتایا کہ مقتول کو صبح قتل کیا گیا ہے کیونکہ لاش اکڑی ہوئی تھی۔

    پولیس کے مطابق اویس حمید کے گمشدگی کی رپورٹ تھانہ بغدادی میں اہل خانہ نے گزشتہ شب درج کروائی اور مؤقف اختیار کیا کہ وہ کل شام کو صدر سے سونا لے کر نکلا تھا۔

  • کراچی کی قدیم جوبلی مارکیٹ کی دکانیں زمین بوس

    کراچی کی قدیم جوبلی مارکیٹ کی دکانیں زمین بوس

    کراچی میں قائم قدیم جوبلی مارکیٹ کی دکانیں زمین بوس ہوگئیں جس کے بعد مارکیٹ کو سیل کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں قائم جوبلی مارکیٹ کے اطراف نالے پر بنیں 8 سے 10 دکانیں زمین بوس ہوگئیں جس کے نتیجے میں متعدد دکانوں اور راستے کو نقصان پہنچا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دکانیں جوبلی مارکیٹ کے اطراف نالے پر بنی ہوئی تھیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نالہ کمزور ہونے سے دکانیں دھنس گئی ہیں، دکانیں نالے کے اطراف بنی ہوئی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ جوبلی مارکیٹ کو سیل کردیا گیا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ٹیکنیکل ٹیم معاوئنہ کررہی ہے، مارکیٹ کا معائنہ کرنے کے بعد اسے کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے گیس بھرجانے کے باعث نالہ بیٹھ گیا ہو، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • کراچی پولیس نے اندھے قتل کا معمہ ڈھائی ماہ میں حل کرلیا

    کراچی پولیس نے اندھے قتل کا معمہ ڈھائی ماہ میں حل کرلیا

    کراچی: شہر قائد میں پولیس نے اندھے قتل کا معمہ ڈھائی ماہ میں حل کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 11 اپریل کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد سے رکشے میں ملنے والی لاش ڈاکو کی نکلی، واردات کے بعد رقم کی تقسیم کے تنازع پر ڈاکوؤں نے ساتھی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان شاہ زیب، فاروق اور حبیب کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق دوران تفتیش گینگ کے کارندے نے اپنے ہی ساتھی کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ضلع سینٹرل میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    ادھر ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے سولجر بازار سے ٹارگٹ کلر چچا بھتیجا کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے بھتہ خوری کیس کے گواہ کو مارنے کے لیے فائرنگ کی تھی، ملزمان کی فائرنگ سے کیس کا گواہ زخمی ہوگیا تھا۔

    پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ زخمی گواہ کو والد اور بھائی کے خلاف گواہی دینے پر نشانہ بنایا، واردات کے بعد ملزمان فیصل آباد فرار ہوگئے تھے کراچی آتے ہی گرفتار کرلیا گیا۔

  • کراچی پرتشدد واقعات، ٹک ٹاک بنانے پر بیوی اور ساس قتل، بھائیوں نے بہن کو مار دیا

    کراچی پرتشدد واقعات، ٹک ٹاک بنانے پر بیوی اور ساس قتل، بھائیوں نے بہن کو مار دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں شوہر نے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر بیوی اور ساس کو جبکہ شاہ لطیف ٹاؤن میں بھائی نے فائرنگ کر کے بہن کو قتل کر ڈالا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں اسحاق نامی ملزم نے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر بیوی اور ساس کو قتل کیا اور فرار ہوگیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم کا ٹک ٹاک کے معاملے میں اکثر بیوی سے جھگڑا رہتا تھا، مقتولہ رمشا کی ٹک ٹاک پر صبا خان کے نام سے آئی ڈی تھی۔

    پولیس کے مطابق نشے کے عادی شوہر نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے اور دوسرے لڑکوں سے دوستی کے معاملے پر اپنی ساس سے بات کی اور جب انہوں نے بھی بیٹی کو نہ روکا تو اُس نے دونوں کو قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم کی تصویر حاصل کر کے گرفتاری کی کوششیں شروع کردیں۔

    دوسری جانب شاہ لطیف ٹاؤن میں بھائی نے اپنی بہن کو فائرنگ کر کے قتل کردیا، مقتولہ کی شناخت زینب کے نام سے ہوئی۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتولہ کے بھانجے کی شادی کی تقریب جاری تھی، اس دوران دو بھائیوں نے مل کر زینب کو فائرنگ کر کے قتل کیا، جس میں سے ایک گرفتار ہوگیا جبکہ دوسرا مفرور ہے۔

  • کراچی سے ملنے والی بوری بند لاش کا معمہ حل، ملزم گرفتار

    کراچی سے ملنے والی بوری بند لاش کا معمہ حل، ملزم گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاؤن سے گزشتہ روز ملنے والی بوری بند لاش کا معمہ حل ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن کی ندی سے ایک روز قبل بوری بند لاش ملی، جسے پولیس نے تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق لاش کو  کرین کی مدد سے کھدائی کر کے نکالا گیا تھا۔  پولیس حکام کے مطابق مقتول کی شناخت دین محمد کے نام سے ہوئی، جس کا آبائی تعلق بلوچستان کے علاقے جعفرآباد سے تھا۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی۔ اہل خانہ کی جانب سے ریکارڈ کرائے گئے بیان کی روشنی میں یہ بات سامنے آئی کہ مقتول کو خاندانی دشمنی کی بنیاد پر قتل کیا گیا۔

    اہل خانہ کی شکایت پر حکام نے بلوچستان پولیس سے رابطہ کیا، جس پر ملزم کو جعفرآباد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے دورانِ تفتیش نوجوان کو قتل کرنے کا انکشاف کیا، اور اُسی کی نشاندہی پر لاش برآمد کی گئی تھی۔ ملزم نے بتایا کہ محمد دین کو قتل کرنے کے لیے اُس کی لاش بوری میں بند کر کے ندی میں پھینک دی تھی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم مقتول کا رشتے دار ہے، جس نے غیرت کے نام پر محمد دین کو قتل کیا۔

  • بیٹا پیدا نہ ہونے کا خاندانی دباؤ، خاتون نے بچہ اغوا کر لیا

    بیٹا پیدا نہ ہونے کا خاندانی دباؤ، خاتون نے بچہ اغوا کر لیا

    بیٹا نہ پیدا کرنے کے خاندانی دباؤ پر 3 بیٹیوں کی ماں نے بچہ اغوا کر لیا۔

    گزشتہ روز کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے نجی اسپتال سے اغوا ہونے والے نومولود کے واقعےکی ‏تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ‏

    دوران تفتیش خاتون نے انکشاف کیا ہے کہ لڑکےکی پیدائش نہ ہونے پر اسپتال سے بچہ اغوا کیا ‏ہے۔

    کراچی میں خاتون نے اسپتال سے نومولود اغوا کر لیا

    ایس پی بلدیہ فیضان علی کے مطابق گرفتار خاتون سمیہ کی 3بیٹیاں ہیں خاتون حاملہ ہے اور ‏چوتھی بھی بیٹی کی پیدائش ہونے والی ہے گرفتارخاتون اسی اسپتال میں اپناچیک اپ کرانےآتی ‏تھی۔

    ایس پی کا کہنا ہے کہ خاتون پر لڑکےکی پیدائش نہ ہونے پر فیملی کا دباؤ تھا خاتون بیٹی کی ‏پیدائش پر لڑکےکا بھی سرٹیفیکٹ بنوانا چاہتی تھی۔

    پولیس نےگزشتہ رات خاتون کو گرفتار کر کے بچےکو برآمد کیا تھا۔ خاتون نےنجی اسپتال سے بچہ ‏گزشتہ روز اغوا کیا تھا۔ گرفتار خاتون کے شوہر کو بچےکے اغوا کا علم نہیں تھا۔