Author: سلمان لودھی

  • کراچی میں خاتون نے اسپتال سے نومولود اغوا کر لیا

    کراچی میں خاتون نے اسپتال سے نومولود اغوا کر لیا

    کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے نجی اسپتال سے نومولود بچے کو اغوا کر لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق بچےکے اغوا کی واردات سوا 3 بجے کے قریب ہوئی اور واقعے میں خاتون ملوث ‏ہے۔

    بچے کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماسک پہنی خاتون نے بچے کو ‏اغوا کیا اور پھر رکشے میں بیٹھ کر فرار ہو گئی۔

    واردات کرنے والی خاتون اکیلی آئی تھی اور اکیلے ہی بچے کو اغوا کر کے فرار ہوئی۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ رکشہ ڈرائیور اغوا میں ملوث ہے یا نہیں ابھی واضح نہیں ہو سکا تاہم ‏دیگرسی سی ٹی وی کیمروں کی مددسےخاتون کی شناخت کی جارہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں 2 خواتین پرشک ہے بچےکی پیدائش صبح 6 بجے ہوئی تھی۔

  • بحریہ ٹاؤن میں ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ، 11 ملزمان گرفتار

    بحریہ ٹاؤن میں ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ، 11 ملزمان گرفتار

    کراچی: بحریہ ٹاؤن میں ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاؤن میں ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں 6 ملزمان کو پہلے پولیس کے حوالے کیا گیا، مزید 5 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان منصوبہ بندی کے تحت بحریہ ٹاؤن میں داخل ہوئے تھے، ملزمان کے پاس پائپ، ڈنڈے، آگ لگانے کا مواد موجود تھا۔

    رینجزز حکام کے مطابق ملزمان نے اے ٹی ایم سمیت تمام اشیا کو نقصان پہنچایا، ریسٹورنٹ اور شو روم کو لوٹنے کے بعد آگ لگائی گئی۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ہنگامہ آرائی کرتے دیکھا گیا تھا۔

    رینجرز حکام کے مطابق ایس ایس پی ملیر، رینجرز نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بحریہ ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی تھی اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔

  • کراچی میں‌ پولیس فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی، 4 اہلکار گرفتار

    کراچی میں‌ پولیس فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی، 4 اہلکار گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے عباس ٹاؤن میں پولیس فائرنگ سے دو شہری زخمی ہوئے، جس کے بعد چار اہلکاروں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عباس ٹاؤن میں ناکے پر کھڑی پولیس موبائل کے اہلکاروں فائرنگ سے 2 موٹرسائیکل سوار شہری زخمی ہوئے۔

    پولیس حکام کے مطابق  ابتدائی طورپرڈاکوؤں سے مقابلے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد ڈویژنل افسر نے موقع کا دورہ کیا تو واقعے کا معمہ کھل کر سامنے آیا کیونکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ یا چھینی گئی اشیا برآمد نہیں کی گئیں تھیں۔

    پولیس حکام نے مطابق ڈویژنل افسر نے مشکوک مقابلے سے متعلق اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا اور ایس پی گلشن کو تحقیقات کی ذمہ داری سونپ دی۔ انکوائری ہونے پر پولیس مقابلےکے مقدمےکا اندارج روک دیا گیا، اہلکاروں نے تفتیشی افسر کو بتایا کہ موٹرسائیکل سواروں کے نہ رکنے پر فائرنگ کی کیونکہ کہ گماں ہوا کہ شاید یہ ڈاکو ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق انکوائری میں پولیس اہلکار غفلت کے مرتکب پائےگئے، جس کے بعد ملوث اہلکاروں اصغر علی، عبدالقادر، صابر اور ڈرائیور بہادر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • کراچی میں شارٹ ٹرم اغوا کا واقعہ، تفصیل سامنے آ گئی

    کراچی میں شارٹ ٹرم اغوا کا واقعہ، تفصیل سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں چند دن قبل کورنگی کراسنگ کے علاقے میں تاجر کے بیٹے کے مختصر مدت کے اغوا کا واقعہ پیش آیا تھا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو حاصل ہوئی ہے، جس سے واقعے کی تفصیل سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد 11 جون کو کورنگی کراسنگ پر واقع ٹاور میں سونے کے تاجر کی جیولری شاپ میں داخل ہوئے، اور ان کے بیٹے کو دکان سے اغوا کر کے لے گئے، واردات کے وقت جیولری شاپ پر تاجر کا بیٹا ہی موجود تھا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مسلح افراد نے دکان میں داخل ہوتے وقت خود کو اسپیشل برانچ کے اہل کار ظاہر کیا، ملزمان نے دکان میں داخل ہوتے ہی تاجر کے بیٹے کے ہاتھ سے سونا لے کر جیب میں رکھ لیا۔

    ملزمان نے تاجر کے بیٹے کو اپنے ساتھ لیا اور باہر لے گئے، تاجر کے بیٹے کو باہر لے جانے سے قبل ملزمان نے بچے سے بھی دکان بند کرائی، اس کے بعد انھوں نے بچے کو مارکیٹ کے باہر کھڑی سفید رنگ کی کار میں بٹھا دیا۔

    تاجر کے بیٹے کو لے جاتے وقت ملزمان کے پاس پہلے ہی سے ایک بچہ اور تھا، ملزمان بچے کو کار میں ڈال کر ساتھ لے گئے، اور پھر ملزمان کی جانب سے اغوا کیے گئے بچے کی فیملی سے رابطہ کیا گیا۔

    اس واقعے میں ملزمان نے بچے کی بحفاظت رہائی کے لیے 10 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، اور رقم کی ادائیگی میں تاخیر پر ملزمان نے بچے کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا، تشدد کے وقت بچے کی جیب سے 140 گرام سونا برآمد ہوا تو ملزمان نے اسے قبضے میں لے لیا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان نے 3 گھنٹے تک بچے کو تحویل میں رکھا تھا، اور پھر سنسان ایریا میں چھوڑ کر بھاگ گئے، پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

  • کراچی: یولیس یونیفارم میں‌ ڈکیتیاں کرنے والا تین رکنی گروہ گرفتار، خاتون بھی شامل

    کراچی: یولیس یونیفارم میں‌ ڈکیتیاں کرنے والا تین رکنی گروہ گرفتار، خاتون بھی شامل

    کراچی: سندھ پولیس نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے تین رکنی گروہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ پولیس نے ملیر میں کارروائی کر کے پولیس یونیفارم میں وارداتیں کرنے والے تین رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ پولیس پارٹی نے ملیر کے زکریا گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران تین رکنی گروہ کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے جدید اسلحہ، نقد رقم، پولیس کی وردیاں، موبائل فونز اور منشیاب برآمد کی گئی ہے۔

    عرفان بہادر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان آئس سمیت مختلف اقسام کے نشےکےعادی ہیں، جنہوں نے تفتیش کے دوران یولیس یونیفارم استعمال کر کے ڈکیتیاں کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

    مزید پڑھیں: سندھ پولیس کے نام پر بھتہ خوری کرنے والے ملزمان گرفتار

    پولیس نے دوسری کارروائی سولجر بازار میں کی جہاں سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ڈکیت کو گرفتار کیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم کو ایک موٹرسائیکل چوری کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم عادی مجرم ہے، جس کے خلاف ماضی میں بھی مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہوئے، ملزم چوری شدہ موٹرسائیکل جرائم کی وارداتوں میں استعمال کرتا تھا۔

  • کراچی: 250 سے زائد اسٹریٹ کرائم وارداتیں کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: 250 سے زائد اسٹریٹ کرائم وارداتیں کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: سندھ رینجرز نے شہر قائد کے علاقے بن قاسم ٹاؤن سے اسٹریٹ کرائم کی 250 وارداتیں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاؤن میں سندھ پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت صالح کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سئایکل اور چھینے ہوئے موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق  ملزم نے تفتیش کے دوران بن قاسم ٹاؤن، گھگر پھاٹک اور دیگر علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف کیا اور بتایا کہ وہ 250 سے زائد وارداتیں کرچکا ہے۔ رینجرز حکام کے مطابق ملزم 250 سے زائد وارداتوں میں 70لاکھ روپے، 12سو سے زائد موبائل فونز چھین چکا ہے۔

    رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ملزم نے بھینس کالونی میں واقع دودھ کی دکان میں تیس لاکھ روپے کی ڈکیتی ماری تھی‘۔ دورانِ تفتیش صالح نے اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی بتائے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز چھاپے مار رہی ہے۔

  • کراچی، بیوی نے شوہر کو قتل کردیا

    کراچی، بیوی نے شوہر کو قتل کردیا

    کراچی کے علاقے کورنگی میں بیوی نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو ذبح کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کے علاقے محمد علی کالونی 51 بی کی رہائشی خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر محمد شاہد کو چھری کے وار سے قتل کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق خاتون نے شوہر کو قتل کرنے کے بعد لاش پلنگ کے نیچے چھپا دی تھی جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی چھری بھی صاف کر کے رکھ دی تھی۔

    پولیس نے لاش کو تحویل میں لینے کے بعد اسے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں میڈیکل رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ مقتول کو ذبح کیا گیا ہے۔

    پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لے لیا ، جس نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا اور اپنے آشنا کے حوالے سے بھی بتایا۔

    ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ سونی نامی شخص سے اُس کے تعلقات تھے، دونوں نے مل کر جاوید کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور پھر اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

    پولیس حکام کے مطابق سونی منیشات کا عادی ہے، جس کے خاتون کے ساتھ تعلقات تھے، قتل میں ملوث ملزم تاحال مفرور ہے، جس کی تلاش کے لیے  چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • کراچی: سچل میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا ڈاکو مارا گیا

    کراچی: سچل میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا ڈاکو مارا گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سچل مدینہ کالونی میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سچل مدینہ کالونی میں تین گھنٹے قبل پولیس اہلکار کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزمان موقع سے فرار ہوکر جھاڑیوں میں چھپ گئے تھے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک افغانی ڈاکو مارا گیا جبکہ دو فرار ہوگئے۔

    ایس ایس پی ساجد سدوزئی کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم سے شہید کانسٹیبل پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کو شہید کانسٹیبل کے ساتھی اہلکار اور عوام نے شناخت کیا، ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہے، برآمد اسلحے کا بھی فرانزک کرایا جائے گا۔

    یہ پڑھیں: کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔

    واضح رہے کہ کچھ دیر قبل سپرہائی وے پر جمالی پل کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شبیر احمد شہید ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ جمالی پل کے اطراف لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں چند روز قبل بھی ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران شہری کو گولی مار دی تھی۔

  • کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

    کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

    کراچی: شہر قائد کے علاقے جمالی پل کے قریب ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو شہید کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے جمالی پل کا علاقہ وارداتوں کا مرکز بن گیا، لوٹ مار کرنے والے ڈاکوؤں نے پولیس اہلکار کی جان لے لی، شہید اہلکار کی شناخت شبیر احمد کے نام سے ہوئی۔

    ایس ایس پی کے مطابق شہید اہلکار ساتھی کے ہمراہ 15 پر ڈکیتی کی اطلاع کے بعد پہنچے تھے۔

    ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ سپرہائی وے پر جمالی پل کے قریب ڈاکو لوٹ مار کررہے تھے پولیس کے پہنچنے پر فائرنگ کردی، پولیس اہلکار شبیر احمد کو سینے پر گولی لگی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    واضح رہے کہ جمالی پل کے اطراف لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں چند روز قبل بھی ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران شہری کو گولی مار دی تھی۔

    مزید پڑھیں: نجی یونیورسٹی کے پروفیسر کا قتل : پولیس نے24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں قاتل کو پکڑلیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے نیو ٹاؤن کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نجی یونیورسٹی کے پروفیسر ظاہر علی سید جاں بحق ہوگئے تھے، ڈاکوؤں نے ظاہر علی سید سے گاڑی چھیننے کی کوشش کی تھی۔

    ایسٹ زون پولیس نے آج کارروائی کرتے ہوئے پروفیسر ظاہر علی سید کے قاتل سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    ملزمان نے دوران تفتیش 22 وارداتوں کاانکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سہولت کار زاکر ہر واردات کا50فیصد لیتا تھا، ملزم رستم پٹھان نے فائرکیا اور ابراہیم بنگالی موٹرسائیکل چلارہا تھا، گاڑی نہ روکنے پرفائرنگ کی تھی۔

  • کراچی: ناظم آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں شہری جاں بحق

    کراچی: ناظم آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں شہری جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں عثمان نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ ایک اور شہری کی جان لے گیا، پولیس اہلکاروں کا دعویٰ ہے کہ چپس فروش کو منشیات فروشوں کی گولی لگی، واقعے کے خلاف مشتعل شہری سراپا احتجاج بن گئے۔

    پولیس کے مطابق ناظم آباد میں فائرنگ کا واقعہ کابلی بازار میں پیش آیا، 4 اہلکار انٹیلی جنس اطلاعات پر علاقے میں گئے تھے، منشیات فروشوں نے پولیس اہلکاروں کی تعداد کم دیکھ کر حملہ کیا، ایک اہلکار کے پاس پستول تھا اس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی، دو طرفہ فائرنگ کی زد میں آکر چپس فروش ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں نے ایک اہلکار کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس اہلکار بمشکل جان بچا کر علاقے سے نکلے۔

    پولیس کے مطابق منشیات فروش اور ان کے حامی افراد الزام پولیس پر ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کررہے ہیں۔

    مقتول کے بھتیجے کا کہنا ہے کہ پولیس مقابلے کے دوران میرے چچا کو گولی لگی، منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن میں پولیس نے فائرنگ کی۔

    اہلخانہ کا کہنا ہے کہ مقتول عثمان کے پانچ بچے ہیں، لاش عباسی اسپتال لے کر پہنچے تو ایم ایل او ہی موجود نہیں تھا۔

    مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ صرف پولیس نے فائرنگ کی اور کسی نے نہیں کی، ہم پولیس اور منشیات فروشوں پر مقدمہ درج کرانا چاہتے ہیں۔