Author: سلمان لودھی

  • اربوں روپے کا فراڈ کر کے کمپنی کے دفاتر راتوں رات بند، مرکزی ملزمان فرار، 2 گرفتار

    اربوں روپے کا فراڈ کر کے کمپنی کے دفاتر راتوں رات بند، مرکزی ملزمان فرار، 2 گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں اربوں روپے فراڈ کے اسکینڈل میں معلوم ہوا ہے کہ پیسے لوٹ کر کمپنی کے دفاتر راتوں رات بند کر دیے گئے تھے اور ملزمان فرار ہو گئے، اب تک سو سے زائد مقدمات درج ہو چکے ہیں، پولیس نے آج دو کارندے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں منافع ڈبل کرنے کا لالچ دے کر شہریوں کو اربوں روپے کا چونا لگا دیا گیا، اسکینڈل میں 380 متاثرین سامنے آگئے، فراڈی کمپنی کے مالکان پیسہ لوٹ کر فرار ہو گئے اور پولیس سوتی رہی، گزشتہ 6 ماہ کے دوران نجی انویسٹمنٹ کمپنی کے خلاف اب تک 110 سے زائد مقدمات درج ہو چکے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ فروری، مارچ، اپریل اور مئی میں کمپنی کے خلاف مقدمات درج ہوتے رہے، مذکورہ فراڈ کمپنی نے حیدر آباد، میرپور خاص اور نوابشاہ میں بھی شہریوں سے رقوم بٹوری تھیں، انویسٹمنٹ کمپنی نے مبینہ طور پر 15 ارب لوٹے، کمپنی جس علاقے میں دفتر کھولتی، پولیس افسر کو ساتھ ملا لیتی۔

    اس کیس میں متاثرہ شہریوں نے انکشاف کیا ہے کہ ایف آئی اے اور نیب کو درخواست دی گئی تھی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، چکر لگاتے رہے لیکن پولیس بھی مقدمہ درج ہی نہیں کرتی تھی۔

    شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کی ملی بھگت سے یہ جعل سازی کی گئی ہے، کمپنی کے خلاف تھانے جاتے تھے تو پولیس بھگا دیتی تھی۔

    متاثرہ شہریوں نے بتایا کہ یہ کمپنی 21 ناموں سے رجسٹرڈ رہی ہے، ہمارے ساتھ اب تک 380 متاثرین سامنے آ چکے ہیں، جب کہ لوٹی گئی رقم کی مالیت 15 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

    دوسری طرف پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آج لانڈھی سے مذکورہ کمپنی کے 2 کارندوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ کیس سے جڑے مرکزی ملزمان تاحال فرار ہیں۔

  • ڈاکوؤں کو دیکھ کر سیکیورٹی گارڈ جھاڑیوں میں چھپ گیا، شہری قیمتی اشیا سے محروم

    ڈاکوؤں کو دیکھ کر سیکیورٹی گارڈ جھاڑیوں میں چھپ گیا، شہری قیمتی اشیا سے محروم

    کراچی میں غیر تربیت یافتہ گارڈ کی تعیناتی شہری کو قیمتی سامان سے محروم کرگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سچل میں ڈاکو شہری سے لوٹ مار کرنے آئے تو قریب کھڑا سیکیورٹی گارڈ جھاڑیوں میں جاکر چھپ گیا جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ سچل کے علاقے میں قائم سوسائٹی میں پیش آیا، موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے شہری کو روکا اور لوٹ مار کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلی کے کونے پر موجود گارڈ سب دیکھتا رہا لیکن کارروائی نہ کی، ملزمان کے جانے کے بعد متاثرہ شہری سیکیورٹی گارڈ کے قریب آیا، ملزمان واپسی پر اسلحہ لہراتے ہوئے آئے تو گارڈ جھاڑیوں کے پیچھے چھپ گیا۔

    ادھر کراچی کے علاقے گلشن معمار میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینک سے نکلنے والوں کا تعاقب کرنے والے دو رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق گروپ مزاحمت کرنے والے شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی کرتا تھا، گروپ نے لیاقت آباد، عائشہ منزل، ملیر میں واردات کیں۔

    No description available.

    پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کا ساتھی بینک کے اندر رہ کر زیادہ پیسے نکلوانے والوں کی اطلاع دیتا تھا، گروہ کے کئی ساتھی پہلے ہی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں۔

  • کراچی کی رہائشی عمارت میں‌ سیلنڈر دھماکا، بچے سمیت 2 جاں‌ بحق

    کراچی کی رہائشی عمارت میں‌ سیلنڈر دھماکا، بچے سمیت 2 جاں‌ بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں سلنڈر دھماکا ہوا جس میں بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لیاقت آباد نمبر 9 میں واقع رہائشی عمارت میں گیس سلینڈر پر کھانا پکانے کے دوران زور دار دھماکا ہوا۔

    دھماکے کے نتیجے میں بالکونی کا کچھ حصہ گلی میں گرا، جس کے باعث چار افراد زخمی ہوئے جبکہ گھر میں موجود بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے۔

    دھماکے کے نتیجے میں پینتالیس گز پر قائم پانچ منزلہ عمارت کو نقصان پہنچا، جبکہ ملبہ گرنے سے گلی میں‌ بیٹھے شہری اور اطراف کی عمارتیں‌ متاثر ہوئیں۔ واقعے میں جاں‌ بحق ہونے والوں‌ کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    پولیس نے جائے وقوعہ پہنچنے کے بعد اطراف کے رہائشیوں کو محفوظ مقام کی طرف منتقل کیا جبکہ فلاحی اداروں کے رضاکاروں کی مدد سے زخمیوں اور ہلاک شدگان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق سلینڈر پر کھانا پکانے کے دوران واقعہ پیش آیا، جس میں خاتون شدید زخمی ہوئی ہیں۔

  • کراچی کے نوجوانوں کی مجرمانہ غفلت، ایس او پیز کو مذاق سمجھ لیا

    کراچی کے نوجوانوں کی مجرمانہ غفلت، ایس او پیز کو مذاق سمجھ لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں نوجوانوں نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رقص کی محفل کا انعقاد کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا کے میدان میں مقامی نوجوانوں نے رقص کی محفل کا انعقاد کیا، جس میں 500 سے زائد شہریوں نے شرکت کی۔

    حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے نوجوانوں نے ڈانس کی تقریب کا انعقاد کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے کھلے مقام پر تقریب کی اجازت دی ہوئی ہے۔

    سائٹ تھانے کی پولیس کو محفل کے بارے میں اطلاع ملی تو افسران اہلکاروں کے ہمراہ  مذکورہ میدان پہنچے، جنہیں‌ دیکھ کر شرکا فرار ہوگئے۔

    پولیس نے منتظمین اور ڈانس پارٹی کے لئے بلائے گئے افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا جبکہ وہاں موجود سامان کو بھی قبضے میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے افراد کے خلاف ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر آئندہ دو ہفتوں کے لیے سخت پابندیاں عائد کیں ہیں، جس کے تحت اب رات 8 کے بجائے شام 6 بجے تمام کاروباری و تجارتی مراکز بند کردیے جائیں گے۔

  • کراچی سے پانچ رکنی خطرناک گروہ گرفتار، خاتون بھی شامل

    کراچی سے پانچ رکنی خطرناک گروہ گرفتار، خاتون بھی شامل

    کراچی: سندھ پولیس نے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذریعے منشیات فروخت کرنے والے پانچ رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا، گینگ میں خاتون بھی شامل ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق  شہر قائد میں واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذریعے خطرناک منشیات فروخت کرنے والے گروہ کو پولیس نے بے نقاب کردیا۔

    ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین نے بتایا کہ گینگ پولیس سے بچنے کے لیے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر منشیات فروخت کرتا تھا، پولیس نے  ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے بعد آج ہفتے کے روز کارروائی کی۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں کارروائی کرکے پانچ رکنی منشیات فروش گروہ کو گرفتار کیا، گینگ میں خاتون بھی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی:‌ ای میل کے ذریعے دس کروڑ روپےمانگنے والا مطلوب بھتہ خور گرفتار

    ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضے سے بیس کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے، گروہ کیماڑی، ڈیفنس اور کلفٹن میں منشیات فروشی کا کام کرتا تھا۔

    پولیس کے مطابق گروہ میں نرگس نامی خاتون بھی شامل ہے، جو پوش علاقوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کو گھر کی دہلیز پر منشیات فراہم کرتی تھی۔ مذکورہ گروہ کے کارندے سوشل میڈیا پر آرڈر لےکر مال گھر پر پہنچانے کی سہولت دیتے تھے، ایک پیکٹ کے عوض دس ہزار روپے وصول کیے جاتے تھے۔

  • کراچی: بچے کو کھیلنے سے منع کرنے پر بااثر شخص کا سیکیورٹی گارڈ پر تشدد

    کراچی: بچے کو کھیلنے سے منع کرنے پر بااثر شخص کا سیکیورٹی گارڈ پر تشدد

    کراچی کے علاقے گلشن معمار میں بیٹے کو کھیلنے سے منع کرنے پر بااثر شخص نے سیکیورٹی گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار میں بااثر شخص نے معمولی بات پر سیکیورٹی گارڈ کو پستول کے بٹ مار کر زخمی کردیا، سیکیورٹی گارڈ کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔

    بااثر شخص کی سیکیورٹی گارڈ پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی، ویڈیو میں بااثر شخص کو گارڈ پر تشدد کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

    متاثرہ سیکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ بچوں کو سڑک پر کھیلنے سے منع کیا تھا تو مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    متاثرہ سیکیورٹی کے مطابق بااثر شخص کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس تعاون نہیں کررہی، بااثر شخص کے خلاف کارروائی کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔

    security guard torture armed man karachi influential person

    واضح رہے کہ مارچ کے اوائل میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں بااثر شخص کے بیٹے نے مسلح محافظوں کے ساتھ مل کر ایک ہوٹل مالک کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

    بعدازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا، بااثر شخص کے بیٹے نے ہوٹل مالک کو دھمکیاں دی تھیں اور کافی شاپ پر خاتون کو بھی ہراساں کیا تھا۔

  • کراچی میں بارش اور آندھی، بچے سمیت 4 افراد جاں بحق

    کراچی میں بارش اور آندھی، بچے سمیت 4 افراد جاں بحق

    کراچی میں بارش اور آندھی کے باعث حادثات میں بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور آندھی کے باعث حادثات میں بچے سمیت 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق کلفٹن تین تلوار پر رہائشی پلازہ کی تیسری منزل سے گر کر بچہ جاں بحق ہوگیا، 8 سالہ بچے کی شناخت شان کے نام سے ہوئی، بلدیہ گلشن غازی میں گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    ادھر اورنگی ٹاؤن 13 نمبر پر چھت گرنے سے دو خواتین زخمی ہوگئیں، گلشن اقبال کے بڑے شاپنگ مال کا سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا، گلشن معمار میں آندھی کے باعث درخت گر گئے۔

    بارش کے بعد ٹریفک جام

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد ٹریفک جام ہوگیا، میٹروپول اور ارد گرد کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

    مختلف علاقوں میں تاریں ٹوٹ گئیں

    آندھی کے باعث کے الیکٹرک کی مختلف علاقوں میں تاریں ٹوٹ گئیں، اورنگی ٹاؤن میں پی ایم ٹی پول سمیت ٹوٹ کر گر گیا، سڑک پر بجلی کی تاریں اور پی ایم ٹی گرنے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ شکایت درج کرانے کے باوجود عملہ تاحال نہ پہنچ سکا جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی درجنوں بجلی کی تاریں ٹوٹنے کی شکایات موصول ہوئیں۔

    بارش کے بعد کراچی کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم

    کراچی کے بارش کے بعد شہر کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا اور کے الیکٹرک کے 925 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، نیو کراچی، ایف بی ایریا میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    گلشن اقبال، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن، اورنگی، کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل، ایئرپورٹ، گڈاپ، اولڈ سٹی ایریا، سائٹ ایریا میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    تیز ہوا کے جھکڑ سائیکلون نہیں، محکمہ موسمیات

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں تیز ہوا کے جھکڑ چل رہے ہیں یہ سائیکلون نہیں ہے، سمندری سائیکلون پاکستانی حدود سے گزر چکا ہے، کراچی میں گرد آلود ہوائیں کچھ دیر کے لیے ہیں۔

  • کراچی: گرومندر کے قریب کباب ہاؤس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

    کراچی: گرومندر کے قریب کباب ہاؤس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گرومندر کے قریب کباب ہاؤس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گرومندر کے قریب ایک ہی کباب ہاؤس کی دو برانچ میں آگ لگ گئی، آگ نے ریسٹورنٹ کے اوپر واقع رہائشی فلیٹ کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ رہائشی عمارت سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی گاڑی آدھے گھنٹے بعد آگ بجھانے کے لیے پہنچی۔

    بعدازاں فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہیں، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی: گاڑی میں آگ لگ گئی، 6 افراد جھلس کر جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں کراچی کے دو مختلف علاقوں میں گاڑی میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ دو منٹ چورنگی کے قریب گاڑی میں لگنے والی آگ نے 6افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

    ریسکیوذرائع کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور 4بچے بھی شامل تھے۔

     گلستان جوہر بلاک 18میں چلتی گاڑی میں آگ لگ گئی تھی، آتشزدگی کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑی بھی لپیٹ میں آگئی تھیں۔

  • کراچی: لیاری میں دکاندار آپے سے باہر، رینجرز اہلکاروں پر تشدد

    کراچی: لیاری میں دکاندار آپے سے باہر، رینجرز اہلکاروں پر تشدد

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں دکاندار آپے سے باہر ہوگئے، دکانداروں نے کورونا ایس او پیز پر عمل کرانے کے لیے آنے والے رینجرز اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کورونا ایس او پیز پر عمل کرانے کے لیے آنے والے رینجرز اہلکاروں کو دکانداروں نے تشدد کا نشانہ بنادیا، پولیس کا کہنا ہے کہ رینجرز اور پولیس ایس او پیز پر عمل کرانے لیاری کے علاقے بہار کالونی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق 2 دکانداروں نے رینجرز اہلکاروں پر تشدد کیا، ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں ملزمان بھائی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے غریب آباد میں پولیس کی جانب دکانیں بند کرانے کے دوران تشدد کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا تھا۔

    احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کیا تھا کہ لیاقت آباد تھانے کے پولیس اہلکاروں نے گھروں کے دروازوں پر لاتیں ماریں، مشتعل مظاہرین نے غریب آباد کی مین شاہراہ پر پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا تھا اور سڑک پررکاوٹیں رکھ کر دونوں اطراف کی سڑک بلاک کر دی تھی۔

    احتجاج کے باعث سوک سینٹر سے غریب آباد اور ناظم آباد سے غریب آباد تک بدترین ٹریفک جام ہوگیا تھا۔ْ

  • کراچی میں بچی سے مبینہ زیادتی، مشتعل مظاہرین کا ملزم کے گھر پر دھاوا

    کراچی میں بچی سے مبینہ زیادتی، مشتعل مظاہرین کا ملزم کے گھر پر دھاوا

    کراچی: شہر قائد میں انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں وحشی درندے نے بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بناڈالا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں پیش آیا،جہاں ایک شخص نے بچی سے مبینہ زیادتی کی، بچی سے زیادتی کی خبر علاقے میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، اور ملزم کی شناخت ہونے پر اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور عوام کی بڑی تعداد نے ملزم کے گھر پر دھاوا بولا اور مبینہ ملزم کےگھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی، متشعل افراد کی جانب سے ملزم کے گھر پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے حادثے پر پہنچی اور عوام کو منتشر کرنے کی کوشش کی، تاہم ناکامی پر پولیس کی مزید نفری کو طلب کرلیا گیا ہے، بچی سے زیادتی کے واقعے پر علاقے میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، متشعل مظاہرین کا موقف ہے کہ ملزم کو ہمارے حوالے کیا جائے، مبینہ زیادتی کا شکار بچی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں طبی معائنے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    عوام کے شدید اشتعال کے پیش نظر پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کی اور سرچ آپریشن کے دوران بچی سے مبینہ زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ایس ایس پی ایسٹ نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔