Author: سلمان لودھی

  • کراچی میں گینگ وار کے منظم ہونے کا خدشہ، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں اضافہ

    کراچی میں گینگ وار کے منظم ہونے کا خدشہ، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں اضافہ

    کراچی: شہر قائد میں ایک بار پھر فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تیزی آگئی ہے ، پولیس نے گینگ وار کے دوبارہ منظم ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے پرانا گولیمار گٹر باغیچہ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوا۔

    پولیس نے رضا کاروں کی مدد سے فائرنگ سے متاثر ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کردیا۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

    پولیس حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ واقعے میں لیاری گینگ وار کے کارندے ملوث ہوسکتے ہیں کیونکہ مذکورہ علاقے میں گینگ وار کا گروپ منظم انداز سے کام کررہا ہے اور ماضی میں یہاں پر منشیات فروشوں کے مسلح جھگڑا بھی ہوچکا ہے۔

    قبل ازیں کورنگی کے سیکٹر فائیو میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا تھا، پولیس اہلکار کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اب اُس کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔

    آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے کورنگی سیکٹر5 میں فائرنگ سے پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کورنگی سے تمام تر ضروری پولیس کاروائی اور اقدامات پر مشتمل رپورت فی الفور طلب کرلی ہے۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ زخمی اہلکار کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے متاثرہ اہلکار کے اہل خانہ سے مستقل رابطے کویقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری کے لیئے دیگر سیکیورٹی اداروں سے رابطہ کیا جائے۔

  • کراچی میں بھتہ خوری کے الزام میں 4 پولیس اہلکار گرفتار

    کراچی میں بھتہ خوری کے الزام میں 4 پولیس اہلکار گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں بھتہ خوری کے الزام میں 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے الآصف اسکوائر کے قریب بھتہ خوری کے الزام میں سچل تھانے کے 4 اہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق جرائم کی سرپرستی کرنے کے الزام میں ایس ایچ او صفدر عباسی کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مقدمے میں تین کانسٹیبل سمیت ہیڈ کانسٹیبل کے نام شامل ہیں، چاروں اہلکار غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

    پولیس کےمطابق ملوث اہلکار گٹکا مافیا اور منشیات فروشوں سے بھتہ وصول کرتے تھے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کرنےوالا کراچی پولیس کااےایس آئی گرفتار

    واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایس آئی یو پولیس اور حساس ادارے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے کام کرنے والے کراچی پولیس کے اے ایس آئی کو گرفتار کیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اے ایس آئی شہزاد پرویز شاہراہ فیصل تھانے میں تعینات تھا، گرفتار پولیس اہلکار ٹارگٹ کلرز ٹیم کا اہم رکن ہے، ملزم ایم کیو ایم لندن سے وابستہ ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار پولیس اہلکار شہزاد پرویز کے قبضے سے 2 دستی بم بھی برآمد ہوئے تھے۔

    پولیس چیف نے جے آئی ٹی کے لیے محکمہ داخلہ سندھ کو درخواست لکھی تھی، گرفتار اے ایس آئی شہزاد پرویز نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کیے تھے۔

  • کراچی میں کارروائی، بچوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی میں کارروائی، بچوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر فروخت کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ نے شہر قائد میں کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی غیر اخلاقی ویڈیو بنانے میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق سائبر کرائم ونگ نے چائلڈ پورنو  گرافی کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا ہوا ہے، اس ضمن میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

    سائبر کرائم ونگ کی ٹیم نے آج کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کیا۔

    ایف آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت فراز خان کے نام سے ہوئی جو  بیرون ملک بھی چائلڈپورنوگرافی میں ملوث ہے۔

    فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق ملزم فرازخان گروہ کاسرگرم رکن اور کئی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کو اہم سمجھا جارہا ہے اور امکان ہے کہ وہ تفتیش کے دوران اہم انکشافات کرے گا جن کی مدد سے اس غیر اخلاقی کام میں ملوث گروہ کا قلا قمع کیا جاسکے گا۔

    مزید پڑھیں: بچوں کی غیراخلاقی ویڈیوز بنانے والا ملزم ارسلان سیالکوٹ سے گرفتار

    یاد رہے کہ چار جولائی کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث ارسلان نامی ملزم کو پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے گرفتار کیا تھا۔

    ملزم کے قبضہ سے فحش ویڈیوز اور تصاویر کی صورت میں225 جی بی ڈیٹا بھی برآمد کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کا سیالکوٹ میں فرنیچر شو روم تھا، جس میں اس نے ایک کمپیوٹر اور الیکٹرونک ڈیوائسز رکھی ہوئی تھی جن کو بھی قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔

  • کراچی میں پولیس کی مبینہ بھتہ خوری، دکانداروں کا احتجاج

    کراچی میں پولیس کی مبینہ بھتہ خوری، دکانداروں کا احتجاج

    کراچی: شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کی مبینہ بھتہ خوری پر دکانداروں نے احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ایک ٹریک بند کرادیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی پولیس کی مبینہ بھتہ خوری کے خلاف دکانداروں نے احتجاج کیا جس کے سبب قائد آباد شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس نے دوپہر میں مرغی کا گوشت مانگا انکار پر دکانیں بند کرانا شروع کردیں۔

    مظاہرین کے مطابق پولیس موبائل افسر نے ہوٹل اور دکانداروں سے پیسے مانگے انکار کرنے پر دکانداروں پر تشدد کے بعد 3 افراد کو گرفتار کرکے تھانے لے گئی۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گرفتار بے گناہ افراد کو باعزت رہا کیا جائے۔

    دوسری جانب پولیس حکام کا موقف ہے کہ قائد آباد میں پتھارے دار احتجاج کررہے ہیں، پولیس لاک ڈاؤن پالیسی کے تحت کاروبار بند کرانے گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق پتھارے داروں نے تین پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور وردی پھاڑ دی، پولیس اہلکاروں پر تشدد، ہنگامہ آرائی میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

  • اسٹاک ایکسچینج پر حملہ، تحقیقاتی اداروں کا اہم انکشاف

    اسٹاک ایکسچینج پر حملہ، تحقیقاتی اداروں کا اہم انکشاف

    کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، اور دہشت گردوں کو قندھار سے ہدایات دی جارہی تھیِں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، دہشت گردوں کے قبضے سے ملنے والے موبائل فون کا ریکارڈ تحقیقاتی اداروں نےحاصل کرلیا۔

    اس حوالے سے تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ابتادئی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گردوں کے تانے بانے افغانستان تک جا پہنچے ہیں، دہشت گردوں کو سہولت کاری اور ہدایات دینے والا افغانستان کے شہرقندھار سے تعلق رکھتا ہے۔؎

    تفتیشی حکام کے مطابق دہشت گردوں سے ملنے والے موبائل فون سے افغانستان کی کال ٹریس ہوگئی ہے، مزید کالز کاریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گرد حملے کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے خریدی گئی کار کے شو روم پر سیکیورٹی اداروں نے چھاپہ مارا ہے، چھاپے کے دوران شو روم کے مالک سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی سے متعلق شواہد تحویل میں لے لیے گئے ہیں، شوروم کے مالک نے گاڑی کی ملکیتی دستاویزات اداروں کے حوالے کیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 2 سیکیورٹی گارڈ سمیت 7 افراد شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : اسٹاک ایکسچینج حملہ، سیکیورٹی اداروں کا پرانی سبزی منڈی میں شوروم پر چھاپہ

    پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے اسٹاک ایکسچینج میں داخلے کی کوشش کرتے وقت 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا جب کہ مزید 2 دہشتگردوں کو آگے ہی مار گرایا اور دہشتگرد اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں داخل نہ ہوسکے۔

    پولیس ترجمان کا بتانا تھا کہ دہشتگردوں کے حملے میں ایک پولیس سب انسپکٹر اور اسٹاک ایکسچینج کے 2 سیکیورٹی گارڈ بھی شہید ہوگئے، اس کے علاوہ پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

  • ہینڈ بیگ کھینچنے کی کوشش، ملزمان خاتون کو گرا کر فرار

    ہینڈ بیگ کھینچنے کی کوشش، ملزمان خاتون کو گرا کر فرار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے راہ چلتی خاتون گرادیا اور فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں موٹر سائیکل ملزمان نے راہ چلتی خاتون سے پرس چھیننے کی کوشش میں اسے گرایا اور فرار ہوگئے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون سڑک پر چل رہی ہے اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان تیزی سے آتے ہیں پرس چھیننے کی کوشش کرتے ہیں اس دوران وہ پرس تو نہیں چھین پاتے لیکن ناکامی پر انہیں گرا کر رفو چکر ہوجاتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے واردات کے قریب ہی موجود اسلحہ بردار سیکیورٹی گارڈ سارا ماجرا کھڑے دیکھتا رہا اور ملزمان کو روکنے کی کوشش تک نہ کی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔

    چند روز قبل بھی کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں تین منزلہ عمارت میں ڈاکو دن دیہاڑے گھسے اور پہلی منزل سے 60 ہزار، دوسری منزل سے 70 ہزار اور تیسری منزل سے ڈھائی لاکھ مالیت کا سونا باآسانی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی تھی تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

  • کراچی، اسکول پرنسپل اور حساس ادارے کے اہلکار کے قتل کا معمہ حل

    کراچی، اسکول پرنسپل اور حساس ادارے کے اہلکار کے قتل کا معمہ حل

    کراچی: کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے نجی اسکول کے پرنسپل اور حساس ادارے کے سابق افسر  میجرمشتاق کے قتل میں‌ ملوث تین مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایس آئی یو لیس کے مطابق نجی اسکول کے پرنسپل اورحساس ادارےکےسابق افسر میجرمشتاق  کو رواں سال جنوری کی 18 تاریخ کو قیوم آبادندی کےقریب فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں درج کر کے قتل کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی: قیوم آباد کے قریب فائرنگ، حساس ادارے کا ریٹائرڈ افسر جاں بحق

    چھ ماہ کی تحقیقات کے بعد پولیس نے قتل کیس کا معمہ حل کرتے ہوئے قتل میں ملوث تین ملزمان کو کورنگی کے علاقے گودام چورنگی اور انڈسٹریل ایریا سے گرفتار کیا، ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔

    ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ قتل کے بعدگھر پہنچ کر ٹی وی کے ذریعے معلوم ہوا کہ جسےمارا وہ اسکول پرنسپل اور حساس ادارے کا سابق افسرتھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم کی وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا۔

    ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پرقتل کی واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

  • کراچی، فیس ماسک پہنے نامعلوم افراد کی ڈاکٹر کی گاڑی پر فائرنگ

    کراچی، فیس ماسک پہنے نامعلوم افراد کی ڈاکٹر کی گاڑی پر فائرنگ

    کراچی: شہر قائد کے علاقے جمشید روڈ پر نامعلوم افراد نے ڈاکٹر کی گاڑی پر فائرنگ کی جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے جمشید ٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع اسلامیہ کالج کے قریب ڈاکٹر تبریز کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔

    ایس پی جمشید ٹاؤن کے مطابق نامعلوم افراد نے ڈاکٹر کی گاڑی کو روکا اور اُن سے نہ ہی موبائل مانگا اور نہ پرس، انہوں نے گاڑی پر دو گولیاں ماریں اور موٹرسائیکل پر بیٹھ کر آسانی سے فرار ہوگئے۔

    ایس پی چمشید کے مطابق ڈاکٹر نے بتایا کہ ملزمان نے اپنے چہرے پر ماسک پہنے ہوئے تھے جس کی وجہ سے اُن کی شناخت نہیں ہوسکی۔

    پولیس نے جمشید ٹاؤن تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل اورنگی ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی صداقت حسین کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں اُن کے بھائی اور بہنوئی زخمی ہوئے تھے۔

    رکن سندھ اسمبلی کے مطابق ایک نوجوان کاغذات کی تصدیق کروانے اُن کے گھر آیا، وہ مہر لینے کے لیے واپس گئے تو فائرنگ کی آواز سنی، جب باہر آکر دیکھا تو بھائی اور بہنوئی دونوں زخمی پڑے ہوئے تھے۔

    پاکستان بازار تھانے کی پولیس کے مطابق دونوں زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی حالت خطرے سے باہر قرار دی تھی۔

  • کراچی، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم پی اے کے بھائی سمیت 2 ملزمان گرفتار

    کراچی، ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم پی اے کے بھائی سمیت 2 ملزمان گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم پی اے کے بھائی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث سابق ایم پی اے کے بھائی سمیت 2 ملزمان کو پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ پیر آباد سے مدثر امیر اور منہاج شاہد کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزم مدثر ایم کیو ایم ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا ممبر ہے۔

    کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے مطابق ملزم مدثر پولیس اہلکار شفیق سمیت 6 افراد کے قتل میں ملوث ہے، ملزم منہاج شاہد پارٹی مخالف افراد کی ریکی کرکے سیکٹر کو آگاہ کرتا تھا، ملزم کی ریکی کے بعد کئی افراد کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا جاچکا ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق انچارج ٹارگٹ کلنگ ونگ نے انکشاف کیا کہ علاقے میں پولیس، رینجرز کے داخل ہونے کی مخبری بھی کی جاتی تھی، نظر رکھنے کے لیے روڈ پر کیبن لگا کر کردیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق مدثر امیر کا بھائی سیکٹر انچارج اور سابق صوبائی اسمبلی بھی رہ چکا ہے۔

    واضح رہے کہ پولیس اور رینجرز کی جانب سے کراچی میں تابڑ توڑ کارروائیاں جاری رہتی ہیں اور متعدد ٹارگٹ کلرز اب تک گرفتار کیے جاچکے ہیں جن کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے بتایا جاتا ہے۔

  • کراچی، پولیس مقابلے اور حادثے میں‌ 2 اہلکار جاں‌ بحق، خاتون ایس ایچ او زخمی

    کراچی، پولیس مقابلے اور حادثے میں‌ 2 اہلکار جاں‌ بحق، خاتون ایس ایچ او زخمی

    کراچی:  ناردرن بائی پاس کے قریب سرجانی تھانے کی پولیس موبائل ڈاکووں‌ تعاقب کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 2اہلکار جاں بحق اور خاتون ایس ایچ او زخمی ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ناردرن بائی پاس کے قریب سرجانی ٹاؤن تھانے کی پولیس موبائل خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 2اہلکار جاں بحق اور خاتون ایس ایچ او شرافت خان سمیت 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ناردرن بائی پاس کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک اہلکار شہید ہوا تو خاتون ایس ایچ او جائے وقوعہ پر پہنچنے کے لیے روانہ ہوئی جس کے نتیجے میں موبائل حادثے کا شکار ہوئی۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ایس ایچ او شرافت خان کو نجی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    ٹریفک حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تاہم اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ادھر کورنگی مہران ٹاؤن میں خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ صفورا چورنگی غازی گوٹھ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ناردرن بائی پاس پر علی بخش گوٹھ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔