Author: سلمان لودھی

  • کراچی میں تجاوزت کیخلاف آپریشن، پھل فروش جاں بحق

    کراچی میں تجاوزت کیخلاف آپریشن، پھل فروش جاں بحق

    کراچی میں تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کے دوران پھل فروش جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ دہلی کالونی میں پیش آیا جہاں انسداد تجاوزات ٹیم سے ہاتھا پائی کے دوران دل کا مریض پھل فروش موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    مذکورہ شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسپتال پہنچنے سے قبل موت واقع ہو چکی تھی۔

    واقعے کی اطلاع اہل خانہ کو ملی تو انہوں نے پولیس کی جانب سے کارروائی نہ کرنے پر فیریئر تھان کے باہر لاش رکھ کر احتجاج کیا۔

    کچھ دیر بعد مزید افراد بھی مظاہرے میں شامل ہوگئے اور مظاہرین کی بڑی تعداد کو دیکھ کر پولیس نے تھانے کے دروازے بند کر دیے۔

    متوفی کے اہل خانہ نے پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی ہے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے فوری کارروائی کی جائے اور ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے۔

  • کراچی میں مٹی کا طوفان،  تین جاں بحق، 15 زخمی

    کراچی میں مٹی کا طوفان، تین جاں بحق، 15 زخمی

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آنے والے مٹی کے طوفان کے بعد مختلف حادثات پیش آئے جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 15 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں شام ڈھلتے ہی تیز ہواؤں کے ساتھ مٹی کا طوفان آیا، چیف میٹرولوجسٹ سرفرازنے تصدیق کی کہ کراچی کےمختلف علاقوں میں آنے والا طوفان آئندہ ایک سے دو گھنٹے تک جاری رہے گا۔

    مکان پر بجلی گرنے کا واقعہ

    سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر گیارہ میں واقع بھینس کالونی میں ایک مکان پر بجلی گرنے سے مکان میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 12 شدید زخمی ہوئے، وقوعہ کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گھر میں لگنے والی آگ کو بجھانے کی کوشش کی جبکہ زخمیوں کو مکان سے نکال کر اسپتال منتقل کروایا۔

    بعد ازاں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اسد اللہ خان نے بجلی گرنے سے لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا اور ہائیڈرنٹس کو دیگر ٹینکر سے فوری طور پر خالی کرانے کی ہدایت کی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں طوفان کے بعد کھمبے اور درخت بھی اکھڑ گئے، جس کے نتیجے میں ہونے والے مختلف حادثات میں اب تک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوئے۔

    افسوسناک واقعات کی تفصیل

    کراچی کے علاقے سعدی ٹاؤن میں مکان کی دیوارگرنےسےخاتون جاں بحق ہوئیں جبکہ سرجانی کے علاقے تیسرٹاؤن چھت گرنےسےایک شخص جاں بحق اور گلشن معمارمیں گھرکی چھت گرنےسےایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے، جمالی پل پر درخت گرنےسے دو افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    نصف شہر تاریکی میں ڈوب گیا

    دوسری جانب آندھی کے بعد شہر کا نصف حصہ بجلی منقطع ہونے کی وجہ سے تاریکی میں ڈوب گیا، ملیرہالٹ،معین آباد،طارق بن زیادسوسائٹی،ماڈل کالونی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، محمودآباد، قیوم آباد، لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کے تار تیز ہوا کا زور برداشت نہ کرسکے اور ٹوٹ گئے جس کی وجہ سے بجلی منقطع ہوگئی۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے جنجال گوٹھ میں آندھی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے مکان کی چھت اڑ گئی جس کے نتیجے میں بچے سمیت 8 افراد زخمی ہوئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    پراوزوں کا رخ موڑنے کا فیصلہ

    نمائندہ اے آر وائی نیوز محمد  صلاح الدین کے مطابق گرد کے طوفان کے بعد حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر صرف 500 میٹر رہ گئی، غیر متوقع آندھی کی وجہ سے ایئرپورٹ پر ہنگامی اقدامات کیے گئے اور ایئرپورٹ کے تمام گراؤنڈ عملے کو الرٹ کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق تیز ہوا کی وجہ سے چھوٹے طیاروں کی حفاظتی مقامات پر فوری منتقلی کا کام شروع کیا گیا جبکہ سول ایوی ایشن نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے رات گیارہ بجے کراچی ایئرپورٹ آنے والی ایئرلائن کی پرواز کا رخ موڑنے کا فیصلہ بھی کیا۔

  • کراچی، بہنوں کے سامنے بھائی کو قتل کردیا گیا

    کراچی، بہنوں کے سامنے بھائی کو قتل کردیا گیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے میمن گوٹھ میں ڈکیتی کی واردات کے دوران بہنوں کے سامنے بھائی کو قتل کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزمان نے بہنوں کے سامنے بھائیوں کو قتل کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالواحد نامی نوجوان ایک گھنٹے تک زخمی حالت میں تڑپتا رہا، شہری ویڈیو بناتے رہے، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مقتول سمیت خاندان کے چار افراد کو لوٹا۔

    پولیس کے مطابق لوٹا گیا سامان واپس مانگنے پر ملزمان نے عبدالواحد کو گولی ماری، مقتول 2 بہنوں اور بہنوئی کے ساتھ میمن گوٹھ سے ملیر آرہا تھا، گزشتہ رات سنسان سڑک پر لوٹ مار کی واردات ہوئی تھی۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ مسلح ڈکیتوں کی تعداد تین تھی جو 2 موٹر سائیکل پر سوار تھے، ڈکیت موبائل فون اور پرس چھین کر فرار ہوئے، ایمبولینس پہنچنے میں تاخیر ہوئی، پولیس نے عبدالواحد کو اسپتال منتقل کیا، زیادہ خون بہہ جانے سے شہری اسپتال میں دم توڑ گیا۔

    پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں بینک کے باہر15 لاکھ کی مبینہ ڈکیتی

    دوسری جانب کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں بینک کے باہر سیکیورٹی کمپنی کے ملازم سے ڈاکو 15 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق سیکیورٹی کمپنی کے اہلکاروں نے ملازم کو انتظار کرنے کا کہا تھا وہ رکنے کے بجائے باہر نکل آیا، ملزمان کمپنی کے ملازم سے 15 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کمپنی ملازم جمیل کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔

  • کراچی، پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے والے 2 افراد گرفتار

    کراچی، پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے والے 2 افراد گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے مومن آباد میں پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں پولیس اہلکاروں پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    مشتعل شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار بلا اجازت گھروں میں داخل ہوئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گزشتہ روز اہلکاروں کو یرغمال بنا کر تشدد کیا تھا، گرفتار ملزمان کا تعلق منظم جرائم پیشہ گروہ سے ہے۔

    پولیس کے مطابق تھپڑ مارنے والا ملزم تاحال گرفت میں نہیں آسکا ہے جبکہ گرفتار دونوں ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مومن آباد پولیس نے اعلیٰ افسران کو آگاہ کیے بغیر کارروائی کی تھی، اعلیٰ افسران کو آگاہ نہ کرنے پر ایس ایچ او مومن آباد کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں پر تشدد کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے مومن آباد میں پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے کی ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

  • کراچی طیارہ حادثہ : ایک اور مسافر کی زندگی معجزانہ طور پر بچ گئی

    کراچی طیارہ حادثہ : ایک اور مسافر کی زندگی معجزانہ طور پر بچ گئی

    کراچی : پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں ایک اور مسافر کی زندگی بچ گئی، بدقسمت طیارے کے حادثے میں زندہ بچ جانے والا خوش نصیب محمد زبیر ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج دوپہر کو کراچی ایئر پورٹ کے قریب پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کا دوسرا زخمی سامنے آیا ہے، بدقسمت طیارے کے حادثے میں زندہ بچ جانے والاخوش نصیب محمد زبیر نامی  مسافر ہے جسے اطبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے صوبائی وزیر سعید غنی نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ میری طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے محمد زبیر سے ملاقات ہوئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ محمد زبیر کا 31فیصد جسم جھلس چکا ہے وہ انشااللہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے، محمد زبیر بتارہے تھے کہ طیارے نے لینڈنگ کی کوشش کی تھی، محمد زبیر کے مطابق رن وے سے طیارے نے واپسی کی اورحادثہ ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : طیارہ حادثہ میں بینک آف پنجاب کے صدر معجزانہ طور پر محفوظ

    واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں طیارہ حادثے میں خوش قسمتی سے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کی زندگی بھی بچ گئی تھی، ظفر مسعود کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا،انہوں نے اپنی والدہ کو فون کرکے اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔

  • کراچی سینٹرل جیل میں 200 سے زائد قیدی کرونا وائرس کا شکار

    کراچی سینٹرل جیل میں 200 سے زائد قیدی کرونا وائرس کا شکار

    کراچی کے سینٹرل جیل میں 200 سے زائد قیدیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جیل حکام نے 200 سے زائد قیدیوں میں کرونا کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جیل اسٹاف کے 9 ارکان بھی وائرس میں مبتلا ہوئے۔

    جیل حکام کا کہنا ہے کہ کرونا میں مبتلا ہونے والوں میں جیل اسٹاف اور افسران بھی شامل ہیں، سینٹرل جیل میں پہلے 40 قیدیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا قیدیوں کے بیرکوں میں مزید ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے 19مریض جاں بحق، تعداد 299 تک جا پہنچی

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 24 گھنٹوں میں 19مریض کے جاں بحق ہونے اور 706کورونا کے نئے کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 299 جبکہ کیسز کی مجموعی تعداد 17947ہوگئی ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 135مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 34 مریض وینٹی لیٹرزپرہیں، اللہ پاک ان کوصحت عطا کرے جبکہ 34 گھنٹےمیں 3803 کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے۔

    کورونا کیسز کی صورتحال کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا سندھ میں 24گھنٹےکےدوران 706کورونا کے نئے کیس رپورٹ ہوئے، کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 17947ہوگئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسوقت صوبےمیں12907مریض زیرعلاج ہیں، 11373 گھروں میں،819مراکزپراور715اسپتالوں میں زیرعلاج ہے ، سندھ میں آج 252مزید مریض صحتیاب ہوکر گھرچلے گئے، جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 4741 ہوگئی۔

  • بہن سے دوستی، بھائیوں نے نوجوان کو قتل کرکے لاش ندی میں‌ پھینک دی

    بہن سے دوستی، بھائیوں نے نوجوان کو قتل کرکے لاش ندی میں‌ پھینک دی

    کراچی: شہر قائد میں بہن سے دوستی پر بھائیوں نے غیرت کے نام پر ایک نوجوان کی جان لے لی، مقتول عمران کی لاش ملیر ندی سے برآمد کرلی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں بہن شازیہ سے دوستی کے جرم میں نوجوان کو قتل کرکے لاش ملیر ندی میں پھینکنے والے تینوں بھائیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک پولیس اہلکار وسیم بھی شامل ہے جو ضلع کورنگی میں تعینات ہے، پولیس کے مطابق ملزمان نے بہن سے دوستی کرنے پر نوجوان عمران کو گزشتہ روز اغوا کیا اور تشدد سے قتل کرکے لاش ملیر ندی میں پھینک دی۔

    مقتول عمران کے اغوا کا مقدمہ ایک رشتہ دار کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، ملزمان کی نشاندہی پر مقتول عمران کی لاش ندی سے برآمد کرلی گئی۔

    ملزمان بھائیوں نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ بہن اور مقتول کو ایک ساتھ مقتول کے گھر پر دیکھا، عمران کو اسی کے گھر پر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا اور قتل کردیا تھا۔

    گرفتار اہلکار وسیم نے پولیس کو بتایا کہ لاش ٹھکانے لگانے کے لیے گاڑی منگوائی اور لاش ملیر ندی میں جاکر پھینک دی، بہن کو بھی گھر پر جاکر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا کہنا تھا کہ واردات میں ہم تینوں بھائی ساتھ تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ واردات میں استعمال ہونیوالی گاڑی بھی تحویل میں لے لی ہے، بہن نے بھی پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا۔

    گرفتار ملزمان کی بہن کا کہنا تھا کہ 8 سال پہلے بھی بھائیوں کو شادی کا کہا تھا لیکن نہیں مانے، بھائیوں نے میرے سامنے عمران پر تشدد کیا۔

  • کراچی، کرونا کے مریض کی لاش لے جانے سے روکنے پر لواحقین آپے سے باہر، اسپتال میں توڑ پھوڑ

    کراچی، کرونا کے مریض کی لاش لے جانے سے روکنے پر لواحقین آپے سے باہر، اسپتال میں توڑ پھوڑ

    کراچی: شہر قائد کے جناح اسپتال میں کرونا سے مرنے والے مریض کی لاش زبردستی ساتھ لے جانے سے روکنے پر مشتعل افراد نے شدید ہنگامہ آرائی کی اور ڈاکٹرز کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال میں کرونا سے متاثرہ مریض کے انتقال کے بعد مشتعل افراد نے لاش زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔

    ڈاکٹرز کے روکنے پر مرنے والے شخص کے لواحقین مشتعل ہوئے اور انہوں نے کرونا کے لیے مختص وارڈ کا کاؤنٹر اور گیٹ کے شیشے توڑ دیے جبکہ عملے کو بھی زدوکوب کیا۔لواحقین نے اسپتال میں موجود دیگر سامان کو نقصان پہنچایا۔

    جناح اسپتال کی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے فوری طور پر پولیس اور رینجرز کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا جس کے بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری اسپتال پہنچی۔

    پولیس اور رینجرز کی نفری نے جناح اسپتال پہنچ کر ہنگامہ آرائی کرنے والے متعدد افراد کو حراست میں لیا۔

    بعد ازاں تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے ڈاکٹر سیمی جمالی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پیش آنے والے واقعے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔

    خرم شیر زمان نے توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’عوام ایسی صورت حال میں صبر کا مظاہرہ کرے، اسپتالوں کاخیال رکھناحکومت ہی نہیں عوام کی بھی ذمہ داری ہے،اسپتالوں کو پہنچنے والے نقصان سےدوسرےمریض بھی متاثر ہوتے ہیں۔

  • کراچی، ڈکیتیوں کی سنچری کرنے والا 5 رکنی گروہ گرفتار

    کراچی، ڈکیتیوں کی سنچری کرنے والا 5 رکنی گروہ گرفتار

    کراچی: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتیوں کی سنچری کرنے والے 5 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایس آئی یو نے کراچی کے علاقوں نارتھ کراچی اور ناگن چورنگی میں کارروائیوں کے دوران 100 سے زائد ڈکیتیوں کے مقدمات میں مطلوب ملزمان کا 5 رکنی گروہ گرفتار کرلیا ، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکلیں اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق گرفتار ملزمان بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو ہی نشانہ بناتے تھے، ملزمان نے 100 سے زائد وارداتوں میں کروڑوں روپے لوٹنے کا انکشاف کیا۔

    پولیس کے مطابق اس گروہ کا ایک ساتھی بینک میں بڑی رقم نکلوانے والے شہری کی ریکی کرتا اور باہر موجود ساتھیوں کو آگاہ کرتا تھا جو شہری کو لوٹ کر فرار ہوجاتے تھے۔

    واضح رہے کہ رواں سال اورنگی ٹاؤن اور سائٹ میں ملزمان بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی، فوٹیج میں ملزمان کے ساتھی کو بینک میں ریکی کرتے دیکھا گیا تھا۔

    ایس ایس پی عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ اس گروہ کی وارداتوں کا کوئی کرمنل ریکارڈ موجود نہیں، ملزمان اس سے قبل کبھی گرفتار نہیں ہوئے، ملزمان کو شہر کے مختلف تھانوں میں درج متعدد مقدمات میں بھی گرفتار کیا جارہا ہے۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے انویسٹی گیشن ٹیم کو 30 سے زائد وارداتوں کے مقامات کی نشاندہی کی ہے جس کی بنا پر دیگر ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

    ایس ایس پی عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، 2 موٹرسائیکلیں، 2 لاکھ نقدی، شہریوں سے لوٹی گئی دیگر اشیا برآمد کرلی گئی ہیں۔

  • کراچی، رینجرز اور ایس آئی یو کی مشترکہ کارروائی، مغوی بازیاب، 4 اغوا کار گرفتار

    کراچی، رینجرز اور ایس آئی یو کی مشترکہ کارروائی، مغوی بازیاب، 4 اغوا کار گرفتار

    کراچی: رینجرز اور ایس آئی یو نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مغوی غلام شبیر کو بازیاب اور 4 اغوا کار کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رینجرز اور ایس آئی یو نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مغوی غلام شبیر کو بازیاب کرالیا، کارروائی کے دوران 4 اغوا کاروں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، اغوا کاروں نے 27 اپریل کو محمود آباد سے غلام شبیر کو اغوا کیا تھا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق مغوی کی رہائی کے عوض ملزمان کی جانب سے 5 کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا، ملزمان وارداتوں کے لیے خود کو نیب، انٹیلی جنس افسران کے طور پر متعارف کراتے تھے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ مغوی غلام شبیر کے اغوا میں ان کا بہنوئی شاہد خان عرف مٹھا بھی شامل تھا، ملزمان میں احمد شاہ عرف میجر، اسفند یار عرف ارسلان ، محمد ارشد اور خرم وارث شامل ہیں۔

    ملزم احمد شاہ خود کو انٹیلی جنس ایجنسی کا میجر ظاہر کرتا تھا، ملزم محمد ارشد خود کو سب انسپکٹر سی ٹی ڈی بتاتا تھا جبکہ ملزم خرم وارث عرف بٹ خود ایکسائز کلفٹن کا سول انفارمر ظاہر کرتا تھا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق گینگ کے سرغنہ احمد شاہ سے مزید انکشافات متوقع ہیں، گینگ کے 2 مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔