Author: سلمان لودھی

  • کراچی، پتنگ کی ڈور نے ایک اور ننھے بچے کی جان لے لی

    کراچی، پتنگ کی ڈور نے ایک اور ننھے بچے کی جان لے لی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں پتنگ کی ڈور نے ایک اور ننھے بچے کی جان لے لی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد 2 نمبر کے قریب دو سالہ بچہ اپنے والدین کے ساتھ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے زخمی ہوا اور اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 2 سالہ سفیان اپنے والدین کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ناظم آباد 2 نمبر کے قریب گلے میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیا، بچے کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خون زیادہ بہہ جانے کے سبب دم توڑ گیا۔

    بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ عباسی شہید اسپتال میں گھنٹوں تک پولیس کی کارروائی کا انتظار کرتے رہے لیکن پولیس حادثے کے دو گھنٹے بعد اسپتال پہنچی اور قانونی کارروائی کی۔

    سفیان کی والدہ کا کہنا تھا کہ رمضان کے بعد بیٹے کا اسکول میں داخلہ کرانا تھا، بچے کے گلے پر ڈور پھری تو دوپٹے سے خون روکنے کی کوشش کی، اسپتال منتقل کرنے تک سفیان کی سانسیں چل رہی تھیں، پولیس کی عدم موجودگی کی وجہ سے اسپتال نے طبی امداد فراہم نہیں کی۔

    بچے کے اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اعلیٰ حکام حکمت عملی بنائیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پتنگ کی ڈور پھرنے سے کراچی کے علاقوں لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن اور ناظم آباد کے اطراف میں کئی بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

  • کراچی ڈبل سواری پر پابندی، محافظوں نے قانون کو پیروں تلے روند دیا، شہریوں‌ کے چالان

    کراچی ڈبل سواری پر پابندی، محافظوں نے قانون کو پیروں تلے روند دیا، شہریوں‌ کے چالان

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے گزشتہ روز ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کی تھی جس کے بعد استشنیٰ والے اداروں پر بھی پابندی کا اطلاق ہوا مگر سندھ پولیس کے اہلکاروں‌ نے پابندی کے احکامات کو ہوا میں‌ اڑا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل  پابندی عائد کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل سندھ حکومت نے صحافیوں، پولیس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کو ڈبل سواری سے مستشنیٰ قرار دیا تھا جب کہ گزشتہ روز جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں‌ تمام محکموں سے خصوصی رعایت واپس لے لی تھی۔

    محکمہ داخلہ کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے احکامات جاری کیے اور پابند کیا تھا کہ ڈبل سواری کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: کراچی: ڈبل سواری کی پابندی سے استثنیٰ ختم، صحافی اور پولیس اہل کار بھی پابند ہوں گے

    آج شہر بھر میں صورت حال بالکل مختلف نظر آئی کیونکہ کراچی کی تمام اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر پولیس اور ٹریفک پولیس عام شہریوں کے ڈبل سواری کی پابندی کی خلاف ورزی کے چالان کرتے نظر آئے مگر قانون کے محافظوں نے خود ہی احکامات کی دھجیاں اڑا دیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈبل سواری کی خلاف ورزی پر صرف ساؤتھ زون میں 300 سے زائد شہریوں کے چالان جبکہ 100 سے زائد موٹرسائیکلوں کو ضبط کیا گیا۔

    شہر کی دیگر شاہراہوں پر پولیس اور ٹریفک پولیس اہلکار حکومتی احکامات کی دھجیاں بکھیرتے ڈبل سواری پر گھومتے نظر آئے اور انہیں ناکوں پر تعینات کسی اہلکار نے نہیں روکا اور نہ ہی اُن کا چالان کیا گیا۔

  • کراچی، قرض‌ کا تقاضا کرنے پر نوجوان قتل

    کراچی، قرض‌ کا تقاضا کرنے پر نوجوان قتل

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں‌ قرض‌ کا تقاضا کرنے پر نوجوان کو قتل کردیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا.

    نمائندہ اے آروائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں‌نوجوان کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم اویس نے قرض‌کا تقاضا کرنے پر عمیر پر  فائرنگ کرکے اس کی جان لے لی. پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزم سے واردات میں‌ استعمال ہونے والا پستول برآمد کرلیا گیا ہے، مقتول نے ملزم اویس کو 2 لاکھ روپے ادھار دئیے تھے، مقتول عمیر رقم کا بار بار تقاضا کررہا تھا.

    ملزم نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں‌بتایا کہ عمیر کی رقم نہیں‌دے سکتا تھا اس لیے اس سے جان چھڑانے کے لیے فائرنگ کرکے اسے قتل کیا.

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے سائٹ نورس چورنگی کے قریب مقتول نوجوان اویس قادری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا اور ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔

    مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد ملزم سے مزید تفتیش کرنے کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ شہر میں جاری لاک ڈاؤن کے باوجود ملزم آزاد ہیں اس سے قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں گھر کے باہر کھڑے نوجوان کو لوٹ لیا گیا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی تھی، ، ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ دو دوست گھر کے باہر کھڑے تھے کہ ملزمان موٹر سائیکل پر آئے اس دوران ایک دوست نے بھاگ کر اپنی جان بچائی جبکہ دوسرا دوست گھر کی دہلیز پر لٹ گیا۔

  • خاتون پولیس اہلکار رشوت لیتے ہوئے پکڑی گئی

    خاتون پولیس اہلکار رشوت لیتے ہوئے پکڑی گئی

    کراچی: شہری سے رشوت لینے والی خاتون پولیس اہلکار کو معطل کر کے شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

    پولیس حکام نے خاتون اہلکار کی رشوت وصولی کی اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لے لیا، خاتون پولیس اہلکار کو معطل کر کےسعودآباد ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا گیا۔

    ایس ایس پی کورنگی نے شوکاز نوٹس کے احکامات جاری کرتے ہوئے انکوائری کی ہدایت کردی جب کہ ایس ایچ او کورنگی وہیڈ محرر کورنگی کو کمزور سپرویژن پر شوکاز نوٹس جاری کر دی گئے۔

    واقعے کی انکوائری ڈی ایس پی الفلاح ڈویژن علی رضا کے سپرد کی گئی ہے اور 7 دن میں انکوائری مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے ویڈیو کے ساتھ خبر نشر کی تھی کہ خاتون پولیس اہلکار ایک ریڑھی والے سے رشوت وصول کر رہی ہے۔

    خبر نشر ہونے کے بعد پولیس حکام نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ خاتون اہلکار کو معطل کر دیا۔

  • کرونا صورت حال، دو بڑے فلاحی اداروں نے غسل و کفن اور سرد خانے بند کردیے

    کرونا صورت حال، دو بڑے فلاحی اداروں نے غسل و کفن اور سرد خانے بند کردیے

    کراچی: شہر قائد میں کام کرنے والے دو بڑے فلاحی اداروں نے کرونا وائرس کے پیش نظر غسل ، کفن اور سرد خانے بند کردیے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر کے دو بڑے فلاحی اداروں نے بھی شہر بھر میں قائم سرد خانے، غسل خانے اور کفن کی سہولت فوری بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    فلاحی ادارے کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق حالات کے پیش نظر اور حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے چھیپا غسل اور کفن  خانہ  عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مریض جان کی بازی ہار گئے

    ترجمان چھیپا کے مطابق حالات بہتر ہوتے  ہی سرد خانہ اور غسل و کفن خانہ کھول دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل ایدھی ویلفیئر نے بھی اپنے تمام غسل و کفن اور سرد خانے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام انتظامات کو فوری روک دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے پیاروں کی میتوں کے لیے ادارے پر دباؤ نہ ڈالیں کیونکہ یہ قدم مجبوری کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

  • کراچی، کرونا کا خوف اور لاک ڈاؤن کی بے روزگاری، شہری نے خودکشی کرلی

    کراچی، کرونا کا خوف اور لاک ڈاؤن کی بے روزگاری، شہری نے خودکشی کرلی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے محمودآباد میں کرونا  وائرس کے خوف سے  لاک ڈاؤن میں بے روزگار ہونے والے شہری نے خودکشی کرلی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے محمودآباد تھانے کی حدود میں واقع کشمیر کالونی کے رہائشی سرفراز نے کرونا کے خوف سے خودکشی کرلی۔

    متوفی کی بیوہ کے مطابق شوہر کو کسی نے کہا  تھا کہ وہ کرونا وائرس کا مریض بن گیا ہے، سرفراز کے ذہن میں یہ وہم بیٹھ گیا تھا اور وہ بہت زیادہ  خوفزدہ تھا، اُسے کوئی بیماری نہیں تھی بلکہ وہ صحت مند تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سزائیں دینے کا فیصلہ

    بیوہ کا کہنا ہے کہ سرفراز پیٹرول پمپ پر گاڑیاں دھونے کا کام کرتا تھا، کراچی میں ہونے والے لاک ڈاؤن کے بعد وہ بے روزگار ہوگیا تھا اور اُسے گھر کا کرایہ دینے کی بھی فکر تھی۔

    خاتون کے مطابق سرفراز یومیہ پانچ سو روپے دیہاڑی پر کام کرتا تھا، جب سے لاک ڈاؤن ہوا تو اُس کا کام بالکل بند پڑا تھا اور گھر پر بھی معاشی صورت حال بہت زیادہ خراب ہوگئی تھی۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ سرفراز نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پہنچی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے اور گزشتہ تین روز سے اس میں مزید سختی بھی کردی ہے۔

  • کراچی عمارت منہدم، ریسکیو آپریشن مکمل، اموات 27 تک پہنچ گئیں

    کراچی عمارت منہدم، ریسکیو آپریشن مکمل، اموات 27 تک پہنچ گئیں

    کراچی: شہر قائد میں زمیں بوس ہونے والی عمارت کے ملبے سے مزید لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 27 تک پہنچ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقےگلبہار میں واقع رضویہ سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کا ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، ٹیمیوں نے عمارت کو کلیئر قرار دے دیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے 27 افراد کی لاشیں نکالیں گئیں، امکان ہے کہ اب ملبے میں کسی شخص کی لاش موجود نہیں ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبہ اٹھانےکا کام جاری ہے جو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ ایک ہی گھر کے 7 افراد کی میتیں تدفین کے لیے میرپور خاص منتقل کردی گئیں، جن میں دو بیٹیاں، ماں، باپ اور تین بھائی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: رضویہ عمارت زمین بوس ہونے کاواقعہ، جاں بحق افراد کی تعداد20 ہوگئی

    ملبے سے سفیان نامی اُس نوجوان کی لاش بھی نکال لی گئی جو اپنے بھائی سے پہلے روز موبائل فون کے ذریعے رابطے میں تھا اور مدد طلب کررہا تھا، سفیان نے بھائی نے نوجوان کو تسلیاں بھی دی تھیں۔

    ایک روز قبل ملبے سے مزید پانچ لاشیں نکالی گئیں تھیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 20 تک پہنچ گئی تھی، تمام لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: عمارت منہدم ہونےکا واقعہ، بھائی ملبے تلے دبنے والے نوجوان کو تسلیاں‌ دیتا رہا

    یاد رہے کہ جمعرات کی دوپہر گلہبار نمبر دو کی پھول والی گلی میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت اُس وقت زمیں بوس ہوئی تھی جب اُس پر چھٹی منزل ڈالی جارہی تھی۔

    دوسری جانب غیرقانونی تعمیرات میں ملوث سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران اور ملازمین اچانک روپوش ہوگئے ہیں اور اُن کے تمام نمبرز بند ہیں۔

  • کراچی: مدرسہ کے طالب علم کی پراسرار موت

    کراچی: مدرسہ کے طالب علم کی پراسرار موت

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں مدرسے کے طالب علم کی پُراسرار موت ہوئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع مانسہرہ کالونی کے مدرسے میں زیر تعلیم 12 سالہ افتخار کی اچانک موت واقع ہوئی جس کے بعد انتظامیہ نے اہل خانہ کو آگاہ کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق طالب علم کے والد نے کراچی پہنچ کر لاش وصول کی اور پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کردیا، ورثا کی عدم دلچسپی اور انکار کی وجہ سے پولیس نے لاش بغیر پوسٹ مارٹم کے ہی اُن کے حوالے کردی۔

    پولیس کے مطابق بچے کے جسم پر بظاہر تشدد کے نشانات موجود نہیں تھے اور میڈیکو لیگل افسر (ایم ایل او) نے بھی افتخار کی موت کو طبعی قرار دیا۔

    پولیس کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کا رہائشی 12 سالہ افتخار گزشتہ چار سال سے مدرسے میں زیر تعلیم تھا، مدرسہ انتظامیہ نے چند روز قبل اہل خانہ کو طبیعت ناسازی سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

  • کیماڑی میں پُراسرار گیس سے اموات، معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا

    کیماڑی میں پُراسرار گیس سے اموات، معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پُراسرار گیس سے اموات کا معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پُراسرار گیس سے 14 افراد کی موت کا معمہ حل نہ ہوسکا، پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں سے 2 کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، کیمیائی تجزئیے کے دوران بھی زہریلی گیس کے شواہد نہیں ملے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے خون کے نمونے حاصل کیے گئے تھے، تجزئیے میں مرنے والے ایک شخص کے خون میں مارفین پائی گئی، مارفین کی مقدار اتنی نہیں تھی کی موت کی وجہ بنے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق دوسرے شخص کی رپورٹ میں بھی موت کی وجہ سامنے نہ آسکی، زیر علاج متاثرین کے خون کے نمونوں کی رپورٹ تاحال مرتب نہیں کی گئی۔

    chemical examination post mortem report toxic mysterious gas Keamari port Karachi

    مزید پڑھیں: کیماڑی میں پھیلنے والی گیس ہائیڈروجن سلفائیڈ ہے: سیپا

    پولیس کا کہنا ہے کہ جس شخص کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مارفین کی مقدار ملی وہ نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے، اس ایک نامعلوم شخص کا کوئی وارث نہیں آیا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے کیماڑی میں پر اسرار گیس سے 14 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ متعدد متاثر ہوکر اسپتال میں زیر علاج تھے، سیپا کا کہنا تھا کہ کیماڑی میں پھیلنے والی گیس ہائیڈروجن سلفائیڈ ہے۔

    یاد رہے کہ کمشنر کراچی نے کہا تھا کہ ایک جہاز کے پی ٹی پر کچھ منتقل کر رہا ہے جس سے گیس کا اخراج ہو رہا ہے، اس کنٹینر سے آف لوڈنگ بند کروا دی گئی ہے، تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ کنٹینر کا دروازہ بند کرتے ہیں تو گیس اخراج کم ہو جاتا ہے، سپارکو نے نمونے بھی اکھٹے کر لیے ہیں۔

  • کراچی میں زہریلی گیس کا اخراج، 4 افراد جاں بحق، 25 کی حالت غیر

    کراچی میں زہریلی گیس کا اخراج، 4 افراد جاں بحق، 25 کی حالت غیر

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیل گئی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے، زہریلی گیس سے 25 افراد متاثر ہوئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زہریلی گیس سے متاثرہ افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت میمار بیگم، رضوان، احسن کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق زہریلی گیس سے متاثرہ افراد کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

    ایس ایچ او جیکسن ملک عادل کا کہنا ہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس سے متاثر 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوئی ہیں جبکہ متاثرہ افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کی تفصیلات معلوم کررہے ہیں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

    مقامی شہری سلمان خان کا کہنا ہے کہ گیس کی بو کیماڑی کے دور دراز علاقوں میں پھیلی ہوئی ہے اور لوگوں نے ماسک پہن لیے ہیں۔

    ترجمان کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس کوئی جہاز آیا ہی نہیں جس سے بو پھیلے، پورٹ پر کوئی ایسا جہاز لگا بھی نہیں ہے جس سے بو پھیلی ہو۔

    ترجمان کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ افراد کو سڑک سے اٹھایا گیا ہے، پورٹ پر بو پھیلنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے اموات پر صدمہ پہنچا ہے، واقعہ پورٹ کی حدود میں پیش نہیں آیا، کے پی ٹی حکام معاملے کی انکوائری کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، حقائق سامنے آنے تک میڈیا قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرلی، مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی اسٹاف کے ذریعے عوام کی مدد کریں۔