Author: سنجے سادھوانی

  • محکمہ بلدیات اور کے ایم سی میں اختیارات کی جنگ

    محکمہ بلدیات اور کے ایم سی میں اختیارات کی جنگ

    کراچی : کراچی کے 21 میگا منصوبے کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) واپس لینے تیاری شروع کردی گئی اور اس حوالے سے سمری بھی منظور کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات اور کراچی میونسپل کارپوریشن میں اختیارات کی جنگ چھڑ گئی، کراچی کے 21 میگا منصوبے کے ایم سی واپس لینے تیاری شروع کردی گئی ہے۔

    13 ارب روپے منصوبے کراچی میونسپل کارپوریشن سے واپس محکمہ بلدیات کو دینے کی سمری وزیر بلدیات کی ہدایت پر سیکریٹری بلدیات نے منظور کرلی ہے۔

    وزیر اعلی سندھ مراد علئ شاہ کو کراچی میونسپل کارپوریشن کے 13 ارب محکمہ بلدیات کو منتقل کرنے کی سمری ارسال کردی ہے ، جس میں محکمہ بلدیات نے وزیر اعلی سندھ مراد علئ شاہ کو سمری منظور کرنے کی درخواست کی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ 21 زیر تعمیر منصوبوں پر کراچی میونسپل کارپوریشن کام کررہی تھی۔

    وزیر بلدیات سعید غنی نے طارق مغل کو پروجیکٹ ڈاریکٹر کراچی میگا پروجیکٹ تعینات کردیا ہے ، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

  • وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرا دی

    وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرا دی

    وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو یقین دہانی کرا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے مراد علی شاہ کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی حکومت کے ساتھ ترقیاتی کاموں ودیگر مسائل پر گفتگو کی گئی۔

    ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے کٹوتیوں کے بعد فنڈز واپس نہ ہونے کے معاملے پر بھی بات چیت کی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم مل جل کر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سہ پہر 3 بجے گورنر ہاؤس پہنچیں گے جہاں وہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم مقامی ہوٹل میں بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔ انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی مزار قائد پر حاضری

    وہ اپنے دورے کے دوران کاروباری طبقے اور چیمبر آف کامرس کراچی کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے اور ملکی معیشت کی ترقی کے حوالے سے ان سے تجاویز لیں گے۔

  • کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

    کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

    کراچی : پولیس موبائل میں جدید اسلحہ سندھ اسمگل کیے جانے کے انکشاف کے بعد شکار پور پولیس کے3اہلکاروں اور4بین الصوبائی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ اسلحہ کچے کے ڈاکوؤں کو سپلائی کیا جارہا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جیکب آباد پولیس نے بلوچستان سے صوبہ سندھ میں اسلحہ اسمگل کرنے کی اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ضلع شکارپور کے3 پولیس افسران اور چار بین الصوبائی اسمگلروں کو حراست میں لے لیا ہے۔

    پولیس موبائل سے برآمد ہونے والے جدید اسلحے میں جی تھری اور ایس ایم جی، ڈھائی ہزار کے قریب راؤنڈز شامل ہیں۔

    پولیس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ اسلحہ کچے کے ڈاکوؤں کو پہنچایا جانا تھا، واردات میں ملوث پولیس وین سیکیورٹی کے لیے صوبائی مشیر کو دی گئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بتایا کہ پولیس وین کے استعمال کی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ڈبل کیبن گاڑی، پولیس موبائل مشیر سندھ کابینہ بابل بھیو کے زیراستعمال ہے، جیکب آباد پولیس نے ڈبل کیبن اور پولیس موبائل سے اسلحہ برآمد کیا۔

    پولیس کے مطابق ڈبل کیبن اور پولیس موبائل سے لائٹ مشین گن اور کلاشنکوف کی 2ہزار350گولیاں برآمد کی گئی ہیں، جس میں لائٹ مشین گن کے6میگزین، جی تھری رائفل کے17میگزین بھی شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گولیاں ڈبل کیبن گاڑی میں بلوچستان سے منتقل کی جارہی تھیں کارروائی میں مطلوب اسمگلر اور3پولیس اہلکاروں کو گرفتارکیا گیا ہے، گرفتاراہلکاروں میں اے ایس آئی امتیاز بھیو، ثناءاللہ اور بقاءاللہ انڑ شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ 4مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ اسمگلر اختیار لاشاری کو بھی گرفتار کیا گیا جبکہ حراست میں لیے گئے پولیس اہلکاروں کا تعلق شکارپور سے ہے۔

  • جسٹس (ر) مقبول باقر گورنر سندھ کے لیے مضبوط امیدوار

    جسٹس (ر) مقبول باقر گورنر سندھ کے لیے مضبوط امیدوار

    کراچی: سابق نگراں وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر گورنر سندھ کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے۔

    اے آر وائی نیوز نے تصدیق کے لیے جسٹس (ر) مقبول باقر سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ لوگ مبارک باد دے رہے ہیں لیکن باضابطہ طور پر مجھے آگاہ نہیں کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی تبدیلی جلد متوقع ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ گورنر سندھ کے لیے خوشبخت شجاعت سمیت دیگر نام بھی زیر غور ہیں لیکن جسٹس (ر) مقبول باقر گورنر کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی کو سندھ کی گورنر شپ کے حوالے سے کسی شخص پر تحفظات نہیں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان مختلف عہدوں پر تقرریوں پر بات چیت ہوئی ہے جس میں دونوں جماعتوں کو رہنماؤں کو عہدے تفویض کیے جائیں گے۔

    قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے گورنر سندھ کے لیے سینیٹر خوشبخت شجاعت کا نام پیش کیا جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کامران ٹیسوری کو برقرار رکھنا چاہتی ہے۔

    یاد رہے کہ جسٹس (ر) مقبول باقر کو 14 اگست 2023 کو سندھ کا نگراں وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا تھا جب گورنر کامران ٹیسوری نے 11 اگست کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مشورے پر سندھ اسمبلی تحلیل کردی تھی۔

  • یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کیلیے امیدوار نامزد

    یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کیلیے امیدوار نامزد

    پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کر دیا۔

    چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی کی بطور چیئرمین سینیٹ امیدوار کی منظوری دیدی ہے۔

    پیپلزپارٹی چیئرمین کے سیکریٹریٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ پیپلزپارٹی چیئرمین سینیٹ بنانے کے لیے پرُعزم دکھائی دیتی ہے۔

    پارٹی رہنماؤں کا ماننا ہے کہ یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو جائیں گے اس کے لیے وہ مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔

    یار رہے کہ یوسف رضا گیلانی نے ملتان سے قومی اسمبلی کی نشست جیتنے کے بعد 29 فروری کو رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھایا تھا اور قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے دوران مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو ووٹ دیا تھا۔

  • آصفہ بھٹو بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب

    آصفہ بھٹو بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب

    صدر مملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آصفہ بھٹو نے شہید بینظیر آباد این اے 207 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جہاں سے وہ بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔

    ریٹرننگ افسر نے این اے207  سے  آصفہ بھٹو زرداری کی بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آصفہ بھٹو کے مدمقابل تین امیدوار دستبردار ہوگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ قومی  اسمبلی کی یہ نشست آصف علی زرداری کے صدرملکت بننے سےخالی ہوئی تھی۔

  • شرجیل میمن کا عید کے بعد نئی بس سروس شروع کرنے کا اعلان

    شرجیل میمن کا عید کے بعد نئی بس سروس شروع کرنے کا اعلان

    کراچی: وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے عید کے بعد نئی بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کے بعد کراچی میں الیکٹرک بسوں کے مزید دو روٹس کا اضافہ ہوگا، پنک بسوں میں بھی اضافہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 18 اپریل تک بس سروس کے لیے پری پیڈ کارڈ لانچ کررہے ہیں، سندھ کے ہر شہر میں پیپلز بس سروس چلائی جائے گی۔

    وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ 500 نئی بسیں خریدی جائیں گی، چاہتے ہیں کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے بہترین اور سستی سفری سہولیات میسر آئیں، عوام کے لیے جتنی بھی خوشخبریاں دی ہیں ان پر من و عن عمل ہوگا۔

    شرجیل میمن نے ریڈ لائن منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کے باعث ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام متاثر ہوا جبکہ نگران حکومت نے ریڈ لائن بی آر ٹی پر توجہ نہیں دی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف زرداری نے ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر پر توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

  • صدر آصف زرداری کی چھوڑی گئی قومی اسمبلی کی نشست پر آصفہ بھٹو الیکشن لڑیں گی

    صدر آصف زرداری کی چھوڑی گئی قومی اسمبلی کی نشست پر آصفہ بھٹو الیکشن لڑیں گی

    کراچی : صدر مملکت آصف زرداری نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 207 سے اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو نامزد کر دیا، وہ قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب لڑیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آصف زرداری کی چھوڑی گئی قومی اسمبلی کی نشست پر آصفہ بھٹو الیکشن لڑیں گی، صدر آصف زرداری نے این اے دو سو سات سے آصفہ بھٹو زرداری کو نامزد کر دیا۔

    آصف زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو آصفہ بھٹو کی انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کردی، پیپلز پارٹی کی جانب سے شیڈول کے مطابق آصفہ بھٹو کے فارم جمع کرائے جائیں گے۔

    ضمنی انتخابات میں این اے207 شہیدبینظیرآباد سے پی پی امیدوارآصفہ بھٹونواب شاہ پہنچ گئیں ، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرافضل پیچوہو بھی آصفہ بھٹو کے ہمراہ ہوں گی، پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ آصفہ بھٹو ریلی کی صورت میں زرداری ہاؤس جائیں گیں۔

    عام انتخابات میں این اے دو سو سات نواب شاہ سے آصف علی زرداری کامیاب ہوئے تھے، جس کے بعد آصف علی زرداری کےصدر مملکت بننےپراین اے 207 کی نشست خالی ہوئی ہے۔

    دوسری جانب بلاول بھٹو کی این اے196 کی چھوڑی نشست پر ان کے چیف پولنگ ایجنٹ خورشیدجونیجو امیدوار ہوں گے، این اے196 قمبرشہدادکوٹ میں ضمنی الیکشن اپریل میں ہوں گے۔

  • پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن کے لئے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کردیا

    پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن کے لئے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کردیا

    کراچی : پیپلز پارٹی نے جنگ گروپ کےایم ڈی سرمدعلی کو پی پی نے سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ دے دیا، سرمدعلی پی پی پی کی طرف سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن کے لئے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کردیا ، جس میں جنگ گروپ کےایم ڈی سرمدعلی کو پی پی نے سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹ دے دیا، سرمدعلی پی پی پی کی طرف سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار ہوں گے۔

    بیرسٹرضمیرگھمروٹیکنوکریٹ کی دوسری نشست پرپی پی پی امیدوارہوں گے جبکہ جنرل نشستوں کےلئےکاظم شاہ،اشرف جتوئی،مسرور احسن ، ندیم بھٹو، سرفراز راجڑ اوردوست علی جیسر امیدوار ہوں گے۔

    خواتین کی سینیٹ نشستوں کےلئےعینی مری اورروبینہ قائم خانی امیدوارہوں گی جبکہ اقلیت کی نشست کے لئے پی پی پی کی طرف سے پونجوبھیل امیدوارہوں گے۔

    پاکستان پیپلزپارٹی اور اے این پی کا بلوچستان میں اتحاد ہوگیا ہے ، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایمل ولی خان اور جان محمدبلیدی پی پی پی اوراےاین پی کےمشترکہ سینیٹ امیدوارہوں گے۔

    چنگیزجمالی اورعمر گورگیج بھی پی پی کی طرف سےجنرل نشست پرامیدوارہونگے جبکہ بلوچستان ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئےبلال مندوخیل پی پی پی امیدوار ہوں گے۔

    بلوچستان میں خواتین نشست کیلئے عشرت بروہی اورکرن بلوچ پی پی پی امیدوار ، خیبرپختونخواکے لئے روبینہ خالد پی پی پی کی سینیٹ امیدوار ، پنجاب میں سینیٹ نشست کے لئے پی پی کی فائزہ احمدملک امیدوار جبکہ اسلام آباد سےسینیٹ کی نشست کے لئے رانا محمودحسن امیدوار ہوں گے۔

  • سندھ کابینہ : کس کو کون سی وزارت ملے گی؟

    سندھ کابینہ : کس کو کون سی وزارت ملے گی؟

    کراچی : صوبہ سندھ کی کابینہ میں کون کون شامل ہوگا اور کس کو کون سی وزارت کا پروانہ تھمایا جائے گا تفصیلات سامنے آگئیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پی پی قیادت کی حتمی مشاورت کے بعد کچھ شخصیات کے ناموں اور ان کے قلمدانوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے جس کی تفصیلات اے آر وائی نیوز پر آگئیں۔

    ذرائع کے مطابق ناصر شاہ کو وزیر پی اینڈ ڈی اور توانائی کے محکمے ملیں گے جبکہ سردار شاہ تعلیم اور معدنیات کا قلمدان سنبھالیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سعید غنی کو بلدیات اور پبلک ہیلتھ کے محکمے ملیں گے، حاجی علی حسن زرداری کو محکمہ جیل کا قلمدان دیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ ذوالفقار شاہ کو محکمہ ثقافت کا قلمدان سونپا جائیگا اور جام خان شورو کو محکمہ آبپاشی سمیت اضافی محکمہ کا قلمدان دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق محمد بخش مہر کو زراعت اور اینٹی کرپشن کے محکمے ملیں گے جبکہ ضیالنجار کو محکمہ داخلہ اور محکمہ قانون کا قلمدان دیا جائے گا۔

    شرجیل میمن کو محکمہ ایکسائزاور ٹرانسپورٹ کا قلمدان ملے گا، عذراپیچوہو کو وزیر صحت سندھ بنایا جائے گا، احسان مزاری مشیر برائے آئی پی سی، کوآپریٹو اور نجمی عالم مشیر برائے کچی آبادی ہونگے۔