Author: سنجے سادھوانی

  • کراچی انٹر بورڈ میں طلبا کے امتحانی نتائج میں جعلسازی کی تصدیق

    کراچی انٹر بورڈ میں طلبا کے امتحانی نتائج میں جعلسازی کی تصدیق

    کراچی انٹر بورڈ میں طلبا کے امتحانی نتائج میں جعلسازی کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی انٹر بورڈ سال اوّل کے امتحانی نتائج میں 60 فیصد سے زائد طلبہ و طالبات فیل ہوگئے ہیں تاہم اب رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی انٹربورڈ میں نتائج تبدیل کرنا سالوں سے جاری ہے، بورڈ کے دو سابق چیئرمین پروفیسر سعید الدین، نسیم احمد میمن، دو سابق کنٹرولر امتحانات انور علیم، ظہیر الدین بھٹو نتائج بدلنے میں ملوث نکلے ہیں۔

    نگراں وزیر اعلی سندھ مقبول باقر کی تحقیقاتی کمیٹی نے بھانڈا پھوڑ دیا بورڈ کے تین سابق اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات تنویر عباس، حارث فاروقی،محمد اطہر بھی نتائج تبدیل کرانے میں ملوث پائے گئے۔

    رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ انگلش، بائیولاجی، کیمسٹری اور فزکس کے نتائج بدلے گئے، حکومت نے انٹر بورڈز کے 8 افسران کیخلاف فوجداری مقدمے کیلئے اینٹی کرپشن کو خط لکھ دیا۔

    نگراں وزیر اعلیٰ کی طرف سے کرائی گئی تحقیقات میں کرپشن الزامات درست ثابت ہوگئے، نگراں وزیر اعلیٰ نے بورڈ نتائج کے بعد اٹھنے والے سولات پر تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

  • سرکاری کوارٹرز کے رہائشیوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    سرکاری کوارٹرز کے رہائشیوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    کراچی : کراچی میں جہانگیر، مارٹن، کلیٹن اور پاکستان کوارٹرز کی از سرنو تعمیر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، وفاق نے صوبائی حکومت کے ساتھ ایم او یو کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پرانے سرکاری کوارٹرز کی خالی زمینوں پر بڑی عمارتیں بنانے کے منصوبے پر وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کےساتھ ایم او یو کی منظوری دے دی۔

    ایم اویو وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈورکس اورمحکمہ بلدیات سندھ اور کے ایم سی کے درمیان ہوگا، تینوں فریقین جہانگیر،مارٹن، کلیٹن اورپاکستان کوارٹرزکی تعمیرنو کریں گے، کراچی شہر کے وسط میں تقریباً 335 ایکڑ اراضی خالی ہے ، حکومت کےبنائے ہوئے کوارٹر زیادہ تر خستہ حالی شکار ہوچکے ہیں۔

    نگراں وزیراعلٰی سندھ مقبول باقر کا کہنا ہے کوارٹرز وفاقی ملازمین کواس وقت الاٹ کیے گئے جب کراچی وفاقی دارالحکومت تھا،دارالحکومت منتقلی کےبعد وفاقی ملازمین سےکوارٹرز کبھی واپس نہیں لیے گئے۔

    مقبول باقر نے کہا کہ زیادہ تر کوارٹرز اب ملازمین کے اہل خانہ کے قبضے میں ہیں جبکہ کچھ کوارٹرزکو فروخت کرنے کی اطلاعات بھی ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی رہائشی کے پاس کوئی الاٹمنٹ یا ٹائٹل ڈیڈ دستیاب نہیں، پائلٹ پروجیکٹ کے آغاز کیلئے دستیاب خالی زمین کی نشاندہی کی جائے گی۔

    نگراں وزیراعلٰی سندھ نے کہا کہ کوارٹرز کی تعمیر کے ساتھ گرین زون اور کمرشل ایریا بنایا جائے گا ، منصوبے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سرمایہ کاری ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ رہائشیوں کیلئے مکانات کی تعمیر کا حصہ چالیس فیصد مختص ہوگا، کوارٹرزکے تمام مکینوں کو نئی رہائشی عمارتوں میں ہر صورت منتقل کیا جائے گا اور پاور آف اٹارنی منتقل کی جائے گی۔

  • نوازشریف اپنی قبولیت کا تاثر دے رے ہیں، وہ اتنے مقبول نہیں،  بلاول بھٹو کا دعویٰ

    نوازشریف اپنی قبولیت کا تاثر دے رے ہیں، وہ اتنے مقبول نہیں، بلاول بھٹو کا دعویٰ

    کوٹ ادو: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف اپنی قبولیت کا تاثر دے رے ہیں، وہ اتنے مقبول نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے کوٹ ادو میں پاور شو کی تیاری مکمل کرلی اور اسپورٹس کمپلیکس میں پنڈال سجالیا ہے، جہاں چیئرمین بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔

    بلاول بھٹوزرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ میاں صاحب اپنی قبولیت کاتاثر دے رہے ہیں، میاں صاحب کی قبولیت نہیں ہے۔

    چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ نوازشریف اتنے مقبول نہیں جتنا میڈیا میں کہا جاتا ہے،میاں صاحب حالات سے ڈر گئے ہیں، ڈرے سہمے ہوئےشیر کامقابلہ پیپلز پارٹی کرے گی۔

    گذشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ بڑی مشکل سے کل شیر نظر آیا تھا کہیں ایسا نہ ہو جلسے میں لوگوں کی تعداد دیکھ کر واپس گھر میں چھپ کر بیٹھ جائے، کہیں ایسا نہ ہو آپ کا جوش اور جذبہ دیکھ کر شیر ڈر کر چھپنا شروع ہو جائے۔

    چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ لاہور کے سیاستدانوں کو پیغام ہے ہم ڈرنے والے نہیں بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پنجاب کی سرزمین پر کھڑا ہو کر لاہور کو سیاستدانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں، ہم ڈرنے، گھبرانے اور پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔

  • پی ٹی آئی سے بَلّا چھننے پر دکھ ہوا، بلاول بھٹو

    پی ٹی آئی سے بَلّا چھننے پر دکھ ہوا، بلاول بھٹو

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان چھننے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی پارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع نے اس ملاقات کا اندرونی احوال بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان چھننے پر دکھ ہوا، ووٹرز کا درد سمجھتا ہوں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو پی ٹی آئی کارکنوں کو پیپلز پارٹی کا بیانیہ سمجھانے کی ہدایت کی۔

    بلاول نے پی پی رہنماؤں سے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کارکنوں کو سمجھائیں کہ شیر کا راستہ صرف تیر ہی روک سکتا ہے۔

    پارٹی چیئرمین نے پارٹی رہنماؤں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ پی ٹی آئی ورکرز کو مشورہ دے اور قائل کریں کہ وہ اپنے ووٹ کو ضائع نہ کریں اور تیر کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے اس سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا اور پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا۔

    بعد ازاں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس نے سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن کالعدم اور بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

  • سندھ میں اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد

    سندھ میں اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد

    کراچی: 8 فروری کو الیکشن کے انعقاد کے پیش نظر حکومت سندھ نے 45 روز کے لیے صوبے بھر میں میں اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ آئی جی سندھ کی جانب سے موصول خط پر کیا گیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شیڈول کے مطابق الیکشن کے انعقاد کا عمل جاری ہے، پابندی کی سفارش کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلیے کی گئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق رجسٹرڈ پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز کو دوران ڈیوٹی ہتھیار لے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ دوران سفر گاڑی میں اسلحہ لہرانے پر بھی پابندی ہوگی۔

    احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ ایس ایچ او کو کارروائی کا اختیار ہوگا۔

  • پی پی نے اعلان کردہ امیدواروں کے حق میں باقی تمام افراد کو دستبردار ہونے کی ہدایت کر دی

    پی پی نے اعلان کردہ امیدواروں کے حق میں باقی تمام افراد کو دستبردار ہونے کی ہدایت کر دی

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے اعلان کردہ امیدواروں کے حق میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے باقی تمام افراد کو دستبردار ہونے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پی پی سندھ نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں نامزد امیدواروں کے سوا پارٹی کے تمام افراد حلقوں سے دستبردار ہو جائیں، ان کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے افراد پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ امیدواروں کے حق میں فوری دستبردار ہوں۔

    نثار کھوڑو نے کہا کہ دستبردار ہونے کی رسید پیپلز پارٹی کے صوبائی رابطہ سیکریٹری کو ارسال کی جائے، اعلان کردہ امیدواروں کو ہی پارٹی ٹکٹ جاری ہوگا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کا وزیراعظم کے لیے نواز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان

    نثار کھوڑو کی جانب سے امیدواروں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ اگر حلقوں میں ان کے خلاف پارٹی کا کوئی ورکر یا رہنما الیکشن کے لیے کھڑا ہو تو فوری طور پر پارٹی قیادت کو مطلع کیا جائے تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم 8 جنوری کو ملک بھر میں سرپرائز دیں گے، اور سندھ میں ہمارا کوئی مقابلہ نہیں ہے، ہمارے ٹکٹ ہولڈر امیدواروں کے علاوہ کوئی جیالا کھڑا نہیں ہوگا۔

  • رضا ہارون اور انیس ایڈووکیٹ پیپلزپارٹی میں شامل

    رضا ہارون اور انیس ایڈووکیٹ پیپلزپارٹی میں شامل

    ایم کیو ایم کے سابق رہنما رضا ہارون اور انیس ایڈووکیٹ نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلاول ہاؤس میں آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد رضا ہارون اور انیس ایڈووکیٹ نے پیپلزپارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔

    آصف علی زرداری نے انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون کو پی پی پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا، اس موقع پررہنماؤں کے درمیان شہرِقائد کی ترقی، خوش حالی، قیام امن اور مفاہمتی ماحول کے فروغ کے حوالے سے چارٹر آف کراچی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی والوں کی جماعت ہے کراچی والوں کی منتخب جماعت پہلی بار وفاق پر حکومت کرے گی۔

    آصف زرداری نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ پوری دنیا سے سرمایہ کاری آئے اور کراچی دبئی کی طرز پر معاشی حب بنے۔

    واضح رہے کہ رضا ہارون اور انیس خان ایڈووکیٹ نے 2016 میں ایم کیوایم چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی ، 2018 کے انتخابات کے بعد سے دونوں سیاست میں سرگرم نہیں تھے۔

  • سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ میں کرپشن کا انکشاف

    سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ میں کرپشن کا انکشاف

    کراچی: سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ میں کرپشن پر نگراں حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے سابق چیئرمین آغاسہیل پٹھان کے خلاف تحقیقات کا حکم دےد یا۔

    آغا سہیل پٹھان کے بطور چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ خردبرد کا انکشاف ہے جس کی تحقیقات کے لیے نگراں حکومت نے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی مد میں ایک کروڑ کے لگ بھگ رقم نکلوائی گئی جب کہ 70 کے قریب ملازمین بغیر اشتہار کنٹریکٹ پر بھرتی کیےگئے۔

    وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ملازمین گھر بیٹھ کرتنخواہ لیتے ہیں، ٹیکسٹ بُک بورڈکے50کروڑروپےنجی بینک میں انویسٹمینٹ  مدمیں دینےکی کوشش کی گئی۔

    سندھ حکومت نے ٹریزری حکام کے ذریعے چیک کو کیش ہونے سے روک دیا ہے۔

  • پاکستان پیپلز پارٹی نے آصفہ بھٹو کی سیاست میں لانچنگ موخرکردی

    پاکستان پیپلز پارٹی نے آصفہ بھٹو کی سیاست میں لانچنگ موخرکردی

    پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصفہ بھٹو زرداری کی سیاست میں لانچنگ موخر کردی گئی ہے۔ فی الحال وہ انتخاب نہیں لڑیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹور زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو کی سیاست میں لانچنگ کو موخر کردیا گیا ہے۔ آصفہ بھٹوزرداری قومی و صوبائی اسمبلی کی نشست پرانتخاب نہیں لڑیں گی۔

    آصفہ بھٹو نے کسی بھی حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ آصفہ کا نام پی پی کی جانب سے مخصوص نشستوں کی فہرست میں بھی نہیں ہے۔

    پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کئی حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ بلاول کی کامیابی کے بعد آصفہ بھٹوکی انتخابی سیاست میں انٹری کا فیصلہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے 8 فروری 2024 کا الیکشن لڑنے کے لیے اپنی والدہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے روایتی حلقے این اے 196 لاڑکانہ کا انتخاب کیا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری آج لاڑکانہ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ عام انتخابات کے سلسلے میں دو قومی حلقوں پر اپنے کاغذات نامزدگی فارم جمع کروائیں گے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے اس بار انتخابات میں اترنے کے لیے لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ کا انتخاب کیا ہے۔ وہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 اور اپنی والدہ بینظیر بھٹو کے روایتی انتخابی حلقے این اے 196 سے فارم جمع کرائیں گے۔

  • لعل شہباز قلندر درگاہ سے سونا زبیر بلوچ نے مفرور ملازم علی رضا گوپانگ کی مدد سے چوری کیا

    لعل شہباز قلندر درگاہ سے سونا زبیر بلوچ نے مفرور ملازم علی رضا گوپانگ کی مدد سے چوری کیا

    کراچی: لعل شہباز قلندر درگاہ سے سونا چوری کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ زبیر بلوچ نے مفرور ملازم علی رضا گوپانگ کی مدد سے سونا چوری کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیہون درگاہ قلندر لعل شہباز سے سونا اور چاندی چوری ہونے کے معاملے میں اوقاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ درگاہ کے منیجر زبیر بلوچ کو معطل کر کے ان کے اور مفرور ملازم علی رضا گوپانگ کے خلاف ایڈمنسٹریٹر اوقاف سکھر کی مدعیت میں ضلع جامشورو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    دوسری طرف محکمہ اوقاف سندھ نے زبیر بلوچ سے ریکوری اور کارروائی کے لیے بھی خط لکھ دیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق درگاہ قلندر شہباز کے توشہ خانہ سے 57 تولہ 7 آنہ سونا اور 3133 تولہ 12 آنہ 2 رتی چاندی چوری کیا گیا۔

    مقدمے میں کہا گیا ہے کہ زبیر بلوچ نے علی رضا گوپانگ کی ملی بھگت سے خورد برد کی اور سونا چوری کیا، وزیر اوقاف عمر سومرو کے مطابق زبیر بلوچ کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کی تنخواہ اور پنشن روک دی گئی ہے۔