Author: سنجے سادھوانی

  • سندھ میں اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد

    سندھ میں اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد

    کراچی: سندھ میں اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے اسلحے کی نمائش پر تین ماہ کی پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی رینجرز کی سفارش پر نافذ کی گئی، رجسٹرڈ کمپنی کے گارڈ ڈیوٹی کے دوران لوکیشن پر اسلحہ لیکر ڈیوٹی کر سیکیں گے۔

  • بلاول بھٹو آج سے عام انتخابات کیلئے عوامی رابطہ مہم  کا آغاز کریں گے

    بلاول بھٹو آج سے عام انتخابات کیلئے عوامی رابطہ مہم  کا آغاز کریں گے

    کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو آج سے ملک بھر میں الیکشن کیلئے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو عوامی رابطہ مہم  کیلئے آج براستہ ٹھٹھہ، سجاول سے بدین پہنچیں گے، کراچی سے روانہ ہونے کے بعد مختلف مقامات پر ان کا استقبال کیا جائیگا۔

    ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو بدین سے براستہ ٹنڈو محمد خان پھر حیدرآباد پہنچیں گے،  آج وہ بدین میں میڈیا سے گفتگو کریں گے اور رات حیدرآباد میں گزاریں گے۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی اگلے دن حیدرآباد سے براستہ نوابشاہ، سکھر روانہ ہوں گے، اس کے بعد سکھر سے براستہ کشمور ہوتے ہوئے ملتان پہنچیں گے، ملتان سے بلاول بھٹو لاہور جائیں گے جہاں سی ای سی کا اجلاس ہوگا۔

  • پیپلز پارٹی کا  یوٹرن :  آصف زرداری کا انتخابات سے متعلق اہم بیان آگیا

    پیپلز پارٹی کا یوٹرن : آصف زرداری کا انتخابات سے متعلق اہم بیان آگیا

    اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری نے چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کروائے گا، ہم سب کو سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق 24 گھنٹے گزرے نہیں اور پیپلز پارٹی نے انتخابات کے معاملے پر یوٹرن لے لیا، سابق صدر آصف زرداری نے بلاول بھٹو کے بیان کی نفی کردی۔

    سابق صدر آصف زرداری نے انتخابات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کروائے گا، مردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کروانے کا پابند ہے۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران پر ہمیں پورا اعتماد ہے، نگران حکومت ایس آئی ایف سی کے منصوبوں کو مکمل کرکے ملک کوترقی کی راہ پر ڈالے۔

    معاشی صورتحال سے متعلق سابق صدر نے کہا کہ ملک اس وقت ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم سب کو سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے ، ملک ہے تو ہم سب ہیں۔

    اس کے برعکس گذشتہ روز سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا تھا کہ عام انتخابات 90 دن میں ہونے چاہئیں اور اس کیلیے الیکشن کمیشن شیڈول کا اعلان کرے۔

    سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عوام پر تجربے کرنا بند کریں اور ان کو خود فیصلے کرنے دیں، عوام آصف علی زرداری یا نواز شریف کو چنتے ہیں تو قبول کرنا چاہیے، عوام پی ٹی آئی کو چنتے ہیں تو بھی فیصلے کو قبول کرنا چاہیے

  • میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا دو یونین کمیٹیوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا دو یونین کمیٹیوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ

    کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے دو یونین کمیٹیوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ وہ گزری یوسی نمبر 13 اور ماڑی پور یوسی 3 سے الیکشن لڑیں گے۔

    مرتضیٰ وہاب کے الیکشن کیلیے دونوں یونین کمیٹیوں کے چیئرمین کرم اللہ وقاصی اور سیف اللہ مستعفی ہوگئے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد نے ضلع ملیر کی دو یونین کمیٹیوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ڈپٹی میئر کراچی گڈاپ یوسی نمبر 7 اور ابراہیم حیدری یو سی 8 سے الیکشن لڑیں گے جس کے چیئرمین محمد سلمان میمن اور حیدر جاموٹ مستعفی ہوگئے۔

    میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کو 6 ماہ کے اندر منتخب ہونا ہے۔ دونوں سے کوئی جیت نہ پایا تو عہدے سے سبکدوش ہونا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار 15 جون کو میئر کراچی کا الیکشن جیتے تھے۔ انہوں نے 173 ووٹ جبکہ ان کے مخالف جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان نے 160 ووٹ حاصل کیے تھے۔

    اراکین نے قائد ایوان کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کیا۔ کے ایم سی کے مجموعی طور پر 366 ارکان نے ووٹ کاسٹ کرنا تھا تاہم 332 ارکان آرٹس کونسل پہنچے جبکہ 34 ارکان ووٹ ڈالنے کیلیے نہیں آئے تھے۔

    پی ٹی آئی کے 30 سے زائد اراکین کے ووٹ کاسٹ کرنے کیلیے نہ آنے پر جماعت اسلامی نے انتخابی عمل پر اعتراض اٹھایا اور 33 غیر حاضر ارکان کو پیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

  • سندھ حکومت نے افسران کے تقرر و تبادلے کی فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی

    سندھ حکومت نے افسران کے تقرر و تبادلے کی فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی

    کراچی: سندھ حکومت نے افسران کے تقرر اور تبادلوں کی فہرست مرتب کر کے الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں بیوروکریسی کی تبدیلی کے سلسلے میں سندھ حکومت نے ایک فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کی ہے، صوبے بھر میں موجودہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیا جائے گا، آج شام تک ای سی پی کی جانب سے تبادلوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق آغا واصف سیکریٹری خزانہ، حسن نقوی پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلیٰ ہوں گے، نجم شاہ سیکریٹری داخلہ منظور شیخ سیکریٹری بلدیات ہوں گے۔

    سندھ حکومت کی جانب سے خادم رند کو کراچی پولیس چیف بنانے، الطاف ساریو، سعید لغاری، الطاف شیخ، احمد صدیقی، فہد غفار کو ڈپٹی کمشنر تعینات کرنے، اظفر مہیسر،عاصم قائمخانی، اور اسد رضا کو کراچی کے 3 زونز میں ڈی آئی جی تعینات کرنے اور طارق دھاریجو کو ڈی آئی جی حیدرآباد تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عمران قریشی، اظہر مغل، عرفان بہادر، عارف اسلم راؤ کو ایس ایس پیز لگانے کی تجویز ہے، الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی فہرست پر اعتراض نہ کیا تو آج نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔

  • پیپلزپارٹی 90 روز میں انتخابات کے مطالبے پر ڈٹ گئی

    پیپلزپارٹی 90 روز میں انتخابات کے مطالبے پر ڈٹ گئی

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی 90 روز میں عام انتخابات کے مطالبے پر ڈٹ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وفد تشکیل دیا ہے جو کل الیکشن کمیششن حکام سے ملاقات کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد میں نیئر بخاری، نوید قمر، مراد علی شاہ، شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پی پی وفد الیکشن کمیشن سے 90 روز میں الیکشن کے انعقاد کا مطالبہ کرے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ ہم انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے صدر نے الیکشن کی تاریخ دی تو ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ صاف شفاف اور جعلی الیکشن کے درمیان اگر ہفتوں اور مہینوں کا فرق ہے تو یہ خسارے کا سودا ہرگز نہیں۔ نئی مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے بغیر الیکشن نہیں کرائے جاسکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کے بعد کوئی آئین اور قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ نئی ووٹر لسٹوں کے بغیر انتخابات ہوں۔

  • پی پی کا انتخابات نومبر میں کرانے کیلئے رائےعامہ بنانے کا فیصلہ

    پی پی کا انتخابات نومبر میں کرانے کیلئے رائےعامہ بنانے کا فیصلہ

    پاکستان پیپلزپارٹی نے انتخابات نومبر میں کرانے کیلئے رائےعامہ بنانےکا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بھی بات چیت کی گئی اور عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں عام انتخابات کے لیے رائے عامہ بنانے اور 90 روز میں الیکشن کروانے کا مؤقف اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مردم شماری اعداد و شمار مشکوک قرار دیے گئے۔ اس حوالے سے سابق وزیراعلیٰ سندھ نےسی سی آئی اجلاس پربریفنگ دی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ سندھ کی آبادی کم دکھائی گئی ہے جس سے فنڈز سمیت دیگر نقصان ہوں گے۔

    شرکا نے کہا کہ سپریم کورٹ عام انتخابات سے متعلق جو فیصلہ کرےاسے ماننا چاہیے ہمیں سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔ پیپلزپارٹی سپریم کورٹ فیصلے کے بعدحتمی حکمت عملی بنائےگی۔

  • نگرااں وزیراعظم سے پیپلزپارٹی وفد کی ملاقات کا احوال سامنے آگیا

    نگرااں وزیراعظم سے پیپلزپارٹی وفد کی ملاقات کا احوال سامنے آگیا

    کراچی: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پیپلزپارٹی وفد کی ملاقات کا احوال سامنے آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پیپلزپارٹی وفد نے سندھ کے ڈومیسائل رکھنے والے افسران ہٹائے جانے پر اعتراض کیا۔

    پی پی وفد نے کہا کہ تاثر پایا جاتا ہے نگراں حکومت نے سندھ کے ڈومیسائل والے افسران ہٹا دیے اور سندھ میں ترقیاتی کاموں کے فنڈز بھی فریز کردیے گئے ہیں۔

    پیپلزپارٹی نے کہا کہ الیکشن کا اعلان نہیں ہوا تو تعینات افسران، فنڈز فریز نہیں کیے جانے چاہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی تھی۔ وفد نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

    ملاقات میں ملک کی اقتصادی، معاشی اور معاشرتی صورتحال، بین المذہبی ہم آہنگی اور دیگر موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی تھی۔ وفد نے نگراں وزیراعظم کی توجہ کراچی میں حد بندی کے مسئلے اور پانی کی قلت کے دیرینہ مسئلے کی جانب مبذول کرائی گئی تھی۔

    وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل کو ہرممکنہ طور پر بروئے کار لایا جائے گا۔ ملاقات میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری بھی موجود تھے۔ ایم کیو ایم کے وفد میں فاروق ستار، سید امین الحق، خواجہ اظہار الحسن اور دیگر شامل تھے۔

  • سندھ نگراں کابینہ ارکان کو قلمدان سونپ دیے گئے

    سندھ نگراں کابینہ ارکان کو قلمدان سونپ دیے گئے

    کراچی: سندھ نگراں کابینہ ارکان کو قلمدان سونپ دیے گئے ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بریگیڈیئر (ر) حارث نواز کومحکمہ داخلہ جیل کا قلمدان دیا گیا ہے، ایشور لعل کو محکمہ آبپاشی سندھ کی وزارت دی گئی ہے۔

    مبین جمانی کو محکمہ بلدیات، ٹاؤن پلاننگ سندھ کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ یونس ڈاگھا کو محکمہ فنانس، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، ریونیو کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر سعد نیاز کو محکمہ صحت، بہبود آبادی سندھ کا قلمدان دیا گیا ہے، خدا بخش مری کو مائینز منرل کے محکمے کا قلمدان دیا گیا ہے۔

    بیرسٹر عمر سومرو کو محکمہ قانون، مذہبی امور، انسانی حقوق کا قلمدان دیا گیا ہے، ڈاکٹر رعنا حسین کو محکمہ تعلیم اور ترقی نسواں کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

    ڈاکٹر جنید علی شاہ کو یوتھ اسپورٹس اور ثقافت کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ ارشد ولی محمد کو سیاحت اور ماحولیات کا قلمدان دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نگراں سندھ کابینہ کے ارکان سے حلف لیا تھا۔

  • سندھ کی نگراں کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    سندھ کی نگراں کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    کراچی: سندھ کی 10 رکنی نگراں کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر ہاؤس کراچی میں خصوصی تقریب میں گورنر کامران ٹیسوری نے نگراں وزرا سے حلف لیا، چیف سیکریٹری سندھ نے 10 رکنی کابینہ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ داخلہ اور اطلاعات کے محکمے بریگیڈیر (ر) حارث نواز کے پاس ہوں گے، ایشور لعل محکمہ ایری گیشن، ورکس اینڈ سروسز اور ایکسائز کے وزیر ہوں گے۔

    مبین جمانی کو بلدیات اور پبلک ہیلتھ، یونس ڈاگھا کو صنعت اور محنت کے محکمے دیے جائیں گے۔

    ڈاکٹر سعد نیاز صحت اور بہبود آبادی کے وزیر ہوں گے، ڈاکٹر رعنا حسین، ایجوکیشن، یونیورسٹی اینڈ تعلیمی بورڈ اور خدا بخش مری توانائی اور معدنیات کے وزیر ہوں گے۔

    قانون اور امور نوجوانان کے قلمدان عمر سومرو کو سونپے جائیں گے جبکہ ڈاکٹر جنید شاہ اور ارشد ولی محمد نے بھی نگراں وزیر کا حلف اٹھایا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی تو ہی آگے بڑھ سکتے ہیں، کوشش ہے کہ کابینہ میں کم سے کم لوگ ہوں، قانون اور آئین کی بالادستی ہوگی تو خود بہتری آئے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے، میں ان کے نام میں مداخلت نہیں کرسکتا، ہمارا کام الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کسی غیر آئینی کام کا حصہ نہیں بنوں گا، احتساب ہونا چاہیے لیکن نیک نیت سے ہونا چاہیے۔