Author: سنجے سادھوانی

  • ’حافظ نعیم 4 سال شیروانی کا انتظار کریں، کراچی کی بہتری کے لیے ساتھ دیں‘

    ’حافظ نعیم 4 سال شیروانی کا انتظار کریں، کراچی کی بہتری کے لیے ساتھ دیں‘

    کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان 4 سال شیروانی کا انتظار کریں۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو  میں کہا کہ حافظ نعیم شہر کی بہتری کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ساتھ دیں، شیروانی کے لیے انہیں 4 سال کا انتظار کرنا ہوگا۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کام اچھا ہونا چاہئے اورپورا ہونا چاہئے، چیئرمین پی ٹی آئی نے وعدہ کیا تھا گجر نالے کے اطراف کی سڑکیں بھی بنائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی اپنے وعدے کو تکمیل کے مراحل میں داخل کیے بغیر چلے گئے۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا پارکوں کی دیکھ بھال کے لیے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں سرکاری چیز فری ہونی چاہیے، ہمیں اپنی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پرپارک چلانے کی بات کرتے ہیں تو تنقید ہوتی ہے۔

    میئر کراچی نے کہا کہ ہم بے ایمان نہیں اس شہر کی بہتری کے لیے کام کرینگے، ملیر والا بد قسمت واقعہ ہوا سلمان عبداللہ مراد بچے کے والد کے پاس گئے۔

    مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ کھمبے، لائٹیں اور پارکوں کی گرل چوری ہورہی ہے، سب ویڈیو تو بناتے ہیں کوئی 15 کو اطلاع نہیں کرتا، پی آئی ڈی سی پل دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے خوبصورت بنایا تھا کھمبا اٹھا کر لے گئے۔

  • نگراں سندھ کابینہ کے وزرا کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی

    نگراں سندھ کابینہ کے وزرا کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی

    کراچی: نگراں وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر کی کابینہ کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی جس کے بعد کابینہ کے وزرا کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں سندھ کابینہ میں ڈاکٹر سعد نیاز، مس رعنا حسین اور ڈاکٹر جنید شاہ کی شمولیت کا امکان ہے، کابینہ ماہر تعلیم، ممتاز ڈاکٹر معروف سرجنز، ماہر معاشیات سیکیورٹی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں سندھ کابینہ غیرجانبدار اور صوبے کے عوام کے وسیع مفاد میں کام کرے گی، کابینہ وزرا میں بے داغ ماضی، تعلیمی، پیشہ وارانہ قابلیت کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔

    نگراں سندھ کابینہ کل حلف اٹھائے گی، کابینہ میں بریگیڈیئر (ر) حارث نواز کو نگراں وزیر بنائے جانے کا امکان ہے، مبین جمانی اور یونس ڈھاگا کو بھی وزرات ملنے کا امکان ہے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کی میڈیا سے گفتگو

    دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی تو ہی آگے بڑھ سکتے ہیں، کوشش ہے کہ کابینہ میں کم سے کم لوگ ہوں، قانون اور آئین کی بالادستی ہوگی تو خود بہتری آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے، میں ان کے نام میں مداخلت نہیں کرسکتا، ہمارا کام الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کسی غیر آئینی کام کا حصہ نہیں بنوں گا، احتساب ہونا چاہیے لیکن نیک نیت سے ہونا چاہیے۔

  • الیکشن آئین وقانون کے مطابق ہوں، نامزد نگراں وزیر اعلیٰ سندھ   نے واضح کردیا

    الیکشن آئین وقانون کے مطابق ہوں، نامزد نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے واضح کردیا

    کراچی : نامزد نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے واضح کیا کہ الیکشن آئین وقانون کے مطابق ہوں تاہم انتخابات کرانا، وقت کا تعین کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں لگتا مجھ پر کوئی دباؤ آئے گا، کوئی غیر قانونی کام نہیں کروں گا۔

    مقبول باقر کا کہنا تھا کہ واضح کرنا ہوں چاہتا ہوں الیکشن آئین وقانون کے مطابق ہوں، حلقہ بندیاں کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے ہم بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ نگراں کابینہ چارج سنبھالنے کے بعد تشکیل ہوگی ، صاف وشفاف الیکشن کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور سندھ میں ترقیاتی کام معمول کےمطابق جاری رہیں گے۔

    نامزد نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ آئین وقانون کےمطابق وقت پر الیکشن ہوں گے، انتخابات کرانا، وقت کا تعین کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہرشخص اور پاکستانی کی خواہش ہے جمہوریت کو تقویت ملے، میں نہیں سمجھتا کوئی دباؤ آئے گا اور نا آسکتا ہے۔

  • جسٹس (ر) مقبول باقر سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ ہوں گے

    جسٹس (ر) مقبول باقر سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ ہوں گے

    کراچی : سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان جاری مشاورت کے بعد جسٹس (ر) مقبول باقر کا نام فائنل ہوگیا،

    تفصیلات کے مطابق جسٹس(ر) مقبول باقر سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ ہونگے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے مقبول باقر کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر کل اپنے عہدے کا باقاعدہ حلف اٹھائیں گے

    چیف سیکریٹری سندھ نگراں وزیر اعلیٰ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے، بعد ازاں گورنر ہاؤس سندھ میں تقریب حلف برداری منعقد ہوگی۔

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے 3 روز قبل ہی جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ بننے کے حوالے سے اپنے ناظرین کو آگاہ کردیا تھا۔

    مقبول باقر کا نام سندھ حکومت نے تجویز کیا تھا جس پر پی پی قیادت کو بھی کوئی اعتراض نہیں تھا۔ بعد ازاں نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) مقبول باقر کا نام اپوزیشن لیڈر رعنا صدیقی کے سامنے پیش کیا گیا۔ اور آج اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے حتمی اعلان کردیا گیا ہے۔

     

  • گورنر کامران ٹیسوری نے سندھ اسمبلی تحلیل کردی

    گورنر کامران ٹیسوری نے سندھ اسمبلی تحلیل کردی

    کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی ایڈوائس پر صوبائی اسمبلی تحلیل کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر کامران ٹیسوری کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری دی تھی جس پر انہوں نے دستخط کردیے جس کے بعد صوبائی اسمبلی تحلیل ہوگئی۔

    سندھ اسمبلی تحلیل ہوتے ہی صوبائی کابینہ بھی ازخود تحلیل ہوگئی ہے جبکہ محکمہ قانون سندھ نے اسمبلی تحلیل ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر تک مراد علی شاہ وزیر اعلیٰ سندھ رہیں گے۔

    سندھ اسمبلی چار سال 11 ماہ اور 29 دن قائم رہی۔

    مدت مکمل ہونے سے قبل اسمبلی ٹوٹنے پر 3 دن میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر نے نگران وزیراعلیٰ کیلئے مشاورت کرنی ہے۔

    آج سندھ اسمبلی کا الوداعی اجلاس ہوا جس کی صدارت اسپیکر آغا سراج درانی نے کی جبکہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔

    یاد رہے کہ قومی اسمبلی 9 اگست کو توڑ دی گئی تھی جس کے بعد اب نگران وزیراعظم کیلئے مشاورت کی جا رہی ہے۔

  • سندھ اسمبلی کا الوداعی ، اراکین کے لئے بہاری بوٹی، چکن تکہ سمیت چٹ پٹے کھانے تیار

    سندھ اسمبلی کا الوداعی ، اراکین کے لئے بہاری بوٹی، چکن تکہ سمیت چٹ پٹے کھانے تیار

    کراچی : سندھ اسمبلی کے الوداعی اجلاس میں اراکین کے لئے بہاری بوٹی، چکن تکہ سمیت چٹ پٹے کھانے تیار کرلئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا الوداعی اجلاس آج ہوگا ، سندھ اسمبلی کے آخری اجلاس میں ارکان اسمبلی سج دھج کر ایوان میں پہنچے۔

    الوداعی فوٹو سیشن میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے تصاویر بنوائیں اور خود بھی سیلفیاں بنائیں۔

    الوداعی اجلاس میں اراکین کےلئے لذیز پکوان تیار کئے گئے ہیں، سندھ اسمبلی میں بہاری کباب تکہ بوٹی بریانی کا بندوبست کیا گیا ہے۔

    خیال رہے سندھ اسمبلی کو مدت مکمل ہونے سے دو روز پہلے آج تحلیل کردیا جائے گا، سمری کامسودہ تیار ہوگیا ہے، مراد علی شاہ اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس آج گورنر کو بھیج دیں گے۔

  • جسٹس (ر) مقبول باقر کے نگراں وزیراعلیٰ سندھ بننے کا امکان

    جسٹس (ر) مقبول باقر کے نگراں وزیراعلیٰ سندھ بننے کا امکان

    نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں کل سے مشاورت شروع ہوگی تاہم جسٹس (ر) مقبول باقر کے نگراں وزیراعلیٰ بننے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی آج تحلیل کر دی جائے گی جس کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں کل سے مشاورت شروع ہوگی تاہم جسٹس (ر) مقبول باقر کے نگراں وزیراعلیٰ بننے کا امکان ہے کیونکہ پی پی قیادت کو ان کے نام پر اعتراض نہیں ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کا نام سندھ حکومت نے قیادت کو تجویز کیا ہے جس پر پی پی قیادت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے کل سے باضابطہ مشاورت کا آغاز ہوگا جس میں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) مقبول باقر کا نام کل اپوزیشن لیڈر رعنا صدیقی کے سامنے پیش کریں گے۔

    سندھ حکومت پر امید ہے کہ ان کی جانب سے پیش کیے گئے نام پر کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے حتمی اعلان کیا جائے گا۔

  • سندھ میں نگراں سیٹ اپ پر باضابطہ مشاورت 11 اگست کے بعد شروع ہوگی

    سندھ میں نگراں سیٹ اپ پر باضابطہ مشاورت 11 اگست کے بعد شروع ہوگی

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعناانصار سندھ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں سیٹ اپ پر مشاورت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں نگراں سیٹ اپ پر باضابطہ مشاورت 11 اگست کے بعد شروع ہوگی ، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور رعنا انصار اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد بیٹھک لگائیں گے۔

    ملاقات میں وزیر اعلی اور اپوزیشن لیڈر کے ناموں پر غور ہوگا، سندھ اسمبلی تحلیل ہونے کے تین دنوں میں وزیر اعلی اور اپوزیشن لیڈر کو کسی ایک نام پر متفق ہونے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق 14 اگست کی رات تک وزیر اعلی ہاوٴس نگراں وزیر اعلی کے متعلق اعلان متوقع ہے ،اگر اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعلی کسی نام پر اتفاق نہ ہوپایا تو معاملہ الیکشن کمیشن جائے گا۔

    جس کے بعد الیکشن کمیشن اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعلی کے تجویز کردہ افراد میں سے نگراں وزیر اعلی کی نامزدگی کا اعلان کرے گا۔

  • کراچی کے تین بڑے اسپتال 25 سال کیلئے سندھ حکومت کے سپرد

    کراچی کے تین بڑے اسپتال 25 سال کیلئے سندھ حکومت کے سپرد

    کراچی: شہر قائد کے 3 بڑے اسپتالوں کا مسئلہ حل ہوگیا، وفاقی حکومت نے اسپتالوں کو سندھ حکومت کے سپرد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر صحت سندھ کی کوششوں سے جناح اسپتال، قومی ادارہ امراض قلب (NICVD)، اور قومی ادارہ امراض اطفال کراچی (NICH) کا کنٹرول سندھ حکومت کے سپرد کر نے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ سندھ حکومت کے زیر انتظام چلیں گے، پی ٹی آئی دور کا تشکیل بورڈ بھی ختم کردیا گیا اسپتال عملہ اور فنانشل معاملات اب سندھ حکومت دیکھے گی۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں کراچی کے تینوں اسپتال وفاق نے اپنے کنٹرول میں لیے تھے، لیز معاہدے کے تحت کراچی کے تینوں اسپتالوں کی زمین وفاقی حکومت کے نام رہے گی، سندھ حکومت جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، اور این آئی سی ایچ میں تقرری اور بھرتیاں کر سکے گی۔

  • سندھ میں نگراں سیٹ اپ : آصف زرداری اور بلاول بھٹو کل سے مشاورت کا آغاز کریں گے

    سندھ میں نگراں سیٹ اپ : آصف زرداری اور بلاول بھٹو کل سے مشاورت کا آغاز کریں گے

    کراچی : سابق آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سندھ میں نگراں سیٹ اپ مشاورت کا آغاز کل سے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ میں نگراں سیٹ آپ پر مشاورت کا آغاز کل سے ہوگا۔

    وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور سینئر وزراء نگراں سیٹ آپ پر پارٹی کو رائے دیں گے۔

    ذرائع سندھ حکومت نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعلی سندھ کے لئے حکومت نے تین ناموں پر غور کیا ہے، تینوں نام پارٹی قیادت کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ نگراں صوبائی کابینہ کے لئے مختلف شعبوں سے 18 شخصیات کے انٹرویو کئے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق نگراں وزیر اعلی سندھ کے لئے پارٹی مشاورت مکمل کرنے کے بعد ایم کیو ایم سے بات چیت کا آغاز ہوگا، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی رعنا انصار اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے درمیان آئندہ ہفتے اہم ملاقات ہوگی۔

    وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ نگراں وزیر اعلی سندھ اور کابینہ اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے بنائیں گے۔