Author: سنجے سادھوانی

  • میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے بڑوں کی مشاورت

    میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے بڑوں کی مشاورت

    میئر کراچی کے لیے سابق صدر آصف زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور فریال تالپور کے درمیان مشاورت ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے بڑوں میں مشاورت ہوئی ہے۔ اس مشاورتی عمل کی بیٹھک میں سابق صدر آصف علی زرداری، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور شریک تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے مضبوط امیدوار ہیں تاہم میئر کراچی کا حتمی فیصلہ اور نامزدگی کا اعلان بلاول بھٹو خود کریں گے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی پہلی بار شہر قائد میں سب سے زیادہ نشستیں جیت کر سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے تاہم کوئی بھی سیاسی جماعت اپنا میئر لانے کے لیے واضح اکثریت حاصل نہیں کرسکی ہے۔

    جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی پر کراچی میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

  • سندھ میں دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری

    سندھ میں دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: سندھ میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ میں دفعہ 144 کا نفاذ پرتشدد احتجاج کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے، مظاہروں، احتجاج اور ریلیوں میں 4 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب عمران خان کی گرفتاری پر شہر کی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر آئی جی سندھ نے کراچی کے تین ڈی آئی جیز کو اضافی نفری دے دی ہے۔

    مراسلے کے مطابق سعید آباد، رزاق آباد ٹریننگ سینٹر سے 1500 سے زائد اضافی نفری طلب کی گئی ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نفری ساؤتھ اور ویسٹ زون میں تعینات کی جائے گی، ہر زونل ڈی آٗئی جی کو 500 اضافی اہلکار دیے گئے۔

    آئی جی سندھ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نفری کو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

  • چیف جسٹس تھوڑا وقت دے دیں، ہم نے آپس میں مذاکرات شروع کر دیے ہیں، آصف زرداری

    چیف جسٹس تھوڑا وقت دے دیں، ہم نے آپس میں مذاکرات شروع کر دیے ہیں، آصف زرداری

    کراچی: آصف علی زرداری نے چیف جسٹس آف پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو انتخابات کے لیے مذاکرات کے مشورے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی جانب سے انتخابات کے لیے مذاکرات کے مشورے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے چند دن پہلے ہی آپس میں مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔

    سابق صدر پاکستان نے کہا "حکومتی اتحاد ایک مؤقف پر آ جائے تو اس کے بعد سیاسی مخالفین سے بھی بات کریں گے۔”

    سیاسی جماعتیں ایک موقف پر آ جائیں تو عدالت گنجائش نکال سکتی ہے، چیف جسٹس

    آصف زرداری نے کہا "چیف جسٹس تھوڑا وقت دے دیں، ہم بھی مذاکرات کے ذریعے ایک دن الیکشن چاہتے ہیں۔”

  • ’مارکیٹیں جلد بند کروانے کا اعلان، سندھ حکومت نے وفاق کو کیا کہا؟‘

    ’مارکیٹیں جلد بند کروانے کا اعلان، سندھ حکومت نے وفاق کو کیا کہا؟‘

    کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کے توانائی بچت پروگرام کے تحت جلد مارکیٹیں بند کرنے کے اعلان پر سندھ حکومت کا مؤقف سامنے آگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے توانائی بچت پروگرام کے تحت مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے بند کرنے کے اعلان پر سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ وفاق باقی صوبوں سے بھی عملدرآمد کروائے صرف اپنے صوبے میں مارکیٹیں جلد بند نہیں کروائیں گے۔

    سندھ حکومت نے وفاق کو جواب دیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی توانائی بچت پروگرام کے اعلان پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔

    صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب اور کے پی میں شادی ہال، مارکیٹیں، پارکس اور ریسٹورنٹ جلد بند ہوں گے تو سندھ حکومت کی عملدرآمد کے لیے تیار ہے بصورت دیگر اس پر عمل نہیں کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں مارکیٹیں، شادی ہال اور ریسٹورنٹس جلد بند کرنے کا حکمنامہ ، اہم ہدایت جاری

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے توانائی بچت پروگرام کے تحت کراچی میں شاپنگ مالز اور مارکیٹیں رات ساڑھے آٹھ بجے، شادی ہال اور ریسٹورنٹس رات دس بجے بند کرنے کے لیے سندھ حکومت کو مراسلہ بھیجا تھا۔

    مراسلہ موصول ہونے کے بعد کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھا تھا جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں توانائی پروگرام پر عملدرآمد کروائیں۔

    یاد رہے کہ 22 فروری کو وزیراعظم نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ توانائی کی بچت سے متعلق جو پروگرام بنایا تھا اس پرعمل نہیں ہوا مگر آج سے توانائی بچت کے پروگرام پرسختی سےعملدرآمد کرنےجارہے ہیں اس قسم کے فیصلے پرمن وعن عمل ہوجائےتو یقیناً معاشی بہتری کے فیصلے ہوں گے۔

  • لیگی وزرا، اتحادی جماعتوں کو الیکشن نہ لڑنے کی منتیں کرنے لگے

    لیگی وزرا، اتحادی جماعتوں کو الیکشن نہ لڑنے کی منتیں کرنے لگے

    کراچی: حکمران جماعت کو ضمنی انتخابات میں شکست کا خوف، اتحادی جماعتوں کو بھی الیکشن نہ لڑنے کی ترغیب دینے لگی۔

    ذرائع کے مطابق نون لیگ کے وزرا اتحادی جماعتوں کو الیکشن نہ لڑنے کی منتیں کرنے لگے، نون لیگی وفد نے پیپلز پارٹی کو ضمنی الیکشن نہ لڑنے کی درخواست کردی۔

    ذرائع کے مطابق لیگی وزرا کا موقف تھا کہ یہ الیکشن میں جانے کا مناسب وقت نہیں ہے، ابھی الیکشن ہارگئےتو عام انتخابات میں نقصان ہوگا۔

    لیگی وزرا کا موقف تھا کہ آئی ایم ایف سے ممکنہ ڈیل کے باعث مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا جس کا اثر ووٹرز پر پڑے گا ایسی صورت میں الیکشن میں جانا ٹھیک نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قلت، لیگی سینیٹر اپنی ہی حکومت پر برس پڑے

    لیگی وزرا نے دیگر اتحادی جماعتوں کو بھی ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے نو حلقوں میں متحدہ پاکستان جوکہ وفاقی حکومت کی اتحادی ہے ضمنی الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے جارہی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔

    پی ڈی ایم کے سربراہ بھی ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے پر مخمصے کا شکار ہے گو کہ وہ خود اعلان کرچکے ہیں کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لیا جائے گا تاہم سابق صدر اور شریک چیئرمین پییلز پارٹی نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ انتخابی میدان کو کھلا چھوڑنا ٹھیک نہیں ہے۔

  • جان سے مارنے کی منصوبہ بندی کا الزام : آصف زرداری کا عمران خان کو لیگل نوٹس

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام پر عمران خان کو دس ارب ہرجانے کا لیگل نوٹس بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پرجان سے مارنے کی منصوبہ بندی کے الزام پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجوا دیا گیا۔

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے عمران خان کو الزامات پر دس ارب ہرجانے کا نوٹس بھیجا۔

    لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 14 روز میں غیر مشروط معافی مانگیں، عمران خان کو معافی نہ مانگنے پر10 ارب ہرجانے کا سامنا کرنا ہوگا۔

    لیگل نوٹس میں کہنا ہے کہ عمران خان نے آصف زرداری کے دہشت گردوں سے روابط کا دعویٰ کیا، عمران خان کے الزامات سے آصف زرداری کی ساکھ متاثر ہوئی۔

    نوٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں دہشت گردی کا سامنا کیا ہے، سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو بھی دہشتگرد حملے میں شہید ہوئیں۔

    نوٹس کے مطابق آصف زرداری نے جھوٹے، بے بنیاد کیسز میں 8سال سے زائدجیل کاٹی، آصف زرداری ملک کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز رہ چکے ہیں اور ان کی ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے طویل خدمات ہیں۔

    عمران خان نےتقریرمیں دہشتگرد تنظیم سے رابطہ ظاہرکرنےکی کوشش کی ، عمران خان نے آصف زرداری پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا۔

  • جماعت اسلامی اپنا میئر کیسے بنا سکتی ہے؟ اہم تفصیلات

    کون کس سےکرے گا اتحاد؟ کس کا آئے گا میئر کراچی۔۔نتائج کے بعد ممکنہ مخصوص نشستوں کی تقسیم کی تفصیلات اےآروائی نیوز نے نشر کر دیں۔

    پیپلزپارٹی 93 یوسیز پر کامیابی پا کر 32 خواتین کی مخصوص نشستیں حاصل کرے گی۔ پی پی کو نوجوانوں کی 5، لیبر کی5، اقلیت کی5، معذور اور خواجہ سرا کی 1، 1نشست ملےگی۔ پی پی موجودہ 235 کے ایوان میں 142 ارکان کیساتھ سب سے بڑی جماعت ہو گی۔

    جماعت اسلامی کو 86 نشستیں جیتنے پر32 خواتین کی مخصوص نشستیں ملیں گی۔ اسی طرح لیبر5، اقلیت5، نواجون5، معذور اور خواجہ سرا کی1،1نشست ملےگی۔ جماعت اسلامی 133 ارکان کےساتھ کےایم سی میں دوسری بڑی جماعت ہو گی۔

    پی ٹی آئی کو 40 نشستوں پر 14 خواتین، 2 نوجوان، 2 لیبر، 2 اقلیت کی نشستیں ملیں گی۔ پاکستان تحریک انصاف ایوان میں 60 نشستوں کےساتھ تیسری بڑی جماعت ہوگی۔

    جماعت اسلامی اور تحریک انصاف اتحاد کی صورت میں کراچی کا میئر لاسکتی ہے۔ کےایم سی قائدایوان کےلئے 184 نمبر درکار ہے جب کہ پی ٹی آئی اورجماعت اسلامی مل کر 193 ارکان کےایم سی میں ہوں گے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا قیمتیں کنٹرول سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر خود جانچ کرنے کا فیصلہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قیمتیں کنٹرول سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر خود جانچ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کےخلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے قیمتیں کنٹرول سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر خود جانچ کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز متعلقہ ضلع میں اشیاکی قیمتوں کی نگرانی کریں۔

    مراد علی شاہ نے پرائس کنٹرول کے لئے خصوصی فورس قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے ک بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز ڈپارٹمنٹ کو مکمل طور فعال رکھا جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دکانوں، اسٹالز، بازاروں پر پرائس لسٹ آویزاں کی جائے، دکانداروں کو پریشان کرنا ہمارا مقصد نہیں لیکن قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اور ساتھ ہی طے شدہ ایس او پیز کے مطابق اشیاکی قیمتوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے آج خود سبزیوں اور پھلوں کی فہرست کا جائزہ لیا اور کہا کہ مارکیٹ میں سبزیوں اور پھل کے داموں کی فہرست چیک کروں گا۔

  • سندھ حکومت کی الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی پھر سفارش

    کراچی: سندھ حکومت نے کل بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے سفارش کیلئے الیکشن کمشنر کو ایک اور خط لکھ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط لکھ دیا جس میں حیدرآباد اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی پھر سفارش کی ہے۔

    سندھ حکومت نے خط میں لکھا کہ ممکنہ دہشت گردحملے کے خدشات کو رد نہیں کیا جاسکتا، آرمی اور رینجرز کی مطلوبہ تعداد میسر نہیں ہوگی اس لیے بلدیاتی الیکشن ملتوی کی جائے۔

    سندھ حکومت کے خط کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن نے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں سندھ حکومت کے خدشات پر غور کیا جائے گا۔

    حکومت سندھ نے 16 میں سے 8 اضلاع میں انتخابات کے التوا کی تجویز دی ہے، جس میں کراچی کے 7 اور حیدر آبادکے ایک ضلع میں الیکشن ملتوی کرنےکی سفارش کی گئی ہے۔

  • بلدیاتی الیکشن سے متعلق آج رات بڑے فیصلے کا امکان

    کراچی: کراچی اورحیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن ہونگےیا نہیں؟کشمکش برقرار ہے۔

    ذرائع کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے متعلق سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مشاورت ہوئی ہے، جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں امن وامان سے متعلق چیف سیکریٹری اورآئی جی سندھ سے تبادلہ خیال کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے تھریٹ پر سندھ حکومت کوا ٓگاہ کردیا گیا ہے، قانون نافذ کرنےوالےاداروں نے سندھ حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ صورتحال دیکھ کر بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا جائے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے موجودہ صورتحال پرپارٹی قیادت سےرائے لے لی ہے، کراچی کے بلدیاتی الیکشن سےمتعلق آج رات بڑے فیصلےکا امکان ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات میں دہشتگردی کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری

    واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی اور حیدرآباد میں 15 جنوری کو شیڈیول بلدیاتی انتخابات میں دہشت گردی کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے دہشت گرد عناصر بلدیاتی انتخابات میں دہشت گردی کرسکتے ہیں۔

    ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ کے سامان کی ترسیل کا کام شروع کر رکھا ہے۔