Author: سنجے سادھوانی

  • سندھ حکومت کا  کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو لگژری گاڑیاں دینے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو لگژری گاڑیاں دینے کا فیصلہ

    کراچی : سندھ حکومت نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو لگژری گاڑیاں دینے کا فیصلہ کرلیا، مجموعی طور پر 5 کروڑ 26 لاکھ روپےکی گاڑیاں لی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کہ سندھ حکومت نے کمشنرز کو نئی 2755 سی سی گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    اس سلسلے میں محکمہ خزانہ نے بجٹ جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں بتایا کہ 5 کمشنرز اور 29 ڈپٹی کمشنرزکو لگژری گاڑیاں دی جائیں گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر مجموعی طور پر 52 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

    سندھ کے 5 کمشنرز کو 10 کروڑ 8 لاکھ کی نئی گاڑیاں دی جائیں گی اور ڈپٹی کمشنر زکو 40 کروڑ 15 لاکھ سے نئے ڈالے خرید کردئیے جائیں گے۔

    یاد رہے 5 ستمبر کو سندھ حکومت نے اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے 2 ارب روپے کی نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    سندھ کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے 138 اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے نئی ڈبل کیبن گاڑیاں خریدنے کے لیے 2 ارب روپے جاری کرنے کے لیے محکمہ خزانہ کو خط لکھا تھا۔

    بعد ازاں اس پیشرفت کے بعد جماعت اسلامی نے سندھ حکومت کے اقدام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا اور 28 مارچ کو سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے صوبے میں اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے 138 ڈبل کیبن گاڑیوں کی خریداری کو چیلنج کرنے والی درخواست کو خارج کر دیا تھا۔

  • پانی کی قلت کے باوجود کے ٹی پی لنک کینال کھولنے پر سندھ حکومت کا وفاق اور ارسا کو احتجاجی مراسلہ

    پانی کی قلت کے باوجود کے ٹی پی لنک کینال کھولنے پر سندھ حکومت کا وفاق اور ارسا کو احتجاجی مراسلہ

    پنجاب کے ٹی پی لنک کینال سے پانی لینے پر سندھ حکومت نے وفاقی حکومت اور ارسا کو احتجاجی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پانی کے معاملے پر سندھ اور وفاق میں اختلاف مزید بڑھ گیا ہے اور سندھ حکومت نے پنجاب کے ٹی پی لنک کینال سے پانی لینے پر وفاق اور ارسا کو احتجاجی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

    اس مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت کے اعتراضات کے باوجود ٹی پی لنک کینال سے پانی لیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ رات ایک ہزار کیوسک پانی لینے کے سلسلے کو بڑھایا۔ دریائے سندھ سے 3800 کیوسک پانی لیا جا رہا ہے۔

    سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ پنجاب، جہلم چناب زون کو اپنا پانی دینے کے بجائے دریائے سندھ سے پانی فراہم کر رہا ہے۔ سندھ میں پانی کی قلت شدید ہو گئی ہے۔ سکھر بیراج پر 4 ہزار اور کوٹری پر 2300 کیوسک پانی کم مل رہا ہے اور صورتحال یہ ہے یہ صوبے میں کپاس اور چاول کی فصل کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں ہے۔

    اس حوالے سے صوبائی وزیر آبپاشی کا کہنا ہے کہ وفاق اور ارسا سندھ سے نا انصافیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تونسہ پنجند لنک کینال پر پانی کے بہاؤ کو بڑھانا سندھ کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام میں اس اقدام سے بے چینی بڑھ رہی ہے۔ پنجاب، وفاق اور ارسا کے رویے متعلق پیپلز پارٹی کی قیادت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

  • وفاقی حکومت کی کینال منصوبہ ختم کرنے کی پیشکش ،  پیپلزپارٹی کا دو ٹوک جواب آگیا

    وفاقی حکومت کی کینال منصوبہ ختم کرنے کی پیشکش ، پیپلزپارٹی کا دو ٹوک جواب آگیا

    کراچی : وفاقی حکومت نے پیپلزپارٹی کو کینال منصوبہ ختم کرنے کی پیشکش کردی تاہم پی پی کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے کسی بھی عہدیدار کے زبانی وعدے پر یقین نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بیک ڈوررابطوں میں وفاقی حکومت نے پیپلزپارٹی کو کینال منصوبہ ختم کرنے کی پیشکش کردی ، ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر نے پیغام دیا کینال منصوبہ ایکنک ایجنڈے کا حصہ ہی نہیں بنایا جائے گا نہ منظوری دی جائے گی۔

    جس پر پیپلز پارٹی رہنماؤں نے جواب دیا کہ ن لیگ کے کسی بھی عہدیدار کے زبانی وعدے پر یقین نہیں ،وزیراعظم یاوفاقی حکومت منصوبہ ختم کرنے کا اعلان نہیں کرتی تو احتجاج جاری رہے گا۔

    پیپلز پارٹی نے مؤقف میں کہا کہ ہم ن لیگ یا وفاقی حکومت پر کیسے بھروسہ کرلیں، ایوان صدر اجلاس کےمنٹس غلط جاری کئے گئے، ایک وفاقی وزیر نے یہ منٹس لیک کئے، میڈیا کو وفاقی وزیر نے منٹس دے کر غلط فیڈنگ کی۔

    ذرائع پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور اہم وزرا کینال منصوبہ منظوری کی باتیں کر رہے ہیں، ن لیگ پیپلزپارٹی کو عوام اور اداروں سے لڑانے کا کام کر رہی ہے۔

    ذرائع پی پی نے کہا کہ بلاول بھٹو 18 اپریل کوکینال منصوبے، وفاقی حکومت کیخلاف تحریک اعلان کریں گے، دوسرے مرحلے میں سکھر اور میرپور خاص میں احتجاج کیا جائے گا، وزیر اعظم منصوبہ ختم کرنےکا اعلان کریں یا سی سی آئی اجلاس میں منصوبہ مسترد کیا جائے۔

  • صدر آصف زرداری کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا

    صدر آصف زرداری کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا

    کراچی: صدر آصف زرداری کو کئی روز بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

    ڈاکٹر عاصم حسین کے مطابق صدر مملکت کو کورونا رپورٹ منفی آنے پر اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے اور ڈاکٹرز نے صدر مملکت کو مزید فزیوتھراپی کا مشورہ دیا ہے۔

    صدر مملکت 10 روز سے زائد نجی اسپتال میں زیرعلاج رہے ہیں۔ انہیں عید کی رات نوابشاہ سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

    ذاتی معالج کے مطابق پیر کی رات صدر مملکت کو کراچی لے آئے اور ٹیسٹ شروع کیے، ٹیسٹ سے ثابت ہوا کہ ان کو کورونا ہوگیا ہے لہٰذا ہم نے فوراً اس کا علاج شروع کیا، کچھ ایسی دوائیاں تھیں جو پاکستان میں نہیں ملتیں انہیں باہر سے منگوایا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ کورونا نہیں ہو رہا، دراصل یہ پہلے جیسا نہیں لیکن اب بھی پاکستان میں موجود ہے، اب بھی اس کے کیسز آ رہے ہیں، یہ کورونا کا کسی اور قسم کا ویرینٹ ہے۔

    ’آصف علی زرداری کو وہی بیماریاں ہیں جو آپ میں سے آدھے سے زیادہ لوگوں کو ہیں۔ بلڈ پریشر اور شوگر جیسی بیماریاں چلتی رہتی ہیں۔ میں ایک ذمہ دار ڈاکٹر ہوں جو کہہ رہا ہوں مثبت بات ہے۔ ہمیں کسی سے ڈر نہیں، ان کی صحت اچھی ہے۔ صدر مملکت سے ملاقات پر پابندی ہے صرف ڈاکٹر مل سکتے ہیں۔‘

  • کینال مخالف قرارداد :  ن لیگ قیادت نے پیپلز پارٹی کو دو ٹوک جواب دے دیا

    کینال مخالف قرارداد : ن لیگ قیادت نے پیپلز پارٹی کو دو ٹوک جواب دے دیا

    کراچی : ن لیگ قیادت نے پیپلز پارٹی کو کینال مخالف قرارداد پر حمایت نہ کرنے دو ٹوک جواب دے دیا اور کہا آپ کوقرارداد واپس لینا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ قیادت کا کینال کیخلاف قرارداد کی حمایت نہ کرنے کا دوٹوک مؤقف سامنے آگیا ، ذرائع پی پی نے کہا گزشتہ روز پیپلز پارٹی ایم این ایز ، شبیر بجارانی کی کینال مخالف قرارداد پر دستخط کرچکے تھے۔

    اعظم نذیرتارڑ نے جواب میں کہا کہ ایوان میں پالیسی بیان دیں گے، آپ کو کینال تنازع پر قرارداد واپس لینا ہوگی، ہم کسی طور پر پیپلز پارٹی کی کینال مخالف قرارداد پر حمایت نہیں کریں گے۔

    ذرائع نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کینال مخالف قرارداد کے لئے ایوان میں ایم کیو ایم رابطہ کیا لیکن ایم کیو ایم نے بھی قومی اسمبلی میں کینال مخالف قرارداد پر ووٹ دینے سے انکار کردیا۔

    ذرائع پی پی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے بھی کینال مخالف قرارداد پر پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں دیا اور تحریک انصاف نے کینالوں کی تعمیرات کیخلاف قرارداد پر حمایت نہیں کی۔

    قومی اسمبلی میں ن لیگ، تحریک انصاف، ایم کیو ایم سب کینالوں متعلق قرارداد کی حمایت سے منع کردیا۔

    ذرائع کے مطابق پی پی ایم این ایز قرارداد پیش نہ کرسکے تو اسپیکر سے خصوصی اجازت پر پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کی، پی پی ایم این ایز کا کہنا تھا کہ پی پی بغیر نمبرز قرارداد پیش کرتی تو صوبے کے مؤقف کا نقصان ہوتا، ہم قومی اسمبلی میں پانی معاملے پر اپنا اسٹینڈ لیتے رہیں گے۔

  • صدر مملکت آصف زرداری کی طبیعت اچانک خراب، نجی اسپتال منتقل

    صدر مملکت آصف زرداری کی طبیعت اچانک خراب، نجی اسپتال منتقل

    کراچی: صدر مملکت آصف زرداری کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے انھیں نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کو رات گئے کلفٹن میں واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، رات گئے ان کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی۔

    ذرائع پی پی نے بتایا کہ آصف زرداری کا علاج جاری ہے، نجی اسپتال میں ان کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے ہیں، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بخار اور انفیکشن کے لیے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، صدر مملکت کو بخار محسوس ہو رہا تھا۔


    بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے عید کے دن کوئی ملنے جیل نہیں آیا


    ڈاکٹروں کے مطابق میڈیکل رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جا سکے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کلفٹن کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں پولیس اور قانون نافد کرنے والے ادارے سیکیورٹی پر موجود ہیں۔

  • سندھ نہیں پنجاب میں ایک اور موٹروے بنانے کی منظوری، وزیراعلیٰ کے خطوط نظرانداز

    سندھ نہیں پنجاب میں ایک اور موٹروے بنانے کی منظوری، وزیراعلیٰ کے خطوط نظرانداز

    کراچی: ایکنک نے حیدرآباد سکھر موٹروے نظرانداز کرکے پنجاب میں بنانے کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ کے خطوط نظرانداز کردیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے حیدرآباد سکھر موٹروے کیلئے لکھے گئے خطوط کو نظرانداز کردیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے 6 مارچ 2024 کو وزیراعظم اور فیڈرل پی اینڈ ڈی کو خطوط لکھے تھے۔

    وزیراعلیٰ نے حیدرآباد سکھر موٹروے کیلئے 13 جنوری 2025 کو وزیراعظم کو ایک اور خط لکھا تھا، جام خان شورو نے ایکنک میں بھی حیدرآباد سکھر موٹروے کا معاملہ اٹھایا۔

    ایکنک نے کے فور سمیت متعدد منصوبوں‌ کی منظوری دے دی

    پی ڈی ایم حکومت اور مسلم لیگ ن کے دور میں حیدرآباد سکھر موٹروے کےلیے اسکیم نظرانداز ہوتی رہی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ لنک موٹروے کیلئے رقم مختص کرنے سے پہلے حیدرآباد سکھر موٹروے بنایا جائے۔

    خط میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے بننے سے معیشت ترقی کرے گی، حیدرآباد سکھر موٹروے گوادر اور کراچی پورٹ کے سامان کی ترسیل کیلئے اہم ہے۔

  • کراچی میں فائیو اسٹار ہوٹل چین پر چھاپہ، مضر صحت گوشت اور بٹر کریم برآمد

    کراچی میں فائیو اسٹار ہوٹل چین پر چھاپہ، مضر صحت گوشت اور بٹر کریم برآمد

    کراچی کے فائیو اسٹارک ہوٹل چین پر فوڈ اتھارٹی نے چھاپہ مارا اس دوران مضر صحت گوشت برآمد ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں معروف فائیو اسٹار ہوٹل چین پر چھاپہ مارا گیا اس دوران مضر صحت اشیا برآمد ہوئی جبکہ کیس میں درج کرلیا گیا ہے۔

    سندھ فوڈ اتھارٹی نے پی آئی ڈی کے قریب ہوٹل پر کارروائی کی۔

    کارروائی کے دوران 25 کلو مضر صحت گوشت، زائد المعیاد بٹر کریم اور دیگر اشیا برآمد کیں۔کچن، واشنگ ایریا بھی حفظان صحت کے اصولوں کے منافی پائے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق انسپکشن پر کچن اور واشنگ ایریا حفظان صحت کے اصولوں کے منافی پائے گئے، سندھ فوڈ اتھارٹی نے سول جج جنوبی کی عدالت میں مقدمہ داخل کروادیا۔

  • 70 ہزار سے 16 لاکھ روپے ماہانہ کمانے کا موقع ! پاکستانی نوجوانوں  کے لئے بڑی خبر

    70 ہزار سے 16 لاکھ روپے ماہانہ کمانے کا موقع ! پاکستانی نوجوانوں کے لئے بڑی خبر

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 30 ہزار طلبہ کو گوگل اسکالر شپس دینے کا اعلان کردیا، جس سے طلبا کو 70 ہزار سے 16 لاکھ روپے ماہانہ کمانے کا موقع ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت، گوگل اور ٹیچ ویلی کے درمیان معاہدے کی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد کی گئی ، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے 30 جامعات کے 30 ہزار طلبہ کو اسکالر شپ دینے کا اعلان کردیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے 30000 گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹ اسکالر شپس کا افتتاح کیا اور گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ڈیجیٹل تعلیم اورہنرمندی میں انقلابی اقدامات کررہی ہے، اسکالر شپس نوجوانوں کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، جس سے ڈیجیٹل مہارتوں سے سندھ کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور گوگل کے درمیان اہم معاہدہ کیاگیاہے، کم مراعات یافتہ طبقات اور خواتین کیلئےخصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے، کورسز گوگل کے ماہرین نے تیار کیے ہیں اور انہیں آن لائن مکمل کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ 3 سے 6 ماہ کی مدت کے کورسز ہیں، چاہتے ہیں سندھ کے طلبہ عالمی معیار کی تربیت حاصل کریں، اسکالر شپ میں 30 فیصدخواتین کاہدف رکھا گیا اور ساتھ پسماندہ طبقات پر توجہ دی جائیگی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گوگل اسکالر شپ یافتہ طلبہ 70 ہزار سے 16 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ حاصل کر رہے ہیں، کم از کم 30 فیصد خواتین کو ڈیجیٹل تعلیم کے مواقع دیے جائیں گے، سندھ کے ہر نوجوان کے لیے مساوی تعلیمی مواقع یقینی بنائیں گے۔

  • کراچی: سول اسپتال میں دواؤں کی مد میں کروڑوں سے زائد کی کرپشن کا انکشاف

    کراچی: سول اسپتال میں دواؤں کی مد میں کروڑوں سے زائد کی کرپشن کا انکشاف

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں سول اسپتال میں دواؤں کی مد میں 35 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف سامنے آگیا۔

    انکوائری رپورٹ کے مطابق آئی ٹی ڈپارٹمنٹ، ریکارڈ، کنزیومر اور میڈیکل اسٹور کا ریکارڈ غائب پایا گیا، اونکالوجی ڈپارٹمنٹ کی سربراہ اور اسٹاف نرس نے اپنے دستخط جعلی قرار دیے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ اے ایم ایس ڈاکٹر نصر اللہ اور ڈاکٹر نے کہا کہ عام روٹین میں شیٹ پر دستخط کیے تھے، سول اسپتال کے اسٹور انچارج نیاز علی خاصخیلی نے بیان ریکارڈ نہیں کروایا۔

    اس میں مزید انکشاف ہوا کہ نیاز علی خاصخیلی عدالت سے ضمانت مسترد ہونے پر مفرور ہو چکا ہے، اس کے خلاف اسپتال کی دواؤں میں خورد برد کا کیس ہے۔

    21 جون 2024 کو سول اسپتال سے مبینہ طور 36 کروڑ مالیت کی کینسر کی ادویات چوری ہوگئی تھیں۔ محکمہ صحت کے ملازمین کے خلاف تھانہ عیدگاہ میں چوری کا مقدمہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

    سول اسپتال سے 10 ماہ میں کینسر کی 76 ہزار گولیاں چوری کی گئی تھیں، سول اسپتال میں تعینات نیاز خاصخیلی اور اقبال چنا چوری میں ملوث قرار دیا گیا تھا۔

    کینسر کی چوری ہونے والی میڈیسن کی مالیت 36 کروڑ روپے تھی، دوائیاں 17 فروری 2023 سے 26 ستمبر 2023 کے عرصہ میں غائب کی گئیں۔

    سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ شکایت ملی کہ ادویات مدت سے پہلےختم ہو رہی ہیں جس پر انکوائری کی گئی۔