Author: سنجے سادھوانی

  • سندھ حکومت کا صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رہنما صارم برنی کی بچوں کو اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتاری کے بعد حکومت سندھ نے صارم برنی ٹرسٹ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    سندھ حکومت کے محکمہ سوشل ویلفیئر  نے ہدایت جاری کردی، ایف آئی اے نے صارم برنی سے متعلق بچے اسمگلنگ کیس کے تحت سندھ حکومت کو مراسلہ لکھا تھا۔

    مراسلے میں کہا گیا تھا کہ صارم برنی یتیم خانے کے معاملات سندھ حکومت کا محکمہ سوشل ویلفیئر خود دیکھے گا اور یہ فیصلہ بھی سامنے آیا ہے کہ سندھ حکومت صارم برنی ٹرسٹ کے یتیم خانے کے معاملات بھی خود سنبھالے گی۔

    واضح رہے کہ صارم برنی پر پاکستان سے امریکا میں بچوں کی اسمگلنگ کا الزام ہے، امریکی قونصل خانے کی درخواست پر صارم برنی کو امریکا سے واپسی پر 5 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات بڑھانے سے متعلق اہم فیصلہ

    اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات بڑھانے سے متعلق اہم فیصلہ

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے موسم کے پیش نظر اسکولز کی تعطیلات 14 اگست تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر محکمہ تعلیم نے 14 اگست تک اسکولز میں تعطیلات بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ گرمی اور برسات کے امکان پر تعطیلات میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں 14 اگست سے ہم نصابی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے گا، تمام نجی و سرکاری اسکولز جشن آزادی سے متعلق پروگرامز منعقد کریں گے۔

    سردار علی شاہ نے کہا کہ تعطیلات کے بعد سندھ میں نیا تعلیمی سال 15 اگست سے شروع ہوگا۔

    واضح رہے کہ سندھ میں جون جولائی کی چھٹیوں کے بعد اسکولز یکم اگست سے کھولے جانے تھے تاہم موسم کی صورتحال کے پیش نظر اب اسکولز 15 اگست سے کھلیں گے۔

  • مون سون بارشیں تباہ کن ہوسکتی ہیں، ترجمان سندھ حکومت نے عوام کو الرٹ کردیا

    مون سون بارشیں تباہ کن ہوسکتی ہیں، ترجمان سندھ حکومت نے عوام کو الرٹ کردیا

    کراچی : سندھ حکومت نے آئندہ مون سون نے عوام کو مون سون بارشوں کے خطرے سے الرٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بارشیں تباہ کن ہوسکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت ارسلان اسلام شیخ  نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آنے والی مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات سےنمٹنےکےحکومت کی تمام ترتیاریاں مکمل ہیں۔

    ارسلان اسلام شیخ نے عوام کو خبردار کیا کہ مون سون بارشیں بہت تباہ کن ہوسکتی ہیں، عوام کھانے پینے کی اشیا اور ادویات ساتھ رکھیں۔

    ترجمان نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے ہاوسنگ پراجیکٹ کے تحت اکیس لاکھ گھربن رہے ہیں، 600 ارب روپےکی لاگت سےمنصوبہ مکمل ہوگا، تمام کام پلاننگ کے تحت ہو رہے ہیں ہم کام کرتے ہیں صرف ٹک ٹاک نہیں بناتے۔

  • وزیراعظم  بلاول بھٹو کے تحفظات دور کرنے میں ناکام

    وزیراعظم بلاول بھٹو کے تحفظات دور کرنے میں ناکام

    اسلام آباد : چیئرمین پی پی بلاول بھٹو سے وزیر اعظم کی ملاقات نتیجہ خیز نہیں رہی ، ملاقات میں وزیراعظم کو بجٹ پرتعاون کی یقین دہانی نہیں کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کے تحفظات دور کرنے میں ناکام رہے۔

    پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری سے وزیر اعظم کی ملاقات نتیجہ خیز نہیں رہی، پی پی نے وزیراعظم کو بجٹ پرتعاون کی یقین دہانی نہیں کرائی اور حکومت کی غیر مشروط حمایت سے معذرت کرلی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی نے مطالبات منظوری تک کسی یقین دہانی کرانے سےمعذرت کرلی اور حکومت کو بجٹ اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت نے پی پی سے بجٹ پاس کرانےمیں تعاون کی درخواست کی تھی ، جس پر پیپلز پارٹی نے حکومت سے تحریری معاہدے پرعملدرآمد کا مطالبہ کیا تاہم حکومت نے پیپلزپارٹی کو مطالبات منظوری پرڈیڈ لائن نہیں دی۔

    پی پی کا کہنا ہے کہ ملکی وسیع تر مفاد اتحادی حکومت کے ساتھ چلنے پر مجبور ہیں، پیپلزپارٹی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے، آئندہ بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

    پی پی ذرائع نے مزید کہا کہ کسی کو بلیک میل نہیں کر رہے، ، مہذب انداز میں اپنے تحفظات وزیر اعظم کو بتائے ہیں، وفاقی بجٹ پر تحفظات ہیں، سندھ کے منصوبوں کو نظرانداز کیا گیا ہے، جس پر وزیر اعظم یقین دلایا ہے سندھ کو حصے فنڈز جلد فراہم کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ تحفظات و خدشات سے صدر مملکت آصف علی زرداری کو آگاہ کردیا گیا اور پیپلز پارٹی نے آئندہ سی ای سی اجلاس میں وفاقی حکومت کے رویے کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ترجمان پی پی شازیہ مری نے اے آر وائی سے گفتگو میں تصدیق کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں نتیجہ خیز کوئی بات نہیں ہوئی۔

  • کونسی سی جماعتیں قربانی کی کھالیں جمع نہیں کرسکتیں؟

    کونسی سی جماعتیں قربانی کی کھالیں جمع نہیں کرسکتیں؟

    کراچی: عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے قوائد و ضوابط جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی مرضی کے بغیر کھالیں جمع نہیں کرسکتا، کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز یقینی بنائیں کہ صرف رجسٹرڈ جماعتیں یا ادارے ہی کھالیں جمع کریں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ لگانے یا بینرز لگانے پر پابندی ہوگی، گاڑیوں پر پارٹی پرچم یا لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کرکے کھالیں جمع کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ کھالیں جمع کرتے وقت کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا اجازت نامہ ساتھ رکھنا ضروری ہوگا۔

    محکمہ داخلہ نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی، 10 سے 12 ذی الحج تک محکمہ داخلہ سندھ کے اسلحہ لے کر چلنے کے احکامات معطل رہیں گے۔

  • ویڈیو: اسد عمر کی طبیعت اچانک بگڑنے پر ریسکیو ایمبولینس طلب کر لی گئی

    ویڈیو: اسد عمر کی طبیعت اچانک بگڑنے پر ریسکیو ایمبولینس طلب کر لی گئی

    کراچی: اسد عمر کی طبیعت اچانک بگڑنے پر ریسکیو ایمبولینس طلب کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی طبیعت اچانک ناساز ہونے پر انھوں نے ریسکیو ایمبولینس 1122 سے رابطہ کیا، ایمبولینس میں اسپتال منتقلی کے دوران ان کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    طلب کیے جانے پر سندھ ریسکیو ایمبولینس 1122 پانچ منٹ اسد عمر کو گھر سے اسپتال پہنچانے پہنچ گئی تھی، جس پر سابق وفاقی وزیر نے ریسکیو ایمبولینس سروس کی تعریف کی۔

    ویڈیو میں اسد عمر کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ کراچی میں یہ سروس کسی نعمت سے کم نہیں ہے، یہ ایمبولینس اور اس کا عملہ بہت پروفیشنل اور تربیت یافتہ ہے۔

  • انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ تبدیل

    انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ تبدیل

    کراچی: ہیٹ ویو کے پیشِ نظر سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئندہ دنوں میں ہیٹ ویو کے پیش نظر سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تاریخ تبدیل کی گئی ہے۔

     وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ محمدعلی ملکانی کی سفارش پر امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنے کی منظوری دی ہے۔

    ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق انٹر کے امتحانات 22 مئی کی بجائے اب 27 مئی سے ہوں گے۔ یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    کراچی سمیت ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں درجہ حرارت سے کہیں زیادہ گرمی محسوس کی جائے گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کی ہوا  میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے اور جنوب مغربی سمت سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہیں ہیں۔

  • ’مجھے اسٹریٹ کرائم پر مکمل کنٹرول چاہیے‘، وزیر اعلیٰ سندھ کی آئی جی کو ہدایت

    ’مجھے اسٹریٹ کرائم پر مکمل کنٹرول چاہیے‘، وزیر اعلیٰ سندھ کی آئی جی کو ہدایت

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی غلام نبی میمن کو اسٹریٹ کرائم پر مکمل کنٹرول اور وارداتوں کے مقدمات کم کرنے کی ہدایت کر دی۔

    وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو امن و امان سے متعلق آئی جی سندھ کی جانب سے رپورٹ موصول ہوئی جس میں غلام نبی میمن نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم پر کافی حد تک کنٹرول ہو چکا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔

    رپورٹ میں آئی جی سندھ نے بتایا کہ جنوری میں روزانہ اسٹریٹ کرائم کے 254 مقدمات ہوتے تھے جبکہ فروری میں 252 اور مارچ میں 245 کیسز روزانہ رجسٹر ہوئے، بعدازاں مارچ میں کیسز کم ہو کر روزانہ 170 تک آگئے۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی میں 3 ہزار کباڑی ہیں جبکہ 354 چوری کے سامان کے کاروبار میں ملوث ہیں، چوری کا سامان خریدنے والوں کے خلاف 32 ٹیمیں کام کر رہی ہیں، 77 مقدمات درج اور گرفتار کر کے چوری کا سامان برآمد کیا گیا۔

    اس پر وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ اسٹریٹ کرائم کے مقدمات مزید کم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی چوری کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ سکیورٹی 4 منصوبے کیلیے 1.4 ارب روپے جاری کر چکا ہوں، آئندہ ماہ سکیورٹی 4 منصوبے کا افتتاح کروں گا۔

    آئی جی سندھ نے بتایا کہ صوبے میں 48 ٹول پلازے ہیں جن میں سے 40 پر سی سی ٹی وی نصب ہو چکے ہیں جبکہ 8 پر کام جاری ہے، جون کے پہلے ہفتے تک تمام ٹول پلازوں پر کیمرے لگ جائیں گے۔

    گزشرہ روز اے آر وائی نیوز نے خبر شائع کی تھی جس میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی آڑ میں دہشتگردوں کے سرگرم ہونے کا انکشاف کیا گیا تھا۔

    خبر کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مزاحمت پر قاتلانہ حملوں کی 27 وارداتیں دہشتگردی کی نکلی تھیں۔ پولیس نے فرقہ وارانہ عسکریت پسند تنظیم کے دو کارندوں وقار عباس اور حسین اکبر کو گرفتار کیا تھا۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف شیخ کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 13 قتل کا اعتراف کیا ہے، ملزم چھوٹے کیس میں گرفتار ہوکر خود ہی جیل چلے جاتے تھے، ملزمان کو جیل سے نکالنے کے بعد ٹارگٹ کلنگ کے کیسز میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق منظم گروہ کا ماسٹر مائنڈ سید حسین موسوی بیرون ملک مقیم ہے جبکہ اس گروہ کے 24 سہولت کار موجود ہیں۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ نومبر سے ٹارگٹ کلنگ کی واراداتیں شروع ہوئی تھیں جس میں ایک ہی جماعت کے کارکن جاں بحق ہو رہے تھے، ہم نے تفتیش کی اور انہیں ٹارگٹ کلنگ میں گرفتار کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کا ایک اور چار افراد پر مشتمل ٹارگٹ کلرز کا گروہ ہے جس کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • ایم کیوایم  کے سابق ایم پی اے کی امتحانی مراکز میں گھس کر خاتون ٹیچرز کو دھمکیاں، ویڈیو وائرل

    ایم کیوایم کے سابق ایم پی اے کی امتحانی مراکز میں گھس کر خاتون ٹیچرز کو دھمکیاں، ویڈیو وائرل

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق ایم پی اے صداقت حسین نے امتحانی مراکز میں گھس کر خاتون ٹیچرز کو دھمکیاں دیں، جس کی ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سابق ایم پی اے اورنگی ٹاؤن صداقت حسین کی جانب سے خاتون سے بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا۔

    امتحانی مراکز میں گھس کرایم کیو ایم کے سابق ایم پی اے نے خاتون ٹیچرزکودھمکیاں دیں ، جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

    سابق ایم پی اے کو وڈیو میں عملے کو زد و کوب کرتے دیکھا جا سکتا ہے، صوبائی وزیریونیورسٹی بورڈ نے امتحانی مراکز میں گھس کردھمکیاں دینے کا نوٹس لے لیا۔

    صوبائی وزیریونیورسٹی بورڈ نے کہا کہ محکمہ تعلیم کےعملےسےبدمعاشی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    اسکول عملے نے گفتگو میں کہا کہ صداقت حسین کی شکایت انیس قائم خانی کو کریں گے۔

  • سندھ کابینہ اجلاس میں پیپلز بس سروس کا کرایہ کتنا مقرر کیا گیا؟

    سندھ کابینہ اجلاس میں پیپلز بس سروس کا کرایہ کتنا مقرر کیا گیا؟

    کراچی: سندھ کابینہ اجلاس میں پیپلز بس سروس کا کرایہ 50 روپے برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دی گئی کہ پیپلز بس سروس کے لیے نگراں دور میں 50 روپے کرایہ برقرار رکھا گیا تھا، کرایے چھ ماہ کے لیے جنوری تا جون 2024 تک مقرر کیا گیا تھا۔

    50 روپے کرایہ مقرر کرنے کے لیے 579.758 ملین روپے 6 ماہ کی سبسڈی کے طور پر منظور کیے گئے جس میں سے 289.878 ملین روپے جاری ہوچکے ہیں۔

    کابینہ نے 50 روپے کرایہ برقرار رکھنے کے لیے باقی 289.878 ملین جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

    علاوہ ازیں اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ٹیکسٹ بک بورڈ کے لیے 1011.124 ملین روپے نصابی کتابوں کے لیے درکار ہیں۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ نگراں حکومت نے 3.5 بلین روپے منظور کیے تھے، ٹیکسٹ بورڈ کا ریگولر بجٹ 2350 ملین ہے جس میں 1265 ملین جاری ہوچکے ہیں۔

    کابینہ نے نصابی کتابوں کے لیے 1.011 بلین روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی، وزیر اعلیٰ نے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے آڈٹ کرنے کی بھی ہدایت دے دی۔