Author: سحرش کھوکھر

  • شہید ارشد شریف کا مشن جاری رہے گا، صحافی برادری کا عزم

    شہید ارشد شریف کا مشن جاری رہے گا، صحافی برادری کا عزم

    سکھر: سکھر یونین آف جرنلسٹس اور سکھر پریس کلب نے عدالت عظمیٰ کی جانب سے شہید ارشد شریف کے قتل پر از خود نوٹس لینے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر یونین آف جرنلسٹس اور سکھر پریس کلب کیجانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ معروف صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے کینیا میں بہیمانہ قتل پر چیف جسٹس آف پاکستان کیجانب سے ازخود نوٹس لینے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے شہید ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر از خود نوٹس لیا، امید کرتے ہیں کہ
    شفاف تحقیقات کے ذریعے قاتلوں کی گرفتاری کا عمل یقینی بنایا جائے گا۔

    سکھر یونین آف جرنلسٹس اور سکھر پریس کلب کے صدور و جنرل سیکرٹریز سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کیجانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ شہید ارشد شریف قتل میں ملوث ملزمان کو بے نقاب کرنے اور کیفر کردار تک پہنچانے سے انصاف کا بول بالا، اظہارِ رائے کی آزادی کو تقویت اور جمہوری روایات کو فروغ حاصل ہوگا۔

    مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے تمام قلم کے مزدورچیف جسٹس آف پاکستان کیجانب سے از خود نوٹس لینے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کا آج شام تک ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم

    جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ارشد شریف پاکستان میں حق سچ کی آواز تھے جس نے اپنے قلم کے ذریعے سماج کے مکروہ چہروں کو بے نقاب کیا شہید ارشد شریف نے آخری دم تک حق وسچ کاعلم بلند رکھا اور کوئی سمجھوتہ کئے بغیر اپنے مشن سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے۔

    بیان میں کہا گیا کہ ملک بھر کی صحافتی برادری اور صحافتی تنظیمیں شہید ارشد شریف کے قاتلوں کی سزا تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آج شام تک ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی آر کی کاپی اور انکوائری رپورٹ طلب کررکھی ہے۔

  • ویڈیو: ریلوے اسٹیشن پر ریل میں سوار ہوتی خاتون کے ساتھ دل دہلا دینے والا واقعہ

    ویڈیو: ریلوے اسٹیشن پر ریل میں سوار ہوتی خاتون کے ساتھ دل دہلا دینے والا واقعہ

    سکھر: سندھ کے شہر روہڑی میں ریلوے اسٹیشن پر ایک خاتون کے ساتھ دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے وہ بچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق روہڑی ریلوے اسٹیشن پر ایک پولیس اہل کار نے ٹرین میں سوار ہونے کی کوشش کرنے والی ایک خاتون کی اس وقت جان بچائی جب اچانک ان کا پاؤں پھسل گیا، اور وہ ٹرین کے نیچے آنے والی تھیں۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریل میں چڑھنے کی کوشش کے دوران اچانک خاتون کا پاؤں رپٹ گیا، اور وہ نیچے گرنے والی تھیں۔

    موقع پر موجود ریلوے پولیس کے اے ایس آئی سہراب خان نے پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو ٹرین کے نیچے آنے سے بچا لیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ خاتون روہڑی سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس میں سوار ہو رہی تھیں، ناخوش گوار واقعے کے بعد خاتون کو بہ حفاظت ٹرین میں سوار کر کے اپنی منزل کی طرف روانہ کیا گیا۔

  • اسکول میں بچوں سے پیسے لے کر صفائی کروانے کا انکشاف

    اسکول میں بچوں سے پیسے لے کر صفائی کروانے کا انکشاف

    سکھر: سندھ کے شہر سکھر کے سرکاری اسکول میں بچوں سے پیسے لے کر صفائی کروائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سکھر گورنمنٹ نیشنل ڈی ایم بی گرلز کیمپس ہائی اسکول کے بچوں نے ٹیچر کا بھانڈا پھوڑ دیا۔بچوں نے بتایا کہ ٹیچر ہم سے جھاڑو پونچھا کرواتی ہیں اور خاکروب کے لیے پیسے بھی لیتی ہیں۔

    کمسن طلبا نے بتایا کہ ٹیچر ہم سے کبھی دس، بیس روپے اور کبھی تیس روپے لیتی ہیں ہمارے اسکول میں کئی ماہ سے جمع دار نہیں ہے اور ہم سے متعدد مرتبہ صفائی کروائی گئی۔

    بچوں کا کہنا تھا کہ بارش کے بعد جب اسکول کھلے تو ساری صفائی بھی ہم سے کروائی گئی ہم چیز کے پیسے لاتے ہیں اور ٹیچر ہم سے وہ لے جاتی ہیں جبکہ اسکول کے سارے پنکھے خراب ہیں ہم گرمی میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔

    ایک طالبہ کی والدہ نے کہا کہ "ہمارے بچوں سے صفائی کرواتے ہیں اگر نہیں کریں تو بچوں کی پٹائی ہوتی ہے بچوں سے صفائی کروانا کہاں کا انصاف ہے۔”

    اسکول ٹیچر کا موقف ہے کہ "ہمیں ڈائریکٹر اسکول نے بھی کہا ہے کے اگر خاکروب نہیں ہے تو بچوں سے صفائی کروائیں۔

     دوسری جانب سرکاری تعلیمی ادارے میں بچوں کے ساتھ ناروا رو سلوک کی رپورٹنگ کرنے پراسکول کی پرنسپل نسیم لاکھو کی جانب سے خاتون صحافی سے بد تمیزی کی گئی اور انہیں گرفتار کروانے کے لیے مرد پولیس اہلکاروں کو بلوایا گیا۔

     پرنسپل نسیم لاکھو نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ "فوٹیج ڈیلیٹ کرو ورنہ میں تمہارے خلاف مقدمہ درج کروادوں گی۔”

    پرنسپل نے اعتراف کیا کہ بچے دیر سے آئیں تو سزا کے طور پرکبھی کبھی بچوں سے صفائی کروا لیتی ہوں۔ خیال رہے کہ سرکاری اسکول میں گزشتہ کئی ماہ سے خاکروب نہیں ہے اور بچوں سے صفائی کا کام لیا جا رہا ہے۔