Author: شاہد ہاشمی

  • حیدر علی کے خلاف مانچسٹر پولیس کی تحقیقات، پی سی بی نے معطل کردیا

    حیدر علی کے خلاف مانچسٹر پولیس کی تحقیقات، پی سی بی نے معطل کردیا

    پاکستانی کرکٹر حیدر علی پاکستان شاہینز کے دورہ انگلینڈ میں تنازع کا شکار ہوگئے۔

    پاکستانی بیٹر حیدر علی کے خلاف گریٹر مانچسٹر پولیس مجرمانہ تحقیقات کررہی ہے، پی سی بی نے انہیں معطل کردیا ہے۔ ان کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ مزید کارروائی بھی کرے گا۔

    انگلش میڈیا کے مطابق حیدر علی کے خلاف کسی لڑکی نے شکایت درج کروائی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹر کو مانچسٹر پولیس نے ضمانت پر رہا کردیا ہے، تحقیقات مکمل ہونے تک وہ برطانیہ سے باہر نہیں جاسکیں گے، انہیں تین روز تک حراست میں رکھا گیا۔

    قومی کرکٹر کا پاسپورٹ گریٹر مانچسٹر پولیس کی تحویل میں ہے، پولیس نے انہیں مزید تحقیقات کے یلے دو ہفتے بعد دوبارہ بلایا ہے،۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے پاکستان ہائی کمیشن کے ذریعے حیدر علی کو لیگل معاونت فراہم کی ہے، پاکستانی نژاد وکیل بیرسٹر معین علی کی خدمات انہیں فراہم کی گئی ہیں۔

    یہ کیس مبینہ طور پر پاکستان شاہینز کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہے، حالانکہ پولیس یا پی سی بی کی جانب سے اس بارے میں کوئی خاص تفصیلات منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔

    بورڈ نے تصدیق کی کہ حیدر علی کو قانونی مدد فراہم کی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ برطانیہ کی تحقیقات جاری رہنے کے دوران ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔

    بورڈ نے حیدر علی کو عارضی معطلی کے تحت رکھا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اسے نتیجہ آنے تک کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    پی سی بی نے نوٹ کیا کہ وہ یہ فیصلہ کرنے سے پہلے قانونی عمل کے مکمل ہونے کا انتظار کرے گا کہ آیا اس کے ضابطہ اخلاق کے تحت مزید تادیبی کارروائی کی ضرورت ہے۔

    حیدر علی کے لیے یہ ایک بڑا دھچکا ہے جو اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹس میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

  • آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) میں شرکت سے متعلق پاکستان کا بڑا فیصلہ

    آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) میں شرکت سے متعلق پاکستان کا بڑا فیصلہ

    لاہور (03 اگست 2025): پاکستان نے آئندہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے دہرے معیار پر مایوسی کا اظہار کیا گیا، اور پاکستانی کھلاڑیوں پر آئندہ ڈبلیو سی ایل میں شرکت پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

    پی سی بی کا مؤقف ہے کہ ڈبلیو سی ایل نے جان بوجھ کرمیچ نہ کھیلنے والی ٹیم کو پوائنٹس دیے، نیز پاک بھارت لیجنڈز میچ کی منسوخی پر تعصب سے بھری پریس ریلیز بھی جاری کی گئی، جس میں چیمپئن شپ کے مقصد کو سیاسی مفادات کے تابع کیا گیا۔

    پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے اصولوں کو غیر مرئی دباؤ پر پامال کرنے کا عمل افسوس ناک قرار دیا، اور کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کا علم بردار ہے، منتظمین کا جانب دار رویہ اس ٹورنامنٹ کے مستقبل کے لیے تشویش ناک ہے۔


    دوسرا ٹی 20، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی


    پی سی بی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ڈبلیو سی ایل کی معذرت مخصوص قوم پرستی کے دباؤ کا ایک ثبوت ہے، اور یہ واضح کیا جاتا ہے کہ بین الاقوامی کھیلوں میں دوغلا رویہ ناقابل قبول ہے، غیر جانب دار اصولوں کی خلاف ورزی سے افسوس ناک صورت حال پیدا ہوئی، اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ اپنی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ میں نہیں بھیجے گا

    پی سی بی نے ڈبلیو سی ایل پر واضح کیا کہ ایسے مقابلے میں شرکت نہیں ہوگی جسے سیاست نے داغ دار کر دیا ہو۔

  • بھارتی بورڈ نے ایشیا کپ سے دستبردار ہونے کی خبروں کی تردید کردی

    بھارتی بورڈ نے ایشیا کپ سے دستبردار ہونے کی خبروں کی تردید کردی

    بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2025 اور ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ سے بھارت کے دستبردار ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔

    بھارت کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیو جیت سائیکیا نے کہا ہے کہ بھارتی بورڈ نے ایشیا کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے ایونٹس سے متعلق فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات چیت ہوئی ہے۔

    دیواجیت سیکیا نے کہا کہ ایشیا کرکٹ مقابلوں میں شرکت نہ کرنے کی خبریں صبح سےسن رہا ہوں، کوئی بھی خبر یا رپورٹ محض قیاس آرائی اور خیالی ہے۔

    بھارت کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری نے مزید کہا کہ بی سی سی آئی کی توجہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور انگلینڈ کے خلاف سیریز پر مرکوز ہے۔

    بھارت کا ایشیا کپ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ بھارتی اخبار نے بھارت کے ایشیا کپ کرکٹ سے دستبرداری کے فیصلے کی خبر شائع کی تھی، بھارتی اخبار نے کہا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہیں، بھارتی ٹیم ایک ایسے ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل سکتی جس کے سربراہ پاکستان کے وزیر ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارتی اخبار نے نام کے بغیر ایک بھارتی آفیشل کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا، ایشیا کپ رواں سال ستمبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔۔

  • پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ کون ہوگا؟

    پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ کون ہوگا؟

    قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو ٹیسٹ یم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار شاہد ہاشمی نے بتایا کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ثقلین مشتاق کا نام بھی سامنے آیا تھا لیکن مصباح اس وقت فیوریٹ ہیں۔

    شاہد ہاشمی نے بتایا کہ پچھلے دو سال میں آٹھ کوچز بدل چکے ہیں اور اب یہ نواں کوچ ہوگا۔

    دوسری جانب سابق کرکٹر باسط علی کا بھی کہنا ہے کہ مصباح الحق ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کے لیے تیار ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائت ایکس پر باسط علی نے پی سی بی اور مصباح کی جانب سے کوئی تصدیق نہ ہونے کے باوجود سابق کپتان کو مبارک باد پیش کی۔

    انہوں نے لکھا کہ ’ریڈ بال کے ہیڈ کوچ مصباح الحق، مبارک ہو، انہوں نے مصباح کی ٹیسٹ جرسی کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی ہے۔

    واضح رہے کہ پی سی بی نے نیوزی لینڈ کے مائیک ہیسن کو وائٹ بال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کےسابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن عاقب جاوید کی جگہ  پاکستان کے ہیڈ کوچ بننے کے لیے مضبوط امیدوار تھے، وہ اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی ہیڈ کوچ ہیں۔

  • لاہور میں بھارت کا ترانہ بجانے پر آئی سی سی سے وضاحت طلب

    لاہور میں بھارت کا ترانہ بجانے پر آئی سی سی سے وضاحت طلب

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور میں بھارت کا ترانہ بجانے پر آئی سی سی سے وضاحت طلب کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے میچ میں بھارت کا ترانہ بجایا گیا جس پر پی سی بی نے انٹرنیشن کرکٹ کونسل سے وضاحت طلب کی ہے۔

    پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں بھارت کا ترانہ بجنا آئی سی سی کی غلطی ہے، آئی سی سی نے 8 ملکوں کے ترانے رکھے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی ٹیم پاکستان نہیں آئی ان کا ترانہ بجانا آئی سی سی کی غلطی ہے، پی سی بی کو آئی سی سی کی وضاحت کا انتظار ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ میچ میں پاکستان کا نام براڈکاسٹ نہ کیےجانے پر کرکٹ کے عالمی نگراں ادارے آئی سی سی کو خط لکھ دیا ہے۔

    آئی سی سی میچ کےدوران لوگو میں پاکستان کا نام نہ ہونے پر غلطی تسلیم کر چکی ہے۔ آئی سی سی نے پی سی بی کو غیررسمی طور پر بتایا گرافکس میں غلطی تکنیکی وجہ سے ہوئی۔

    آئی سی سی ترجمان نے مزید بتایا میچ کے دوران لوگو تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا۔

    ذرائع کے مطابق پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ملنے والے جواب پر مطمئن نہیں ہے اور اس معاملے پر آئی سی سی کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے۔

    آئی سی سی ایونٹ میں لائیو میچ کے دوران لوگو میں میزبان کا نام ہمیشہ لکھا ہوتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے خط میں آئی سی سی سے معاملے پر وضاحت مانگی ہے۔

    پی سی بی نے آئی سی سی سے ایسا دوبارہ نہ ہونے کی یقین دہانی بھی مانگی ہے۔

  • چیمپئنز ٹرافی: فخر زمان کی جگہ امام الحق پاکستانی اسکواڈ میں شامل

    چیمپئنز ٹرافی: فخر زمان کی جگہ امام الحق پاکستانی اسکواڈ میں شامل

    آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری کے بعد زخمی فخر زمان کی جگہ امام الحق کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوکر میگا ایونٹ سے باہر ہونے والے جارح مزاج اوپنر فخر زمان کی جگہ امام الحق کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

    فخر زمان کے ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہونے کے بعد پی سی بی نے امام الحق کا نام متبادل کے طور پر آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کو بھیجا تھا۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد اب امام الحق کو باقاعدہ اسکواڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

    آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے عثمان واہلہ، وسیم خان، سارا ایڈگر اور شان پولاک شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت سے اگلے مقابلے کے لیے پاکستان ٹیم یو اے ای روانہ ہو گئی ہے۔ امام الحق ٹیم کو دبئی میں جوائن کر لیں گے۔

    پاک بھارت ٹاکرا اتوار 23 فروری کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-ticket-price-15-million/

  • چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کے اسکواڈ میں تبدیلی کا امکان؟

    چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کے اسکواڈ میں تبدیلی کا امکان؟

    چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان کے اسکواڈ میں ایک تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں میزبان نجیب الحسنین نے سوال کیا کہ کیا تبدیلیاں ہورہی ہیں اور کیا سوچا جارہا اگر ایسا نہیں ہوا تو پاکستان کے لیے بڑا مشکل ہوجائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے طیب طاہر کی جگہ سفیان مقیم کی شمولیت متوقع ہے۔

    اسپورٹس جرنلسٹ  نے کہا کہ ابھی تک یہ لگ رہا ہے کہ سب ایک پیج پر نہیں ہیں، ایک دن محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی سے کہا ہے کہ کچھ ہوسکتا ہے تو دیکھ لیں۔ لیکن کچھ دیر بعد رضوان نے کہا کہ کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی۔

    انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا سے میچ سے قبل فائنل 15 رکنی ٹیم دینی ہوگی۔

    شاہد ہاشمی نے کہا کہ جنوبی افریقا کی ٹیم میں 9 مین کھلاڑی موجود نہیں تب بھی انہوں نے نیوزی لینڈ کے بہترین اٹیک کے خلاف 304 رنز بنادیے جبکہ ہم تو 300 تک بھی نہیں پہنچ سکے۔

    سابق کرکٹر توصیف احمد نے کہا کہ کپتان کچھ کہہ رہا ہے چیئرمین کچھ کہہ رہے ہیں، اوپنر نہیں لارہے بابر اعظم کو کیوں قربان کررہے ہیں، عثمان کو اوپن کرواکر دیکھ لیں اگر اچھا کرجاتا ہے تو ٹھیک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر عثمان کو کھلانا ہی نہیں تو پھر انہیں ٹیم میں رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

  • ’سفیان مقیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ میں ضرور آئیں گے‘

    ’سفیان مقیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ میں ضرور آئیں گے‘

    اسپورٹس جرنلسٹ شاہد ہاشمی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ میں سفیان مقیم ضرور آئیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسپورٹس جرنلسٹ شاہد ہاشمی نے کہا کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ اسکواڈ میں سارے فاسٹ بولر فریش ہیں لیکن پندرہ کے اسکواڈ میں ایک اسپنر اور چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ میری خواہش اور خبر یہ ہے کہ سفیان مقیم آئیں گے اور ضرور آئیں گے اور انہیں آنا بھی چاہیے کیونکہ ایک اسپنر اور ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ سابق کرکٹرز کی جانب سے سہ ملکی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی واحد اسپنر کی حکمت عملی پر تشویش کا اظہار کیا تھا کیونکہ ٹیم میں صرف ایک اسپنر ابرار احمد کو رکھا گیا ہے۔

    وائٹ بال کے کپتان محمد رضوان نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ ہوم گراؤنڈ کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ پر اوس کا عنصر ہوتا ہے جس کی وجہ سے ہم نے سوچا کہ دو اسپنرز کام نہیں آسکیں گے۔

    رضوان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم کو کسی اور اسپنر کی ضروت پڑی تو سلمان آغا کو بولنگ کرواسکتے ہیں یا خوشدل شاہ کو پلیئنگ الیون میں رکھا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ سفیان مقیم نے ڈیبیو میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 52 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

  • آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دیا

    آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دیا

    بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دیا جس کے مطابق ایونٹ کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں 19 فروری 2025 کو ہوگا۔

    شیڈول کے مطابق پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر ہوگا جبکہ چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ 2025 کو کھیلا جائے گا۔

    چیمپئنز ٹرافی کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں گے جبکہ ایونٹ میں 8 ٹیموں کے درمیان 15 میچز ہوں گے۔ بھارت نے فائنل کیلیے کوالیفائی نہ کیا تو ایونٹ کا فائنل لاہور میں ہوگا۔

    چیمپئینز ٹرافی 2025: بھارت پاکستان کے آگے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور

    آئی سی سی نے بتایا کہ بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلے گی، ایونٹ کے فائنل کیلیے اضافی دن بھی رکھا گیا ہے۔

    اس سے قبل ایونٹ کا ممکنہ شیڈول سامنے آیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری 2025 سے ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ ممکنہ شیڈول کے حساب سے ایونٹ کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری 2025 کو نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سمیت آئندہ آنے والے تمام ایونٹس 2024-27 ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایک غیر ملکی ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی، اس حوالے سے آئی سی سی اور بورڈ ممبرز میں تحریری معاہدہ ہوگیا۔

    چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم پاکستان کے بجائے نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی، پاکستان ٹیم بھی 2026 میں بھارت نہیں جائے گی، نیوٹرل وینیو پر میچز کھیلے جائیں گے۔

    چیمپئنز ٹرافی 2025 اردو خبریں

  • آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا ہے، چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19فروری 2025 سے ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق ممکنہ شیڈول کے حساب سے ایونٹ کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔

    آئی سی سی چیمپئنز کا فائنل 9 مارچ 2025 کو کھیلا جائے گا، جبکہ آئی سی سی چیمپئنزکا فائنل لاہور یا نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سمیت آئندہ آنیوالے تمام ایونٹس 2024-27 ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    غیرملکی ویب سائٹ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی، اس حوالے سے آئی سی سی اور بورڈ ممبرز میں تحریری معاہدہ ہوگیا ہے۔

    چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم پاکستان کے بجائے نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی، پاکستان ٹیم بھی 2026 میں بھارت نہیں جائیگی، نیوٹرل وینیو پر میچز کھیلے جائیں گے۔

    آئی سی سی کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ چیمپئنزٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر ہوگی، بیان میں کہا گیا ہے کہ 2024 سے2027 تک کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہونگے۔

    چیمپئنز ٹرافی 2025 تمام خبریں

    آئی سی سی کے مطابق چیمپئنز ٹرافی پاکستان اور ایک نیوٹرل وینیو پر ہوگی، آئی سی سی ویمنزٹی 20 ورلڈکپ کی میزبانی پاکستان کریگا۔