Author: شاہد ہاشمی

  • انگلینڈ ٹی 20 کرکٹ کا نیا عالمی چیمپئن بن گیا

    انگلینڈ ٹی 20 کرکٹ کا نیا عالمی چیمپئن بن گیا

    انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نیا عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    میلبرن میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے مطلوبہ 138 رنز کا ہدف ایک اوور قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    پاکستان کو ہدف کے دفاع  میں پہلی کامیابی جلد مل گئی تھی جب سیمی فائنل میں بھارتی بولنگ کے پرخچے اڑانے والے ایلکس ہیلز کو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر بولڈ کردیا، 32 کے مجموعے پر فل سالٹ کو حارث رؤف نے پویلین بھیج دیا۔

    اس موقع پر کپتان جوز بٹلر نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ایک چھکا اور دو چوکے لگائے مگر انہیں مزید خطرناک بننے سے قبل حارث رؤف نے وکٹوں کے عقب میں رضوان کے ہاتھوں کیچ کراکے انہیں واپسی کا پروانہ تھمایا۔

    پاکستان کو چوتھی کامیابی ہیری بروک کی وکٹ کی صورت میں ملی جس کو شاداب خان کی گیند پر شاہین شاہ نے کیچ آؤٹ کیا۔

    اس موقع پر میچ میں سنسنی پیدا ہوگئی تھی تاہم شاہین شاہ ہیری بروک کا کیچ لینے کے دوران زخمی ہونے کے باعث اپنے کوٹے کے اوور مکمل نہ کراسکے اور کوٹے کے تیسرے اوور کی پہلی گیند کرانے کے گراؤنڈ سے واپس چلے گئے جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، شاہین شاہ کا ادھورا اوور مکمل کرانے کیلیے پارٹ ٹائم بولر افتخار احمد آئے اور 5 گیندوں پر 13 رنز دے دیے۔

    اس موقع پر محمد وسیم جونیئر آئے تو انگلش بلے بازوں نے تین چوکوں کے ساتھ اس اوور میں 18 رنز بٹور کر ہدف تک رسائی کو آسان تر بنا دیا۔

    انیسویں اوور میں محمد وسیم نے معین علی کو بولڈ کردیا تاہم اس وقت تک بازی ہاتھ سے نکل چکی تھی اور انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے صرف 6 رنز درکار تھے۔

    انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے ناقابل شکست 52 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، کپتان جوز بٹلر نے 17 گیندوں پر 26 رنز بنائے۔

    پاکستان کی جانب سے محمد حارث نے 23 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان، محمد وسیم، شاہین آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز نصف سنچری نہ بنا سکا اور نہ ہوئی بڑی پارٹنر شپ قائم ہوئی، شان مسعود 38 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

    کپتان بابر اعظم 32 اور شاداب خان 20 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔

    انگلینڈ کی جانب سے سیم کورن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے صرف 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جس میں شان مسعود اور محمد رضوان کی قیمتی وکٹیں بھی شامل تھیں۔ عادل رشید نے 22 اور کرس جورڈن نے 27 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں، ووکس نے 32 رنز دے کر ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

    فائنل میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے کوئی تبدیلی نہیں کی تھی اور اپنے سیمی فائنلز کے فاتح اسکواڈز کو برقرار رکھا تھا۔

  • ورلڈ کپ فائنل، پاکستان کا انگلینڈ کو 138 رنز کا ہدف

    ورلڈ کپ فائنل، پاکستان کا انگلینڈ کو 138 رنز کا ہدف

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میلبرن میں کھیلے جا رہے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز نصف سنچری نہ بنا سکا اور نہ کوئی بڑی پارٹنر شپ قائم ہوئی، شان مسعود 38 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

    پاکستان کو پہلا نقصان محمد رضوان کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 29 کے مجموعے پر 15 رنز بنا کر کورن کی گیند پر بولڈ ہوگئے، محمد حارث 45 کے مجموعے پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے، انہوں نے 8 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر اسٹوکس کو کیچ دے دیا۔

    پاکستان ٹیم کی نصف سنچری 8 اوورز میں مکمل ہوئی، مجموعی اسکور 84 رنز پر پہنچا تو کپتان بابر اعظم کا شاندار کیچ عادل رشید نے اپنی ہی گیند پر پکڑ کر انہیں قابو کیا، بابر نے 32 رنز بنائے، اگلے ہی اوور میں پاکستان کو چوتھا نقصان امیدوں کا محور افتخار احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ بغیر کوئی رن بنائے بین اسٹوکس کو وکٹ دے بیٹھے۔

    پاکستان کو 121 کے مجموعے پر پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب بائیں ہاتھ کے بلے باز شان مسعود 38 رنز بنا کر کورن کی دوسری وکٹ بنے، اگلے اوور میں جارڈن نے نائب کپتان شاداب خان کو 20 رنز کے انفرادی اسکور پر چلتا کیا، ان کا کیچ ووکس نے تھاما، محمد نواز صرف پانچ رنز کے مہمان ثابت ہوئے اس بار بھی کامیاب بولر سیم کورن تھے۔

    شاہین آفریدی پانچ اور حارث رؤف ایک رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کی جانب سے سیم کورن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے صرف 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جس میں شان مسعود اور محمد رضوان کی قیمتی وکٹیں بھی شامل تھیں۔ عادل رشید نے 22 اور کرس جورڈن نے 27 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں، ووکس نے 32 رنز دے کر ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

    فائنل میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور اپنے سیمی فائنلز کے فاتح اسکواڈز کو برقرار رکھا ہے۔

  • میلبرن: پاک انگلینڈ فائنل سے قبل بادل برس گئے

    میلبرن: پاک انگلینڈ فائنل سے قبل بادل برس گئے

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل معرکہ کل بروز اتوار پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل سے پہلے میلبرن میں بادلوں نے انٹری دے دی  اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

    آسٹریلوی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح بارش ہوگی دوپہر کے بعد بادل چھٹ سکتے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش زیادہ سے زیادہ بیس ملی میٹر ہوسکتی ہے فائنل مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے کھیلا جائے گا۔

    واضح رہے کہ بارش کی پیشگوئی پر آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے قوانین میں تبدیلی کردی ہے۔

    ورلڈ کپ کا فائنل فیصلہ کن بنانے کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کی گئی ہے اتوار کو بارش کی صورت میں میچ ادھورا رہ جائے تو میچ اگلے روز یعنی پیر کو مکمل کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: بارش کی پیشگوئی، میچ کے قوانین میں تبدیلی

    ریزرو ڈے والے روز یعنی پیر کو بھی میچ کا نتیجہ نہ آنے کی صورت میں کھیل کا اضافی دورانیہ 2 گھنٹوں سے بڑھا کر 4 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔

    آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہوگی کہ میچ اتوار کو ہی مکمل ہو جائے بارش کی صورت میں اگلے روز یعنی ریزرو ڈے پر مقابلہ 3 بجے شروع کیا جائے گا۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ کا بہترین کھلاڑی کون ہوگا؟ فہرست جاری

    ٹی 20 ورلڈ کپ کا بہترین کھلاڑی کون ہوگا؟ فہرست جاری

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ میگا ایونٹ کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور نائب کپتان شاداب خان بھی شامل ہیں۔

    پاک انگلینڈ فائنل سے قبل آئی سی سی نے 9 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ فہرست میں انگلینڈ کے تین، بھارت کے دو، سری لنکا اور زمبابوے کا ایک، ایک کھلاڑی شامل ہے۔

     اس سے قبل آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے میچ آفیشلز کی تقرریوں کا اعلان کیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/here-are-the-match-officials-for-the-t20-world-cup-final/

    امپائرز ماریس ایراسمس اور کمار دھرم سینا 13 نومبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میں فیلڈ امپائرز کے فرائض سنبھالیں گے۔

    کرس گیفانی ٹی وی امپائر ہوں گے جبکہ پال ریفل فورتھ امپائر ہیں۔ میچ ریفری رنجن مدوگالے فائنل کی نگرانی کریں گے۔

  • رمیز راجا نے 92 والی کپتان عمران خان کی تقریر دہرا کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی

    رمیز راجا نے 92 والی کپتان عمران خان کی تقریر دہرا کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی

    ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو میلبرن میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا، قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلیے پی سی بی چیئرمین رمیز راجا میلبرن پہنچ گئے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل دیکھنے کے لیے میلبرن پہنچ گئے انہوں نے کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے انہیں 1992 کے ورلڈ کپ کی فتح یاد دلا کر حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ ورلڈ کپ فائنل سے پہلے قومی تیم کے حوصلے بلند ہیں۔

    رمیز راجا نے کہا کہ ورلڈ کپ جیتنے کا اس سے بہترین موقع نہیں ملے گا، ٹیم نے بہت محنت کی، بھارت سے فائنل ہوتا تو بڑا فائنل ہوتا۔۔ انگلینڈ کی ٹیم سے ہم حال ہی میں ہوم سیریز کھیلی ہے، مشکل صورتحال میں بھی پاکستان ٹیم ایک بن کر رہی۔

    پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے کہا کہ کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے 1992 کی یادیں شیئر کیں اور اس وقت کپتان عمران خان نے جو تقریر کی تھی وہ ہی میں نے دہرائی، کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ یہ موقع پھر نہیں آنا، گراؤنڈ میں 100 فیصد کارکردگی دیں، کپتان بابر اعظم سمیت ہر کھلاڑی کو کہا کہ زندگی میں ایسےموقع کم ملتے ہیں، 1992 کے فائنل سے قبل ہم تھوڑا سا خوفزدہ تھے، لیکن اس وقت کھلاڑی دلیرہیں اور فائنل سے قبل دباؤ نہیں لے رہے۔

    رمیز راجا نے مزید کہا کہ 1992 میں ون ڈے ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے کے بعد سے میلبرن گراؤنڈ نہیں گیا، 30 سال بعد آج ملبورن گراؤنڈ دیکھوں گا، ۔

    1992 کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے اہم رکن رمیز راجا کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں سے بھی اپیل ہے کہ خراب کارکردگی پر ٹیم پر تنقید ضرور کریں لیکن ہاتھ ذرا ہولہ رکھا کریں، ایجنڈا بیس شو یا رائے نہیں ہونی چاہیے۔

     

    ان کا کہنا تھا کہ روانگی سے قبل کہا تھا یہ ٹیم ورلڈ کپ جیت سکتی ہے لیکن اس وقت پی سی بی میں میرے بیان کو اچھا نہیں سمجھا گیا تھا، ٹیم کو خواب دیکھنے ہوتے ہیں کیونکہ خوابوں کی ہی تعبیر ملتی ہے۔

    رمیز راجا بھی بابر اور رضوان کی اوپننگ جوڑی توڑنے کے مخالف ہیں اور کہتے ہیں کہ بابر، رضوان سے متعلق اتنے واٹس ایپ آئے کہ انہیں تبدیل کریں لیکن یہ موجودہ کرکٹ کی نمبر ون جوڑی ہے اس کو توڑنا نہیں چاہیے۔

  • پاک انگلینڈ فائنل سے قبل پُرجوش مداحوں کے لیے بُری خبر

    پاک انگلینڈ فائنل سے قبل پُرجوش مداحوں کے لیے بُری خبر

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلش ٹیم نے بھارت کو باآسانی دس وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، میگا ایونٹ کا فائنل معرکہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 13 نومبر بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے فائنل میچ سے قبل آسٹریلوی محکمہ موسمیات نے پرجوش مداحوں کو بُری خبر سنادی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کو 95 فیصد بارش کا امکان ہے۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فائنل میچ کے لیے ریزرو ڈے رکھا ہے لیکن پیر کے روز بھی بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

     گزشتہ دنوں بنائے گئے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ میچز کے لیے قانون کے مطابق میچ دس اوورز کا ہونا لازمی ہے اگر اتوار کو میچ نہ ہوا تو پھر پیر کو مکمل کیا جائے گا۔

    فائنل میچ کے دن بارش کا سلسلہ نہ تھما تو دونوں ٹیمیں مشترکہ چیمپئن قرار پائیں گی۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے تین میچز بارش کی نذر ہوچکے ہیں۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کیلیے پاکستانی ٹیم میلبرن پہنچ گئی

    ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کیلیے پاکستانی ٹیم میلبرن پہنچ گئی

    ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے قومی ٹیم سڈنی سے میلبرن پہنچ گئی ہے، فائنل اتوار 16 اکتوبر کو پاکستان اور آج انگلینڈ اور بھارت کے میچ کی فاتح ٹیم کے درمیان ہوگا۔

    پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ 1992 کی تاریخ دہرانے کے لیے سڈنی سے میلبرن پہنچ گئی ہے جہاں وہ ایم سی جی میں 13 اکتوبر کو ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلے گی مدمقابل انگلینڈ ہوگا یا بھارت اس کا فیصلہ آج ہوگا۔

    قومی ٹیم کل صبح 11 بجے ایم سی جی میں نیٹ سیشن کرے گی، فائنل کے روانگی سے قبل سڈنی کے ہوٹل میں قومی ٹیم کی کامیابی پر کیک بھی کاٹا گیا جب کہ ٹیم جب فائنل معرکے کے لیے روانہ ہوئی تو وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ڈرائیور کی سیٹ پر بیٹھ کر بس چلانے کی اداکاری بھی کی جس پر ٹیم اراکین بہت محظوظ ہوئے۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز سڈنی میں نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے سنچری پارٹنر شپ فراہم کی جس کے باعث فائنل کے لیے سفر ممکن ہوا، دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

    دوسری جانب شائقین کرکٹ کے لیے بری خبر ہے کہ اتوار کو میلبرن میں کھیلا جانے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل میچ بارش سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

    آسٹریلوی محکمہ موسمیات نے اس روز میلبرن میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، میچ کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے، اگر بارش کے باعث اتوار کو میچ مکمل نہ ہوسکا تو پیر کو ریزرو ڈے پر میچ مکمل کیا جائے گا۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

    ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

    ٹی 20 ورلڈ کپ کا اتوار کو میلبرن میں ہونے والا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، آسٹریلوی محکمہ موسمیات نے 13 نومبر کو بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    اتوار 13 نومبر کو ورلڈ ٹی 20 کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، آسٹریلوی محکمہ موسمیات نے اس روز میلبرن میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، میچ کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے، اگر بارش کے باعث اتوار کو میچ مکمل نہ ہوسکا تو پیر کو ریزرو ڈے پر میچ مکمل کیا جائے گا۔

    میچ مکمل کرنے کے لیے کم از کم دونوں ٹیموں کا 5 اوورز کا کھیل ہونا لازمی ہے، اگر اتوار کو10 ،10 اوورز کا کھیل نہ ہوسکا تو ہی میچ ریزرو ڈے پر جائے گا۔

    ریزرو ڈے میں میچ وہیں سے شروع ہوگا جہاں بارش کے باعث رکا ہوگا، اگر دوسرے روز بھی بارش نے میچ مکمل نہ ہونے دیا تو دونوں فائنلسٹ مشترکہ چیمپئن ہوں گے۔

     

    یاد رہے کہ میلبر میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے تین میچز بارش کی وجہ سے منسوخ ہوچکے ہیں، تاہم آسٹریلیا کا موسم آخری لمحات میں بدل جانے کی وجہ سے مشہور ہے، گزشتہ ماہ پاک بھارت میچ میں بھی بارش کی پیشگوئی تھی لیکن اس روز موسم صاف رہا تھا اور میچ بغیر کسی تعطل کے مکمل ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو میلبرن میں کھیلا جائے گا، فائنل میچ میں کون پاکستان کے مدمقابل ہوگا اس کا فیصلہ آج انگلینڈ اور بھارت کے مابین سیمی فائنل میچ کے بعد ہوگا۔

    پاکستان گزشتہ روز سڈنی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنی تھی۔

  • ’دنیا میں اب کوئی ایسا نہیں جو پاکستان ٹیم کا سامنا کرنا چاہے‘

    ’دنیا میں اب کوئی ایسا نہیں جو پاکستان ٹیم کا سامنا کرنا چاہے‘

    قومی ٹیم کے مینٹور اور سابق آسٹریلوی اوپنر بیٹر میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ دنیا میں اب کوئی ایسا نہیں جو پاکستان ٹیم کا سامنا کرنا چاہے۔

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں گرین شرٹس کل کیویز کے مدمقابل آئیں گے، پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، شاہین آفریدی کو چار وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

    میتھیو ہیڈن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان نے اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی جو دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

    انہوں نے کیوی ٹیم سے متعلق کہا کہ نیوزی لینڈ کا بولنگ اٹیک خطرناک اور تجربہ کار ہے انہوں نے اسی گراؤنڈ پر آسٹریلیا کو شکست دی، ساؤتھی میرے ساتھ کھیلا ہے اس سے اس کے تجربے کا اندازہ لگائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 صرف پاور کا کھیل نہیں اس میں جدت بھی کرنی پڑتی ہے، آسٹریلیا کے پاس پاور ہے لیکن وہ نئی بال سے ناکام ہوئے۔

    یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں 10 نومبر کو بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

  • ’حیران نہ ہوں جب بابر اعظم بڑے میچوں میں کچھ کر دکھائے‘

    ’حیران نہ ہوں جب بابر اعظم بڑے میچوں میں کچھ کر دکھائے‘

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینٹور میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ کپتان بابر اعظم ایک اسپیشل کھلاڑی ہے حیران نہ ہوں جب وہ بڑے میچوں میں کچھ کر دکھائے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے مینٹور میتھو ہیڈن نے سڈنی میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے پاک نیوزی لینڈ سیمی فائنل سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی بڑے میچوں میں شاندار واپسی ہوتی ہے اور کپتان بابر اعظم ایک اسپیشل کھلاڑی ہے، دنیا حیران نہ ہو جب وہ بڑے میچوں میں کچھ کر دکھائے۔

    میتھو ہیڈن نے مزید کہا کہ میڈیا 92 ورلڈ کپ والی صورتحال سے مماثلت کی باتیں کر رہا ہے، آسٹریلیا میں اگر کوئی گراؤنڈ برصغیر کی ٹیموں کو سوٹ کرتا ہے تو وہ سڈنی ہے، جب سیمی فائنل میں پہنچے تو شاداب خان نے کہا ویلکم ٹو پاکستان کرکٹ۔

    سابق جارح مزاج آسٹریلوی بلے باز نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا بولنگ اٹیک خطرناک اور تجربہ کار ہے، کیوی ٹیم نے اسی گراؤنڈ پر آسٹریلیا کو شکست دی، ساؤتھی میرے ساتھ کھیلا ہے اس سے اس کے تجربے کا اندازہ لگائیں۔

    مینٹور پاکستانی ٹیم کا کہنا تھا کہ ٹی 20 صرف پاور کا کھیل نہیں اس میں جدت بھی کرنی پڑتی ہے، آسٹریلیا کے پاس پاور ہے لیکن وہ نئی بال سے ناکام ہوئے۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔