Author: شاہد ہاشمی

  • پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کے لیے سڈنی پہنچ گئی

    پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کے لیے سڈنی پہنچ گئی

    ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کھیلنے کے لیے ایڈیلیڈ سے سڈنی پہنچ گئی ہے جہاں وہ بدھ کو نیوزی کے مدمقابل ہوگی۔

    سڈنی روانگی سے قبل ایڈیلیڈ میں ہوٹل کے باہر باہر شائقین کرکٹ نے کھلاڑیوں کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں اور ان سے آٹو گراف بھی لیے۔

    قومی ٹیم آج آرام کرے گی جب کہ وہ ٹریننگ سیشن میں بھی شرکت کرے گی، پاکستانی ٹیم کے مینٹور میتھیو ہیڈن کل دوپہر 12 بجے پری سیریز پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹورنامنٹ کا پہلا فائنل بدھ 9 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔

    رواں ورلڈ کپ میں سڈنی کا میدان پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں کے لیے ہی مہربان رہا ہے، یہاں نیوزی لینڈ نے میزبان آسٹریلیا کو ہرایا وہیں پاکستان نے مضبوط ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

    سڈنی میں پہلے بیٹنگ کرنا اب تک بظاہر آئیڈیل نظر آتا ہے، ایونٹ میں اس میدان پراب تک 6 میچز ہوئے ہیں جن میں سے پانچ پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں نے جیتے ہیں، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ بار 160 سے زیادہ کا اسکور بنا ٹیموں نے دو مرتبہ 200 کا ہندسہ بھی عبور کیا جب کہ دوسری بار میں بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں مشکلات کا شکار رہیں اور ایک بار بھی اسکور 150 کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکا۔

    ان اعداد وشمار کو دیکھتے ہوئے بدھ کو پاکستان اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں ٹاس بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

  • پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

    پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

    آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو   5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

    ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ڈو اور ڈائی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو چاروں شانے چت کردیا اور 128 رنز کا ہدف اوورز انیسویں اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    پاکستان کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں 57 رنز کا آغاز فراہم کیا، قومی کپتان بابر اعظم 25 رنز بنا کر نسوم احمد کی بال پر آؤٹ ہوگئے، صرف 4 رنز کے اضافے سے کپتان کے بعد محمد رضوان 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس بار کامیاب بولر عبادت حسین تھے، محمد نواز بھی صرف چار رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور لٹن داس کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔

    اس موقع پر محمد حارث نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بولرز کو حاوی نہیں ہونے دیا اور جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 18  گیندوں پر 31 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا، یہ وکٹ شکیب الحسن نے حاصل کی، افتخار احمد ایک رن بنا کر واپس لوٹ گئے،

    پاکستان کی جانب سے شان مسعود 14 گیندوں پر 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے اور صرف 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین شاہ آفریدی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن، عبادت حسین اور نسوم حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بنا سکی، قومی بولرز کے سامنے بنگلہ بلے بازوں کی ایک نہ چلی اور سوائے اوپنر نجم الحسین کے کوئی بھی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹک سکا، نجم الحسین نے 52 رنز بنائے۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے کفایتی اور تباہ بولنگ کے ساتھ بنگلہ دیش کو کم اسکور پر محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے صرف 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاص کیں، نائب کپتان شاداب خان نے دو جب کہ افتخار احمد اور حارث نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    اس میچ میں پاکستان کی فتح کے ساتھ ہی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی گروپ ون سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جب کہ گروپ ٹو سے پاکستان اور بھارت اگلے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں اور سپر 12 مرحلے کا بھارت اور زمبابوے کے درمیان ہونے والے آخری میچ کی حیثیت اب صرف رسمی رہ گئی ہے۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلیے 128 رنز کا ہدف

    ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلیے 128 رنز کا ہدف

    آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 کے اہم ترین میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا ہے، فاتح ٹیم سیمی فائنل کھیلے گی۔

    ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے گروپ ٹو کے اہم ترین میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے، سوائے اوپنر نجم الحسین کے علاوہ کوئی اور بلے باز پاکستانی بولرز کا دلیری کے ساتھ سامنا نہ کرسکا۔

    بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ 21 کے مجموعی اسکور پر گری جب بھارت کے خلاف دھواں دھار بلے بازی کرنے والے لٹن داس 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ان کی قیمتی وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے شان مسعود کا کیچ بنوا کر حاصل کی، سومیہ سرکار اور نجم الحسین کے درمیان 52 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ ہوئی۔

    اس سے قبل کہ یہ پارٹنر شپ مزید خطرناک ہوتی، قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے سومیہ سرکار کو 20 کے انفرادی اسکور پر چلتا کیا اس بار بھی کیچ شان مسعود نے تھاما، اپنی اگلی ہی گیند پر شاداب خان نے بنگلہ کپتان شکیب الحسن کو کھاتہ کھولے بغیر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کو بڑا دھچکا پہنچایا۔

    بنگلہ دیشی اوپنر نجم الحسین نے نصف سنچری اسکور کی تاہم ان کی پیش قدمی کو پارٹ ٹائم بولر افتخار احمد نے روکا پاکستان کے لیے خطرہ بنتے بلے باز کو 90 کے مجموعے پر کلین بولڈ کردیا، انہوں نے 54 رنز اسکور کیے۔

    107 کے مجموعے پر بنگلہ دیش کے مصدق حسین کو شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا تو آدھی بنگلہ ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، اسی اوور میں شاہین نے نئے آنے والے بلے باز نور الحسن کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کردیا۔

    اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے کپتان بابر اعظم کی مدد سے تسکین احمد ایک رن بنانے کے بعد ہی واپس بھیج دیا، بنگلہ دیش کی اننگ کے آخری اوور میں حارث رؤف نے 7 رنز پر نسوم احمد کو آؤٹ کردیا۔

    شاہین شاہ آفریدی نے اپنے کوٹے کے 4 اوور میں 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 30 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، افتخار احمد نے 15 رنز دے کر نصف سنچری بنانے والے نجم الحسین کی قیمتی وکٹ لی۔

    قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس ہارنے کے بعد کہا تھا گزشتہ میچ کی جیت سے اعتماد ملا ہے اور اس مومینٹم کو لے کر چلیں گے، یہ میچ اہم ہے اور اس کو جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ، بنگلہ دیش کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت پر بیٹنگ کا فیصلہ

    ٹی 20 ورلڈ کپ، بنگلہ دیش کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت پر بیٹنگ کا فیصلہ

    آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    میچ ایڈیلیڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائیگا جہاں کچھ دیر قبل ہی نیدر لینڈ نے جنوبی افریقہ کو اپ سیٹ شکست دی ہے جس کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین میچ اہمیت اختیار کر گیا ہے اس میں جو ٹیم میچ جیتے گی وہ سیمی فائنل کے لیے ٹکٹ کٹا لے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کو خالی ہاتھ وطن واپس لوٹنا پڑے گا۔

    ٹاس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے گزشتہ میچ کی جیت سے اعتماد ملا ہے اور اس مومینٹم کو لے کر چلیں گے، یہ میچ اہم ہے اور اس کو جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    میچ کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش نے اپنی اپنی ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور گزشتہ میچز کے اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سپر 12 کے اہم میچ میں نیدر لینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا ہے، نیدر لینڈ کی اس جیت سے اسے کوئی فائدہ نہیں ہوا لیکن پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کافی روشن ہوگئے ہیں۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ، بڑا اپ سیٹ، جنوبی افریقہ نیدر لینڈ سے ہار گیا

    ٹی 20 ورلڈ کپ، بڑا اپ سیٹ، جنوبی افریقہ نیدر لینڈ سے ہار گیا

    آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے فیصلہ کن میچ میں نیدر لینڈ نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔

    ایڈیلیڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سپر 12 کے اہم میچ میں نیدر لینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا ہے، نیدر لینڈ کی اس جیت سے اسے کوئی فائدہ نہیں ہوا لیکن پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کافی روشن ہوگئے ہیں۔

    نیدر لینڈ کی جانب سے دیے گئے 159 رنز کے  ہدف کے تعاقب کرنے میں جنوبی افریقی بیٹرز ناکام رہے اور مضبوط ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 145 رنز ہی بناسکی کوئی بھی کھلاڑی نصف سنچری اسکور نہ کرسکا۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے رلی روسو 25 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، کلاسین نے 21 اور ٹیمبا نے 20 رنز اسکور کیے۔

    نیدر لینڈ کے برینڈن گلوور نے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کو دھچکا پہنچایا اور صرف 9 رنز دے کر 3 قیمتی وکٹیں حاصل کیں، فریڈ کلاسین اور ڈیلی نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے، میکرین کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    نیدر لینڈ کے بیٹر ایکر میں کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیدر لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، ایکرمین نے ناقابل شکست 41 رنز بنائے، اسٹیفن نے 37 اور کوپر نے 35 رنز جوڑے۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے مہاراج نے دو، اینرچ اور میکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بنگلہ دیش کو ہرانا لازمی ہوگا بصورت دیگر بنگلہ دیش سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان اور جنوبی افریقہ آج ڈو اور ڈائی میچ میں ٹکرائیں گے

    ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان اور جنوبی افریقہ آج ڈو اور ڈائی میچ میں ٹکرائیں گے

    آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان اور جنوبی افریقہ آج ڈو اینڈ ڈائی میچ میں ٹکرائیں گے۔

    پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر ایک بجے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا، میچ میں پاکستان کی فتح اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے امکانات روشن رکھے گی اور شکست اسے ٹورنامنٹ سے باہر کردے گی جب کہ جنوبی افریقہ سیمی فائنل میچ میں پہنچ جائے گا۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان جنوبی افریقہ کیخلاف ناقابل شکست ہونے کا اعزاز رکھتا ہے اور اگلے مرحلے تک جانے کے لیے اس کو اپنا یہ اعزاز برقرار رکھنا ہوگا۔

    اس اہم میچ سے قبل پاکستان کو بڑا دھچکا پہنچا ہے اور قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز فخر زمان کی گھٹنے کی پرانی انجری دوبارہ لوٹ آنے کے باعث وہ نہ صرف اس میچ بلکہ ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔

    پاکستانی ٹیم انتظامیہ کہ درخواست پر آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

    دوسری جانب سڈنی میں آج ہونے والے اہم میچ کے حوالے سے پاکستانی شائقین نے اپنی ٹیم سے اب بھی امیدیں وابستہ کی ہوئی ہیں، پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد آج گراؤنڈ میں اپنی ٹیم کا جوش و جذبہ بڑھانے کے لیے موجود ہوں گے جب کہ سڈنی میں باقاعدہ ایک بس ٹرپ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

  • فخر زمان کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک، متبادل کون ہوگا؟

    فخر زمان کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک، متبادل کون ہوگا؟

    پاکستان کے جارح مزاج بلے باز فخر زمان کی ورلڈ کپ کے بقیہ میچز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے اور ان کی جگہ محمد حارث کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

    آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مشکلات کا شکار پاکستانی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ایک جانب اس کی سیمی فائنل میں رسائی قومی ٹیم کے تمام میچز میں بھاری مارجن سے فتح کے ساتھ دیگر ٹیموں کے نتائج سے مشروط ہے تو دوسری جانب جارح مزاج بلے باز کی پرانی انجری بڑھنے سے ان کی ورلڈ کپ کے اگلے میچز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

    ٹیم ذرائع کے مطابق فخر زمان کی گھٹنے کی پرانی انجری بڑھ گئی ہے اور ٹیم کا میڈیکل پینل ان کی انجری کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس انجری کے باعث فخر زمان کی ورلڈ کپ کے اگلے میچز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے اور ریزرو میں سے ان کی جگہ محمد حارث کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے میڈیا مینیجر نے تصدیق کی تھی کہ فخر زمان کل جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

    میڈیا منیجر کا کہنا تھا کہ ان کی انجری نئی نہیں ہے بلکہ پرانی انجری بڑھ گئی ہے، کرکٹ میں رسک لینا پڑتا ہے، کبھی رسک ٹھیک جاتا ہے کبھی نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان کو جنوبی افریقہ کیخلاف ڈو اینڈ ڈائی میچ سے قبل بڑا دھچکا

    واضح رہے کہ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے سپر 12 مرحلے میں اپنے اگلے دو میچز جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے ہیں۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان کو جنوبی افریقہ کیخلاف ڈو اینڈ ڈائی میچ سے قبل بڑا دھچکا

    ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان کو جنوبی افریقہ کیخلاف ڈو اینڈ ڈائی میچ سے قبل بڑا دھچکا

    ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل دوڑ میں شامل رہنے کیلیے پاکستان کو کل جنوبی افریقہ کیخلاف میچ بڑے مارجن سے میچ جیتنا لازم ہے لیکن میچ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

    آسٹریلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سپر 12 مرحلہ اپنے آخری مراحل میں ہے تاہم دونوں گروپوں سے اب تک کوئی بھی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی ہے، گروپ ٹو میں شامل پاکستان کو ٹورنامنٹ میں واحد فتح نیدر لینڈ کے خلاف ملی ہے اور اس کو سیمی فائنل دوڑ میں شامل رہنے کے لیے کل سڈنی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنی ہے تاہم میچ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے اور جارح مزاج بلے باز فخر زمان میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

    پاکستانی ٹیم کے میڈیا مینیجر نے تصدیق کردی ہے کہ فخر زمان کل کے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی انجری نئی نہیں ہے بلکہ ان کی پرانی انجری بڑھ گئی ہے، کرکٹ میں رسک لینا پڑتا ہے، کبھی رسک ٹھیک جاتا ہے کبھی نہیں۔

    سڈنی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے میڈیا منیجر نے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق کہا کہ ہم اس کی فٹنس سے مطمئن ہیں، انہوں نے اب تک میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

    اس موقع پر فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ اب تک جو ہوگیا اسے واپس نہیں لاسکتے، آگے کی سوچ رہے ہیں، کل کے میچ کے لیے تیاریاں اچھی ہیں اور اچھا کھیلنے پر ہی فوکس ہے، نئی گیند کا اچھا استعمال کرنا اور وکٹیں لینا ترجیح ہے۔

    دوسری جانب پاکستانی ٹیم کی کل کے میچ کے لیے تیاریاں جاری ہیں، قومی اسکواڈ نے گزشتہ روز سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس کی۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستانی ٹیم پرتھ سے سڈنی روانہ

    ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستانی ٹیم پرتھ سے سڈنی روانہ

    آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستانی ٹیم اپنے اگلے دو میچز کھیلنے کے لیے پرتھ سے سڈنی روانہ ہوگئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستانی ٹیم اپنے اگلے دو میچز کھیلنے کے لیے پیر کو پرتھ سے سڈنی کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔

    ایونٹ میں پاکستان گروپ ٹو میں شامل ہے اور اس کا اگلا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا جب کہ اس کے بعد قومی ٹیم بنگلہ دیش کے مدمقابل ہوگی۔

    جاری ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی اب تک انتہائی ناقص رہی ہے اور وہ سپر 12 کے تین میں سے دو میچز ہار کر پوائٹس ٹیبل پر دو پوائنٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

    پاکستان نے روایتی حریف بھارت سے جیتا ہوا میچ ہارا، پھر زمبابوے نے شاہینوں کا اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

    قومی ٹیم نے گزشتہ روز نیدر لینڈ کو ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی، بولرز نے نیدر لینڈ کو 91 رنز تک محدود کردیا تھا تاہم پاکستانی بلے بازوں کو یہ میچ جیتنے کیلیے بھی 14 اوورز کھیلنے اور چار وکٹیں گنوانی پڑی تھیں۔

  • پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

    پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی

    ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈ نے 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کرلی۔

    پرتھ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدرلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 92 رنز کا ہدف دیا جو قومی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 14 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

    92 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف چار رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، پاکستان کی دوسری وکٹ 53 رنز کے مجموعے پر گری جب حیدر علی کی جگہ ٹیم میں واپس آنے والے جارح مزاج بلے باز فخر زمان بھی صرف 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

    پاکستان نے مطلوبہ 92 رنز کا ہدف 14  ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر اوور میں حاصل کرلیا، شان مسعود نے 12 رنز بنائے، نیدر لینڈ کی جانب سے گلوور نے دو اور میکرین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    پاکستانی نائب کپتان شاداب خان کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    اس سے قبل نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو آغاز ہی تباہ کن ہوا اور کوئی بلے باز شاہینوں کے سامنے ٹک نہ سکا، کولن ایکرمین 27رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے اور وکٹ کیپر بلے باز اسکاٹ ایڈورڈز 15 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔

    پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کا شکار کیا، محمد وسیم جونیئر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث روؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

    اس جیت کے باوجود پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اپنے جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش سے دونوں میچز نہ صرف بھاری مارجن سے جیتنا ہوں گے بلکہ گروپ کے دیگر میچز کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔