Author: شاہد ہاشمی

  • پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلیے 131 رنز کا ہدف

    پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلیے 131 رنز کا ہدف

    سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا ہے، پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا۔

    نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کہ ٹاپ آرڈر کے جلد آؤٹ ہونے کے باعث غلط ثابت ہوا اور پاکستانی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 130 رنز بنا سکی۔

    پاکستان کو پہلا نقصان محمد رضوان کے آؤٹ ہونے کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 30 کے مجموعی اسکور پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں بریسویل نے نشام کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، شان مسعود 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس بار کامیابی سینٹر کے حصے میں آئی، نائب کپتان شاداب خان صرف 8 رنز بنا کر سینٹر کا شکار ہوئے۔

     ٹیم کا مجموعہ 65 رنز پر پہنچا تھا کہ کپتان بابر اعظم بھی ہمت ہار گئے اور 21 رنز کے انفرادی اسکور پر بریسویل اور نشام کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے۔ 77 رنز پر حیدر علی آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

    اس موقع پر آصف علی اور افتخار احمد نے ٹیم کو کچھ سہارا دیا اور دونوں کے درمیان 51 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی، اس پارٹنر شپ کو سوتھی نے توڑا اور افتخار احمد کو ٹکنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔سوتھی نے اگلی ہی گیند پر محمد نواز کو کھاتہ کھولے بغیر واپس پویلین بھیج دیا۔

    مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر آصف علی 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ محمد وسیم نے ایک رنز بنایا ہوا تھا۔

    نیوزی لینڈ کی جانب سے سب کے کامیاب بولر مائیکل بریسویل رہے جنہوں نے صرف 11 رنز دے کر پاکستان کے دو ان فارم بلے بازوں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی قیمتی وکٹیں حاصل کیں، ٹم سوتھی نے 31 اور مچل سینٹر نے 27 رنز کے عوض دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، حارث رؤف کو آرام کا موقع دے کر ان کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    سہ فریقی سیریز میں پاکستان اپنے دو میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے، نیوزی لینڈ نے ایک میچ جیت رکھا ہے جب کہ بنگلہ دیش ابھی تک فتح سے محروم ہے۔

  • کرکٹ شائقین کیلیے بڑی خبر، نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان آرہی ہے، شیڈول جاری

    کرکٹ شائقین کیلیے بڑی خبر، نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان آرہی ہے، شیڈول جاری

    کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر آگئی ہے اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، یہ دورہ دو مرحلوں میں کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا ہے، مہمان ٹیم دو مرحلوں میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

    پی سی بی کے جاری شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا پہلا مرحلہ رواں سال 27 دسمبر سے 15 جنوری تک ہوگا، اس دوران دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں مد مقابل آئیں گی، یہ دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ اس دوران کھیلے جانے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

    سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی جبکہ دوسرا 4 سے 8 جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا، دورے میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد کیوی ٹیم وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان میں وائٹ بال میچز کھیلے گی۔ اس دوران دونوں ٹیمیں پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلیں گی۔

    اس مرحلے میں شامل ابتدائی چار ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ پانچواں ٹی ٹونٹی اور ابتدائی دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب 23، 26 اور 28 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ دورے میں شامل آخری تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، چار اور سات مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

    دونوں ٹیموں کے مابین پہلے دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز فیوچر ٹورز پروگرام کا حصہ ہیں جبکہ باقی دس وائیٹ بال میچز گزشتہ سال ستمبر میں  ملتوی ہونے والی سیریز میں شامل تھے۔

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ پاکستان کا دورہ کرنے والی تیسری بڑی ٹیم ہوگی، اس سال آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان کے دورے کرچکی ہیں اور دونوں ٹیموں نے پاکستان کے شائقین کرکٹ کے جذبے اور میزبانی کو سراہا ہے۔

  • سہ فریقی ٹی 20 سیریز، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

    سہ فریقی ٹی 20 سیریز، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

    سہ فریقی ٹی 20 سیریز میں پاکستان نے میزبان نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔

    کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی ٹیم نے انیسویں اوور میں 10 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

    میچ کی خاص بات پاکستانی بولروں کی بہتریں کارکردگی کے بعد کپتان بابر اعظم کی کیپٹن اننگ تھی انہوں نے ناقابل شکست رہ کر 79 رنز بنائے جس کے لیے انہوں نے 53 گیندوں کا سامنا کیا۔

    ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز گوکہ بہت اچھا نہ تھا، ٹیم کے 36 رنز کے مجموعی اسکور پر ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک بلے باز محمد رضوان صرف 4 رنز بنا کر سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے جب کہ شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔

    دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان نے 61 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ قائم کی جس نے پاکستان کو فتح سے قریب کیا، شاداب خان 98 کے مجموعی اسکور پر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد آنے والے محمد نواز صرف 16 رنز بناسکے۔ حیدر علی دو گیندوں پر 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    کیویز کی جانب سے بلیئر ٹکنر سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 42 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بولٹ اور سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    کپتان بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیتنے کیلیے 148 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    کیویز کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز 36 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، کپتان کین ولیمسن 31 اور مارک چمپن 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو جیت کیلیے 148 رنز کا ہدف

    پاکستان کی جانب سے حارث روؤف نے 28 رنز دے کر 3 اور محمد وسیم نے 20 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز کو بھی 2 وکٹیں ملیں تاہم اس کے لیے انہیں 44 رنز کی مار برداشت کرنا پڑی۔ شاہنواز دھانی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

  • سہ فریقی ٹی 20 سیریز، پاکستان کا فاتحانہ آغاز

    سہ فریقی ٹی 20 سیریز، پاکستان کا فاتحانہ آغاز

    پاکستان نے نیوزی لینڈ میں کھیلی جا رہی سہ فریقی ٹی 20 سیریز کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو 21 رنز سے شکست دے دی۔

    پاکستان کے دیے گئے 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی پہلی وکٹ 25 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، مہدی حسن 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد وسیم نے انہیں آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، پاکستان نے جلد ہی دوسرے اوپنر کو بھی چلتا کیا اور 37 رنز کے مجموعے پر صابر رحمان 14 رنز بنا کر چلتے بنے، یہ وکٹ حارث روؤف کے حصے میں آئی جنہوں نے اپنی ہی گیند پر کیچ تھام لیا۔

    بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ کی شراکت 50 رنز کی ہوئی تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرہ بنتی 87 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد نواز نے لٹن داس کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 35 رنز جوڑے، محمد نواز نے نئے آنیوالے بلے باز مصدق حسین کو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہ دیا۔

    عاطف حسین اپنی ٹیم کی سنچری بھی نہ کراسکے اور 99 کے مجموعے پر 25 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کا شکار بنے، قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے بنگلہ کپتان نور الحسن کو 8 رنز پر دبوچ لیا۔

    اس موقع پر یاسر حسین مزاحمتی دیوار بن کر پاکستانی ٹیم کے سامنے کھڑے ہوگئے تاہم کوئی دوسرا کھلاڑی انکا ساتھ نہ دے سکا اور بنگلہ دیش مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بناسکی، یاسر حسین 21 گیندوں پر 42 رنز بناکر سب سے کامیاب بلے باز رہے۔

    پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے 24 رنز دے کر تین اور محمد نواز نے 25 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، حارث روؤف، شاداب خان اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ محمد رضوان کو ناقابل شکست 78 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے، محمد رضوان نے ناقابل شکست نصف سنچر بنائی اور 78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    بنگلہ دیش نے پہلے ٹاس جیت پر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستانی اوپنرز نے 52 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ پاکستانی کی پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں گری جب کپتان بابر اعظم 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے شان مسعود آئے، ان دونوں کے مابین 42 رنز کی شراکت رہی جس میں شان مسعود کا حصہ 31 رنز کا رہا۔

    پاکستان کا مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا۔ حیدرعلی 6، افتخار احمد 13 اور آصف علی صرف 4 رنز بنا سکے، محمد نواز 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    بنگال ٹائیگرز کی جانب سے سب سے کامیاب بولر تسکین احمد رہے جنہوں نے 25 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، حسن محمود، مہدی حسن اور نسوم احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

  • پاکستان کا بنگلا دیش کو جیت کے لئے 168 رنز کا ہدف

    پاکستان کا بنگلا دیش کو جیت کے لئے 168 رنز کا ہدف

    نیوزی لینڈ میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوگیا، افتتاحی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    کرائسٹ چرچ میں سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا ہے، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے، محمد رضوان نے ناقابل شکست نصف سنچر بنائی اور 78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    بنگلہ دیش نے پہلے ٹاس جیت پر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستانی اوپنرز نے 52 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ پاکستانی کی پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں گری جب کپتان بابر اعظم 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے شان مسعود آئے، ان دونوں کے مابین 42 رنز کی شراکت رہی جس میں شان مسعود کا حصہ 31 رنز کا رہا۔

    پاکستان کا مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا۔ حیدرعلی 6، افتخار احمد 13 اور آصف علی صرف 4 رنز بنا سکے، محمد نواز 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    بنگال ٹائیگرز کی جانب سے سب سے کامیاب بولر تسکین احمد رہے جنہوں نے 25 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، حسن محمود، مہدی حسن اور نسوم احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    دریں اثنا ٹاس کے بعد بابر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پچ پر 160 سے 170 رنز اچھا اسکور ہوگا، بطور پروفیشنل ہر طرح کی کنڈیشنز کے لیے تیار ہیں، ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے۔

  • ’آپ ہی بتادیں اور کن کھلاڑیوں کو کھلائیں؟ رمیز راجا

    ’آپ ہی بتادیں اور کن کھلاڑیوں کو کھلائیں؟ رمیز راجا

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا انگلینڈ سے سیریز ہارنے والی ٹیم کا دفاع کرنے لگے۔

    چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے بیک اپ تیار نہ ہونے کا ملبہ پچھلی انتظامیہ پر ڈالتے ہوئے کہا کہ ’آپ ہی بتادیں اور کن کھلاڑیوں کو کھلائیں۔‘

     انہوں نے کہا کہ ’بیک اپ پچھلے دس سالوں سے تیار ہونا چاہیے تھا جب ٹیلنٹ سامنے آئے گا ہم آپ کو سرپرائز دیں گے۔

    بھارتی ٹیم فائنل میں نہیں پہنچی تو کیا اس کے کھلاڑیوں کو پھانسی دے دیں؟

    رمیز راجا نے کہا کہ ایشیا کپ میں ہماری ٹیم نے بھارت کو شکست دی اور فائنل میں پہنچی اب بھارتی ٹیم فائنل میں نہیں پہنچی تو کیا اس کے کھلاڑیوں کو پھانسی دے دیں؟

    ان کا کہنا تھا کہ پاک انگلینڈ میچز کے دوران گراؤنڈ فل تھے شائقین کرکٹ کا جوش دیکھنے لائق تھا۔

    پاکستان جونیئر لیگ کو مستقبل میں ورلڈ جونیئر لیگ کا نام دینا پڑسکتا ہے

    جونیئر لیگ سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ کو مستقبل میں ورلڈ جونیئر لیگ کا نام دینا پڑسکتا ہے جبکہ پی جی ایل کے لیے دیگر بورڈز سے رابطہ کیا تو مثبت جواب ملا۔

    قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کرے گی

    ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق انہوں نے کہا کہ  ’قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کرے گی ہم نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کی کوشش کررہے ہیں اور ساتھ ہی بچوں کو سیکھنے کے مواقع بھی فراہم کیے جارہے ہیں اسکول لیول پر بچے کھیلیں گے تو ان کا حوصلہ بڑھے گا اور مستقبل میں ہمیں نیا ٹیلنٹ مل سکے گا۔

  • عامر جمال نے انگلینڈ سے یقینی فتح چھین لی

    عامر جمال نے انگلینڈ سے یقینی فتح چھین لی

    لاہور: ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے آل راؤنڈر عامر جمال نے آخری اوور میں 15 رنز کا دفاع کرتے ہوئے پاکستان کو 6  رنز سے فتح دلادی۔

    تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 6 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز میں 2-3 کی برتری حاصل کرلی۔

    مہمان ٹیم 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139  رنز بناسکی، انگلش کپتان معین علی کی دھواں دھارنصف سنچری بھی ٹیم کو نہ جتواسکی۔Image

    پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے2کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، محمد نواز اور عامر جمال کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

    میچ کی خاص بات ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈیبیو کرنے والے عامر جمال کا آخری اوورز میں 15 رنز کا دفاع کرنا تھا، انگلینڈ کو جیت کے لئے آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے جبکہ کریز پر دھواں دھار نصف سینچری اسکور کرنے والے انگلش کپتان معین علی موجود تھے۔

    تاہم نوجوان فاسٹ بولر نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 6 رنز سے فتح دلادی۔

    اس سے قبل انگلش کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، بیٹرز کے ناقص بلے بازی کے باعث پاکستانی ٹیم 19 ویں اوور میں 145 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

    اوپنر بیٹر محمد رضوان نے 63 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعے کو قابل قدر بنایا ، محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی پاکستان بیٹرز انگلش بولنگ اٹیک کے سامنے نہ ٹہر سکا، قومی ٹیم کے 8 بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    کپتان بابراعظم 9، افتخار احمد 15، عامر جمال 10 رنز بناسکے، میچ میں کھلاڑیوں کی جلد بازی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دو بیٹرز رن آؤٹ ہوئے۔

    انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، ڈیوڈولی اورسیم کرن نے2،2کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

    اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہوم گراؤنڈ میں کھیلنا ہمیشہ خاص ہوتاہے، لاہور کی وکٹ بھی بیٹنگ کیلئے اچھی ہوگی، اگر ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹی 20 رینکنگ میں محمد رضوان کی بڑی کامیابی

    پاکستان نے آج کے اہم ترین میچ میں تین تبدیلیاں کیں، نائب کپتان شاداب خان اور حیدر علی کو فائنل الیون میں شامل کیا  جبکہ عامرجمال آج اپنا پہلا ٹی ٹوئٹنی انٹرنیشنل میچ کھیلا، عثمان قادر، خوشدل شاہ اور فاسٹ بولر محمد حسنین کو آرام دیا گیا۔

    انگلش کپتان معین علی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس سیریزمیں شاندارکرکٹ کھیلی ہے انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں ہیں، کرک ووکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ میلان اور سیم کرن  کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

  • بھارتی ٹیم پاکستان سے ہارنے کے بعد شکایتوں پر اتر آئی

    بھارتی ٹیم پاکستان سے ہارنے کے بعد شکایتوں پر اتر آئی

    بھارتی ٹیم پاکستان سے ہارنے کے بعد شکایتوں پر اتر آئی اور آئی سی سی کے پاس شکایات کا پلندہ لے کر پہنچ گئی۔

    متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر ہونا اور پاکستان کا فائنل میں پہنچنا بھارت کی کرکٹ ٹیم سے ہضم نہیں ہو رہا ہے اور اس نے اپنی ناقص کارکردگی کو شکوے شکایت کے پردے میں چھپانے کی کوشش شروع کردی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سے شکست کے بعد بھارتی ٹیم شکایت پر اتر آئی ہے اور اس نے میچ ریفری سے پاکستانی کھلاڑیوں کی شکایت کی ہے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی ٹیم نے میچ ریفری سے شکایت کی ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے وقت ضائع کرکے ہمارا ردھم توڑا۔

    بھارتی ٹیم نے اپنے نشانے کا ہدف خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی کے عالمی نمبر ایک بلے باز اور ان فارم وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو بنایا ہے اور شکایت میں کہا ہے کہ رضوان بار بار میچ روک رہا تھا۔

    واضح رہے کہ بھارت ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا سے شکست کے بعد پہلے ہی باہر ہو گیا تھا تاہم ایک اگر مگر کی مدھم سی امید افغانستان کی پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ختم ہوگئی اور اتوار کو فائنل کے لیے سری لنکا اور پاکستان نے کوالیفائی کرلیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: افغانستان کو شکست، پاکستان ایشیاکپ کے فائنل میں پہنچ گیا

    ایشیا کپ میں فائنل سے قبل بھارت، افغانستان اور پاکستان، سری لنکا کے میچز باقی ہیں تاہم اب ان میچز کی حیثیت رسمی سے زیادہ کچھ نہیں رہی ہے۔

  • پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز،غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے

    پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز،غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے

    کولمبو: سری لنکا میں معاشی بحران اور ایمرجنسی کی صورت حال کھیلوں کے میدانوں پر بھی اثر انداز ہونے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی موجودہ صورت حال کے باعث پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز پر غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں، قومی ٹیسٹ اسکواڈ اس وقت کولمبو میں موجود ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچ کےآخری روز کا کھیل جاری ہے۔

    سری لنکن صدر کی مالدیپ فرار ہونے کی خبروں کے بعد وزیراعظم سری لنکا نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، صورت حال اس قدر مخدوش ہے کہ مظاہرین کی کثیر تعداد سڑکوں پر موجود ہے اور انہوں نے صدر پاکسے کی فرار پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    ادھر سری لنکا کی موجودہ صورتحال پر پی سی بی حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورے پر موجود قومی کرکٹ ٹیم کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کے ہاتھوں آسٹریلیا کو شرمناک شکست

    قائم مقام ہائی کمشنر تنویر احمد بھٹی نے رمیز راجہ کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی میں اپنا سفارتی کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا پہنچنے کے بعد کولمبو میں کرفیو اور مظاہروں کے سبب پاکستان ٹیم ہوٹل میں مقید رہی، جس کے باعث قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن منسوخ ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز سولہ جولائی سے ہوگا، پہلا میچ گال اور دوسرا کولمبو میں کھیلا جائے گا، ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

  • سری لنکا پہنچتے ہی قومی کرکٹ ٹیم پر بڑی مشکل آن پڑی

    سری لنکا پہنچتے ہی قومی کرکٹ ٹیم پر بڑی مشکل آن پڑی

    کولمبو: پاکستان کرکٹ ٹیم کو دورہ سری لنکا کے آغاز پر مشکل میں پھنس گئی، کرکٹ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف ممبر کرونا کا شکار ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی والی قومی ٹیم گذشتہ روز ہی کولمبو پہنچی تھی، جہاں اسکواڈ سمیت سپورٹ اسٹاف کے کرونا ٹیسٹ کئے گئے، جہاں ایک سپورٹ اسٹاف ممبر کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سپورٹ اسٹاف ممبر کو فوری طور پر مکمل پروٹوکول کے تحت آئسولیٹ کردیا گیا ہے، قومی اسکواڈ آج آرام کرے گی اور کل سے باقاعدہ پریکٹس کا آغاز کرے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: سری لنکا اسکواڈ پر کرونا کا حملہ، اہم کھلاڑی گال ٹیسٹ سے باہر

    اس سے قبل سری لنکا کرکٹ ٹیم کے تین اہم کھلاڑی کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے، کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد تینوں کھلاڑیوں کو کل سے گال میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا گیا تھا۔

    سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈی سلوا،جیفری ویندرسے اور آسیتھا فرنینڈو کورونا کا شکار ہوئے جنہیں مکمل پروٹوکول کے تحت آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اورسری لنکا کا پہلا ٹیسٹ سولہ جولائی سےگال میں شروع ہوگا۔