Author: شاہد ہاشمی

  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: گرین شرٹس آج افغانستان سے ٹکرائےگی

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: گرین شرٹس آج افغانستان سے ٹکرائےگی

    دبئی: قومی کرکٹ ٹیم جیت کی ہیٹ ٹرک کیلئے پُر عزم، بھارت اور نیوزی لینڈ کےبعد اب افغانستان نشانے پرہوگا، شاہین آج افغانستان سےپنجہ آزمائی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں آج دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی، اسکاٹ لینڈ کو ایک سو تیس رنز سے شکست دیکر افغان ٹیم دیگر ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجاچکی ہے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔

    واضح رہے کہ گروپ ٹو میں موجود پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں بھارت اور دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی، افغانستان کے بعد پاکستان کو نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ سے میچز کھیلنے ہیں۔

     یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے ٹاکرا، راشد خان کا مداحوں کے نام اہم پیغام

    قومی کھلاڑیوں نے ہوٹل میں جم سیشن کیا، افغانستان کیخلاف میچ سے پہلے بھی کھلاڑی نیٹ سیشن میں حصہ لیں گے۔قومی ٹیم کے عبوری بولنگ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ دو میچز جیت کر اعتماد ملا، افغانستان کے خلاف پلان کےمطابق کھیل کر جیتیں گے۔

    ویسٹ انڈیز بمقابلہ بنگلہ دیش

    پاک افغان ٹاکرے سے قبل ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان شارجہ میں اہم ترین میچ کھیلا جائےگا، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کا میچ اس حوالے سے اہم ہے کہ جو ٹیم یہ میچ ہارے گی وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔

    میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہہ تین بجے شروع ہوگا۔

  • ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

    ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

    کراچی: کرکٹ شائقین کے لیے اچھی خبر ہے کہ ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو دے دی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ 2023 پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

    اے سی سی میٹنگ کی صدارت بھارت کے جے شاہ نے کی، بھارتی بورڈ نے پاکستان کی میزبانی کو منظور کیا۔

    ایشیا کپ 2022 کی میزبانی سری لنکا کرے گا جو کہ ٹوئنٹی فارمیٹ پر مشتمل ہوگا جبکہ ایشیا کپ 2023 ون ڈے فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

     واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب ایشیا کپ ٹی 20 بھی ملتوی کردیا گیا تھا، ایشیا کپ سری لنکا میں شیڈول تھا۔

    سربراہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ کورونا کے سبب ایشیا کپ کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: رمیز راجا کو بھارتی لیگ کا فائنل دیکھنے کی دعوت

    کچھ دیر قبل پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کی بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی سے دبئی میں ملاقات ہوئی تھی، یہ ملاقات ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کے موقع پر ہوئی۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کو انڈین لیگ کا فائنل دیکھنے ‏کی دعوت دی تھی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ رمیز راجہ دعوت کے باوجود آج ہونے والا ‏آئی پی ایل کا فائنل نہیں دیکھیں گے۔

    سابق کرکٹرز کےدرمیان غیر رسمی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی کرکٹ کی بحالی پر تبادلہ ‏خیال کیا گیا تھا ملاقات میں ایشین بلاک کو متحرک کرنے پر بھی بات جیت ہوئی تھی۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ: قومی ٹیم کے اسکواڈ میں تبدیلیاں کردی گئیں

    ٹی 20 ورلڈ کپ: قومی ٹیم کے اسکواڈ میں تبدیلیاں کردی گئیں

    ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے منتخب کردہ 15 رکنی قومی اسکواڈ میں تبدیلیاں کردی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، خوشدل شاہ کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

     اعظم خان کو ڈراپ کرکے سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جارح مزاج بیٹسمین حیدر علی کو بھی ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔

    ٹریولنگ ریزرو کھلاڑیوں میں خوشدل شاہ، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

    انجرڈ صہیب مقصود کی شمولیت فٹنس سے مشروط کردی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو بابر اعظم کے مشورے پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل صہیب مقصود کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ صہیب مقصود کو ایم آر آئی اسکین کے لیے اسپتال لایا گیا، انہیں چلنے میں مشکل پیش آرہی تھی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم کی ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور دیگر کوچز کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے جس میں کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان نے بھی شرکت کی۔

    Image

    یاد رہے کہ قومی اسکواڈ آج شام سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں بائیو سیکیور میں جائے گا، ٹیم 10 اکتوبر سے ٹریننگ کا آغاز کرے گی جبکہ 15 اکتوبر کو یواے ای کے لیے روانہ ہو گی۔

    خیال رہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے عمان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

  • دورہ پاکستان کی منسوخی کے بعد دباؤ، چیئرمین انگلش کرکٹ بورڈ نے عہدہ چھوڑ دیا

    دورہ پاکستان کی منسوخی کے بعد دباؤ، چیئرمین انگلش کرکٹ بورڈ نے عہدہ چھوڑ دیا

    لندن: انگلش کرکٹ بورڈ(ای سی بی) کے چیئرمین آئن واٹمور عہدے سے مستعفی ہوگئے، انگلینڈ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے بعد سے وہ دباؤ میں تھے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد آئن واٹمور پر دباؤ تھا، برطانوی وزیراعظم بھی دورہ کینسل ہونے پر ناراض تھے تاہم اب چیئرمین ای سی بی نے عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

    آئن واٹمور صرف 10 ماہ چیئرمین کے عہدے پر رہے جبکہ ان کے عہدے کی مدت 5 سال تھی۔ دورہ پاکستان کی منسوخی پر انہوں نے میڈیا اور سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کا بھی سامنا کیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ مہینے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر پہلے نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم کو پاکستان سے واپس بلا لیا تھا بعد ازاں صورت حال کو دیکھتے ہوئے انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے بھی دورہ پاکستان منسوخ کیا۔

    سیریز کی منسوخی پر دونوں کرکٹ بورڈ شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ حالیہ دنوں برطانوی صحافی لارنس بوتھ نے بھی انگلینڈ کرکٹ بورڈ(آئی سی بی) کے فیصلے کو غلط قرار دیا اور کہا تھا انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا فیصلہ اچھا نہیں تھا۔

  • پی سی بی نے سلمان نصیر کو بڑا عہدہ دے دیا

    پی سی بی نے سلمان نصیر کو بڑا عہدہ دے دیا

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے سلمان نصیر کو پی سی بی کا عبوری چیف ایگزیکٹیو مقرر کردیا۔

    ذرائع کے مطابق عبوری چیف ایگزیکٹیو کی تقرری پی سی بی آئین کی دفعہ آٹھ اعشاریہ چھ کےتحت کی گئی ہے، سلمان نصیر پہلے ہی پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر کےعہدے پر فائز  ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے چیف ایگزیکٹیو کی تقرری اشتہار کے بعد کی جائے گی، سلمان نصیر ان دنوں رمیز راجہ کے ہمراہ کراچی کے دورے پر موجود ہیں اور کرکٹ کی بہتری کےلیےمختلف شخصیات سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں فی الحال مزید کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی سی بی کو دیا جسے منظور کرلیا گیا۔

    اطلاعات یہ تھی کہ وسیم خان نےذاتی وجوہات کے باعث استعفی دیا، تاہم دوسری جانب اطلاعات یہ بھی تھیں کہ وسیم خان اختیارات میں کمی کے معاملے پر ناخوش تھے جبکہ وسیم خان کے پی سی بی سے معاہدے کی مدت اگلے برس کے اوائل میں ختم ہونی تھی۔

  • دورہ پاکستان کی منسوخی: برطانوی کھلاڑیوں کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا

    دورہ پاکستان کی منسوخی: برطانوی کھلاڑیوں کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا

    لندن: برطانوی کھلاڑیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دورہ پاکستان کی منسوخی کے فیصلے پر ہمیں اندھیرے میں رکھا گیا، اس سے متعلق کوئی علم نہیں تھا۔

    انگلش پلیئرز ایسوسی ایشن کے مطابق دورہ پاکستان کی منسوخی میں ہمارا کردار نہیں، اس کے فیصلے پرہمیں اندھیرے میں رکھا گیا، اس حوالے سے ہم سے پہلے کسی نے بات ہی نہیں کی۔

    پلئیرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ ہم سے تو یہ بھی نہیں پوچھا گیا کہ کیا آپ پاکستان سفر کریں گے یا نہیں، ہمیں تو دورہ منسوخ کرنے کے بعد بتایا گیا۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کی منسوخی اس وقت دنیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، لیجنڈری کھلاڑیوں نے مذکورہ دونوں ممالک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    وسیم اکرم، معین خان اور راشد لطیف کے اہم مشورے!

    غیرملکی تجزیہ کاروں نے بھی پاکستان کو کرکٹ کے لیے محفوظ ملک قرار دیا۔ ان کا ماننا ہے کہ ممکنہ طور پر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے یہ اقدام کوئی سیاسی چال ہوسکتی ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹرز سے ملاقات کی اور انہیں حوصلہ دیا کہ وہ پریشر نہ لیں، ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کے لیے توجہ مرکوز رکھیں۔

  • سیکیورٹی خدشات : پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز منسوخ

    سیکیورٹی خدشات : پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز منسوخ

    راولپنڈی : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان  کرکٹ سیریز منسوخ کردی گئی ہے، کیوی ٹیم جلد ہی وطن واپس روانہ ہوجائے گی ۔

    اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخ کی گئی ہے، ان خدشات کا اظہار نیوزی لینڈ کی جانب سے کیا گیا ہے پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ نیوزی لینڈ کی حکومت کا یکطرفہ فیصلہ ہے۔

    اس حوالے سے نیوزی لینڈ چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سیریز کیلئے بہت اچھے انتظامات کئے تھے، سیکورٹی الرٹ کی وجہ سےدورہ جاری رکھنا ممکن نہ تھا۔

    ڈیوڈ وائٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ کرکٹ سیریز کی منسوخی پی سی بی کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے، کھلاڑیوں کی سیکورٹی ہماری اولین ترجیح ہے جس پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑی محفوظ ہیں، حکومت کے سیکورٹی الرٹ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔

    پی سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے۔

    بیان کے مطابق پی سی بی نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی اور وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو رابطہ کر کے انھیں اس حوالے سے آگاہ کیا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی انٹیلیجنس دنیا کی بہترین ایجنسیوں میں سے ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سکیورٹی خطرہ نہیں ہے۔

    بیان کے مطابق نیوزی لینڈ ٹیم کے حکام نے حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا۔

  • قومی ٹیم کے آل راؤنڈر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    قومی ٹیم کے آل راؤنڈر کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

    کراچی: ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل آل راؤنڈر محمد نواز کو کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈرمحمد نواز کا ک رونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، ٹیسٹ مثبت آنے پر انہوں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے، قومی ٹیم کے دیگر ارکان کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے۔

    محمد نواز نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں اس کے علاوہ ان کا نام ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں بھی شامل ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کا آغاز سترہ ستمبر سے ہوگا، تین ون ڈے میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز 25، 26، 29 ستمبر، یکم اور 3 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

    نیوزی لینڈ ٹیم11ستمبر کو چارٹر پرواز کے ذریعے ڈھاکا سے اسلام آباد پہنچےگی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کوپاکستان آمد پر لازمی کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان آمد پر کیوی کھلاڑیوں کیلیے اہم سہولت، بڑا فیصلہ ‏

    دوسری جانب پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم کا اعلان کرچکا ہے قومی ‏اسکواڈ کی کپتانی کا سہرا بابر اعظم کے سر ہوگا جب کہ نائب کپتان کی ذمہ داری شاداب خان سنبھالیں گے۔

    آصف علی اور خوشدل شاہ کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے ان کے علاوہ اسکواڈ میں اعظم خان، حارث رؤف، ‏حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر ، شاہین شاہ ‏آفریدی اور صہیب مقصود شامل ہیں۔

  • شائقین کیلیے اچھی خبر! افغان ٹیم پاکستان آنے کو تیار

    شائقین کیلیے اچھی خبر! افغان ٹیم پاکستان آنے کو تیار

    شائقین کرکٹ کے لیے اچھی خبر ہے کہ افغانستان کی ٹیم پاکستان میں سیریز کھیلنے کے ‏لیے آمادہ ہو گئی۔

    افغان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور سیریز ‏پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی۔

    پاک افغان کرکٹ سیریز سری لنکامیں ہونا تھی تاہم لاک ڈاؤن کی وجہ سے سیریز کا انعقاد منسوخ ‏کر دیا گیا تھا۔

    پاک افغان کرکٹ سیریز ستمبر کےپہلے ہفتےمیں ہو گی جس کے لیے افغانستان کی ٹیم منگل ‏یابدھ کوپاکستان پہنچےگی۔

    تین ون ڈے میچز کی سیریز کے شہر کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔ سیریزکامیزبان افغانستان ہی ہو ‏گا۔

    پاکستانی سفارتخانے نے افغان کرکٹ ٹیم کےکھلاڑیوں کے ویزےجاری کر دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر ‏اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ‏نے افغانستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کردیے ہیں ، دعاکرتےہیں افغان کرکٹ ٹیم اپنے عوام کے ‏چہروں پر مسکراہٹیں لائیں گے۔

  • پی سی بی کا نیا چیئرمین کون ہوگا؟

    پی سی بی کا نیا چیئرمین کون ہوگا؟

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کی تین سالہ مدت بدھ 24 اگست کو ختم ہوجائے گی، وزیراعظم بورڈ آف گورنر میں چیئرمین پی سی بی کے لیے اپنے دو امیدواروں کو نامزد کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پی سی بی کے نئے چیئرمین یا احسان مانی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ پیر کو کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بورڈ آف گورنرز میں اپنے دو نمائندوں کو نامزد کریں گے، 10 اراکین ووٹنگ کے ذریعے نئے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم جسٹس (ر) عظمت شیخ کو الیکشن کمشنر نامزد کرچکے ہیں، وزیراعظم نے دو نمائندوں کے لیے سابق کپتان رمیز راجہ اور جواد ساجد کے نام زیر غور ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم کسی کرکٹر کو چیئرمین پی سی بی بنانے کے خواہش مند ہیں اور وزیراعظم کے پرانے ساتھی رمیز راجہ پی سی بی کی چیئرمین شپ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم رمیز راجہ کو چیئرمین پی سی بی بنانے کے حوالے سے ایک دو روز میں فیصلہ کریں گے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز احسان مانی کو برقرار رکھنے کے حق میں ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 20 اگست 2018 کو نجم سیٹھی کی جگہ احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی نامزد کیا تھا۔