Author: شاہد ہاشمی

  • شائقین کرکٹ کے لئے بڑی خبر، پی سی بی نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کی خوشخبری سنا دی

    شائقین کرکٹ کے لئے بڑی خبر، پی سی بی نے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کی خوشخبری سنا دی

    لاہور: پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کے انعقاد پر چھائے بادل چھٹ گئے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو ابوظہبی میں میچز کرانے کی تحریری اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سی ای او پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے قوم کو خوشخبری سنائی کہ پی ایس ایل کےبقیہ میچز ابوظہبی میں کرانےکی تحریری اجازت مل گئی ہے، جس کے بعد ابوظبی میں ایونٹ سے متعلق تمام رکاوٹیں ختم ہوگئیں ہیں۔

    وسیم خان نے کہا کہ تاریخی موقع پر پی سی بی کے اسٹاف کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں ، ایمریٹس کرکٹ بورڈ اور ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے بھی شکرگزار ہیں، اسٹاف کی کوششوں سے پی سی بی اپنا وعدہ پورا کرنےمیں کامیاب ہوئی، ہم ایونٹ مکمل کرانے کےلیےتیار ہیں۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پوری کوشش ہے کہ یکم جون سے بقیہ میچز کا آغازہو، بقیہ میچز کا نیا شیڈول جاری کیا جائیگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کی تحریری اجازت ملنے کے بعد فرنچائز نمائندگان اور پی ایس ایل انتظامیہ کااجلاس کچھ دیربعدہوگا، اجلاس میں فرنچائز نمائندگان کو اعتماد میں لیاجائےگا۔

    ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پی ایس ایل میچز کے لیےکوشش کررہےتھے،انتظامات مکمل تھے،جیسےہی کنفرمیشن ملی اعلان کردیا۔

  • پاکستان نے زمبابوے کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا

    پاکستان نے زمبابوے کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا

    ہرارے: پاکستان نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کو ایک اننگز اور 147 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہرارے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو میزبان ٹیم کے خلاف وائٹ واش کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی، شاہین شاہ آفریدی نے آخری وکٹ حاصل کی اور اسی کے ساتھ پاکستان نے زمبابوے کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا۔

    زمبابوے کو پہلی اننگز میں فالوآن کرنے کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کی، شاہین شاہ آفریدی نے زمبابوے کے دوسری اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، فاسٹ بولر نے میچ میں مجموعی طور پر چھ وکٹیں حاصل کیں۔

    فالوآن کا شکار زمبابوے پر دوسری اننگر میں آف اسپنر نعمان علی بھی قہر بن کر ٹوٹے اور انہوں نے بھی 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    اس سے قبل ہرارے ٹیسٹ میں زمبابوے ٹیم 510 رنز کے جواب میں صرف 132 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی تھی، حسن علی نے مسلسل تیسرے ٹیسٹ میچ میں 5 وکٹیں حاصل کیں تھیں، ساجد خان نے دو شاہین آفریدی اور تابش خان نے ایک ایک وکٹ لی۔

    پاکستانی ٹیم کے اوپنر عابد علی نے ہرارے ٹیسٹ کو یادگارہ بناتے ہوئے اپنے کریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی ، اسی اعزاز کے ساتھ وہ ہرارے میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بنے،اس سے قبل سابق کپتان اور موجودہ بیٹنگ کوچ یونس خان نے 2013 میں ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔

    ڈبل سینچری بنانے پر عابد علی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

     

  • پاکستان فٹ بال فیڈریشن تنازع میں اہم بریک تھرو

    پاکستان فٹ بال فیڈریشن تنازع میں اہم بریک تھرو

    لاہور: پاکستان فٹبال فیڈریشن اور فیفا نارملائزیشن کمیٹی کی ہٹ دھرمی کے باعث فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت معطل کی تھی، تاہم پاکستان فٹ بال فیڈریشن تنازع میں بریک تھرو ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق انجینئر اشفاق گروپ نے نارملائزیشن کمیٹی سے مشروط مذاکرات پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے اور نائب صدر انجینئر اشفاق گروپ نے مذاکرات کی شرائط بھجوادیں ہیں، شرائط میں کہا گیاہے کہ تینوں گروپس کا نمائندہ نارملائزیشن کمیٹی میں شامل کیاجائے۔

    انجینئر اشفاق گروپ نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے شرائط میں کہا گیا ہے کہ پی ایف ایف انتخابات2021کےآئین کےمطابق کرائےجائیں، تمام انتخابی قواعد پاکستان فٹ بال فیڈریشن قوانین کےمطابق بنائےجائیں،اس کے علاوہ 2015کی اسکروٹنی کےمطابق کلبز کی جانچ پڑتال کی جائے۔

    شرائط میں کہا گیا کہ ضلعی فٹبال ایسوسی ایشنز کے انتخابات تیس جولائی تک کرائےجائیں، علاقائی ایگزیکٹیو کمیٹیوں کےانتخابات پندرہ اگست تک کرائےجائیں۔

    انجینئراشفاق گروپ کا کہنا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی کو شرائط قبول ہوں تو فیفاہاؤس کا چارج سونپنے کو تیار ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: فیفا نے پاکستان کی رکنیت معطل کردی

    واضح رہے کہ رواں ماہ کی سات تاریخ کو فٹبال کی عالمی فیڈریشن (فیفا) کی بیورو آف کونسل نے پاکستان کی رکنیت کو معطل کردیا تھا، معطلی سے قبل فیفا نے پاکستان کو وارننگ دی تھی کہ اسکی نامزد کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے کام میں مداخلت نہ کی جائے لیکن پاکستان فٹبال فیڈریشن کے اشفاق گروپ نے فٹبال ہاؤس پر قبضہ ختم نہ کیا۔ معطلی کی وجہ سے پاکستان کو فیفا کی فنڈنگ ملنا ختم ہو جائیگی اورپاکستان بین الاقوامی مقابلوں میں بھی حصۃ نہیں لے سکے گا۔

  • دوسرا ٹی ٹوئنٹی: زمبابوے کے ہاتھوں پاکستان کو اپ سیٹ شکست

    دوسرا ٹی ٹوئنٹی: زمبابوے کے ہاتھوں پاکستان کو اپ سیٹ شکست

    ہرارے: کمزور زمبابوے کا پلٹ کر وار، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم کے بلے بازوں نے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، زمبابوے کے خلاف قومی ٹیم کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہی، کپتان بابراعظم کے 41 رنز کے باوجود گرین شرٹس 119 رنز کا ہدف بھی نہ حاصل کر پائی۔

    پاکستان کا مڈل آرڈر ایک بار پھر برُی طرح ناکام ہوا، فخر زمان 2، محمد حفیظ 5، آصف علی 1، فہیم اشرف 2 رنز بنا کر چلتے بنے، دانش عزیز نے 22 رنز بنائے مگر وہ ٹیم کے کسی کام نہ آسکے۔زمبابوے کی جانب سے لیوک جونگوے نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،ریان برل نے بھی دو وکٹیں حاصل کی، زمبابوے نے پاکستان کیخلاف16ویں میچ میں پہلی فتح سمیٹی ہے، پاکستان کے خلاف تاریخی فتح کے ساتھ ہی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔

    اس سے قبل زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لئے 119 رنز کا ہدف دیا تھا،گرین شرٹس کے بولرز نے آج بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور زمبابوے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بناسکی تھی۔

    پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر محمد حسینن اور آل راؤنڈر دانش عزیز نے زمبابوے کے 2،دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے کراچی کنگز کے میڈیم فاسٹ بولر ارشد اقبال نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا, فہیم اشرف، حارث رؤف اور عثمان قادر نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا۔

    زمبابوے کی جانب سے اوپنر تیناشی کامونوہکموی 34 رنز بناکر نمایاں رہے،ریگیس چاکبا 18،ویسلے مدھیویر16 رنز بناسکے، اس کے علاوہ زمبابوے کا کوئی بھی کھلاڑی گرین شرٹس کے سامنے نہ ٹہر سکا۔

    زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فیصلہ کن برتری کے لئے قومی ٹیم میں آج دو تبدیلیاں کیں گئیں ، آؤٹ آف فارم مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی کی جگہ آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا  جبکہ آل راؤنڈر محمد نواز کو ڈراپ کرتے ہوئے کراچی کنگز سے تعلق رکھنے والے ارشد اقبال کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ۔

     دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل زمبابوے کے مڈل آرڈر بلے باز کریگ ارون انجری کا شکار ہوکر ٹی ٹوینٹی سیریز سے باہر ہوئے،کریگ ارون پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے، زمبابوین اسکواڈ میں کریگ ارون کی جگہ تاریسائی مساکانڈا کو شامل کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: دوسرے ٹی ٹوینٹی سے قبل زمبابوین ٹیم کو دھچکا

    یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دی تھی، پاکستان کے 149 رنز کے جواب میں زمبابوین ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 138 رنز بناسکی تھی۔

    پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد حسنین نے دو وکٹیں حاصل کیں، 82 رنز کی اننگز کھیلنے پر رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

  • بھارت نےٹی 20ورلڈکپ کیلئےپاکستان ٹیم کوویزہ دینےکی منظوری دیدی

    بھارت نےٹی 20ورلڈکپ کیلئےپاکستان ٹیم کوویزہ دینےکی منظوری دیدی

    بھارت نے رواں سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے پاکستان ٹیم کو ویزہ دینےکی منظوری دے ‏دی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی کونسل میٹنگ میں ویزہ دینے کی ‏منظوری سے متعلق باضابطہ اطلاع دی گئی۔

    بھارت میں ٹی 20 ورلڈکپ کیلئےپاکستانی صحافیوں کوبھی ویزے دیےجائیں گے البتہ پاکستانی ‏شائقین کیلئے ویزوں سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    بھارت میں کورونا وائرس کے ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا، آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے لیے متبادل پلان تیار کرلیا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلر ڈائز نے امید ظاہر کی کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق بھارت میں ہوگا، بھارت میں ایونٹ نہ ہونے کی صورت میں ہمارے پاس بیک اپ پلان بھی موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں صرف 6 ماہ باقی ہیں اور بھارت کورونا وائرس کی دوسری لہر سے دوچار ہے۔

    جیف ایلر ڈائز نے کہا کہ صرف 6 مارچ کو ہی ملک میں 1 لاکھ 15ہزار سے زائد کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’ہاں ہمارے پاس بیک اپ پلان ہے‘، لیکن اس مرحلے پر ان پلانز کو فعال نہیں کیا ہے۔

    آئی سی سی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ آئی سی سی بھارت میں میگا ایونٹ شیڈول کے مطابق کروانے کے منصوبے پر آگے بڑھ رہا ہے۔

    واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر نومبر میں بھارت میں منعقد ہوگا۔

  • بابراعظم  ویرات کوہلی کو پچھاڑکر دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے

    بابراعظم ویرات کوہلی کو پچھاڑکر دنیا کے نمبر ون بلے باز بن گئے

    دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابراعظم نے ایک اور تاریخ رقم کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ایک روزہ میچز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کی ہے، جس میں بابراعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے نمبر ون کی پوزیشن چھین لی ہے، بابر اعظم آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔

    اسی اعزاز کے ساتھ پاکستان کرکٹ نے اٹھارہ سال بعد تاریخ رقم کی ہے، اس سے قبل سال دو ہزار تین میں محمد یوسف ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر رہنے والے آخری قومی کھلاڑی تھے۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری نئی رینکنگ کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم 865 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہوگئے، دوسرے نمبر پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی ہے جن کے 857 پوائنٹس ہیں، بھارت کے روہت شرما تیسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر چوتھے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

    جنوبی افریقا کے خلاف مسلسل دو سنچریوں نے پاکستانی اوپنر فخر زمان کو ٹاپ ٹین بلے بازوں کی فہرست میں شامل کرادیا ہے اور وہ ون ڈے رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔

    اس کے ساتھ ہی بابر اعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین بنے، اس سے قبل ظہیر عباس،جاوید میانداد اور محمدیوسف بھی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پر رہ چکے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر بابر اعظم کو مبارکباد دی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم کا سر فہرست آنا قوم کیلئے اعزاز ہے، مستقبل میں بھی بابر اعظم کی کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔

    سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے بھی آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر بابر اعظم کو مبارکباد دی گئی ہے۔

  • فیفا نے پاکستان کی رکنیت معطل کردی

    فیفا نے پاکستان کی رکنیت معطل کردی

    کراچی: پاکستان فٹ بال فیڈریشن میں باہمی چپقلش کے باعث فیفا نے پاکستان کے خلاف بڑا اقدام اٹھالیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی فیڈریشن (فیفا) کی بیورو آف کونسل نے پاکستان کی رکنیت کو معطل کردیا ہے، فیفا نے گذشتہ ہفتے پاکستان کو وارننگ دی تھی کہ اسکی نامزد کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے کام میں مداخلت نہ کی جائے لیکن پاکستان فٹبال فیڈریشن کے اشفاق گروپ نے فٹبال ہاؤس پر قبضہ ختم نہ کیا۔ معطلی کی وجہ سے پاکستان کو فیفا کی فنڈنگ ملنا ختم ہو جائیگی اورپاکستان بین الاقوامی مقابلوں میں بھی حصۃ نہیں لے سکے گا۔

    اس تنازعے کے باعث نیشنل ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں ٹیموں نے اپنے میچز کھیلنے سے انکار کردیا تھا، جس کے باعث ماشا یونائیٹڈ اور ہائی لینڈرز کے درمیان سیمی فائنل منسوخ ہوا بعد ازاں ٹورنامنٹ بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔

    اس تنازعے پر فیفا نارملائزیشن کمیٹی نےفٹبال کمیونٹی کےنام کھلا خط لکھا تھا، خط میں کہا گیا تھا کہ نارملائزیشن کمیٹی پاکستان میں فیفا کی نمائندہ ہے نارملائزیشن کمیٹی ملک ‏میں انتخابی عمل کومکمل کرنےکیلئےکوشاں تھی، ‏

    خط کے مطابق نارملائزیشن کمیٹی کی کوشش تھی کہ جلد سےجلد انتخابی عمل مکمل ہو، 27مارچ ‏کےواقعہ سےفٹبال بحالی، انتخابی عمل کوشدیدنقصان پہنچا جب کہ فیفاہاؤس کی پوزیشن واپس نہ ‏کیےجانا افسوسناک امر قرار دیا تھا۔

    دوسری جانب اے آر وائی نیوز کے نمائندہ خصوصی برائے اسپورٹس شعیب جٹ کا کہنا ہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کی رکنیت معطل کردی ہے اس پر پابندی نہیں لگائی یہ معطلی کسی بھی وقت ختم ہوجائے گی اب طریقہ کار کے مطابق بیک ڈور ڈپلومیسی کے تحت بات چیت ہوگی اور پھر پاکستان کی رکنیت بحال ہوجائے گی۔

  • فخر زمان کے 193 رنز رائیگاں، جنوبی افریقہ 17 رنز کامیاب

    فخر زمان کے 193 رنز رائیگاں، جنوبی افریقہ 17 رنز کامیاب

    جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے دی، فخر زمان کی دھواں دار اننگز بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے جانے والے 342 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بناسکی، تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

    فخر زمان نے 193 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 10 چھکے اور 18 چوکے شامل تھے۔

    فخرزمان کےعلاوہ کوئی کھلاڑی بڑی اننگزنہ کھیل سکا، امام الحق 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان بابر اعظم 31 رنز بناسکے، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    دانش عزیز 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شاداب خان کو 13 رنز پر تبریز شمسی نے پویلین روانہ کیا، آصف علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 19 رنز بنا کر مرکرام کو کیچ دے بیٹھے۔

    فہیم اشرف 11 رنز بنا کر چلتے بنے، شاہین شاہ آفریدی کو 5 رنز پر ربادا نے آؤٹ کیا۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے نورٹ جی نے تین وکٹیں حاصل کیں، فلک وایو نے دو اور ربادا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل دوسرا ون ڈے میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو کہ سود مند ثابت نہ ہوا۔

    مہمان جنوبی افریقا نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر341رنز بنائے، جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اوپنر کوئٹن ڈی کوک نے 80 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ڈیوڈ ملر نے 27 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، میچ کے آخری لمحات میں وین ڈر ڈوسن نے 37 گیندوں پر برق رفتاری کے ساتھ 60 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا۔

    پاکستان کی جانب سے حارث رؤف 3وکٹیں لینےمیں کامیاب رہے، محمد حسنین، شاہین آفریدی ،فہیم اشرف نےایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    پروٹیز کے خلاف دوسرے اور فیصلہ کن میچ کے لئے پاکستان نے پہلے ون ڈے کی فاتح فائنل الیون کو برقرار رکھا، سیریز کے پہلے میچ میں فتح کے بعد بابر الیون تاریخ بنانے کے قریب ہیں، آج گرین شرٹس نے سنچورین کا ایکشن ری پلےکردیا تو وہ دو ہزار تیرہ کے بعد جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز جیتیں گے۔

    تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کو ایک کامیابی درکار ہے، سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے کپتان بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت پروٹیز کو3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    بابر اعظم نے کیریئر کی 13 ویں سنچری بنائی، ان کی اننگز میں 17 دلکش چوکے شامل تھے۔دورہ جنوبی افریقا میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو قومی کرکٹ ٹیم کی پروٹیز کے دیس میں یہ چھٹی سیریز ہے، تاہم گرین شرٹس اب تک ایک سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی اور چار سیریز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ایک سیریز برابر رہی تھی۔

    قومی کرکٹ ٹیم نے سال دوہزار تیرہ میں پہلی بار پروٹیز کے ہوم گراؤنڈ میں ایک روزہ سیریز اپنے نام کی تھی۔

    پروٹیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی بعد ازاں قومی ٹیم دورہ زمبابوے کے لئے روانہ ہوگی۔

  • پی ایس ایل کے بقیہ میچز 23 مئی سے 20 جون تک کرانے کا فیصلہ

    پی ایس ایل کے بقیہ میچز 23 مئی سے 20 جون تک کرانے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز 30 مئی سے 20 جون تک کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل فرنچائز کے اجلاس میں پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز 23 مئی سے 20 جون تک کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بقیہ تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے، کھلاڑیوں کو سات دن تک قرنطینہ کرنا ہوگا۔

    پی ایس ایل میچز میں تماشائیوں کی شرکت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں:  پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کرانے پر اتفاق

    ذرائع کے مطابق بائیو سکیور ببل کے لیے غیر ملکی کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور کھلاڑیوں کی دستیابی یا عدم دستیابی کے فیصلے کے بعد ڈرافٹ کا انعقاد ہو گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ کو 14 میچز کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا جس کے اب مزید 20 میچز باقی ہیں۔

  • ڈمی کپتان نہیں بنوں گا، بابر اعظم کا محمد وسیم کو پیغام

    ڈمی کپتان نہیں بنوں گا، بابر اعظم کا محمد وسیم کو پیغام

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم صرف 3 ماہ ہی متنازع بن گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم سلیکشن پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے، چیف سلیکٹر محمد وسیم کو سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کپتان بابر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم سلیکشن میں اپنا کردار ادا کریں، سرفراز کی طرح نہ بنیں۔

    دوسری جانب کپتان بابر اعظم بھی دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ٹیم کے انتخاب پر خوش نہیں ہیں، بابر اعظم نے محمد وسیم کو پیغام دیا کہ ڈمی کپتان نہیں بنوں گا۔

    مزید پڑھیں: شاہد آفریدی کرکٹ بورڈ اور چیف سلیکٹر پر برس پڑے

    انضمام الحق نے کہا کہ ٹیمیں اتفاق رائے سے بنتی ہیں، میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ چیف سلیکٹر اور کوچ نہیں بلکہ کپتان سب سے اہم ہے، میدان میں ٹیم اسی کو لڑانا ہوتی ہے، اسے فیصلوں میں اعتماد دینا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ بابر اعظم خوش نہیں، محمد وسیم کچھ اور ہی کہہ رہے ہیں، بورڈ خاموش ہے، پی سی بی اپنی آنکھیں کھولے اور سوچے کہ یہ لوگ کرکٹ کے ساتھ کیا سلوک کررہے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے بھی چیف سلیکٹر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے عماد وسیم، محمد عامر، حارث رؤف اور شعیب ملک کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔