Author: شاہد ہاشمی

  • پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی، شرجیل خان کو صلہ مل گیا

    پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی، شرجیل خان کو صلہ مل گیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا اور زمبابوے کے خلاف سیریز کے لئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، کراچی کنگز کے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان کو بھی بڑی خوشخبری مل گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ اور زمبابوے سےسیریز کے لئے قومی اسکواڈکا اعلان کردیا ہے، اسکواڈ کا اعلان چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کیا۔

    دونوں سیریز کے لئے ٹی ٹوئنٹی، ایک روزہ اور ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا گیا، چیف سلیکٹر کے مطابق کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی انجری سے چھٹکارا پالیا ہے جس کے بعد انہیں بھی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

    چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اعلان کیا کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ شاداب خان ان کے نائب ہونگے، ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

    ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ

    آصف علی، بابر اعظم کپتان، دانش عزیز، حیدر علی، محمد حفیظ، شرجیل خان، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاداب خان (نائب کپتان)، محمد رضوان ، سرفراز احمد، ارشد اقبال، حارث رؤف، حسن علی، محمد حسنین، عثمان قادر اور شاہین شاہ آفریدی۔

    ٹی ٹوئنٹی سے ڈراپ ہونے والوں میں حسین طلعت، افتخار احمد،خوشدل شاہ، عامریامین، عماد بٹ اور ظفر گوہر شامل ہیں۔

    جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈےسیریز کیلئے اٹھارہ رکنی اسکواڈکا اعلان کیا گیا ہے، فخرزمان اور امام الحق کی ایک روزہ میچز میں واپسی ہوئی ہے، پروٹیز کے خلاف اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔

    ایک روزہ میچز کا اسکواڈ

    عبداللہ شفیق، بابر اعظم کپتان، دانش عزیز، فخر زمان، حیدر علی، امام الحق، سعود شکیل، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد وسیم جونئیر، شاداب خان، محمد رضوان، سرفراز احمد، حارث رؤف، حسن علی، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی۔

    ٹیسٹ اسکواڈ

    جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، بابر اعظم کپتان، فواد عالم ، عمران بٹ، سلمان علی آغا اور سعود شکیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ فہیم اشرف، محمد نواز، محمد رضوان (نائب کپتان)، سرفراز احمد، حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، تابش خان کو شامل کیا گیا ہے۔

    پی ایس ایل سیزن سکس میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شاہنواز ڈاھانی کو بھی بہترین کارکردگی کا صلہ ملا ہے اور انہیں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ نعمان علی، سعود خان اور زاہد محمود بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

     

  • اہم خبر: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز  جون میں کرانے پر اتفاق

    اہم خبر: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کرانے پر اتفاق

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل انتظامیہ نے شائقین کرکٹ کو بڑی خوشخبری سنادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل سیزن 6 کے بقیہ میچز کےحوالے سے پی سی بی نے آج اہم اجلاس طلب کیا تھا، اجلاس میں پی ایس ایل انتظامیہ اور ٹیم مالکان نے شرکت کی۔

    طویل غوروفکر کے بعد اجلاس میں پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کرانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے، اس کے علاوہ اس نقطے پر بھی اتفاق کیاگیا کہ کھلاڑیوں کی دستیابی کے بعد میچز کرانے کا اعلان کیاجائیگا۔

    اہم ترین اجلاس میں پی سی بی اور ٹیم مالکان نے اتفاق کیا کہ پی ایس ایل کے باقی میچز پاکستان میں ہی ہونگے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل پی ایس ایل فرنچائز نے پی ایس ایل سے متعلق معاملات کا ازسر نو جائزہ لینے مطالبہ کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ اہم معاملات میں مشاورت نہیں کی جاتی، کرونا پروٹوکولز پر بھی فرنچائز سے بات نہیں کی گئی، معاملات سے دور رکھنے کی وجہ سے صورت حال خراب ہوئی۔

    فرنچائز کا شکوہ تھا کہ کسی بھی معاملے پر منصوبہ بندی کرنی ہو تو فرنچائز کو دور رکھا جاتا ہے، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تحمل سے فرنچائز کی بات سنی اور فرنچائز کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں فرنچائز کو شکایات کا موقع نہیں ملے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی سی بی میڈیکل پینل کے ہیڈ سہیل سلیم مستعفی

    واضح رہے کہ رواں ماہ کی چھ تاریخ کو پی سی بی میڈیکل پینل کے ہیڈ سہیل سلیم مستعفی ہوگئے تھے، ڈاکٹر سہیل پاکستان سپر لیگ میں بائیو سیکیور ببل اور ایس او پی کی تیاریوں کے باعث شدید تنقید کی زد میں تھے۔

    یاد رہے کہ چار مارچ کو کورونا کیسز سامنے آنے پر پی ایس ایل 6 ملتوی کردی گئی تھی، ایونٹ میں 14 میچز کھیلے گئے اور 20 میچز باقی تھے۔

  • پی ایس ایل سیزن 6 کا مستقبل کیا ہوگا؟

    پی ایس ایل سیزن 6 کا مستقبل کیا ہوگا؟

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 ملتوی ہونے کے معاملے پر فرنچائزر کے مطالبے پر پی سی بی نے سرخم تسلیم کرلیا ہے اور بقیہ میچز کے حوالے سے اہم اجلاس رواں ہفتے ہی طلب کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی ایس ایل سیزن 6 کے بقیہ میچز کےحوالے سے پی سی بی نے اہم اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا ہے، اجلاس میں پی ایس ایل انتظامیہ اور ٹیم مالکان شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز رمضان سے پہلے یا بعد میں کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل پی ایس ایل فرنچائز نے معاملات کا ازسر نو جائزہ لینے مطالبہ کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ اہم معاملات میں مشاورت نہیں کی جاتی، کرونا پروٹوکولز پر بھی فرنچائز سے بات نہیں کی گئی، معاملات سے دور رکھنے کی وجہ سے صورت حال خراب ہوئی۔

    فرنچائز کا شکوہ تھا کہ کسی بھی معاملے پر منصوبہ بندی کرنی ہو تو فرنچائز کو دور رکھا جاتا ہے۔

    اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تحمل سے فرنچائز کی بات سنی اور فرنچائز کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں فرنچائز کو شکایات کا موقع نہیں ملے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل 6 کے لیے2رکنی فیکٹ فائنڈنگ پینل کا اعلان ‏

    اجلاس میں پی ایس ایل کو پاکستان میں ہی مکمل کروانے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا، پاکستان کے علاوہ کہیں اور میچز کرانے کے آپشن پر بات نہیں کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر پی ایس ایل کے کچھ کھلاڑیوں میں کرونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے باعث فوری طور پر پی ایس ایل کے بقیہ میچز مؤخر کردئیے گئے تھے۔

  • پی ایس ایل ملتوی ہونے کا معاملہ، فرنچائز کا ازسرنو جائزہ لینے کا مطالبہ

    پی ایس ایل ملتوی ہونے کا معاملہ، فرنچائز کا ازسرنو جائزہ لینے کا مطالبہ

    لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 ملتوی ہونے کے معاملے پر فرنچائز نے ازسر نو جائزہ لینے کا مطالبہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل 6 ملتوی ہونے کے معاملے پر ورچوئل اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پی سی بی احسان مان، وسیم خان، سلمان نصیر اور فرنچائز مالکان نے شرکت کی۔

    ذرائع کے مطابق فرنچائز نے معاملات کا ازسر نو جائزہ لینے مطالبہ کرتے ہوئے شکایت کی کہ اہم معاملات میں مشاورت نہیں کی جاتی، کورونا پروٹوکولز پر بھی فرنچائز سے بات نہیں کی گئی، معاملات سے دور رکھنے کی وجہ سے صورت حال خراب ہوئی۔

    فرنچائز کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاملے پر منصوبہ بندی کرنی ہو تو فرنچائز کو دور رکھا جاتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تحمل سے فرنچائز کی بات سنی اور فرنچائز کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں فرنچائز کو شکایات کا موقع نہیں ملے گا۔

    اجلاس میں پی ایس ایل کو پاکستان میں ہی مکمل کروانے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا، پاکستان کے علاوہ کہیں اور میچز کرانے کے آپشن پر بات نہیں کی گئی۔

    پی ایس ایل کو مکمل کرانے کے لیے مختلف ونڈوز پر بات چیت کی گئی، واضح رہے کہ پی ایس ایل سے متعلق تین روز کے بعد ایک اور اہم اجلاس ہوگا جس میں پی ایس ایل کی ونڈو اور بائیو سیکیور ببل سے متعلق گفتگو ہوگی۔

  • شاہد آفریدی کی صاحبزادی اور شاہین شاہ آفریدی کا رشتہ طے پاگیا

    شاہد آفریدی کی صاحبزادی اور شاہین شاہ آفریدی کا رشتہ طے پاگیا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی اور نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا رشتہ طے پاگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہین آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی کی صاحبزادی کا رشتہ طے پاگیا، شاہد آفریدی کی فیملی نے منگنی کے لیے کچھ وقت مانگ لیا۔

    شاہد آفریدی فیملی کے مطابق بیٹی ابھی پڑھ رہی ہے اس لیے منگنی کا باضابطہ اعلان کچھ عرصے بعد کیا جائے گا۔

    شاہین آفریدی کے والد ایاز خان نے بھی تصدیق کی کہ شاہد آفریدی کی فیملی سے دیرینہ تعلق ہے، ان کے خاندان نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

    شاہد آفریدی نے بھی اب سے کچھ دیر قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیٹی کے رشتے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’شاہین کے اہلخانہ نے میری بیٹی کے لیے اہل خانہ سے رابطہ کیا ہے، دونوں خاندان رابطے میں ہیں۔

    شاہد آفریدی نے لکھا کہ ‘رشتے آسمانوں پر بنتے ہیں اگر اللہ نے چاہا تو یہ رشتے طے پاجائے گا، شاہین آفریدی کے کیریئر اور زندگی میں ترقی کے لیے دعا گو ہوں۔

  • پی سی بی میڈیکل پینل کے ہیڈ سہیل سلیم مستعفی

    پی سی بی میڈیکل پینل کے ہیڈ سہیل سلیم مستعفی

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیکل پینل کے ہیڈ سہیل سلیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے میڈیکل پینل کے ہیڈ سہیل سلیم مستعفی ہوگئے، واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پی ایس ایل 6 کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا جس کے بعد سے سابق کرکٹرز کی جانب سے پی سی بی پر شدید تنقید کی جارہی تھی۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ سہیل سلیم کی درخواست پر غور کیا جارہا ہے، سہیل سلیم کو ایک مہینے کا نوٹس پیریڈ پورا کرنا ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سہیل سلیم کو تحقیقات میں بھی تعاون کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں بائیو سیکیور ببل اور ایس او پی کی تیاریوں پر ڈاکٹر سہیل شدید تنقید کی زد میں تھے۔

    ذرائع کے مطابق پی سی بی ہیڈ کوارٹرز کی راہداریوں میں بھی تمام معاملات پر ڈاکٹر سہیل کی جانب ہی انگلیاں اٹھ رہی تھیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کورونا کیسز سامنے آنے پر پی ایس ایل 6 ملتوی کردی گئی تھی، ایونٹ میں 14 میچز کھیلے گئے اور 20 میچز باقی تھے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز رواں سال مئی میں لاہور یا راولپنڈی میں کرائے جانے کا امکان ہے۔

  • کرونا وار نے گہن لگادیا، پی ایس ایل 6 ملتوی

    کرونا وار نے گہن لگادیا، پی ایس ایل 6 ملتوی

    کراچی: کرونا کیسز کے بڑھتے وار نے پاکستان کی سب سے مشہور لیگ پی ایس ایل کو گہن لگادیا جس کے باعث پاکستان سپر لیگ سیزن سکس کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ مشکل فیصلہ کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل انتظامیہ اور ٹیم مالکان کے درمیان ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، ورچوئل اجلاس میں کرونا کیسز بڑھنے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ التوا کا فیصلہ لیگ میں سات کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل سے متعلق تین بجے اہم پریس کانفرنس کرے گا

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی فوری طور پر تمام ٹیموں کی پی سی آر ٹیسٹنگ کے لیے اقدامات کرے گا اور ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کی کرونا ویکسینیشن اور آئسولیشن سہولیات کےاقدامات بھی کرے گا۔

    پی ایس ایل انتظامیہ کی لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کے باعث پی ایس ایل کو ملتوی کرنا پڑا، ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں اور حکام کو کرونا سے محفوظ رکھنے کے لئے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے، پی ایس ایل کھلاڑی اور حکام جس ہوٹل میں ٹھہرائے گئے تھے وہاں شادی کی تقریبات چلتی رہیں۔

    یہی نہیں پی ایس ایل کھلاڑیوں کے ساتھ لوگوں کو ہوٹل کی لفٹ میں آتے جاتے دیکھا گیا، پی ایس ایل انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو نہ ہی ایس او پیز سے آگاہ کیا،نہ ہی کوئی خاطر خواہ اقدامات کئے گئے۔پی ایس ایل سیزن 6 کے لئے استنبول میں ہونے والی افتتاحی تقریب پربڑی رقم لگائی گئی، مگر کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے کچھ نہ کیا گیا، لیگ میں شامل کھلاڑیوں اور حکام کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بھی ہنگامی اقدامات نہیں کئے گئے۔

    اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے باوجود پی ایس ایل انتظامیہ اور پی سی بی کی غیر سنجیدگی نظر آئی، ایونٹ کے دوران فرنچائز مالکان کو ایس اوپیز سے متعلق اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

    پی ایس ایل کے آغاز سے اب تک سات افراد کووڈ کا شکار ہوچکے ہیں، جس کے باعث کراچی کنگز سے تعلق رکھنے والے ڈین کرسچن نے بھی پی ایس ایل 6 سے دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا، آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے آل راؤ نڈر 12 بجے کی فلائٹ سے دبئی روانہ ہوجائیں گے۔

    واضح رہے کہ آج پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 میں شامل دو ٹیموں کے مزید تین کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے، علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ روز دوپہر میں ان کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ کروائے گئے تھے، جس کے باعث ان کھلاڑیوں نے بدھ کے روز منعقدہ میچز میں شرکت نہیں کی تھی۔

    اس سے قبل پی ایس ایل 6 میں تین کھلاڑیوں اور ایک آفیشل میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی ، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد اور لوئس گریگری اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹام بینٹن شامل تھے۔

    کرونا مثبت آنے کے بعد تینوں کھلاڑیوں اور کراچی کنگز کے فیلڈنگ کوچ کامران خان کو دس دن کے لیے فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا تھا۔

    یاد رہے اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی اسپنر فواد احمد کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ ایک روز کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔

  • پاکستان سپر لیگ سیزن سکس ملتوی ہونےکا امکان

    پاکستان سپر لیگ سیزن سکس ملتوی ہونےکا امکان

    کراچی: عالمی وبا کرونا کے باعث پاکستان سپرلیگ سیزن سکس ملتوی ہونےکا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک میں ایک بار پھر کرونا کیسز بڑھنے لگے ہیں، جس کے باعث کراچی میں جاری پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

    کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل انتظامیہ اور ٹیم مالکان کا ہنگامی اجلاس جاری ہے، اجلاس میں کرونا کیسز بڑھنے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جارہاہے، اس بات کا امکان پیدا ہوگیا ہے کہ پاکستان سپرلیگ سیزن سکس کو فوری طور پر ملتوی کیا جائے گا۔

    اطلاعات یہ بھی ہے کہ پی ایس ایل میں شامل ایک غیر ملکی کھلاڑی آج رات اپنے وطن واپس لوٹ جائیں گے، پی ایس ایل کے آغاز سے اب تک سات افراد کووڈ کا شکار ہوچکے ہیں۔کورونا کیسزدوسری جانب پی سی بی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 6 میں شامل دو ٹیموں کے مزید تین کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت نکل آئے ہیں، علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ روز دوپہر میں ان کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ کروائے گئے تھے، جس کے باعث ان کھلاڑیوں نے بدھ کے روز منعقدہ میچز میں شرکت نہیں کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل 6 : مزید 3 کھلاڑی کورونا کا شکار

    اس سے قبل پی ایس ایل 6 میں تین کھلاڑیوں اور ایک آفیشل میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی ، جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد اور لوئس گریگری اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹام بینٹن شامل تھے۔

    کرونا مثبت آنے کے بعد تینوں کھلاڑیوں اور کراچی کنگز کے فیلڈنگ کوچ کامران خان کو دس دن کے لیے فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا تھا۔

    یاد رہے اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی اسپنر فواد احمد کرونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ ایک روز کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔

  • پی ایس ایل 6: اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز آج آمنے سامنے

    پی ایس ایل 6: اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز آج آمنے سامنے

    کراچی:پاکستان سپر لیگ سیزن 6 اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ جاری وساری ہے اور شائقین کرکٹ ایونٹ کے تمام مقابلوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج ایک اور میچ کا فیصلہ ہوگا، یہ میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا۔

    میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات سات بجے شروع ہوگا، دونوں ٹیموں نے اپنے چار چار میچز میں سے تین میچز جیت رکھے ہیں۔پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے اور لاہور قلندرز چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے گزشتہ پانچ میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ فاتح رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھی:  پی ایس ایل 6 : مزید 3 کھلاڑی کورونا کا شکار

    گذشتہ روز پی ایس ایل 6 کے 14ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو22 رنز شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی تھی، کوئٹہ کی کامیابی کے ساتھ ٹاس جیت کر میچ جیتنے کی روایت بھی ٹوٹ گئی۔

    کوئٹہ کی جانب سے قیس احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد حسنین اور زاہد محمود نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ڈیل اسٹین اور محمد نواز ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

  • بابر اعظم اور محمد نبی نے کراچی کنگز کو کامیابی دلوادی، زلمی کو شکست

    بابر اعظم اور محمد نبی نے کراچی کنگز کو کامیابی دلوادی، زلمی کو شکست

    کراچی: پی ایس ایل 6 کے 13ویں میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کے 13ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کی جانب سے دیا جانے والا 189 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بابر اعظم اور محمد نبی نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    بابر اعظم نے ناقابل شکست 77رنز کی اننگز کھیلی اور محمد نبی 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    محمد نبی اور بابر اعظم کے علاوہ کوئی کھھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جو کلارک 17 رنز بناسکے، کولن انگرام بھی 3 رنز پر ہمت ہار گئے، ڈینئل کرسٹن 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عمران اور محمد عرفان ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    اس سے قبل  پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کیلئےایک سو نواسی رنز کا ہدف دیا تھا۔

    کراچی کنگز نے پاور پلے میں پشاور زلمی کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تین کھلاڑی آوٹ ہونے کے بعد پشاور زلمی کے بوپارا اور ردرفورڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

    بوپارانے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ردرفورڈ 32 گیندوں پر چھیالیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اختتامی اوورز میں عماد بٹ نے سات گیندوں پر ستائیس رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

    کراچی کنگز کے عباس آفریدی اور محمد الیاس نے دو دو جبکہ ڈین کرسٹن نے ایک شکار کیا۔

    کراچی کنگز نے آج کے میچ کے لئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی، وقاص مقصود کی جگہ عباس آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا، دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیل کرسچن، محمد الیاس، محمد عامر اور ارشاد اقبال شامل تھے۔

    پشاور زلمی کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں گئیں، کپتان وہاب ریاض کمر میں تکلیف کے باعث کراچی کنگز کے خلاف نہیں کھیل رہے ان کی جگہ شعیب ملک ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں, دیگر  کھلاڑیوں میں کامران اکمل، ٹام کیڈمور کوہلر، حیدر علی، روی بوپارا، شرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، عمید آصف، ثاقب محمود، محمد عرفان اور محمد عمران شامل تھے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن سکس میں اب تک تمام ٹیمیں چار چار میچز کھیل چکی ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پشاور زلمی پہلے، اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے، لاہور قلندرز تیسرے، کراچی کنگز چوتھے، ملتان سلطانز پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آخری نمبر پر موجود ہے۔

    اب تک کھیلے گئے چار میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ملتان سلطان نے چار میں سے ایک میچ میں فتح حاصل کی ہے، کراچی کنگز نے اپنے چار میچز میں سے دو میں فتح سمیٹی جبکہ پشاور زلمی اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے اس نے اپنے چار میں سے تین میچز میں فتح حاصل کی ہے۔