Author: شاہد ہاشمی

  • پی ایس ایل6: دلوں کے سلطان کراچی کنگز آج زلمی کے مدمقابل

    پی ایس ایل6: دلوں کے سلطان کراچی کنگز آج زلمی کے مدمقابل

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن سکس میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے، دلوں کے سلطان اور سیزن فائیو کی فاتح کراچی گنگز آج پشاور زلمی کے مد مقابل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دن دو بجے شروع ہوگا، دوسرا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا یہ میچ رات سات بجے شروع ہوگا۔

    پی ایس ایل سیزن سکس میں اب تک تمام ٹیمیں چار چار میچز کھیل چکی ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پشاور زلمی پہلے، اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے، لاہور قلندرز تیسرے، کراچی کنگز چوتھے، ملتان سلطانز پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آخری نمبر پر موجود ہے۔

    اب تک کھیلے گئے چار میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ملتان سلطان نے چار میں سے ایک میچ میں فتح حاصل کی ہے، کراچی کنگز نے اپنے چار میچز میں سے دو میں فتح سمیٹی جبکہ پشاور زلمی اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے اس نے اپنے چار میں سے تین میچز میں فتح حاصل کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اب ہمارے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یکطرفہ مقابلے میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

  • پی ایس ایل 6، تین کھلاڑیوں اور ایک آفیشل میں کورونا کی تصدیق

    پی ایس ایل 6، تین کھلاڑیوں اور ایک آفیشل میں کورونا کی تصدیق

    کراچی: پی ایس ایل 6 میں تین کھلاڑیوں اور ایک آفیشل میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد اور لوئس گریگری کورونا کا شکار ہوگئے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹام بینٹن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

    کراچی کنگز کے فیلڈنگ کوچ کامران خان بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، تینوں کھلاڑیوں اور فیلڈنگ کوچ کامران خان کو دس دن کے لیے فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کا شکار ہونے والے ارکان قرنطینہ مکمل کرکے دو منفی نتائج کے بعد ٹیموں کو دوبارہ جوائن کرسکیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل کو کرونا کے وار سے بچانے کے لئے بورڈ کا اہم فیصلہ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی اسپنر فواد احمد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ ایک روز کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔

    دوسری جانب کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سب سے بڑے ایونٹ پی ایس ایل کو عالمی وبا سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کرنا شروع کردئیے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کو کووڈ نائنٹین سے پاک رکھنے کے لئے ہر چوتھے روز پی سی آر ٹیسٹنگ کا عمل دہرانے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی تمام فرنچائزز کےتعاون سے مزید سخت ترین اقدامات کئےجارہےہیں۔

  • پی ایس ایل سیزن 6 سے متعلق پی سی بی کا بڑا اعلان

    پی ایس ایل سیزن 6 سے متعلق پی سی بی کا بڑا اعلان

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سکس سے متعلق اہم اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی سمیع الحسن برنی نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گذشتہ روز اسلام آباد یونائٹیڈ کے کھلاڑی کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بورڈ کا نقطہ نظر پیش کیا۔

    سمیع الحسن برنی نے میڈیا کو بتایا کہ کھلاڑی فواد احمد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کل سے اب تک 244پی سی آر ٹیسٹ کئےگئے، پی سی آر ٹیسٹ تین افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے، اس کے ساتھ ہی پی ایس ایل میں کرونا کے مثبت کیسز کی تعداد چار ہوگئی ہے۔

    ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی سمیع الحسن برنی نے بتایا کہ پی سی آر ٹیسٹ مثبت آنیوالے افراد دس دن قرنطینہ میں رہیں گے، تینوں افراد کے جمعرات کو ریپڈ ٹیسٹ کئےجائیں گے، یہ کہنا مشکل ہے کہ تین افراد کے ٹیسٹ مثبت کیسے آئے؟ انہوں نے بتایا کہ فواد احمد سمیت چاروں مثبت کیسز کی بہترین نگہداشت ہورہی ہے۔

    سمیع الحسن برنی کا نیوز کانفرنس میں کہنا تھا کہ 112براڈ کاسٹ کریو کے بھی ریپڈ ٹیسٹ ہوئے ہیں، آرگنائزنگ کمپنی نے حفاظتی اقدامات اپنانے کا کہا ہے، چاہے ہوٹل ہوں یا گراؤنڈ ، عالمی وبا سے بچنے کے لئے سخت اقدامات کرنا ہونگے، اس سلسلے میں تین بجے پی ایس ایل کی آرگنائزنگ کمیٹی ورچوئل میٹنگ کرےگی، ورچوئل میٹنگ میں ٹیم فرنچائزز اور پی سی بی حکام شریک ہونگے۔

    سمیع الحسن برنی کا کہنا تھا کہ ورچوئل میٹنگ میں بہت سی چیزوں پربات ہوگی، میٹنگ میں تمام فرنچائزز کو اعتماد میں لیاجائیگا، واضح کردوں کہ پی ایس ایل کے باقی میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

    کھلاڑیوں کے بائیو سیکیور ببل سے متعلق ڈائریکٹرمیڈیا پی سی بی سمیع الحسن برنی کا کہنا تھا کہ اس وقت ببل کے اندر تین سو کے قریب لوگ موجود ہیں،  ببل میں جو بھی آتا ہے وہ پروٹوکول فالو کرکے آتا ہے ، ببل کے اندر کھلاڑیوں کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پچاس فیصد تماشائی میدان میں آئیں گے، فائنل کا فیصلہ بعد میں ہوگا، سولہ مارچ تک کےمیچز پچاس فیصد تماشائیوں کے ساتھ ہوں گے۔

  • پی ایس ایل کو کرونا کے وار  سے بچانے کے لئے بورڈ کا اہم فیصلہ

    پی ایس ایل کو کرونا کے وار سے بچانے کے لئے بورڈ کا اہم فیصلہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سکس کو عالمی وبا کرونا سے بچانے کے لئے بڑا فیصلہ کیا ہے اور تمام فرنچائزر سے تعاون کی درخواست بھی کردی ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کےپاکستانی نژاد آسٹریلوی اسپنر فواد احمد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی حکام میں تشویش کی لہر ڈور گئی ہے اور کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سب سے بڑے ایونٹ پی ایس ایل کو عالمی وبا سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کرنا شروع کردئیے ہیں۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ رات سے اب تک ایک سو انہتر پی سی آر ٹیسٹ کرائےگئے، جن میں سے مزید تین ممبران کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں، رپورٹ مثبت آنے کے بعد تینوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایس ایل کو کووڈ نائنٹین سے پاک رکھنے کے لئے ہر چوتھے روز پی سی آر ٹیسٹنگ کا عمل دہرانے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی تمام فرنچائزز کےتعاون سے مزید سخت ترین اقدامات کئےجارہےہیں، اسی سلسلے میں پی ایس ایل حکام آج تمام ٹیم مالکان سے اہم ملاقات کرینگے۔

  • اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ملتوی شدہ میچ آج کھیلا جائے گا

    اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ملتوی شدہ میچ آج کھیلا جائے گا

    کراچی: پاکستان سُپرلیگ سکس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان گذشتہ روز ملتوی ہونے والا میچ آج کھیلا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کا گذشتہ روز کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا، جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ ایک روز کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان ملتوی ہونے والا میچ آج شام سات بجے کھیلا جائے گا۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد یونائٹیڈ کے کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دیگر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لئے گئے، جن کے نتائج منفی آئے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ شائقین کل کے میچ کا ٹکٹ آج استعمال کرسکتے ہیں اور ٹکٹ کو ری فنڈ بھی کراسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی اسپنر نے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداحوں سے دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی تھی، فواد احمد نے لکھا کہ کرونا سے خود بھی محفوظ رہیں، دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، میچ میں تاخیر

    یاد رہے کہ اس سے قبل پی سی بی کا کہنا تھا کہ مذکورہ کھلاڑی میں دو روز قبل کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس پر ‏اس کھلاڑی کو فوری طور پر آئسولیٹ کردیا گیا تھا۔

  • اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ ملتوی

    اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ ملتوی

    کراچی: اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آج ہونے والا میچ ملتوی کردیا گیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹٰیسٹ مثبت آیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ کل تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کل شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ شائقین آج کا ٹکٹ کل استعمال کرسکتے ہیں اور ٹکٹ کو ری فنڈ بھی کراسکتے ہیں۔

    پاکستانی نژاد آسٹریلوی اسپنر نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مداحوں سے دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی۔

    فواد احمد نے لکھا کہ کورونا سے خود بھی محفوظ رہیں، دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔

    اس سے قبل پی سی بی کا کہنا تھا کہ مذکورہ کھلاڑی میں 2 روز قبل کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس پر ‏اس کھلاڑی کو فوری طور پر آئسولیٹ کردیا گیا تھا۔

  • اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، میچ میں تاخیر

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، میچ میں تاخیر

    کراچی: پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلے جانے والا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کےپاکستانی نژاد آسٹریلوی اسپنر فواد احمدکے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا، پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچ رات 9 بجے شروع ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوگا، واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 7 بجے شروع ہونا تھا۔

    ذرائع کے مطابق طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد ٹیمیں ہوٹل سے اسٹیڈیم پہنچیں گی، تمام کھلاڑیوں کی دوبارہ کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کھلاڑیوں کی ریپڈ ٹیسٹ بھی شروع کردی گئی ہے جس کے نتائج 10 منٹ سے لے کر 30 منٹ میں آجاتے ہیں۔

    پی سی بی کی جانب سے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے کھلاڑی کا نام نہیں بتایا گیا ہے۔

  • پی ایس ایل6: آج دو روایتی حریفوں کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ متوقع

    پی ایس ایل6: آج دو روایتی حریفوں کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ متوقع

    کراچی: پاکستان سُپر لیگ میں آج دھمال ہوگا، ایونٹ کی دو روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز میں زور کا جوڑ پڑے گا، سنسنی خیز مقابلہ شام سات بجے ہوگا۔

    پاکستان کی سپرڈوپر لیگ کا سب سے بڑا مقابلہ آج ہوگا، پی ایس ایل سیزن فائیو کے فائنلسٹ چیمپئن کراچی کنگز اوررنر اپ لاہور قلندرز ایک بار پھر آمنے سامنے ہونگے۔

    کراچی کنگز کا لاہور قلندرز کے خلاف پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کےدرمیان گیارہ میچ ہوئے سات میں کراچی نے میدان مارا اور تین لاہور نےجیتے، ایک میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا،نیشنل اسٹیڈیم میں اعصاب شکن مقابلہ شام سات بجے شروع ہوگا۔

    پی ایس ایل فائیو کے فائنل کے بعد کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان یہ پہلا معرکہ ہوگا، پی ایس ایل فائیو میں کراچی نے لاہور کو شکست دیکر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

    دلوں کی بادشاہ کراچی کنگز پی ایس ایل سیزن سکس کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ لاہور قلندرز کی تیسری پوزیشن ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بابر اور کلارک نے کراچی کنگز کو کامیابی دلوادی، سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست

    کل ہونے والے پی ایس ایل 6 کے نویں میچ میں کراچی کنگز نے بابر اعظم اور جو کلارک کی شاندار اننگز کی بدولت ملتان سلطانزکو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی تھی، بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • بابر اور کلارک نے کراچی کنگز کو کامیابی دلوادی، سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست

    بابر اور کلارک نے کراچی کنگز کو کامیابی دلوادی، سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست

    کراچی: پی ایس ایل 6 کے نویں میچ میں کراچی کنگز نے بابر اعظم اور جو کلارک کی شاندار اننگز کی بدولت ملتان سلطانزکو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی، بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کے نویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 196 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کراچی کنگز کی ایونٹ میں یہ دوسری کامیابی ہے۔

    بابر اعظم نے 90رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جو کلارک نے 26 گیندوں پر 54 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، شرجیل خان 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    کولن انگرام 6 رنز بنا کر سہیل خان کا نشانہ بنے، محمد نبی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، سہیل خان ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

     اس سے قبل ملتان سلطانز نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور جیمز ونس کی شانداری بلے بازی کے باعث کراچی کنگز کو جیتنے کے لئے 196 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے نویں میچ میں دلوں کے بادشاہ کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

    سلطانز کے اوپنرز نے 4.2 اوورز میں 53 رنز بناکر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا، 53 کے مجموعی اسکور پر کرس لین 32 رنز بناکر کراچی کنگز کے کپتان کا شکار بنے۔

    ملتان سلطانز کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے ایک بار پھر عمدہ اننگز کھیلی اور ٹیم کے لئے 43 رنز بنائے، انہیں کراچی کنگز کے ارشد اقبال نے پویلین بھیجا، بعد ازاں صہیب مقصود اور جیمز ونس نے ٹیم کی کمان سبنھالی اور تیزی سے اسکور کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

    جیمز وینس نے 29 بالز پر 45 رنز کی اننگز کھیلی، صہیب مقصود 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ملتان سلطانز کے بوم بوم آفریدی ایک بار بڑا اسکور نہ کرسکے اور 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

    ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔

    کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے 2، کپتان عماد وسیم، محمد عامر ، وقاص مقصود اور ڈین کرسٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل دلوں کے بادشاہ کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ وکٹ بولنگ کے لئے اچھی لگ رہی ہے، اسی لئے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    فائنل الیون میں تبدیلی سے متعلق عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، گذشتہ میچ کھیلنے والے اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے۔

    کراچی کنگزکو ملتان سلطانزپر واضح برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچز کھیلےگئے، کراچی کنگز نے چار میں کامیابی حاصل کی، ملتان صرف ایک میچ جیت سکا، کراچی کنگز آج ملتان سلطانز کو ہرانے میں کامیاب ہوگئی تو پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہوجائے گی۔

    دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شام سات بجے کھیلا جائے گا، گذشتہ روز ہونے والے میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    آج کے میچز کی خاص بات بچوں میں کینسر کے مرض سے آگاہی کی مناسبت سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گولڈن ربن ڈے منایا جائے گا، جہاں کینسر میں مبتلا دو بچوں کو اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز،ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی دستخط شدہ شرٹس بطور تحفہ دی جائیں گی۔

  • رضوان نے ٹیم کو پہلی فتح دلوا دی

    رضوان نے ٹیم کو پہلی فتح دلوا دی

    ملتان سلطانز نے پی ایس ایل سکس میں جیت کا کھاتا کھول لیا۔ کپتان محمد رضوان نے لاہور قلندرز کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ایونٹ میں پہلی فتح دلوا دی۔

    لاہور قلندرز کے 158 رنز کے جواب میں سلطانز کا آغاز اچھا نہ رہا، پہلے ہی اوور میں خطرناک بیٹسمین کرس لین شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے بولڈ ہوگئے۔

    تیس کے مجموعے پر جیمز ونس بھی پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد کپتان محمد رضوان اور صہیب مقصود نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 110 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کے لیے فتح کی راہ ہموار کی۔

    کپتان محمد رضوان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 76 رنز بنائے جس میں 14 چوکے شامل تھے جب کہ صہیب مقصود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے 7 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

    ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شاہین آفریدی نے 2 اور سیمتھ پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

     

    اس سے قبل آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ایک اور بہترین اننگز کی بدولت لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیتنے کے لئے 158 رنز کا ہدف دیا ۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ملتان سلطانز نے 18 رنز کے مجموعے پر قلندرز کے دونوں اوپنرز کو چلتا کیا، کپتان سہیل اختر 7 رنز اور فخر زمان 9 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

    اس موقع پر جو ڈینلی اور تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کریز پر آئے، دونوں بلے بازوں نے جم کر ملتان سلطانز کے بولرز کی پٹائی کی میدان کےچاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے، دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں تیز رفتار 89 رنز بنائے، 106 کے مجموعے اسکور پر جوڈینلی 31 رنز بناکر کارلوس بریتھوٹ کا شکار بنے۔

    ایک سو آٹھ کے مجموعی اسکور پر قلندرز کو ایک اور نقصان اٹھانا جب بین ڈنک 1 رنز بناکر عثمان قادر کا شکار بنے، 122 رنز کے مجموعے پر محمد حفیظ کی اننگز کا خاتمہ ہوا، حفیظ نے 35 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پروفیسر کی اس اننگز میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، اس کے علاوہ سمت پٹیل 26 بنائے۔

    لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے کارلوس بریتھوٹ اور شاہنواز دھانی نے 2، دو وکٹیں حاصل کیں، عثمان قادر ایک وکٹ حاصل کرسکے، شاہد آفریدی ملتان سلطانز کی جانب سے مہنگے ترین بولر ثابت ہوئی، جہنوں نے اپنے 4 اوورز میں 41 رنز دئیے اور کوئی وکٹ نہ حاصل کرسکے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا تماشائیوں سے متعلق اہم فیصلہ

    پی ایس ایل سکس میں ملتان اور کوئٹہ کی ٹیمیں اپنے پہلے دونوں میچز ہار گئیں تھیں، پشاور زلمی ایک میچ میں فاتح رہی جبکہ ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ لاہور قلندر کی ٹیم نے اپنے دونوں میچ جیتے ہیں۔

    پی ایس ایل سکس میں اب تک تمام ٹیمیں دو دو میچز کھیل چکی ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندر کی ٹیم پہلے نمبر پر موجود ہے، اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے، پی ایس ایل فائیو کی فاتح کراچی کنگز تیسرے، پشاور زلمی چوتھے،ملتان سلطانز کی ٹیم پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم چھٹے نمبر پر موجود ہے۔