لاہور: عالمی ثالثی عدالت نے کرکٹر عمر اکمل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز کو 12 ماہ کی پابندی اور بیالیس لاکھ پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ثالثی عدالت نے انڈیپنڈنٹ ایڈجوڈیکٹر کے فیصلے کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ اور عمر اکمل کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں پر فیصلہ سنادیا ہے۔
فیصلے میں پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.4.4کی ایک مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر 12 ماہ کی پابندی اور 42 لاکھ 50ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
تاہم عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل کی سزا ڈیڑھ سال سے کم کرکے ایک سال کردی ہے، عمر اکمل کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تین سال کی سزا سنائی گئی تھی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بیس فروری دوہزار بیس کو معطلی کا شکار ہونے والے عمر اکمل اب 42 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانے کی رقم جمع کرانے کے ساتھ پی سی بی کے سیکیورٹی اور اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ کے طے شدہ ری ہیب پروگرام پر عمل کرکے دوبارہ مسابقتی کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔
واضح رہے کہ عمراکمل پربکیز سے ملنے اور فکسنگ کی آفر رپورٹ نہ کرنےکا الزام تھا، جس کے باعث عمراکمل پر بیس فروری دو ہزار بیس کو تین سال کی پابندی عائدکی گئی تھی، سزامیں کمی کیخلاف پی سی بی نے عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیاتھا۔
فیصلہ آنے کے کرکٹر عمراکمل کا کہنا تھا کہ ریلیف پر اللہ کا شکر گزار ہوں، فیلڈ میں آنا چاہتاہوں اور کرکٹ کھیلنا چاہتاہوں۔
فخرعالم کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گوادر میں اِن ایکشن ہوں گے۔ پی سی بی اوردونوں فرنچائزکاشکریہ اداکرتاہوں، وزیراعلٰی بلوچستان سےاچھی میزبانی کی امیدہے۔
اس سے قبل چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے گوادر کرکٹ اسٹیڈیم کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ایس ایل کے بعد2 فرنچائز کا میچ بھی سوچ رکھا ہے۔
دنیا کے سب سے خوبصورت گوادر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میدان سجا تھا ، گوادر اسٹیڈیم میں سیاسی، سماجی اور شوبز ستاروں کا پہلا دوستانہ میچ ہوا۔
میچ میں شوبز شارکس اورگوادر ڈولفن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ، کرکٹ میچ میں معاون خصوصی زلفی بخاری سمیت اہم شوبز کی اہم شخصیات شریک ہیں، نمائشی میچ کا نام ’’سوپر ہے پاکستان کپ‘‘ رکھا گیا۔
کراچی: پی ایس ایل 6 کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 کے دوسرے مییچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کی جانب سے دیا جانے والا 141 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، محمد حفیظ نے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، مجیب الرحمان اور عماد بٹ ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے,، راشد خان 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے لاہور قلندر کو جیتنے کے لئے 141 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پشاور زلمی کے اوپنرز اور مڈل آرڈر بلے باز بری طرح ناکام ہوئے، اوپنر امام الحق صفر، کامران اکمل 5، مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، تجربہ کار بلے باز شعیب ملک نے کچھ مزاحمت کی اور ٹیم کے اسکور کو قابل قدر مجموعے تک پہنچانے کی کوشش کی تاہم وہ بھی 26 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔
شیرفین رتھر فورڈ اور روی بوپارہ نے مل کر ٹیم کے اسکور کو تیز کیا اور میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے، زلمی کے شیرفین رتھر فورڈ 26 رنز بناکر پویلین لوٹے ، دونوں بلے بازوں کے درمیان 64 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ رہی۔
پشاور زلمی کی جانب سے روی بوپارہ 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔
اس سے قبل لاہور قلندر کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، اس لئے بولنگ کا فیصلہ کیا، پشاور زلمی کو150 رنز تک آوٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان پشاور زلمی وہاب ریاض نے کہا کہ لاہور قلندرز کو بہترین کھیل کر ہی ہرا سکتے ہیں اور میچ جیتنے کیلئے 170 رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔
پی ایس ایل سکس میں آج دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا، یہ میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔
گذشتہ روز پی ایس ایل 6 کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا، فاسٹ بولر ارشد اقبال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کراچی: پاکستان سپر لیگ میں شامل ایک کھلاڑی کاکورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک فرنچائز کے کھلاڑی اور آفیشل نے بائیو سیکیورببل کی خلاف ورزی کی، بعد ازاں کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا، جس کی رپورٹ مثبت آگئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے کھلاڑی میں کرونا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر کھلاڑی کو دس روز اور خلاف ورزی کرنے والے آفیشل کو تین روز کے لئے قرنطینہ کردیا ہے، اب کھلاڑی کو دوبارہ ٹیم میں شامل ہونے کے لئے دو منفی ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی۔
کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی نے مایوسی کا اظہار کیا ہے، پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل میں شامل دو ارکان نے انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا اور ایسے شخص نے رابطہ کیا جو بائیو سیکیور ببل کا حصہ نہ تھا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سکس سے وابستہ تمام افراد کی صحت اور حفاظت نہایت اہم ہے، ایونٹ میں شامل تمام ارکان کو ایک بار پھر کرونا پروٹوکول پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے، کیونکہ پی سی بی کسی کو بھی ٹورنامنٹ کی سالمیت اور ساکھ کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 127 رنز بنالیے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 127 رنز بنالیے، جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے 243 رنز اور پاکستان کو 9 وکٹیں درکار ہیں، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 370 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جنوبی افریقی اوپنر ایڈم مرکرام 59 اور وین ڈر دوسن 48 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 298 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے اور یوں جنوبی افریقا کو راولپنڈی ٹیسٹ جیتنے کے لئے 370 رنز کا مشکل ہدف ملا ہے۔
پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر محمد رضوان نے115رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ نعمان علی نے 45 قیمتی رنز بنائے، نعمان علی اور محمد رضوان کے درمیان نویں وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ 93 رنز بنے،اس سے قبل محمد رضوان نے اسپنر یاسر شاہ کے ساتھ 53 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے اظہر علی 33، فہیم اشرف29، بابراعظم 8، فواد عالم 12 رنز بناسکے، پاکستان کی دوسری اننگز میں ایک بار پھر اوپنرز ناکام ثابت ہوئے، عمران بٹ صفر، عابد علی 13 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لندے نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،کیشو مہاراج نےتین اور ربادا نے وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مہمان ٹیم 201 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی،پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حسن علی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پروٹیز کے 54 رنز کے عوض پانچ کھلاڑی آؤٹ کئے، اسی کے ساتھ ہی پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف 71 رنز کی سبقت ملی تھی۔
پاکستان راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، کپتان بابر اعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر نمایاں رہے تھے، جنوبی افریقا کی جانب سے انریخ نارکیا نے 5 اور کیشو مہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کے باعث جلد ختم کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنالیے، بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کے اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے، عمران بٹ 15 اور عابد علی 6 رنز بناکر چلتے بنے جبکہ اظہر علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
تئیس رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد ٹیسٹ کپتان بابراعظم اور فواد عالم نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ٹیم کے رنز کو آہستہ آہستہ بڑھانا شروع کیا، دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں سو رنز بنائے۔
بابر اعظم اور فواد عالم نے پروٹیز بولرز کے وار سہتے ہوئے ٹیم کے مجموعے کو قابل قدر بنانے کی کوشش جاری رکھی، اسی دوران بابر اعظم نے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔
چائے کے وقفے تک کپتان بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ راولپنٖڈی کی وکٹ کافی ڈرائی لگ رہی ہے،ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پروٹیز کے خلاف دو صفر سے سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔
قومی ٹیسٹ ٹیم میں عابد علی، عمران بٹ، اظہرعلی، بابراعظم، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، یاسر شاہ، حسن علی، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک کا کہناتھا کہ وکٹ پر تھوڑی گھاس ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ ابتدا میں باولرز کو مدد ملے گی، دوسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے ، فاسٹ بولر لونگی اینگیڈی کی جگہ ویان مولڈر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
کراچی: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو کراچی ٹیسٹ میں سات وکٹوں سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کھیل کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کے لئے 88 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، پاکستان کی جانب سے اظہر علی 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، کپتان بابر اعظم نے 30 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے انریچ نورٹجی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشومہاراج بھی ایک وکٹ حاصل کرسکے، کراچی ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ہی میزبان پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پاکستان نے سات سال بعدجنوبی افریقہ کو ٹیسٹ میچ ہرایا ہے، قومی ٹیم نے آخری بار دوہزار تیرہ میں جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔
آج چوتھے دن کھیل کے آغاز پر پاکستانی اسپنر یاسر شاہ اور نعمان علی جنوبی افریقہ کے خلاف ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے دونوں اسپنرز نے مہمان ٹیم کو اپنے جال میں پھنساتے ہوئے ان کی وکٹیں اڑائی، پاکستانی اسپنرز نے دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ قومی اسپنرز ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 14 وکٹیں حاصل کیں، نعمان علی نے ڈیبیو میچ میں 7 وکٹیں لیں جبکہ یاسر شاہ کی بھی 7 وکٹیں لے اڑے۔
اسپنرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا اپنی دوسری اننگز میں 245 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم74 ، وینڈرڈسن 64رنز بناکر نمایاں رہے، باووما40،ڈین ایلگر نے29رنز بنائے۔
کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے دوسری اننگز میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ یاسر شاہ نے بھی چار اہم وکٹیں حاصل کیں، حسن علی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
سینچری اسکور کرنے پر فواد عالم کو مین آف دی میچ کےایوارڈ دیا گیا۔
کراچی ٹیسٹ کی خاص بات مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی ہوم گراؤنڈ میں پہلی سینچری بنانا تھی، فواد عالم نے نہ صرف پاکستان ٹیم کو مشکلات سے نکالا بلکہ جنوبی افریقہ کے خلاف 158 رنز کی برتری دلانے میں بھی اہم کردار ادا کیا، 109 رنز کی اننگز میں نو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری کراچی ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف 29 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنالیے، جنوبی افریقہ کو پاکستان کے خلاف 29 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
کیشو مہاراج 2 اور ڈی کاک بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جاب سے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے تین اہم وکٹیں حاصل کیں، نعمان علی نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل پاکستان کراچی ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی، اور پاکستان کو 158 رنز کی برتری حاصل ہوئی، جواب میں پروٹیز نے اپنی دوسری اننگز کا محتاط آغاز کیا ، پاکستان کو پہلی کامیابی 48 رنز کے مجموعی اسکور پر ملی جب ڈین ایلگر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یاسر شاہ نے انکی اننگز کا خاتمہ کیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تیسرے کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستانی ٹیل اینڈرز نے برق رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش کی، اسی کوشش میں فاسٹ بولر حسن علی 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، مگر اس وقت تک قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 323 تک جاپہنچا تھا۔
یاسر شاہ اور ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر نعمان نے آخری وکٹ کی شراکت میں 55 رنز بنائے اور پاکستان کی برتری کو مزید مستحکم کیا، تاہم نعمان علی 24 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔
یاسر شاہ 38 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے فواد عالم 109، فہیم اشرف 64، اظہر علی 51 رنز بناکر نمایاں رہے،جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا اور کیشو مہارا نے 3، تین وکٹیں حاصل کیں، نگیدی اور نورٹ جی کے حصے میں دو دو وکٹ آئیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
کراچی: ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنالیے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنالیے، قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف 88 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
حسن علی 11 اور نعمان علی 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، فواد عالم نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، آل راؤنڈر فہیم اشرف 64 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اظہر علی نے 51 رنز کی ذمہ دار اننگز کھیلی، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 33 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا، کیشو مہارا، نگیدی اور نورٹ جی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے فواد عالم ہوم گراؤنڈ پر اپناپہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہےہیں، جہاں انہوں نے پروٹیز کے خلاف اپنے کیریئر میں پہلی بار ہوم گراؤنڈ میں سینچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کی 220 رنز کی برتری کا خاتمہ کیا، جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 220 رنزبنائے تھے۔
جنوبی افریقہ کے بولرز دو سیشن کے درمیان صرف دو وکٹ حاصل کرپائے،مڈل آرڈر بلے باز اظہر علی 51 رنز بناکر کیشو مہاراج کا شکار بنے جبکہ محمد رضوان کو لنگی نگادی نے چلتا کیا۔
کھیل کے دوسرے روز آخری سیشن میں فواد عالم نے ہوم گراؤنڈ میں پہلی بار سینچری بنانے کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچایا، وہی آل راؤنڈ فہیم اشرف نے فواد عالم کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے نصف سینچری اسکور کی۔
فواد عالم اور اظہر علی پانچویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 94 رنز کا اضافہ کیا، دونوں بلے بازوں نے کھیل کے پہلے سیشن میں بہترین حکمت عملی کے تحت جنوبی افریقی بولرز کو کوئی وکٹ نہ لینے دی، پاکستان نے آج کھیل کے پہلے سیشن میں 71 رنز بنائے تھے۔
گذشتہ روز جب پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو 33 رنز پر قومی ٹیم کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، پاکستان کی پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنے والے اوپنر عمران بٹ 9 رنز بنا کر فاسٹ بولر ربادا کا شکار بنے جبکہ عابد علی کو بھی 4 رنز پر ربادا نے بولڈ کیا، کپتان بابر اعظم 7 رنز بنا کر مہارا راج کو وکٹ دے بیٹھے، نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 220 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر سب سے زیادہ رنز بناکر نمایاں رہے، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، جارج لنڈے 35 فاف ڈوپلیسی 23،ربادا 21، ایڈن میکرم 13، ریسی وینڈرڈوسن 17، کپتان کوئنٹن ڈی کوک 15، تمبا باؤما 17، کیوش مہاراج صفر پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر جوڑی نے جنوبی افریقہ کی پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، یاسر شاہ نے 3 جبکہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے فاسٹ بولر حسن علی نے ایک اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
یاد رہے اس سے قبل دونوں ٹیمیں کراچی میں آخری بار 2007 میں مدمقابل آئی تھیں جس میں مہمان ٹیم 160 رنز سے سرخرو ہوئی تھی جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور میں ہوا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔
کراچی ٹیسٹ: طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کا خواب پورا ہوا، دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے فواد عالم نے ہوم گراؤنڈ میں سینچری جڑ دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں فواد عالم نے پہلے پہل اظہر علی کے ساتھ ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مشکلات کا شکار ٹیم بچایا، اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے فہیم اشرف کے ساتھ مل کر نہ صرف جنوبی افریقہ کی برتری کا خاتمہ کیا بلکہ اپنے کیریئر میں پہلی بار ہوم گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے تاریخی سینچری بناڈالی۔
فواد عالم کی اس تاریخ ساز اننگز میں نو چوکے اور دو چھکے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فواد عالم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا ہے، انہوں نے آٹھ ٹیسٹ میچز میں 500 رنز مکمل کئے، ٹیسٹ میچز میں ان کے رنز بنانے کی اوسط 41.6 رہی ہے۔
اس سینچری کی بدولت فواد عالم کیویز کے خلاف چوتھی اننگز میں سنچری جڑنے والے وہ پہلے پاکستانی بیٹسمین بنے اس کے علاوہ غیر ایشیائی کنڈیشنز کی چوتھی اننگز میں کریز پر سب سے زیادہ رکنے والے پاکستانی بیٹسمین کے طور پر بھی اپنا نام درج کرایا تھا۔اس کے علاوہ فواد عالم 360 سے زائد منٹ کریز پر موجود رہے جو رواں صدی میں ایشیا سے باہر کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی جانب سے سب سے زیادہ وقت ہے، اس سے قبل اسد شفیق نے برسبین ٹیسٹ 2016 میں 336 منٹ کریزپر گزارے تھے۔
یاد رہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین نے 11 برس کے طویل وقفے کے بعد کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی تھی، اس سے قبل انہوں نے 2009 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیوپر تھری فیگر اننگز کھیلی تھی۔