Author: شاہد ہاشمی

  • ’محمد حسنین نے اپنی کرکٹ کو بڑا خراب کیا‘

    ’محمد حسنین نے اپنی کرکٹ کو بڑا خراب کیا‘

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین کی انجری سے متعلق گزشتہ روز پی سی بی نے اپ ڈیٹ فراہم کیا ہے۔

    پاکستان ٹیم کا اگلا امتحان آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز ہے لیکن اس سے قبل حارث رؤف نے دورے سے خود کو دستبردار کرلیا ہے، نسیم شاہ انجرڈ ہیں، محمد حسنین بھی انجری کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں، محمد عباس کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔

    اسپورٹس تجزیہ کار شاہد ہاشمی نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں حارث رؤف کے بہتر متبادل نسیم شاہ، احسان اللہ اور محمد حسنین ہوسکتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ محمد حسنین نے اپنی کرکٹ کو بڑا خراب کیا ہے وہ 154 کی اسپیڈ سے گیند کرتے تھے لیکن وہ بھی صرف ٹی 20 کرکٹ ہی کھیلنا چاہتے ہیں۔

    شاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے، سب سے زیادہ ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے کیونکہ جو ٹیسٹ کرکٹ کھیلے گا وہی ون ڈے اور ٹی 20 میں اچھا پرفارم کرے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس آپشن نہیں ہیں صرف شاہین آفریدی ہیں جو تیز گیند کرواتے ہیں لیکن ان کی فٹنس بھی اتنی اچھی نہیں ہے اگر وہ تینوں ٹیسٹ کھیلیں گے تو ان کی فٹنس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    شاہد ہاشمی نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں کچھ اچھا کرپائے گا ہماری بولنگ لائن بہت ہی کمزور ہے لیکن آسٹریلیا کے لیے تیز بولر چاہیے ہوتے ہیں۔

  • انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھرپور ردھم میں نظر آؤں گا، اسامہ میر

    انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھرپور ردھم میں نظر آؤں گا، اسامہ میر

    قومی ٹیم کے لیگ اسپنر اسامہ میر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھرپور ردھم میں نظر آؤں گا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے لیگ اسپنر اسامہ میر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی سے ٹیم کو اعتماد ملا ہے کوشش ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔

    اسامہ میر نے کہا کہ پچز کی وجہ سے بولنگ کی رفتار کم کی تھی لیکن اب اسی ردھم کے ساتھ بولنگ کروں گا جیسے پہلے کرتا تھا۔

    لیگ اسپنر نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے میچ میں بارش نہیں بھی ہوتی ہے تو کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے جیتنے کی کوشش کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آخری دو میچز جیتنے پر قومی ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے، انشا اللہ آخری میچ اچھے مارجن سے جیت کر سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کی کوشش کریں گے۔

    اسامہ میر نے کہا کہ بھارت میں کسی جگہ پر اسپنرز کو بھی سپورٹ مل رہی ہے لیکن کہیں پچ بالکل مختلف ہوجاتی ہے، یہاں سے کافی کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اپنا اگلا میچ انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر بروز ہفتے کو کھیلے گی۔

  • شاداب خان کی جگہ ابرار احمد ٹیم میں آگئے؟

    شاداب خان کی جگہ ابرار احمد ٹیم میں آگئے؟

    قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے اور اسپنر ابرار احمد کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔

    بھارت میں موجود اے آر وائی نیوز کے سینئر اسپورٹس رپورٹر شاہد ہاشمی کا کہنا ہے کہ شاداب خان انجری کا شکار ہیں اور 70 سے 80 فیصد امکان یہی ہے کہ وہ اب ورلڈ کپ کے بقیہ میچز نہیں کھیل پائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ شاداب خان ٹریننگ کے لیے آئے انہیں بال تھرو کی گئی کہ آیا انہیں گیند نظر آرہی ہے یا نہیں، پھر انہوں نے تین گیندیں کروائیں اور گردن میں درد ہونے پر واپس ڈریسنگ روم میں چلے گئے۔

    شاہد ہاشمی نے کہا کہ اگر آپ کو آج ہی پتا چل گیا تھا کہ تو آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی سے سفارش کردیتے کہ ہمیں شاداب کی جگہ ابرار احمد چاہیے اگر کل صبح یہ فیصلہ لیں گے تو بہت دیر ہوجائے گی۔

    سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ سے آئی سی سی سے ری پلیسمنٹ کے لیے اپیل کردی ہے۔

    شاہد ہاشمی نے کہا کہ شام تک ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کوئی اپیل نہیں کی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ٹیکنیکل کمیٹی کے ہیڈ وسیم خان ہیں جبکہ کمیٹی میں رسل آرنلڈ، سائمن ڈول ودیگر شامل ہیں تاہم شام تک پاکستان کی جانب سے کوئی اپیل نہیں کی گئی تھی اگر صبح کریں گے تو فوری طور پر فیصلہ نہیں ہوسکے گا۔

    شاہد ہاشمی نے یہ بھی بتایا کہ ابرار احمد نے نیٹ میں بھرپور پریکٹس کی ہے، اگر پاکستان ٹیم مینجمنٹ شاداب کے متبادل کے طور پر رات میں آئی سی سی سے رابطہ کرلیں تو صبح میچ میں ابرار احمد ٹیم کو دستیاب ہوسکتے ہیں۔

  • شاداب خان ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے؟ جانیے اندر کی خبر

    شاداب خان ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے؟ جانیے اندر کی خبر

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان جو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں زخمی ہوگئے تھے ان کی انجری سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں شاداب خان فیلڈنگ کے دوران تھرو کرتے ہوئے ان فٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے اور گزشتہ روز بنگلہ دیش کے خلاف بھی میچ نہیں کھیلا۔

    ان کی انجری کی نوعیت سے متعلق کرکٹنگ حلقوں میں افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں اسپورٹس رپورٹر نے بتایا کہ شاداب کو اب تک اپنی انجری کے حوالے سے مسئلہ ہے میں نے پوچھا تھا کہ کیا وہ اگلے میچز کھیلیں گے یا ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں اور اگر ایسا ہوا ہے تو کیا ان کا متبادل لے رہے ہیں جس کے لیے ابرار کا نام لیا جا رہا ہے۔

    تاہم انتظامیہ نے تاحال اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے بتایا جا رہا ہے کہ اگلے میچ میں وقت ہے۔ منیجمنٹ کل اور پرسوں انہیں مانیٹر کرے گی اور ایک سے دو روز میں اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

     

    واضح رہے کہ شاداب خان ایشیا کپ کے بعد ورلڈ کپ میں بھی مسلسل آؤٹ آف فارم ہیں۔

    میگا ایونٹ میں انہوں نے 5 میچز کھیلے جن میں انہوں نے چار میچز میں بالنگ کی اور 180 رنز دے کر صرف دو وکٹیں ہی حاسل کر پائے جب کہ پانچ اننگز میں 117 رنز اسکور کیے۔

  • بنگلہ دیش کیخلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان

    بنگلہ دیش کیخلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان

    آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آج کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے، اوپنر امام الحق کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا جاسکتا ہے۔

    فاسٹ بولر وسیم جونیئر کی جگہ حسن علی کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔

    نائب کپتان شاداب خان انجرڈ ہیں ان کی جگہ اسامہ میر بدستور ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں اسامہ میر نے بطور کنکشن ری پلیسمنٹ شاداب خان کی جگہ لی تھی۔

    یاد رہے پاکستان نے ورلڈ کپ میں چھ میچز کھیلے ہیں، گرین شرٹس کو مسلسل چار میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ صرف دو میچز میں کامیابی حاصل ہوئی۔

    بنگلہ دیش کی ٹیم کو چھ میں سے پانچ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

  • بھارت کیخلاف میچ ہمارا بُرا دن تھا، سعود شکیل

    بھارت کیخلاف میچ ہمارا بُرا دن تھا، سعود شکیل

    قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ ہمارا بُرا دن تھا۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں کچھ غلطیاں کیں لیکن اگلا میچ اہم ہے جیت سے پاکستان کی پوزیشن کافی مستحکم ہوجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ اب گزر گیا ہے آسٹریلیا کے خلاف میچ بہت اہم ہوگا۔

    سعود شکیل نے کہا کہ ورلڈ کپ میں آغاز اچھا رہا پہلے دو میچ جیتے اوور آل اچھے جارہے ہیں کوشش کریں گے آگے بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں ہمارے شائقین کرکٹ ہوتے تو یقیناً حوصلہ ملتا ہے لیکن جو چیز نہیں ہوسکتی اس پر بات کرنے کا فائدہ نہیں ہے۔

    سعود شکیل نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلیا کا بھی آغاز اچھا نہیں ہوا، ان پر بھی پریشر ہوگا، ہم کوشش کریں گے کہ اپنی اسٹرینتھ کے مطابق کھیلیں۔

    انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کےلیے خود کو تیار کرنےکےلیے کافی محنت کی ہے، مجھے اندازہ تھا کہ کس پوزیشن پر میری جگہ بن سکتی، اس حساب سے تیاری کی۔

    مڈل آرڈر بیٹر کا کہنا تھا کہ خواہش یہی تھی کہ وائٹ بال بھی کھیلوں اس حساب سے شاٹس کی پریکٹس کی۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے ورلڈ کپ میں تین میچز کھیلے ہیں دو میں کامیابی اور بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، قومی ٹیم اپنا اگلا میچ جمعہ کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔

  • پاکستانی آئی سی سی پریزینٹر زینب عباس نے بھارت چھوڑ دیا

    پاکستانی آئی سی سی پریزینٹر زینب عباس نے بھارت چھوڑ دیا

    پاکستانی آئی سی سی پریزینٹر زینب عباس کے خلاف بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا کامیاب ہوگیا۔

    آئی سی سی پریزینٹر زینب عباس نے بھارت چھوڑ دیا وہ اسوقت دبئی میں موجود ہیں، دوسری جانب آئی سی سی نے بھی پریزنٹر زینب عباس کے بھارت سے جانے کی تصدیق کردی۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ پریزینٹرز پینل میں پاکستانی زینب عباس کےخلاف بھارت میں بے بنیاد پراپیگنڈہ مہم چلائی گئی، بھارتی وکیل نے الزام لگایا تھا کہ زینب  نے ہندو مذہب اور بھارت کے خلاف سوشل میڈیا پر پیغامات لکھے۔

    بھارتی وکیل نے سوشل میڈیا تبصروں کو زینب عباس سےمنسوب کرکے ان کاتبصرہ قرار دیا، بھارتی وکیل نے زینب عباس کے خلاف پرچہ کاٹنے کی درخواست بھی دے دی۔

  • بھارتی ویزوں میں تاخیر کے معاملے پر پی سی بی کا آئی سی سی کو خط

    بھارتی ویزوں میں تاخیر کے معاملے پر پی سی بی کا آئی سی سی کو خط

    کراچی: پاکستان نے بھارتی ویزوں کے اجرا میں تاخیر کا معاملے انٹرنینشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے اٹھا دیا۔

    پاکستانی شائقین اور صحافیوں بھارت جا کر ورلڈ کپ 2023 کے میچز دیکھنے کے منتظر ہیں تاہم ابھی تک پڑوسی ملک کی جانب سے ویزے جاری نہیں کیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے پر آئی سی سی کو خظ لکھ دیا ہے جس میں بھارت کی ویزا پالیسی پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    پی سی بی سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ ویزا پالیسی سے متعلق تاحال آگاہ نہ کرنا تشویشناک ہے، آئی سی سی اور دیگر حکام جلد معاملہ حل کر لیں گے، پاکستانی شائقین اور صحافیوں میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔

    بھارت میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ 2023 کے حوالے سے پاکستانی شائقین کا جوش و خروش عروج پر ہے اور بہت سے مداح پڑوسی ملک کے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

    کچھ روز قبل نگراں وزیر خارجہ جلیل عباسی جیلانی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ شائقین کرکٹ کو ورلڈ کپ کیلیے ویزے جاری نہ ہونے پر آئی سی سی سے بات کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی رولز کے مطابق یہ لازمی ہے کہ شائقین کرکٹ کو ویزے دیے جائیں، ملکی شائقین کو ورلڈ کپ دیکھنے کیلیے ویزے ملنے چاہئیں۔

  • قومی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھارت پہنچ گئی

    قومی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھارت پہنچ گئی

    قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت پہنچ گئی ہے۔

    پاکستانی ٹیم براستہ دبئی حیدرآباد دکن پہنچی ہے، قومی ٹیم کچھ دیر بعد ایئرپورٹ سے باہر نکلے گی، ایئرپورٹ پر بھارتی پولیس نے شائیقن کو پاکستانی پرچم لہرانے سے روک دیا ہے۔

    بھارتی پولیس نے شائقین کو پاکستان کے نعرے لگانے سے بھی منع کردیا ہے۔

    قومی ٹیم کے مداح چاچا بشیر کا کہنا ہے کہ ٹیم کے استقبال کے لیے پاکستانی پرچم لے کر گیا تھا، بھارتی پولیس نے پرچم لے لیا۔

    ذرائع کاکہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی آمد کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، 20 سے زائد سکیورٹی کی گاڑیاں ائیرپورٹ پر موجود ہیں جبکہ مختلف چینل سے پاکستان ٹیم کی بھارت پہنچنے کی لائیو کوریج بھی کی جا رہی ہے۔

    پاکستان ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے ہوٹل لےجایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ بھارتی شہر حیدرآباد دکن پہنچنے پر ایک روز آرام کے بعد کے بعد قومی ٹیم اگلے دن ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی، پاکستان کرکٹ ٹیم 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی۔

    پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔

  • نسیم شاہ ایشیاکپ سے باہر ہوگئے

    نسیم شاہ ایشیاکپ سے باہر ہوگئے

    انجری مسائل سے دوچار پاکستان ٹیم کے لیے بریُ خبر ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ ایشیاکپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

    قومی ٹیم کی منیجمنٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کے باعث ایشیاکپ کے باقی میچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    نسیم شاہ کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر زمان خان کو شامل کر لیا گیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ حارث رؤف کی انجری میں بہتری آرہی ہے اور وہ ٹیم کیساتھ ہی رہیں گے۔

    واضح رہے کہ نسیم شاہ کے ہاتھ میں گیند لگی تھی جس کے سبب وہ انجرڈ ہوگئے تھے، حارث رؤف بھی میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔

    پاکستان نے حارث رؤف اور نسیم شاہ کی انجری کے سبب دو فاسٹ بولرز کو طلب کیا تھا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آئندہ ماہ شروع ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس اور تندرستی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ احتیاطی اقدام ہے۔

    پی سی بی ایشیا کپ میں دیگر میچز کے لیے فاسٹ بولر شاہ نواز ڈاہانی اور زمان خان کو طلب کیا ہے۔