Author: شاہد ہاشمی

  • میسی کا خواب پورا، ارجنٹائن فٹبال کا چیمپئن بن گیا

    میسی کا خواب پورا، ارجنٹائن فٹبال کا چیمپئن بن گیا

    دوحا:ارجنٹائن نے36سال بعد فٹبال ورلڈکپ ٹائٹل جیت لیا، دفاعی چیمپئن فرانس ٹائٹل کادفاع نہ کرسکا۔

     دوحا کے لیوسل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے فائنل میں ارجنٹائن نے پیلنٹی شوٹ پر دفاعی چیمپئن فرانس کو 2-4 سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    فٹبال شائقین کو آج ہونے والامیگا ایونٹ کا فائنل مدتوں یاد رہے گا کیونکہ دفاعی چیمپئن فرانس اور ارجنٹائن کی ٹیموں نے ایسی لازوال فٹبال کھیلی کہ دنیا دنگ رہ گئی۔

    میگا ایونٹ کے فائنل میں سنسنی خیزی اس وقت پیدا ہوئی جب فرانس کے شہرہ آفاق اسٹرائیکر ایمباپے نے پیلنٹی پر اپنی ٹیم کی جانب سے پہلا گول کیا۔

    ٹھیک تین منٹ بعد ایمباپے نے دوسرا گول داغتے ہوئے نہ صرف میچ برابر کیا بلکہ ارجنٹائن کے ارمانوں پر پانی پھیرا۔

    میچ مقررہ وقت تک 2-2 گول سے برابر رہا جس کے باعث اضافی وقت دیا گیا، 106ویں منٹ میں ارجنٹائن کے کپتان میسی نے شاندار اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلوادی۔

    فائنل میچ کے 118 ویں منٹ میں امباپے نے فائنل میں ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے فائنل مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔

      میگا ایونٹ کے فائنل کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا، دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کے لئے میچ کے آغاز سے ہی ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کئے۔کھیل کے 23 ویں منٹ میں فرانس کے ڈیفنڈر کی غلطی کے نتیجے میں ارجنٹائن کو پیلنٹی ملی، جس پر کپتان لیونل میسی نے گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلوائی تھی۔

    ارجنٹائن نے ایک گول کی برتری کے بعد اپنا دفاع مزید مضبوط کیا اور فرانس کی جانب سے گول کرنے کے ہر حربے کو ناکام کیا۔ میچ کے 36 ویں منٹ میں ارجنٹائن کے اینجل ڈی ماریہ نے اپنی ٹیم کی جانب سے دوسرا گول کرتے ہوئے برتری کو 0-2 کردیا تھا۔

    اس سے قبل ارجنٹائن نے1978اور1986میں بھی عالمی کپ جیتا تھا۔

  • کراچی ٹیسٹ، پاکستان نے 5 وکٹوں پر 215 رنز بنا لیے

    کراچی ٹیسٹ، پاکستان نے 5 وکٹوں پر 215 رنز بنا لیے

    کراچی میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔ چائے کے وقفے تک پانچ پاکستانی بلے باز پویلین لوٹ چکے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے خطرے سے دوچار پاکستان ٹیم کے بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر رکنے میں ناکام رہے ہیں اور چائے کے وقفے تک آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے۔ قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔ ٹیم کا اسکور 214 رنز ہے اور کپتان بابر اعظم 77 رنز کے ساتھ کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

    آج صبح پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگ کا آغاز کیا۔ تاہم 18 کے مجموعے پر عبداللہ شفیق 8 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جب کہ ٹیم کی نصف سنچری سے قبل 46 کے اسکور پر شان مسعود بھی آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 30 رنز اسکور کیے ہیں۔

    اس کے بعد کپتان بابر اعظم کریز پر آئے اور اظہر علی کے ساتھ مل کر اسکور کو آہستہ آہستہ آگے بڑھایا تاہم کھانے کے وقفے سے چند لمحے قبل اظہر علی کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 45 کے انفرادی اسکور پر روبنس کا شکار ہوگئے۔

    دوسرے سیشن میں پاکستان کی مزید دو وکٹیں گریں۔ سعود شکیل 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی خراب فارم کا سلسلہ جاری ہے اور وہ ایک بار پھر بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے۔ محمد رضوان مڈل آرڈر میں چھٹے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے لیکن بیٹنگ آرڈر میں یہ تبدیلی بھی ان کے بلے سے رنز نہ نکلوا سکی اور وہ صرف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

    کراچی ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سابق کپتان اظہر علی، مڈل آرڈر شان مسعود، نعمان علی اور محمد وسیم جونیئر اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

    انگلینڈ کی جانب سے آج ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ بین فوکس اور ریحان احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: آج تیسرا ٹیسٹ، انگلینڈ کے خلاف پاکستان کو وائٹ واش سے بچنے کا چیلنج

    سیریز میں انگلینڈ کو دو ٹیسٹ جیت کر ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور وہ سیریز بھی اپنے نام کرچکا ہے جب کہ پاکستان کو وائٹ واش سے بچنے کے چیلنج کا سامنا ہے۔

  • انگلینڈ نے 22 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیت لی

    انگلینڈ نے 22 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیت لی

    انگلینڈ نے پنڈی کے بعد ملتان ٹیسٹ جیت کر سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرنے کے ساتھ 22 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیت لی۔

    قومی ٹیم 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 328 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل 94، امام الحق 60، عبداللہ شفیق اور محمد نواز 45، 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ رابنسن اور اینڈرسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگ کا آغاز چار وکٹوں پر 198 رنز سے کیا۔ تاہم صرف 12 رنز کے اضافے کے بعد فہیم اشرف 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے ہیں۔ ان کی وکٹ پارٹ ٹائم بولر جوئے روٹ نے لی۔

    فہیم اشرف کی جگہ نئے آنے والے بلے باز محمد نواز نے سعود شکیل کے ہمراہ 80 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی تاہم جب میچ پر قومی ٹیم کی کچھ گرفت مضبوط ہونے لگی تو وہ 45 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں ووڈ نے پویلین واپس بھیجا۔

    پاکستان کو ساتواں نقصان سعود شکیل کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری سے صرف 6 رنز کی دوری پر نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تاہم یہ آؤٹ متنازع بن گیا۔ اس بار بھی کامیاب بولر ووڈ رہے۔

    سعود شکیل کے بعد پوری ٹیم 328 کے مجموعے پر واپس لوٹ گئی اور انگلینڈ کو 26 رنز سے فتح ملی۔ یوں انگلینڈ پنڈی کے بعد ملتان ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز میں نہ صرف دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی بلکہ 17 سال قبل پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے 22 سال بعد سیریز جیت لی۔

    یہ بھی پڑھیں: ملتان ٹیسٹ، سعود شکیل کا آؤٹ متنازع بن گیا

    انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے دوسری اننگ میں سنچری اسکور کرتے ہوئے 108 رنز بنائے تھے جب کہ پنڈی ٹیسٹ میں بھی ایک سنچری اور نصف سنچری اسکور کی تھی۔

  • ملتان ٹیسٹ، آر یا پار، فیصلہ آج ہو جائیگا

    ملتان ٹیسٹ، آر یا پار، فیصلہ آج ہو جائیگا

    پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ملتان ٹیسٹ چوتھے روز دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے قومی ٹیم کو جیت کیلیے 157 رنز جب کہ مہمان ٹیم کو 6 وکٹیں درکار ہیں۔

    ملتان میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آج پاکستان اپنی دوسری اننگ کا آغاز 4 وکٹوں پر 198 رنز سے کرے گا۔ کریز پر سعود شکیل 54 رنز اور فہیم اشرف 3 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

    ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگ میں 275 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 354 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہیری بروک نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی۔

    ہدف کے تعاقب میں عبداللہ شفیق کے ساتھ رضوان اوپنر آئے تاہم 83 کے مجموعے پر تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد امام الحق اور سعود شکیل نے ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور 108 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔

    امام الحق 60 رنز پر ہمت ہار گئے تاہم سعود شکیل ڈٹے رہے اور مسلسل تیسری نصف سنچری اسکور کی۔

    یہ بھی پڑھیں: ابرار احمد نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو یادگار بنا لیا

    تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں مہمان انگلینڈ کو پنڈی ٹیسٹ جیت کر ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ قومی ٹیم کو سیریز بچانے کے لیے لازمی فتح یا ڈرا میچ کھیلنا ہوگا تاہم میچ کے دو دن باقی ہے اور امکان ہے کہ فیصلہ آج ہی کے دن ہو جائے گا۔

  • ملتان ٹیسٹ، پاکستان کی مشکلات میں اضافہ، 67 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں

    ملتان ٹیسٹ، پاکستان کی مشکلات میں اضافہ، 67 رنز پر دو وکٹیں گر گئیں

    پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے ملتان میں کھیلے جا رہے دوسرے میچ میں پاکستان کی مشکلات بڑھ گئیں۔

    قومی ٹیم جیت کے لیے 354 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 67 کے مجموعے پر اپنی دو وکٹیں گنوا چکی ہے۔ محمد رضوان 30 رنز بنا کر اینڈرسن کا شکار بنے جب کہ کپتان بابر اعظم صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور روبنسن نے انہیں کلین بولڈ کردیا۔

    اس وقت کریز پر عبداللہ شفیق موجود ہیں جنہوں نے 34 رنز بنا رکھے ہیں جب کہ بابر اعظم کی جگہ سعود شکیل آئے ہیں۔ پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 285 رنز درکار ہیں۔

    تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کو سیریز بچانے کیلیے یہ میچ جیتنا یا لازمی ڈرا کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ اوپنر امام الحق پہلے ہی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے ہیں انہیں ایم آر آئی کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے اور ان کی مزید میچ میں شرکت مشکوک ہے۔

    اس سے قبل آج انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگ کا آغاز 5 وکٹ پر 202 رنز سے اننگ کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 275 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ہیری بروکس نے سنچری اسکور کی اور 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    پاکستان کی جانب سے دوسری اننگ میں بھی ابرار احمد کا جادو چلا اور انہوں نے چار وکٹیں اور میچ میں مجموعی طور پر 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگ کے دوسرے کامیاب بولر زاہد محمود رہے جنہوں نے تین شکار کیے۔

    یاد رہے کہ ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ میچ کی فاتح انگلینڈ کی پوری ٹیم کو 275 رنز پر میدان بدر کردیا تھا۔ تاہم پاکستانی بلے بازوں نے اپنے بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا۔

    قومی ٹیم دوسرے روز صرف 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان بابر اعظم 75 اور سعود شکیل 63 رنز کے علاوہ کوئی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکا۔

  • ملتان ٹیسٹ، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کے لیے 354 رنز کا ہدف

    ملتان ٹیسٹ، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کے لیے 354 رنز کا ہدف

    پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ملتان میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کو جیت کے لیے 354 رنز کا ہدف ملا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میچ کے تیسرے روز پہلے سیشن میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اس طرح قومی ٹیم کو میچ جیتنے کے 354 رنز کا ہدف ملا ہے۔

    آج تیسرے روز انگلینڈ نے 5 وکٹ پر 202 رنز سے اننگ کا آغاز کیا تو کریز پر کپتان بین اسٹوکس اور گزشتہ میچ کی دونوں اننگ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے ہیری بروکس موجود تھے تاہم کپتان جلد ہی 41 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کامیاب بولر زاہد محمود تھے۔

    انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 259 کے مجموعے پر گری جب نئے آنے والے بلے باز اولی رابن سن تین رنز بنا کر ابرار احمد کو وکٹ دے بیٹھے۔

    پاکستانی بولرز نے پھر انگلینڈ کے باقی بلے بازوں کو پویلین بھیجنے میں زیادہ دیر نہ لگائی اور انگلش ٹیم کی اننگ 275 رنز پر سمیٹ دی۔ آخری آؤٹ ہونے والے بالے باز گزشتہ ٹیسٹ میچ کے سنچری میکر ہیری بروکس تھے جو اس میچ میں بھی سنچری بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 108 رنز کی اننگ کھیلی۔

    پاکستان کی جانب سے دوسری اننگ میں ابرار احمد کا جادو چلا اور انہوں نے چار وکٹیں اور میچ میں مجموعی طور پر 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگ کے دوسرے کامیاب بولر زاہد محمود رہے جنہوں نے تین شکار کیے۔

    اس سے قبل ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ میچ کی فاتح انگلینڈ کی پوری ٹیم کو 275 رنز پر میدان بدر کردیا تھا۔ تاہم پاکستانی بلے بازوں نے اپنے بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا۔

    قومی ٹیم دوسرے روز صرف 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان بابر اعظم 75 اور سعود شکیل 63 رنز کے علاوہ کوئی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکا۔

    واضح رہے کہ مہمان ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

  • پنڈی ٹیسٹ، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلیے 343 رنز کا ہدف

    پنڈی ٹیسٹ، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلیے 343 رنز کا ہدف

    پنڈی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور انگلینڈ نے چوتھے روز دھواں دھار بیٹنگ کرکے پاکستان کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پہلے سیشن میں پاکستان کی پوری ٹیم 579 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور انگلینڈ کو 78 رنز کی برتری ملی تھی، جو اس نے دوسری اننگ میں انتہائی تیز رفتاری سے کھیلتے ہوئے 342 تک پہنچا دی۔

    انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگ کا آغاز انتہائی تیز رفتاری سے کیا اور بلے بازوں نے دھواں دھار بیٹنگ کی۔ انگلش بلے بازوں نے صرف 35.5 اوورز میں ساڑھے 7 سے بھی زائد کی اوسط کی کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 264 رنز بنا کر چائے کا وقفہ ہوتے ہی اننگ ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔

    انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں اپنی دوسری سنچری کرنے سے محروم رہے اور 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ جوئے روٹ نے 73 اور کرولے نے 50 رنز کی اننگز کھیلیں۔

    پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، محمد علی، زاہد حسین نے دو، 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پنڈی ٹیسٹ، قومی ٹیم پہلی اننگ میں 579 رنز بنا کر آؤٹ

    پاکستانی بلے بازوں نے 343 کے ہدف کا تعاقب شروع کردیا ہے اور بغیر کسی نقصان کے 16 رنز بنا لیے ہیں۔

  • پنڈی ٹیسٹ، قومی ٹیم پہلی اننگ میں 579 رنز بنا کر آؤٹ

    پنڈی ٹیسٹ، قومی ٹیم پہلی اننگ میں 579 رنز بنا کر آؤٹ

    راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگ میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی انگلینڈ کو پہلی اننگ میں 78 رنز کی برتری ملی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگ میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ مہمان ٹیم کو 78 رنز کی برتری ملی ہے۔ انگلش بولر ول جیکس نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

    قومی ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز 7 وکٹوں پر 499 رنز پر دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان 554 کے مجموعے پر اٹھانا پڑا جب آغا سلمان نصف سنچری بنانے کے بعد ول جیکس کی وکٹ بنے۔

    آنے والے بقیہ دو کھلاڑی صرف 25 رنز کا اضافہ کرسکے اور پوری ٹیم 554 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی۔ زاہد محمود 17 اور حارث رؤف 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    آج کی تینوں وکٹیں ول جیکس نے حاصل کیں اور اننگ میں 6 کھلاڑی آؤٹ کرکے کیریئر کی سب سے بہترین بولنگ کی۔

    اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان کے کپتان بابر اعظم سمیت دونوں اوپنر عبداللہ شفیق اور امام الحق نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔ بابر اعظم نے 136، امام الحق نے 121 جب کہ عبداللہ نے 114 رنز کی اننگزکھیلی تھیں۔

  • انگلش کپتان کی طبیعت ناساز ہو گئی، ٹیسٹ سریز کی ٹرافی تقریب ملتوی

    انگلش کپتان کی طبیعت ناساز ہو گئی، ٹیسٹ سریز کی ٹرافی تقریب ملتوی

    راولپنڈی: پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی ہونے والی رونمائی کی تقریب ملتوی ہوگئی ہے۔

    پاکستان کے خلاف پنڈی ٹیسٹ شروع ہونے سے ایک دن قبل انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کی طبیعت ناساز کے باعث تقریب ملتوی کی گئی۔

    پاکستان اور انگلینڈ ٹیسٹ سیریز  کی ٹرافی کی تقریب رونمائی اب کل ہوگی، بین اسٹوکس اور بابراعظم کل ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔

    دوسری جانب انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق بین اسٹوکس کی طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے دیگر کھلاڑی اور آفیشلز پنڈی اسٹیڈیم نہیں آئے۔

    ای سی بی کے مطابق انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کے متعدد کھلاڑی اور آفیشلز آج ہوٹل میں ہی ٹھہریں گے، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہوٹل میں مکمل آرام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • انگلینڈ کی ٹیم اپنا باورچی لانے کے باوجود بدہضمی کا شکار

    انگلینڈ کی ٹیم اپنا باورچی لانے کے باوجود بدہضمی کا شکار

    راولپنڈی: انگلش ٹیم اپنا باورچی لانے کے باوجود بدہضمی کا شکار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 17 سال بعد پاکستان آئی مہمان ٹیم اپنے ساتھ باورچی بھی لے کر آئی تھی، تاہم اپنا اپنا باورچی لانے کے باوجود کپتان بدہضمی کا شکار ہوگئے ہیں۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم اپنے دورہ پاکستان میں باورچی کو بھی ساتھ لائی تھی یہ پہلا موقع تھا کہ کوئی شیف برطانوی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل ہوا۔

    انگلش ٹیم اپنا باورچی لانے کے باوجود بدہضمی کا شکار ہوگئے، جس سے انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس بھی متاثر ہوئے اس لیے ٹرافی کی رونمائی کیلئے نہیں آئیں گے۔

    ذرائع کے مطابق بین اسٹوکس کی جگہ جو روٹ ٹرافی کی رونمائی اور پریس کانفرنس کرینگے، اس کے علاوہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے صرف 5کھلاڑی پریکٹس کے لئے آئے ہیں۔

    ای سی بی کے مطابق انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کے متعدد کھلاڑی اور آفیشلز آج ہوٹل میں ہی ٹھہریں گے، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہوٹل میں مکمل آرام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اسکواڈ کے ہمراہ باورچی بھیجنے کا فیصلہ انگلش ٹیم کے گزشتہ دورہ پاکستان اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران کھلاڑیوں کے پیٹ خراب ہونے کے باعث کیا گیا تھا۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل یکم دسمبر سے 5 دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں ملتان جائیں گی جہاں دوسرا ٹیسٹ 9 سے 13 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔