Author: شہزاد محمود

  • تختہ بیگ پولیس چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے میں ملوث 6 دہشت گرد گرفتار

    تختہ بیگ پولیس چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے میں ملوث 6 دہشت گرد گرفتار

    پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں تختہ بیگ پولیس چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے میں ملوث  6 دہشت گرد کو  سی ٹی ڈی نے گرفتار کرلیا۔

    پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرکے 6 دہشت گرد گرفتار کرلیے، گرفتار دہشتگردوں  نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر  میں  تختہ بیگ پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکے کا مرکزی ملزم پہلے ہی ہلاک ہوچکا ہے، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر اہم دستاویزات برآمد کئے تھے۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ خودکش دھماکے میں مزید 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کی کو شش جاری ہے۔

    واضح رہے کی 19 جنوری 2023  کو خودکش بمبار نے تختہ بیگ چیک پوسٹ پر فائرنگ اور دھماکا کیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار سمیت 3 افراد شہید ہوئے تھے۔

  • خیبر پختونخواہ  کا بجٹ "خصوصی” کیوں ہوگیا؟ وجہ جانئے

    خیبر پختونخواہ کا بجٹ "خصوصی” کیوں ہوگیا؟ وجہ جانئے

    پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ نے بجٹ تجاویز کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ تاریخ بھی رقم کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی حکومت مسلسل چوتھے سال کا بجٹ پیش کرنے جارہی ہے، بجٹ کو”خود دارخیبرپختونخوا” کا ٹائٹل دیا گیا ہے، بجٹ دستاویز کےساتھ خیبرپختونخوا حکومت کی چار سالہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی ہے۔

    کارکردگی رپورٹ کے سرورق پر عمران خان کی تصویر کے ساتھ”ہم ایک آزاد قوم ہیں، "کسی کی معافی کے محتاج نہیں” کاجملہ درج ہے۔

    صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس

    آج وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کی زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی بجٹ برائے دوہزار بائیس اور تئیس کی منظوری دے گئی، صوبائی بجٹ کا حجم 1332 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

    صوبائی کابینہ نے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15فیصد اضافےکی منظوری دی، کابینہ کو بتایا گیا کہ یہ اضافہ گریڈ 1 سے 19 تک کے ملازمین کے لیے ڈی آر اے کے علاوہ ہے، اس اضافے میں پولیس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ صوبائی کابینہ نے تاریخ میں پہلی بار63000 ملازمین کی مستقلی کی بھی منظوری دی۔

    صوبائی بجٹ میں انصاف فوڈ کارڈ کے تحت 26 ارب روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ نے صوبے کیلئے 418 ارب روپے پر محیط ترقیاتی بجٹ کی بھی منظوری دی اس کے علاوہ جنوری 2022 سے جگر کی پیوندکاری سمیت مزید پانچ بیماریوں کا علاج صحت کارڈ پلس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کے پی کابینہ نے جنگلات میں لگی آگ بجھانےمیں شہید ریسکیو اہلکارکیلئےشہدا پیکج کا اعلان کیا، اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے جنگلات کے اہلکاروں کو فی کس دس دس لاکھ روپے دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    بجٹ کے اہم نکات

    بجٹ دستاویز کے مطابق ضم اضلاع کے لیے222ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز دی گئی ہے ، تنخواہوں کےلیے440ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں۔

    بجٹ دستاویز کے مطابق قبائلی اضلاع میں چھوٹے ڈیم تعمیر کیے جائیں گے، خیبرمیڈیکل یونیورسٹی حیات آباد میں بون میرو ٹرانسپلنٹ سینٹر قائم کیا جائے گا۔

    صوبے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مدمیں68ارب50 کروڑ روپے جبکہ وفاق سے ٹیکس کی مد میں550 ارب روپے سے زائد ملیں گے۔

    وفاق سے آئل، گیس رائلٹی کی مد میں30ارب روپے سے زائد رقم ملے گی، بجلی کےمنافع اور بقایاجات کی مد میں61ارب50 کروڑروپے سے زائد رقم ملنے کی توقع ہے۔

    چھ سو ترپن جاری منصوبوں کے لیے90ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں، سرکاری اسکولز میں242سائنس اورآئی ٹی لیبز تعمیرکی جائیں گی، قبائلی اضلاع میں164بنیادی مراکز صحت اور15سول اسپتال بحال کیے جائیں گے۔

    خیبر پختونخوا میں ڈویژن کی سطح پر پیتھالوجی لیبز قائم کی جائیں گی، قبائلی اوربندوبستی اضلاع میں جدید ڈیری فارم قائم کیے جائیں گے، بارنگ سے سوات تک61کلومیٹر روڈ تعمیرکی جائے گی۔

  • پشاور میں انٹر نیشنل باکسنگ میلہ سج گیا

    پشاور میں انٹر نیشنل باکسنگ میلہ سج گیا

    پشاور: صوبائی دارالحکومت میں انٹرنیشنل باکسنگ کا میلہ آج سجے گا، ایونٹ میں پاکستان، افغانستان اور ایران کے بہترین باکسر شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے تعاون سے انٹرنیشنل پروفیشنل باکسنگ مقابلوں کا میلہ آج قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں سجے گا جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور کھلاڑی پشاور پہنچ چکے ہیں، پشاور آمد پر ملکی و غیر ملکی باکسرز کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    ڈائریکٹرجنرل اسپورٹس اسفندیار خان خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانیوالے ان مقابلوں میں پاکستان کے مختلف شہروں سمیت افغانستان اور ایران کیساتھ دوسری ممالک سے باکسرز حصہ لینگے۔

    ایشین باکسنگ چیمپئن عثمان وزیر ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بے حد خوش ہیں، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خصوصاخیبر پختونخوا میں باکسنگ کے حوالے سے کافی ٹیلنٹ موجود ہے، اس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے مواقع مہیا کرنا چاہئے۔

    باکسرعثمان وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیشنل پروفیشنل باکسنگ کا انعقاد سنگ میل ثابت ہوگا۔

    پاکستان کے کامران خان مین فائٹ میں افغان حریف حامد خان سے ٹکرائیں گے، کو مین فائٹ میں پاکستان کے یامین کا مقابلہ افغانی حریف ہارون سے ہوگا۔

  • حکومت کا کرک میں مندر دوبارہ تعمیر کرانے کا اعلان

    حکومت کا کرک میں مندر دوبارہ تعمیر کرانے کا اعلان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع کرک میں مندر دوبارہ تعمیر کرانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ بیان میں صوبائی وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ حکومت مندر کی دوبارہ تعمیر کو جلد یقینی بنائے گی، مندر کی دوبارہ تعمیر کے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے گئے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کی مقدس مقامات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    کرک واقعہ: بھارتی میڈیا کا واویلا افسوسناک ہے، مشیربرائے اقلیتی امور

    خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں مشتعل ہجوم نے ہندو بزرگ کی سمادھی مزار میں توڑ پھوڑ کی اور اسے نذر آتش کردیا تھا، واقعہ کرک کے دور دراز علاقے ٹیری ٹاؤن میں پیش آیا تھا۔

    بعد ازاں چیف جسٹس گلزار احمد نے کرک میں مندر کو آگ لگانے کے واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے 4 جنوری کو واقعے کی رپورٹ طلب کی۔ چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری، آئی جی کے پی اور ایک رکنی اقلیتی حقوق کمیشن کو متاثرہ مندر کے دورے کا حکم بھی دیا۔

  • مدارس میں درس و تدریس کی تمام سرگرمیوں پرپابندی عائد

    مدارس میں درس و تدریس کی تمام سرگرمیوں پرپابندی عائد

    خیبرپختونخوا میں کورونا کیسز میں اضافے پر اسکولز کے بعد مدارس میں درس وتدریس کی تمام سرگرمیوں پرپابندی عائد کر دی گئی۔

    کورونا کیسز بڑھنے پر صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت کے پی میں مدارس سرگرمیوں پرپابندی عائدکی گئی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    سیکریٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی این سی او سی کے فیصلےکی روشنی میں لگائی گئی ہے۔

    سیکریٹری محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت نےعوام کےبہتر مفاد میں فیصلہ کیا ہے، خلاف ورزی پرذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے گی.

    سیکریٹری محکمہ داخلہ اکرام اللہ نے اپیل کی ہے کہ علما کورونا سےنمٹنے تک حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

  • چترال، نوجوان نے دریا میں گرنے والے مار خور کو بچالیا

    چترال، نوجوان نے دریا میں گرنے والے مار خور کو بچالیا

    پشاور: خیبرپختونخواہ کے ضلع چترال میں نوجوان نے دریا میں گرنے والے مارخور کو  بچا کر نئی مثال قائم کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چترال سے بہنے والے دریا میں مارخور گرا جس کو بچانے کے لیے نوجوان نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر چھلانگ لگائی اور اُس کو باحفاظت باہر نکال لیا۔

    ترجمان پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخواہ کے مطابق مارخور دریا سے پانی پی رہا تھا کہ اسی دوران وہ پانی میں گر گیا، پانی کے تیز بھاؤ کی وجہ سے وہ سنبھل نہیں سکا اور تیزی سے بہتا ہوا آگے کی طرف جانے لگا۔

    اسی دوران نوجوان نے سارا منظر دیکھا تو اُس نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دریا میں چھلانگ لگائی، بعد ازاں وہ مار خور کو آہستہ آہستہ پتھروں کی طرف لے کر آیا اور اُسے باہر نکال دیا۔

    ہلال احمر پاکستان خیبرپختونخواہ کے چیئرمین محمد حامد خان نے مار خور بچانے پر نوجوان کو شاباش دی اور اُس کے جذبے کی تعریب بھی کی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ہلال احمر ایسے رضاکاروں کو سلام پیش کرتی ہے، جو انسانیت کے لیے اعلیٰ مثال قائم کرتے اور جانفشانی کے ساتھ خدمت کرتے ہیں۔

    مارخور کیا ہے؟

    مارخور جنگلی بکرے کی ایک قسم ہے جو پاکستان میں گلگت بلتستان، ضلع چترال، وادی کالاش اور وادی ہنزا سمیت دیگر شمالی علاقوں کے علاوہ وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں پایا جاتا ہے۔

    اس کے علاوہ مارخور بھارت ، افغانستان ،ازبکستان،تاجکستان اور کشمیر کے کچھ علاقوں ميں بھی پايا جاتا ہے۔

    قدرت اور قدرتی وسائل کی حفاظت کی عالمی تنظیم بین الاقوامی اتحاد برائے تحفظ قدرت کے مطابق اس نوع کو ان جانوروں میں شمار کیا جاتا ہے جن کا وجود خطرے میں ہے۔یاد رہے کہ مارخور پاکستان کا قومی جانور بھی ہے۔

  • دوہزارسال قدیم جشن کی تیاری شروع

    دوہزارسال قدیم جشن کی تیاری شروع

    چترال: خیبر پختونخوا کے خوبصورت ضلع چترال میں جشنِ قاقلشٹ (جشنِ بہاراں) کا آغاز اپریل کے آغاز ہونے جارہا ہے، اس موقع پر سیاحوں کی کثیر تعداد چترال کا رخ کرتی ہے۔

    پاکستان کو قدرت نے بے شمار رنگوں اور نعمتوں سے نوازا ہے اور انہی میں سے ایک خطہ چترال بھی ہے۔جشنِ قاقلشٹ اپر چترال میں واقع قدرت کے حسین رنگوں سے مزین میدان قاقلشٹ میں منعقد ہوتا ہے، جہاں کے سر سبز مناظر دیکھ کر انسان فطرت کی رونقوں کا مداح بن جاتا ہے۔

    جشنِ قاقلشٹ میں مختلف مقامی کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوتے ہیں جن میں فری اسٹائل پولو، نشانہ بازی، رسہ کشی، ہاکی وغیرہ شامل ہیں اور کرکٹ، فٹ بال و دیگر کھیلوں کے علاوہ پیرا گلائیڈنگ اور کار ریس کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جاتا ہے، جبکہ چترالی موسیقی، مشاعرہ اور ثقافتی ملبوسات کی نمائش سے بھی سیاحوں کو لطف اندوز کیا جاتا ہے۔

    فیسٹول میں کلچر نائٹ، بون فائر، فائر ورکس کے علاوہ ملکی تاریخ میں پہلی بار فلڈ لائٹس میں پولو کھیلا گیا تھا اور اس سال بھی ا س کا اہتمام ہوگا، اس کے علاوہ ہاکی، فٹبال اور کرکٹ کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔

    جشنِ قاقلشٹ مجوعی طور پر تین دنوں پر محیط ہوتا ہے جہاں دن رات مختلف سرگرمیاں منعقد ہوتی ہیں جن سے مقامی، ملکی اور غیر ملکی سیاح لطف اندوز ہوتے ہیں۔

    سیاحوں کے ٹھرنے کے لیے کیمپنگ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ گیسٹ ہاؤس بھی موجود ہیں جہاں مناسب قیمت پر لذیز کھانے اور دیگر سہولیات میسر ہیں۔تو پھر دیر کس بات کی، بیگ پیک کیجئے اور جشنِ قاقلشٹ میں شرکت کرکے قدرت کے حسین مناظر اور منفرد ثقافت سے بھر پور خطے کی خوبصورتی سے لطف اٹھائیں۔

    دو ہزار سالہ تاریخ پر مشتمل جشن قاقلشٹ فیسٹول اپنے روایتی انداز سے ہرسال منایا جاتا ہے، تاہم 2017 میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اسے منسوخ کردیا گیا تھا۔

    قاقلشٹ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں شرکاء کے لیے چترال کے خصوصی کھانے فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے جن میں اخروٹ کی روٹی، چاول کی چٹنی و دیگر شامل ہیں۔

  • پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی

    پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی

    کولمبو: پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری کو شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

    سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا۔

    پاکستانی ٹیم نے ہدف 34ویں اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پرحاصل کیا، قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے نثار 121 ، راشد 83 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    پاکستان اور سری لنکا کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز کا آخری میچ 25 فروری کو کھیلا جائے گا۔

    بلائنڈ کرکٹ سیریز، پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی

    یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستانی بلے باز بدر منیر کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دی تھی۔

    سری نے پاکستان کو جیت کے لیے 217 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی کرکٹ ٹیم نے 18.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

    پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم 21 فروری سے سری لنکا کے دورے پر ہے ، جہاں پر وہ ایک روزہ سیریز کھیل رہی ہے اور اس کے بعد ٹی 20 میچ کی سیریز بھی سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

  • پاک فوج کا اہم اقدام، جنوبی وزیرستان میں زرعی پارک کا قیام

    پاک فوج کا اہم اقدام، جنوبی وزیرستان میں زرعی پارک کا قیام

    وانا: پاک فوج کی جانب سے جنوبی وزیرستان میں ترقیاتی کام زور شور سے جاری ہے، مقامی زمینداروں اور آڑھتیوں کی معاشی حالت بہتر بنانے اور کاروبار کو وسعت دینے کے لیے افواجِ پاکستان کے تحت زرعی پارک کی تکمیل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی جانب سے وانا میں تعمیر کیا گیا زرعی پارک 128 دکانوں پر مشتمل ہے جبکہ اس میں 1 ہزار ٹن پھل اور سبزیوں کہ کولڈ اسٹوریج کی صلاحیت موجود ہے۔

    وزیرستان کے چلغوزے ملک بھر میں مشہور ہیں اور  ان کی خرید و فروخت سے سالانہ کروڑوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے، زرعی پارک میں چلغوزے کی پراسسینگ کے لیے پلانٹ بھی لگایا گیا ہے۔ مقامی زمینداروں اور آڑھتیوں کو زرعی پارک میں ون ونڈو آپریشن کہ تحت تمام سہولیات میسر ہوں گی۔

    جنوبی وزیر ستان سے تعلق رکھنے والے زمینداروں اور آڑھتیوں نے زرعی پارک کے قیام پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پارک کے قیام سے افغانستان کہ ساتھ تجارت کو فروغ حاصل ہو گا اور کاروبار کو بھی مزید وسعت ملے گی۔ وانا میں تعمیر کیا گیا پارک پاکستان کا دوسرا بڑا زرعی پارک ہے جس کی تیاری میں 888 ملین روپے لاگت آئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ہانگ کانگ: رگبی کا عالمی ٹورنامنٹ فجی نے اپنے نام کر لیا

    ہانگ کانگ: رگبی کا عالمی ٹورنامنٹ فجی نے اپنے نام کر لیا

    بیجنگ: ہانگ کانگ میں کھیلا گیا رگبی کا عالمی ٹورنامنٹ دفاعی چیمپیئن فجی نے کینیا کو ہرا کر اپنے نام کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق رگبی کا عالمی ٹورنامنٹ ’ہانگ کانگ رگبی سیون‘ میں فجی نے اپنے اعزاز کا دفاع برقرار رکھتے ہوئے کینیا کو ہرا کر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

    ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ کینیا اور فجی کے مابین ہوا جس میں فجی کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیا کے 12 پوائنٹس کے مقابلے میں 24 پوائنٹس بنا کر ایونٹ کی فاتح قرار پائی۔

    ہانگ کانگ سٹیڈیم میں جمعہ کے روز سے شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں چین، تائی وان، جاپان سمیت 40 ممالک کی رگبی ٹیموں نے حصہ لیا مجموعی طور پر 280 رگبی کے کھلاڑی اس ایونٹ میں شریک ہوئے جہاں مختلف ٹیموں کے مابین 76 میچیز کھیلے گئے۔

     

    اس عالمی ٹورنامنٹ کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود رہی فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئی جبکہ فائنل کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

    ٹورنامنٹ کا فائنل دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی، جیسے ہی میچ کا اختتام ہوا اور فجی نے فتح اپنے نام کی تو میدان میں موجود تماشائی خوشی سے جھوم اٹھے جس کے بعد بھرپور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس سے فضا مختلف رنگوں میں رنگ گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔