Author: شاکر شیخ

  • پاکستان میں سمندری طوفان بپر جوئے کے اثرات نمودار

    پاکستان میں سمندری طوفان بپر جوئے کے اثرات نمودار

    پاکستان میں سمندری طوفان ‘بپرجوئے’ کے اثرات نمودار ہونا شروع ہوگئے

    سمندری طوفان بپر جوئے کے پاکستان میں اثرات نمودار ہونا شروع ہوگئے ہیں، ضلع تھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحصیل اسلام کوٹ اورننگرپارکرکے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کیساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، تھرکول پروجیکٹ اورگرد نواح میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے۔

    بارش کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، اسلام کوٹ کے نواحی گاؤں میں اسکول کا گیٹ گرنےسے آٹھ سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا ہے۔

    ادھر انتظامیہ کی وارننگ کے باوجود تھرکی ساحلی پٹی پر واقع دیہات کے لوگ تاحال موجود ہیں اور انہوں نے ابھی تک نقل مکانی شروع نہیں کی ہے۔

    ضلع انتظامیہ کےمطابق سمندری طوفان کی لینڈنگ تھر سےہوگی،اوہ وہ ڈیپلو سے ہٹ کریگا،سمندری طوفان کے باعث ضلع میں 25ہزارافراد کے متاثرہونےکااندیشہ ہے۔

    دوسری جانب سندھ حکومت نےتھرپارکرمیں ہنگامی بنیادوں پرریسکیو1122سروس کاآغازکردیاہے،سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی،ہیلتھ سروسزنےپہلےمرحلے میں 5ایمبولینسز مٹھی پہنچادیں جبکہ ڈپٹی کمشنرتھرکی ہدایت پر2ایمبولینسزتحصیل چھاچھرو،2نگرپارکرایک ڈیپلوکیلئےروانہ کردی گئیں ہیں۔

  • افتخار درانی نے رہنماؤں کو دوبارہ گرفتار کرنے کی وجہ بتادی

    افتخار درانی نے رہنماؤں کو دوبارہ گرفتار کرنے کی وجہ بتادی

    پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی کا کہنا ہے کہ ایک بات عیاں ہوگئی پارٹی چھوڑنے والا رہا اور ثابت قدم رہنے والا دوبارہ گرفتار ہورہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں گفتگو کرتے ہوئے افتخار درانی نے شیریں مزاری کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کے اعلان پر کہا کہ زندگی میں پہلی بار دیکھا کہ شیری مزاری کاغذ پڑھ کر بات کررہی تھی، شیری مزاری نے خود کہا کہ ان کی بیٹی کی ویڈیو جیل میں دکھائی گئی۔

    افتخار درانی نے کہا کہ جب بچوں پر بات آجائےتو کون دباؤ برداشت کرسکتا ہے؟ ۔

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج ایک بات عیاں ہوگئی کہ جو پارٹی چھوڑ رہا ہے وہ رہا ہورہا ہے، جو ہمارے ساتھ ثابت قدم ہے وہ رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار ہورہا ہے۔

    افتخار درانی نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے والے فیاض الحسن چوہان سے متعلق کہا کہ انہوں نے ذاتی عناد پر مبنی گفتگو کی، چوہان کاشکوہ تھا کہ پہلےٹکٹ نہیں دیاگیاپھرکورکمیٹی سےنکال دیاگیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے کا پارٹی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج تک تشدد پراکسانےوالی بات نہیں کی، دوسری پارٹی میں جانے کیلئےبے بنیاد الزامات نہیں لگانےچاہئیں۔

    واضح رہے کہ آج پی ٹی آئی کو زبردست سیاسی دھچکے لگے جہاں تحریک انصاف کی تھنک ٹینک شیریں مزاری نے پارٹی اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان کیا وہی راولپنڈی سے سابق رکن قومی اسمبلی فیاض الحسن نے بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہا۔

    ادھر اوچ شریف سے سابق ایم پی اے مخدوم افتخار الحسن گیلانی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے جبکہ کراچی سے بلال غفار نے بھی پی ٹی آئی سے اعلان لاتعلقی کیا۔

  • ڈی جی خان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا

    ڈی جی خان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا

    جنوبی پنجاب کے ضلع ڈی جی خان میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا منصونہ ناکام بناتے ہوئے دو دوہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق تونسہ شریف کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی پر خفیہ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گردوں کی شناخت میزان غازی اور میر احمد کے نام سے ہوئی، دونوں دہشت گردوں کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: سوات میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 2 دہشت گرد ہلاک

    حکام سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے ہینڈ گرینیڈ،اسلحہ وبارود برآمد ہوا ہے، گرفتار دہشت گرد ڈی جی خان میں دہشت گردی کا منصوبہ بناچکے تھے، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے، نیٹ ورک میں شامل دیگردہشت گردوں کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ سی ٹی ڈی دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے مختلف شہروں میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتی رہتی ہے، رواں ماہ کوہاٹ پولیس نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مرئی چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں گولہ بارود اور اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔

  • فخر پاکستان عائشہ مبارک نے اپنا نیا ہدف بتادیا

    فخر پاکستان عائشہ مبارک نے اپنا نیا ہدف بتادیا

    فوربز میگزین کے کم عمر باصلاحیت افراد میں شامل ہونے والی پاکستانی آرٹسٹ عائشہ مبارک نے اپنا مستقبل کا پلان بتادیا۔

    تفصیلات کے مطابق عائشہ مبارک علی اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں خصوصی شرکت کی اور ناسا میں بھیجے گئے اپنے آرٹ ورک سے متعلق ناظرین کو آگاہ کیا۔

    عائشہ مبارک علی ایک فائن آرٹسٹ، ویژول آرٹسٹ اور فیشن ڈیزائنر ہونے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیم میں کام کرتی ہیں۔

    عائشہ نے بتایا کہ میں نئی ٹیکنالوجی پر ریسرچ کرتی رہتی ہوں تاکہ آگاہی حاصل ہوسکے کہ اس وقت تک خلائی تحقیق میں مزید کتنی پیش رفت ہوچکی، مگر بدقسمتی سے بطور پاکستانی ہم خلائی تحقیق میں بہت پیچھے ہیں۔

    عائشہ مبارک نے بتایا کہ میں ایک میٹالرجی فرم کے ساتھ منسلک تھی جہاں میں نے ایک پروجیکٹ بنایا، اس میں نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے سائنسدانوں کے ساتھ تعاون کیا، جولائی 2022 میں میرا آرٹ ورک میلتھ 2 کے لیے اسپیس ایکس کے ذریعے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجا گیا جو کہ راکٹ سی آر ایس 25 کا پارٹ تھا۔

    پاکستانی کی پہلی ڈیجیٹل آرٹسٹ نے بتایا کہ اب وہ اپنے نئے پروجیکٹ اسپیس سوٹ پر ریسرچ کررہی ہیں، میری کوشش ہے کہ اسپیس سوٹ کو اس طرح ڈیزائن کرسکوں کہ ہمارا کلچر بھی اس میں نمایاں ہو۔

    واضح رہے کہ عائشہ نے تھری ڈی ماڈلنگ اور دھاتوں کا استعمال کر کے فیوژن آرٹ بھی تخلیق کیا، ان کی فیوژن آرٹ پریکٹس کو فوربز مڈل ایسٹ، ای 27، ہیلو اور گرازیا جیسے نامور میگزینز میں بھی نمایاں کیا گیا ہے۔

    فوربز میگزین نے حال ہی میں ایک فہرست شائع کی تھی، اس میں 30 سال سے کم عمر باصلاحیت افراد کے نام شامل کرکے ایشیا پیسیفک ریجن میں موجود 20 ممالک اور علاقوں کی نمائندگی کی گئی ہے۔

    اس فہرست میں فنکاروں، کھلاڑیوں، سائنسدانوں، کاروباری افراد، کھیلوں اور موسیقاروں، گلوکاروں اور بہت سے ایسے لوگوں کو نمایاں کیا گیا ہے جن کی صلاحیتوں کو اپنے اپنے شعبوں میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پہچانا جاتا ہے۔

  • سعودی نائب وزیر داخلہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    سعودی نائب وزیر داخلہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ راناثنا اللہ نے نورخان ایئر بیس پر سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد کا استقبال کیا۔

    اپنے دورہ کے دوران سعودی نائب وزیر داخلہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کریں گے، روڈ ٹو مکہ منصوبہ حجاج کرام کو آسان اور پریشانی سے پاک امیگریشن فراہم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

    سعودی نائب وزیر داخلہ اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم شہبازشریف، وفاقی وزیر برائے نارکوٹکس کنٹرول اور آرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے۔

  • عمران خان کی رہائی پر کارکنان کا جشن، مٹھائیاں تقسیم

    عمران خان کی رہائی پر کارکنان کا جشن، مٹھائیاں تقسیم

    اسلام آباد: عدالتی عظمیٰ کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی کا فیصلے پر کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور کراچی تا خیبر جشن کا سماں ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: میں نے کبھی انتشار کی بات نہیں کی ، عمران خان

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کے رہائی کا فیصلہ سنتے ہی کارکنان کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچے اور انہوں نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں، اس موقع پر کارکنان نے عمران خان کے حق میں واشگاف نعرے بھی بلند کئے۔

    کارکنان شکرانے کے نفل ادا کریں

    پی ٹی ۤآئی رہنما فرخ حبیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے نے ثابت کیا کہ کپتان کی گرفتاری غیر قانونی تھی، اس موقع پر انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ پوری قوم شکرانے کے نفل ادا کریں۔

    کارکنان کو لبرٹی چوک پہنچنے کی ہدایت

    سینئر رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر نے سپریم کورٹ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائی کی خبر نے پوری قوم میں خوشی کی لہرپیدا کردی، انہوں نے کہا کہ سب لوگ فوراً لبرٹی چوک پہنچیں اوراس فیصلے کا خیرمقدم کریں۔

    کوئٹہ میں جشن کا سماں

    عمران خان کی گرفتاری غیرقانونی قراردینے پر کوئٹہ کے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں جشن کا سماں ہوگیا، سپریم کورٹ کے فیصلے پر کارکنان نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاکرخوشی کا اظہار کیا۔

    اس کے علاوہ چلاس کے صدیق اکبر چوک پر چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کی خبر سنتے ہی کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہوگئیں اور انہون نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔

    آذاد کشمیر، سوات، بہاولپور، فیصل آباد، پشاور سمیت ملک کے کئی شہروں میں کارکنان عمران خان کی رہائی پر جشن منانے میں مصروف ہیں اور انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیا ہے۔

  • ایک اور پی ٹی آئی رہنما اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے

    ایک اور پی ٹی آئی رہنما اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے

    لاہور: عثمان بزدار کابینہ کے رکن اور سابق رکن پنجاب اسمبلی عامر نواز چانڈیہ بھی اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے عامر نواز چانڈیہ پر لیاقت پور کے تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ سرکاری اراضی پر قبضہ اور بھرتیوں میں رشوت لینے کےالزام کےتحت درج کیاگیا۔

    مقدمے میں محکمہ مال کے پٹواری اور فرنٹ مین سمیت سات افراد کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمہ متن میں کہا گیا کہ ملزمان نے محکمہ تعلیم، میونسپل کمیٹی میں مبینہ طور پر بھاری رشوت لیکر بھرتیاں کیں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔Sardar Amir Nawaz Khan Chandia (MPA) - YouTube

    واضح رہے کہ اب تک چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر مختلف نوعیت کے 150 سے زائد مقدمات درج کئے جاچکے ہیں اس کے علاوہ علی امین گنڈاپور، شہباز گل سمیت کئی اہم رہنماؤں کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف ان مقدمات کو سیاسی مقدمات کا نام دیتے ہوئے اس کا ذمے دار پی ڈی ایم حکومت کو قرار دیتی ہے۔

  • کیا آپ ایک سے زائد زبانیں سیکھنے کے فوائد جانتے ہیں؟

    کیا آپ ایک سے زائد زبانیں سیکھنے کے فوائد جانتے ہیں؟

    کئی افراد ایسے ہوتے ہیں جنہیں اپنی مادری اور قومی زبان کے علاوہ دوسری زبانیں سیکھنے کا بھی بے حد شوق ہوتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں ان کا یہ شوق کتنا فائدہ مند ہے؟

    نیویارک ٹائمز کے مطابق نیورو بائیولوجی آف ایجنگ کے جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک سے زیادہ زبانیں جاننا یادداشت بڑھانے کے علاوہ ڈیمنشیا سے بچاتا ہے اور بزرگوں میں علمی کمی کا سد باب کرسکتا ہے۔

    جرمنی میں ادھیڑ عمر اور بڑی عمر کے سینکڑوں مضامین کے مطالعے میں یہ طے پایا کہ جو لوگ چھوٹی عمر سے ہی دو زبانیں بول سکتے ہیں ان کا سیکھنے، یادداشت، زبان اور خود پر قابو پانے کے ٹیسٹ میں صرف ایک زبان بولنے والے مریضوں کے مقابلے میں زیادہ اسکور ہوتا ہے۔

    مطالعے میں انسٹھ سے چھہتر سال کی عمر کے سات سو چھیالیس افراد سے الفاظ، یادداشت، توجہ اور حساب سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔

    مثال کے طور پر ان سے پہلے نام کی اشیاء کو یاد رکھنے، الفاظ کو پیچھے کی طرف ہجے کرنے، تین حصوں کے حکموں پر عمل کرنے اور ان کے سامنے پیش کردہ ڈیزائن کی کاپی کرنے کو کہا گیا۔

    تحقیق میں حصہ لینے والوں میں سے تقریباً 40 فیصد کو یادداشت کے مسائل نہیں تھے، جبکہ دیگر افراد نے اس سے قبل الجھن یا یادداشت میں کمی جیسے مسائل کی وجہ سے ڈاکٹر سے رجوع کیا تھا۔

    اس بات کا تعین کیا گیا کہ جن لوگوں نے 13-30 یا 30-65 سال کی عمر میں دوسری زبان سیکھی اور بولی ان میں زبان، یادداشت، ارتکاز، توجہ اور فیصلہ کرنے کی صلاحیتوں میں ان لوگوں کے مقابلے زیادہ مثبت نتائج ملے جو دوسری زبان نہیں بولتے تھے۔

    محققین کا کہنا تھا کہ کئی زبانوں کو سیکھنا دماغ کو مثبت انداز سے بدلتا ہے اور دماغی نیٹ ورکس میں آنے والی تبدیلیاں صلاحیتوں کو مزید بڑھاتی ہیں۔

  • مذاکرات کا وقت کیوں تبدیل ہوا؟ شاہ محمود کا انکشاف

    مذاکرات کا وقت کیوں تبدیل ہوا؟ شاہ محمود کا انکشاف

    حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا وقت کیوں تبدیل کیا گیا؟ شاہ محمود قریشی نے بتادیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ‘ سوال یہ ہے’ میں گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ کل صبح میٹنگ کیلئےتیار تھے ن لیگ نے کہا کہ شام میں ملاقات چاہتے ہیں، ن لیگ کا مؤقف تھا کہ نواز شریف کیساتھ مشاورت کرناچاہتےہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ حکومتی ٹیم کا مؤقف تھا کہ تیرہ جماعتیں ہیں سب کی حمایت درکارہے، اندازہ یہی ہے کہ حکومتی ٹیم چاہتی تھی کہ اندرونی معاملات درست کرکےبات کریں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکرات کےتیسرے دور میں وقت اس لیےدیا گیا کہ مشاورت ہوجائے،اسحاق ڈار مذاکرات کی قیادت کررہےہیں تو محسوس ہوا  کہ وہ سنجیدہ ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کا وقت اچانک تبدیل کردیا گیا

    حکومتی کمیٹی کی ساکھ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سابق رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وقت بتائے گا کہ حکومتی ٹیم مینڈیٹ کیساتھ بیٹھی ہےیا نہیں؟ مگر یہ بات طے ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نیک نیت کیساتھ مذاکرات کیلئےبیٹھی ہے۔

    مذاکرات کی کامیابی سے متعلق وائس چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اتنا کہوں گا کہ نیک نیتی کیساتھ مذاکرات میں گئے، چاہتے ہیں کہ مسئلہ حل ہوجائے، ملک کو نقصان ہورہاہے،معاشی بحران خطرہ بن گیاہے، بیورو کریسی کنفیوز ہے،غریب پس رہاہے،مہنگائی نےجینا مشکل کردیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عدالت عظمیٰ نےچودہ مئی کو الیکشن کاحکم دیا ہم چاہتے ہیں اس پرعمل ہو،حکومت کہتی ہےالیکشن ایک ہی دن نگراں حکومت کےماتحت ہونےچاہئیں، ہم نے حکومتی تجاویزسنی اور اپنی تجاویزبھی انہیں دی ہیں، حکومت کی کیاخواہش ہےوہ بتادے۔

  • وزیراعظم، صدر سمیت سیاسی رہنماؤں کی قوم کو عید الفطر کی مبارک باد

    وزیراعظم، صدر سمیت سیاسی رہنماؤں کی قوم کو عید الفطر کی مبارک باد

    وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت ، چیئرمین سینیٹ سمیت مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے قوم کو عید الفطر کی مبارک دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے عیدالفطر کےپرمسرت موقع پرپاکستانی قوم،عالم اسلام کومبارکباد پیش کی ہے۔

    اپنے پیغام میں صدرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان کو مشکل سیاسی،اقتصادی حالات کاسامنا ہے،ہم سب اپنےملک کیلئےدرد محسوس کررہے ہیں۔

    صدرمملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں معاف،درگزرکرنےاوربخش دینےکاحکم دیتاہے اور اللہ تعالیٰ نیکی اوراحسان کرنےوالوں سےمحبت فرماتاہ مگر آج ہم لوگوں کومعاف کرنےکو تیارنہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قیامت کے دن ہم اللہ کےسامنےکھڑےمعافی مانگ رہےہوں گے، اللہ تعالیٰ ہمیں معافی اوردرگزرسےکام لینےکی تلقین کرتاہے، ہمارے حضورﷺنےہمیں دوسروں پررحم اورمعاف کرنےکی تلقین کی۔

    اپنے بیان میں صدر مملکت نے قوم سےاپیل ہے کہ گروہی،مذہبی،سیاسی اختلافات کونفرت کاذریعہ نہ بننےدیں،ملک کو سیاسی ومعاشی استحکام کی جانب لےجانےکیلئےاپناکرداراداکریں۔

    وزیراعظم شہباز شریف

    وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قوم کو عید الفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے دعا کی کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں خوشیاں لےکر آئے، ضرورت مندوں،محتاجوں،یتیموں کےساتھ صلہ رحمی کامظاہرہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت کےایثارو محبت کی عام حالات سےزیادہ ضرورت ہے، ان کوعید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کےجبرکاشکارہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی کوشش رہی ہے کہ معاشی مشکلات کا کم سےکم بوجھ عوام تک پہنچے،ہم ہرممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانےکی جدوجہدکررہےہیں،میرا ایمان ہےکہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سےنجات عطافرمائےگا،ان شااللہ ہماری محنت ملک وقوم کی زندگی میں معاشی بہتری کی عیدلائےگی۔

    اپنے بیان میں وزیراعظم نے قوم کو پیغام دیا کہ سیلاب متاثرین کو نہ بھولیں،انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کریں،آج کے روز شہدائے وطن کوسلام اوران کےاہل خانہ سےدلی تعزیت کرتےہیں ساتھ ہی انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فلسطینی ،کشمیریوں کوآزادی کی نعمت سےسرفرازفرمائے۔

    چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

    عید کے پرمسرت موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مسلمانانِ عالم اسلام اور خاص طور پر پاکستانیوں کو عید الفطر کے بابرکت اور پر مسرت موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ رمضان کی عبادات قوم میں تقویٰ، نظم وضبط اور صبرو تحمل کی خوبیوں کو فروغ دیتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تمام اہل اسلام اسی جوش وجذبے کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی دنیاوی اور آخرت کی زندگی کو کامیاب بنائیں، ماہ رمضان مسلمانوں کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے جس کے فیوض و برکات سے مستفید ہو کر آخرت کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

    سابق وزیرداخلہ شیخ رشید

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قوم کو عید الفطر کی مبارک باد دی ہے، نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی پاکستان کو مسائل اور عدم استحکام سے نکالے اور اللہ تعالٰی اس نکمی حکومت سےعوام کو نجات دلائے۔