Author: شہزاد ملک

  • پی سی بی نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

    پی سی بی نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی نے قومی کرکٹرز کے لیے تین سالہ سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا ہے، اے کیٹیگری میں کھلاڑیوں کے معاوضے میں 200 فیصد سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے معاوضے میں 144 فیصد سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    اے کیٹیگری میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی شامل ہیں جبکہ کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ میچ کی فیس میں 50 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

    ون ڈے میں 25 فیصد اور ٹی 20 میچ کی فیس میں ساڑھے 12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

    بی کیٹیگری میں فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ اور شاداب خان شامل ہیں۔

    سی کیٹیگری میں عماد وسیم اور عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ڈی کیٹیگری میں فہیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، صائم ایوب، سرفراز احمد، شاہنواز دھانی، شان مسعود شامل ہیں۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو سال میں دو غیرملکی لیگز کھیلنے کی اجازت ہوگی۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹرز چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم تھے اور کھلاڑیوں کو صرف ڈیلی الاؤنس دیا جارہا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کرکٹرز کو بقایا جات نئےکنٹریکٹ کے مطابق ادا کیے جائیں گے۔

    کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہوگئے تھے جس کے بعد کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ چند ماہ سے التوا کا شکار تھا، قومی کرکٹرز کو کنٹریکٹ کی کئی شقوں پر اعتراضات تھے۔

  • بھارتی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی کلیئرنس کا این او سی جاری کردیا

    بھارتی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی کلیئرنس کا این او سی جاری کردیا

    بھارتی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس کا این او سی جاری کردیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کو سیکیورٹی کلیئرنس کا این او سی موصول ہوگیا ہے، قومی اسکواڈ کو بھارتی ویزوں کے اسٹیکر لگے پاسپورٹس کل بروز منگل کو موصول ہوں گے۔

    قومی اسکواڈ ورلڈ کپ کے لیے 27 ستمبر بروز بدھ کو شیڈول کے تحت بھارت روانہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے قومی ٹیم کے بھارتی ویزوں کے تاخیر کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے خط کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا، خط میں اپنے تحفظات اور خدشات کا بھی اظہار کیا تھا، پی سی بی نے ہوسٹ ممبرز ایگریمنٹ کی یاد دہانی بھی کرائی تھی۔

    خط میں کہا گیا تھا کہ تین سال سے اسی ایشو کے حوالے سے بار بار کہا گیا، پاکستان کے تحفظات پر کسی قسم کا دھیان نہیں دیا گیا، آج صورت حال یہ ہےکہ تاحال پاکستانی اسکواڈکو بھارت کے ویزے جاری نہیں ہوئے۔

  • پاکستان کا آئی سی سی کو احتجاجی خط

    پاکستان کا آئی سی سی کو احتجاجی خط

    ورلڈکپ کےلئے قومی اسکواڈ کے بھارتی ویزوں میں تاخیر پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو احتجاجی خط لکھ دیا۔

    خط میں پی سی بی نے کہا ہے کہ ورلڈکرکٹ میگا ایونٹ کیلئے ویزے جاری کرانا آئی سی سی کی ذمہ داری ہے ٹیم روانگی کے شیڈول میں ویزوں کے عدم اجرا کے باعث پہلے ہی 2روز کی تاخیر ہو چکی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹیم اسکواڈ نے ایک روز بعد بھارت روانہ ہونا ہے مگر تاحال ویزوں کا اجرا نہیں ہو سکا۔

    کرکٹ ورلڈکپ کیلئے پاکستان کو تاحال ویزے جاری نہیں کیے۔ پاکستان کے سوا تمام ٹیموں کو ویزے جاری ہو چکے ہیں۔ بھارت نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزے سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کردیے ہیں۔

    آسٹریلیا کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی بھارت پہنچ چکی ہے۔ پاکستان حیدرآباد دکن میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گا۔

    کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئندہ ماہ 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ کے لیے بابر اعظم کی قیادت میں 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جا چکا ہے جب کہ تین کھلاڑی ریزرو کے طور رکھے گئے ہیں۔ تاہم اسکواڈ کے صرف دو کھلاڑی ہی بھارت کے دورے اور ایک وہاں کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

    کشیدہ حالات اور سیاسی وجوہات کی بنا پر روایتی حریف پاکستان اور بھارت سوائے آئی سی سی یا ایشین کرکٹ کونسل کے ایونٹ کے علاوہ 15 سال سے کوئی باہمی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے ہیں جب کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی آخری سیریز بھی 2012-13 میں بھارتی سر زمیں پر کھیلی گئی تھی۔ جس کے باعث قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت 15 رکنی اسکواڈ کے 13 کھلاڑی بھارت کا دورہ ہی نہیں کر سکے ہیں۔

  • محمد حفیظ کی ٹیکنیکل کمیٹی سے مستعفی ہونے کی وجہ سامنے آگئی

    محمد حفیظ کی ٹیکنیکل کمیٹی سے مستعفی ہونے کی وجہ سامنے آگئی

    قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے مستعفی ہونے کی وجہ سامنے آگئی۔

    گزشتہ روز سابق کپتان محمد حفیظ نے کرکٹ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میں نے اعزازی ممبر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی میں ذمہ داری دینے کے لیے ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کرکٹ کے لیے میری نیک خواہشات ہمیشہ رہیں گی۔

    محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ جب بھی ذکا اشرف کو جب بھی میری دیانتدرانہ تجاویز کی ضرورت ہوگی تو میں ہمیشہ دستیاب ہوں گا۔

    تاہم اب محمد حفیظ کی ٹیکنیکل کمیٹی سے استعفیٰ دینے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد حفیظ اور مصباح الحق کی تجاویز پر غور نہیں کیا گیا، اجلاس میں ٹیکنیکل کمیٹی نے کپتان اور کوچز سے اسپنرز کی کارکردگی پر سوال اٹھایا۔

    کمیٹی عماد وسیم کو اسکواڈ میں شامل کرنے کے حق میں تھی تاہم شاداب خان کا دباؤ کم کرنے کے لیے انہیں نائب کپتان سے ہٹانے کی بھی تجویز دی گئی مگر بابر اعظم شاداب کے لیے ڈٹ گئے تھے۔

  • پاکستان کرکٹ بورڈ کے 2 افسران کولمبو کے کسینو پہنچ گئے، تحقیقات کا آغاز

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے 2 افسران کولمبو کے کسینو پہنچ گئے، تحقیقات کا آغاز

    لاہور: چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کسینو اسکینڈل کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے 2 افسران کولمبو میں کسینو پہنچ گئے تھے، پی سی بی نے کسینو جانے والے دونوں افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    کولمبو کے کسینو جانے والے بورڈ میڈیا ہیڈ عمر کالسن اور جی ایم عدنان علی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا، پی سی بی نے دونوں عہدیداروں کو 7 روز میں تحریری وضاحت دینے کی ہدایت کی ہے۔

    پی سی بی چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ قصور وار ثابت ہونے پر آفیشلز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ واضح رہے کہ پی سی بی کنٹریکٹ کے مطابق بورڈ ملازمین جوئے خانہ جیسی جگہوں پر نہیں جا سکتے، ماضی میں قومی ٹیم منیجر ٹیسٹ کرکٹر معین خان کے خلاف بھی کسینو جانے پر ایکشن ہوا تھا۔

  • محمد حفیظ کو چیف سلیکٹر بننے کی پیشکش

    محمد حفیظ کو چیف سلیکٹر بننے کی پیشکش

    لاہور: پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے محمد حفیظ کو چیف سلیکٹر بننے کی پیشکش کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سے سابق کپتان محمد حفیظ کی ملاقات ہوئی اس دوران انہیں چیف سلیکٹر بننے کی پیشکش کی گئی۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد حفیظ نے پیشکش پر مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عامر سہیل، یونس خان، انضمام الحق، محسن خان کو بھی اہم ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے۔

    ذکا اشرف نے پی سی بی سیٹ اپ میں شعیب اختر کو شامل کرنے پر بحث کے دوران ان کا نام مسترد کردیا۔

    علاوہ ازیں شاہد اسلم کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا منیجر مقرر کردیا گیا ہے اس سے قبل شاہد اسلم قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اور اسسٹنٹ منیجر رہ چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ ذکا اشرف نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے چارج سنبھال لیا ہے۔

    نئی مینجمنٹ کمیٹی 4 ماہ کےلئے بنائی گئی ہے۔ مینجمنٹ کمیٹی کرکٹ بورڈ کے آئی سی سی سمیت دیگر امور کو دیکھے گی۔

    پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی 10 رکنی ہے جس میں کلیم اللہ خان، اشفاق اختر، مصدق اسلام، عظمت پرویز، ظہیر عباس، خرم سومرو، خواجہ ندیم، مصطفی رمدے، ذوالفقار ملک شامل ہیں۔

  • ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان: عمرگل اور محمد یوسف کو اہم ذمے داریاں ملنے کا امکان

    ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان: عمرگل اور محمد یوسف کو اہم ذمے داریاں ملنے کا امکان

    لاہور: ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بھی پاکستان ٹیم کا عارضی کوچنگ سیٹ اپ ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے تقرریوں کے لئے مشاورت شروع کردی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف بھی پاکستان ٹیم کا عارضی کوچنگ سیٹ اپ ہوگا، جس کے لئے بیٹنگ اوربولنگ کے عارضی کوچز کی تعیناتی کی جائےگی، معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈن ےتقرریوں کےلئےمشاورت شروع کردی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی پر فارمنس سینٹر کےبیٹنگ کوچ محمدیوسف کو عارضی ذمہ داریاں دینےپر غور کیا جارہا ہے جبکہ سابق فاسٹ بولر عمر گل کو وقتی طور پر قومی ٹیم کے ساتھ بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں دی جا سکتی ہیں، قومی ٹیم کےمستقل کوچزکےلیےپاکستان کرکٹ بورڈجلداشتہاردےگا۔

    ویسٹ انڈیزکی ٹیم وائٹ بال سیریز کےلئے9دسمبر کو کراچی پہنچےگی،سیریز میں 3 ٹی ٹوینٹی اور3 ون ڈے میچز شامل ہیں،  سیریز کے میچز 13 سے 22 دسمبر کے درمیان کراچی میں ہوں گے۔

  • شاداب خان نے کس چیز پر اصرار کیا تھا؟ آصف علی نے بتادیا

    شاداب خان نے کس چیز پر اصرار کیا تھا؟ آصف علی نے بتادیا

    دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز آصف علی نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز شاداب خان نے سنگل لینے کا اصرار کیا مگر میں نے رن نہیں لیا۔

    افغانستان کے خلاف شاندار کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروانے والے بلے باز آصف علی نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

    اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے خود کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری وجہ سے پاکستانیوں کو خوشی ملی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ہی سوچ رہا تھا کہ جو گیند ملے گا اسے مڈل کروں گا،  شاداب خان کے اصرار کے باوجود سنگل نہیں لیا۔

    مزید پڑھیں: اسٹیڈیم کے بعد سوشل میڈیا پر آصف علی کا چرچا، ہر سو مبارک باد کے پیغامات

    آصف علی نے کہا کہ ’میں جانتا تھا کہ اگر اس اوور میں موقع نہ ملا تو اگلے اوور میں میچ ختم کرسکتا ہوں، مگر بالز  کو ہٹ کرنے کی کوشش کی جس میں کامیاب رہا‘۔

    انہوں نے مداحوں سے اسی طرح سپورٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا ماحول بہت خوشگوار ہے، ہم اگلے میچز میں بھی کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل آصف علی نے 19ویں اوور میں لگاتار چار چھکے مار کر میچ کا پانسہ پلٹا اور قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ انہوں نے 7 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 25 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی تھی، جس میں چار چھکے بھی شامل تھے۔

  • رمیز راجہ کی ڈومیسٹک کرکٹرز کو یقین دہانی

    رمیز راجہ کی ڈومیسٹک کرکٹرز کو یقین دہانی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے اتوار کی صبح نیشنل ٹی ٹونٹی میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔  اس دوران انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے اپنے ویژن سے متعلق  آگاہ کیا۔

    چیئرمین پی سی بی نے نوجوان کھلاڑیوں کو تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ یہ انتظامیہ ان کا مکمل خیال رکھے گی۔

    چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو دوبارہ عظیم بنانے کا راستہ ڈومیسٹک کرکٹ اور کرکٹرز سے ہوکر ہی گزرتا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنانے کا سفر یہی سے شروع ہوگا، لہٰذا ان کا یک جان ہونا ضروری ہے۔

    چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ وہ مکمل طور پر میرٹ کی بالادستی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

     انہوں نے کہا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے خواب پورے کرنے کے لیے ہر قسم کی سہولیات اور مواقع فراہم کریں گے۔

  • ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ، اسکواڈ‌ میں منتخب نہ ہونے والے کھلاڑیوں‌ کے لیے حسن علی کا پیغام

    ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ، اسکواڈ‌ میں منتخب نہ ہونے والے کھلاڑیوں‌ کے لیے حسن علی کا پیغام

    اہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے ٹی ٹوینٹی اسکواڈ میں منتخب نہ ہونے والے کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا پیغام جاری کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹر حسن علی نے ورچوئل کانفرنس کی۔ جس میں انہوں نے عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

    ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے میچز بہت اہم ہیں، ہم دونوں میچز کے لئے خاص پلان کریں گے اور ٹیموں کو آسان نہیں لیں گے، بھارت کے خلاف جیت کے ساتھ میگا ایونٹ کا آغاز کریں گے، نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ملتوی دورے کی وجہ سے بھی اس میچ کا تذکرہ ہوگا، ہم بھارت اور  نیوزی لینڈ کو  شکست دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    حسن علی نے کہا کہ ہر میچ کا پریشر ہوتا ہے، ایسا نہیں ہے کہ دباؤ نہیں ہوتا مگر ہم پروفیشنل ہیں تو اس صورت حال سے نکلنا اچھے طریقے سے جانتے ہیں، میگا ایونٹ سے پہلےمینجمنٹ تبدیلی نہیں ہونی چاہئے تھی، وقار یونس کو ہی بولنگ کوچ ہونا چاہئے تھا کیونکہ ہم نے اُن سے بہت کچھ سیکھا۔

    فاسٹ بولر نے کہا کہ ہم سو فیصد دیں گے رزلٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن پوری کوشش کریں گے ، مجھے یقین ہے کہ ہم اچھا کھیل کر ٹرافی جیتیں گے، میں نے جیت کا دعویٰ نہیں کیا لیکن ہم ٹرافی حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کرکٹ کھیل کر ساری ٹیمیں کنڈیشنز کی عادی ہوچکی ہیں۔

    حسن علی کا کہنا تھا کہ میں کبھی فٹنس ٹیسٹ میں فیل نہیں ہوا، ابھی ہمارے پاس تیار ی کا وقت ہے، کوشش ہوگی جہاں خامیاں ہیں اُن پر قابو پالیں، ٹیم میں تاخیر سے تبدیلیوں کی وجہ سے فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ہمارا اچھا کمبی نیشن بنے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سینئرز کا کردار بڑا اہم ہوتا ہے، یہ بہت اچھا ہے کہ ہمارے پاس تین چار بڑے سینئرز ہیں، میری کوشش ہوتی ہے کہ میں بولنگ میں لیڈ کروں‘۔

    حسن علی نے صہیب مقصود کے ان فٹ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور اسکواڈ میں شامل نہ ہونے والے لڑکوں سے کہا کہ ’ڈراپ ہونے والے ہمت نہ ہاریں جلد ان کا کم بیک ہو گا، وہ خود کو مضبوط رکھیں‘۔