اسلام آباد : بینک آف چائنا اور انڈسٹریل کمرشل بینک آف چائنا نے پانڈا بانڈز کے اجرا کیلئے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو پانڈا بانڈز کے اجرا کے لیے بینک آف چائنا اور انڈسٹریل کمرشل بینک آف چائنا کی مکمل تعاون کی یقین دہانی حاصل ہو گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پانڈا بانڈز کا اجرا تین مختلف مراحل میں کیا جائے گا، جس کے تحت 2028 تک ایک ارب ڈالر تک کے بانڈز جاری ہوں گے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو اس حوالے سے دونوں بینکوں کے حکام نے تعاون کی یقین دہانی کرائی، ملاقات میں پاک چین مالی تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پہلے مرحلے میں 25 سے 30 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز جاری کیے جائیں گے، جبکہ وزارت خزانہ نے اس سلسلے میں تیاریاں مکمل کر لی ہیں جو آخری مراحل میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ موڈیز، فِچ اور ایس اینڈ پی گلوبل کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے بعد بانڈز کے اجرا کے لیے سازگار صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس سے پانڈا بانڈز کے اجرا کو سہولت ملے گی۔
ذرائع کے مطابق اسی لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران پانڈا بانڈز جاری کر دیے جائیں گے۔