Author: شعیب نظامی

  • آئی ایم ایف  نے  نئی حکومت آتے ہی  پاکستان سے بڑا مطالبہ  کردیا

    آئی ایم ایف نے نئی حکومت آتے ہی پاکستان سے بڑا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد : آئی ایم ایف کے ماہرین نے نئی منتخب حکومت کو 1300 ارب روپے کے ٹیکس لگانے کی سفارش کردی، پٹرول اور چینی سمیت ادویات اور کھانے پینے کی اشیا پر سیلز ٹیکس 18 فیصد کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کے ماہرین نے اپنی رپورٹ حکومت پاکستان کو بھیج دی، جس میں تجویز کیا گیا ہے کہ نئی منتخب حکومت سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم کرے۔

    آئی ایم ایف کے ماہرین کی تجویز ہے کہ چینی سمیت کھانے پینے کی تمام اشیا رعایتی ٹیکس ختم کیا جائے ، کھانے پینے اور ادویات پر سیلز ٹیکس 18 فیصد کیا جائے۔

    آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس صفر سے بڑھا کر 18 فیصد کیا جائے اور نئی منتخب حکومت 1300 ارب روپے ٹیکس لگائے۔

    آئی ایم ایف کے ماہرین نے دسمبر 2023 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، آئی ایم ایف ماہرین نے فروری 2024 میں اپنی رپورٹ پاکستان بھیجی ہے، آئی ایم ایف ماہرین نے بجٹ سے پہلے اور بجٹ کے موقع پر ٹیکس تجاویز دی ہیں۔

  • ویڈیو: مختلف برانڈز کے لاکھوں جعلی سگریٹ بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی

    ویڈیو: مختلف برانڈز کے لاکھوں جعلی سگریٹ بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی

    اسلام آباد: ملتان میں ایف بی آر نے مختلف برانڈز کے لاکھوں جعلی سگریٹ بنانے والی فیکٹری پکڑ لی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے ملتان میں سگریٹ بنانے والی ایک غیر قانونی فیکٹری پر چھاپا مارا، فیکٹری میں مختلف ناموں کے برانڈز کے لاکھوں جعلی سگریٹ بنائے جا رہے تھے۔

    ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس و انوسٹگیشن ان لینڈ ریونیو ملتان نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ذوالفقار علی کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر شرافت عباس و دیگر افسران کے ہمراہ ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے سگریٹ بنانے والی غیر قانونی فیکٹری پر چھاپا مارا، یہ فیکٹری جلالپور پیر والہ کے علاقے میں قائم کی گئی تھی اور اس میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف ناموں/برانڈ کے لاکھوں جعلی سگریٹ بنائے جا رہے تھے۔

    فیکٹری کسی طرح کی قانونی رجسٹریشن اور ایف بی آر کی منظوری کے بغیر کام کر رہی تھی، جس سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مد میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے انٹیلیجنس و انوسٹگیشن ملتان ڈائریکٹوریٹ اپنے انٹیلیجنس نیٹ ورک کے ذریعے کچھ عرصہ سے اس فیکٹری کی نگرانی کر رہا تھا، اور مکمل تسلی کے بعد ہفتے کو ٹیم کے ہمراہ پولیس کی معاونت سے کارخانے پر چھاپا مارا، جہاں بڑی تعداد میں غیر قانونی سگریٹ مختلف ناموں سے بنائے جا رہے تھے۔

    دوران تلاشی سگریٹ کی بھاری مقدار کے علاوہ تمباکو اور سگریٹ کی تیاری میں استعمال ہونے والا دیگر سامان بشمول جعلی پیکنگ بر آمد ہوا، جسے قبضے میں لے کر فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ہے اور غیر قانونی سگریٹ سازی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • پاکستان کی آئی ایم ایف سے قرض کے مقابلے میں ڈبل رقم لینے کی تیاری

    پاکستان کی آئی ایم ایف سے قرض کے مقابلے میں ڈبل رقم لینے کی تیاری

    اسلام آباد : پاکستان آئی ایم ایف سے قرض کے مقابلے میں ڈبل رقم لینے کی تیاری کررہا ہے ، قرض کیلئے 6 سے 8 اور ماحولیات کیلئے ڈیڑھ ارب ڈالر لیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف سے دوہرا پروگرام لینے کی تیاری شروع کردی، جس کے تحت قرض کیلئے 6 سے 8 اور ماحولیات کیلئے1.5 ارب ڈالر لیے جائیں گے۔

    ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف بورڈ آف گورنرز نے دسمبر کے وسط میں تمام ملکوں کے کوٹے بڑھانے کی منظوری تھی، آئی ایم ایف بورڈ آف گورنرز کے فیصلے کا اطلاق پاکستان بھی ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کوٹہ بڑھنے کے بعد 6 سے 8 ارب ڈالر کا قرض لے سکتا ہے، پاکستان بنگلہ دیش کی طرح ماحولیات کی بہتری کے لیے خصوصی فنانسنگ کا خواہش مند ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان ماحولیات کی بہتری کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر حاصل کرنے کی کوشش کرے گا، آئی ایم ایف سے قرض لینے سے قبل پاکستان کو ماحولیات کی بہتری کے لیے ابتدائی فنڈ مختص کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے سال 2020 میں آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کے ساتھ ساتھ کورونا کے خاتمے کے لیے 2.7 ارب ڈالر حاصل کیے تھے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز عوام کیلیے رحمت کے بجائے زحمت بننے لگے

    یوٹیلیٹی اسٹورز عوام کیلیے رحمت کے بجائے زحمت بننے لگے

    اسلام آباد: عوام کو مہنگائی میں ریلیف دینے کیلیے بنائے گئے یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی مہنگائی راج کرنے لگی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے تیار کردہ سروے اور یوٹیلٹی اسٹورز کی ریٹ لسٹ کے مطابق ان اسٹورز پر آٹا عام مارکیٹ کی نسبت 48.21 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2840 روپے میں دستیاب ہے جبکہ عام مارکیٹ میں 20 کلو کا تھیلا 2792 روپے میں مل رہا ہے۔

    ریٹ لسٹ کے مطابق سیلا چاول عام مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 53.40 روپے مہنگا ہے۔ عام مارکیٹ میں سیلا چاول 317 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر فی کلو سیلا چاول 370 روپے میں دستیاب ہے۔

    علاوہ ازیں، سفید چنے عام مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 13.53 روپے مہنگے ہیں۔ عام مارکیٹ میں سفید چنے 391 جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 405 روپے میں دستیاب ہے۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 155 روپے کلو ہے جبکہ عام مارکیٹ میں 146 روپے میں دستیاب ہے۔

  • کن شرائط پر عمل درآمد مکمل؟ وزارت خزانہ نے رپورٹ آئی ایم ایف کو ارسال کر دی

    کن شرائط پر عمل درآمد مکمل؟ وزارت خزانہ نے رپورٹ آئی ایم ایف کو ارسال کر دی

    اسلام آباد: دوسرے اقتصادی جائزے کے لیے آئی ایم ایف کے 26 میں سے 25 اہداف پر عمل درآمد مکمل کر لیا گیا۔

    ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وزارت خزانہ نے طے شدہ اہداف پر عمل درآمد کی رپورٹ آئی ایم ایف کو ارسال کر دی ہے، ان اہداف کے مطابق ایس او ایز کے قانون میں ترمیم اور ترمیمی قانون پر عمل درآمد کی شرط مکمل نہیں ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پاکستان پوسٹ، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے قانون میں ترمیم نہیں ہوئی، مرکزی بینک سے گورنمنٹ کے لیے قرض حاصل نہ کرنے، بیرونی ادائیگیاں بروقت ادا کرنے کی شرط پوری کر دی گئی۔

    ٹیکس محصولات اور ریفنڈ ادائیگیوں سمیت پاور سیکٹر کے بقایا جات کو بر وقت کلیئر کیا گیا ہے، ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس استثنیٰ اور ٹیکس ایمنسٹی نہ دینے کی شرط پر بھی مکمل عمل درآمد کیا گیا۔

    انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان کرنسی ایکسچینج میں 1.25 فی صد کے ریٹ پر عمل درآمد جاری ہے، جب کہ بجلی نرخوں کی ری بیسنگ اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی شرط پر بھی بروقت عمل درآمد کیا گیا ہے، ان اہداف پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ کا جائزہ آئی ایم ایف مشن آمد سے قبل مکمل کرے گا۔

  • نگراں حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط مان کر گیس مزید مہنگی کردی

    نگراں حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط مان کر گیس مزید مہنگی کردی

    اسلام آباد: نگراں حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط مانتے ہوئے گیس مزید مہنگی کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 67 فیصد تک اضافہ کردیا، پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ صارفین، کیپٹیو پاور پلانٹس کے لیے گیس مہنگی کی ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے۔

    نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے گیس قیمتوں میں 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، بلک میں گیس استعمال کرنے والوں کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 900 روپے اضافہ کیا گیا۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ سی این جی سیکٹر کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 170 روپے کا اضافہ کیا گیا جبکہ کھاد کارخانوں کے لیے بھی گیس کی قیمت معمولی بڑھائی گئی ہے۔

  • آئی ایم ایف کو پاکستان میں بننے والی نئی منتخب حکومت سے مذاکرات کی جلدی

    آئی ایم ایف کو پاکستان میں بننے والی نئی منتخب حکومت سے مذاکرات کی جلدی

    اسلام آباد : آئی ایم ایف کا مذاکراتی وفد منتخب حکومت بننے کے بعد فروری کے آخری ہفتے یا مارچ کے اوائل میں پاکستان آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کو پاکستان میں بننے والی نئی منتخب حکومت سے مذاکرات کی جلدی ہے، آئی ایم ایف کا مذاکراتی وفد منتخب حکومت بننے کے بعد فروری کے آخری ہفتے یا مارچ کے اوائل میں پاکستان آئے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ قرض پروگرام کی آخری قسط کے لیے صرف نئی منتخب حکومت سے ہی بات چیت ہوگی، آئی ایم ایف کا وفد نگراں حکومت سے آخری قسط کے لیے مذاکرات کرنے میں سنجیدہ نہیں۔

    موجودہ قرض پروگرام کے تحت آخری قسط میں ایک ارب دس کروڑ ڈالر موصول ہونا ہیں، نگران حکومت نے آئی ایم ایف کے تمام اہداف حاصل کر لئے ہیں، نگران حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے منتخب حکومت کو بات چیت میں آسانی ہوگی۔

    آئی ایم ایف اورنئی منتخب حکومت میں بات چیت فروری کے آخری ہفتے یا مارچ کے پہلے ہفتے میں ہو سکتی ہے۔

    خیال رہے آئی ایم ایف 3 ارب ڈالر پروگرام میں پاکستان کو 1.9 ارب ڈالر قرض دے چکا ہے ، جولائی میں آئی ایم ایف نے کہا تھا آخری جائزہ رپورٹ نئی حکومت کیساتھ ہو گی۔

    موجودہ آئی ایم ایف اسٹینڈ بائی پروگرام 12 اپریل کو ختم ہو رہا ہے، مارچ تک دوسرا جائزہ مکمل ہو جاتا ہے تو1.1 ارب ڈالر اپریل تک ملنے کی امید ہے۔

  • آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی نجکاری کا پلان منظور کر لیا

    آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی نجکاری کا پلان منظور کر لیا

    اسلام آباد : آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے قرض ری شیڈولنگ پلان منظور کر لیا، پی آئی اے کے قرض ری شیڈول پلان کیلئے حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے قرض ری شیڈولنگ پلان منظور کر لیا۔

    نجکاری کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے گزشتہ روز وزارت نجکاری وخزانہ کے حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات کامیاب رہے، پی آئی اے کے قرض ری شیڈول پلان کیلئے حتمی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی نجکاری کا پلان منظور کر لیا، آئی ایم ایف نے ایک سال کیلئے حکومت پاکستان کو پی آئی اے قرض پر سود ادا کرنے کیلئے اتفاق کیا ہے، دوسو اسی ارب قرض پر بینکوں کو حکومت پاکستان بارہ فیصد شرح سود پر ایک سال کیلئے ادا کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا ہے بینکوں کو پی آئی اے کے قرض پر سود کی ادائیگیوں کا بوجھ ایک سال سے زائد عرصے کیلئے نہیں ہوگا، پی آئی اے کی نجکاری ایک سال کے عرصے میں کرکے قرض ادائیگیوں کا پلان مرتب کیا جائے گا۔

    نجکاری کمیشن ذرائع کا کہنا تھا کہ نجکاری کے بعد روزویلٹ ہوٹل اور پی آئی اے کے ڈیوڈنڈ سے قرض ادائیگیوں کا پلان مرتب کیے جانے کا امکان ہے، کابینہ سے منظوری پر کمرشل بینکوں کیجانب سے پی آئی اے پر ادائیگیوں کا چارج ختم ہونے سے نجکاری جلد ہو گی۔

    پی آئی اے قرض ری شیڈولنگ پلان پر رواں ہفتے کے دوران آئی ایم ایف سے مزید بھی بات چیت جاری رہے گی۔

  • آئی ایم ایف کا پاکستان سے بڑا مطالبہ

    آئی ایم ایف کا پاکستان سے بڑا مطالبہ

    آئی ایم ایف کے ساتھ توانائی شعبے کے لیے اہم بات چیت آج سے شروع ہوگی، آئی ایم ایف نے پاکستان سے بڑا مطالبہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج ورچوئل بات جیت ہوگی جہاں توانائی شعبے کا 1250 ارب روپے کا گردشی قرضہ کم کرنے پر مشاورت ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے گیس فروری کے وسط تک مزید مہنگی کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد فروری کے وسط تک گیس کے ریٹ 41 فیصد مزید بڑھ سکتے ہیں، آئی ایم ایف  نے بجلی کے ریٹ میں بجٹ کے علاوہ سبسڈی دینے سے کا انکار کردیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم سیکٹر کیلئے 1000 ارب اور پاور سیکٹر کیلئے 250 ارب کیش جاری کی جائے گی، آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے گردشی قرضہ کیلئے کیش سیٹلمنٹ کی جائے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ جاری کردی کیش سے او جی ڈی سی ایل کو 600 ارب، پی پی ایل کو 150 ارب اور جی ایچ پی ایل کو 170 ارب جاری کی جائے گی اس کے علاوہ نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کو 100 ارب روپے جاری کیے جانے پر بھی مشاورت ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے منظوری کے بعد وزارت خزانہ 900 ارب روپے جاری کرے گی، گردشی قرضہ کی سیٹلمنٹ سے ڈیویڈنڈ اور ٹیکس کی مد میں 800 ارب روپے موصول ہوں گے۔

  • پی ڈی ایم دور کے وزیر اعظم کے 80 ارب ترقیاتی پیکچ میں کٹ لگانے کی تیاری

    پی ڈی ایم دور کے وزیر اعظم کے 80 ارب ترقیاتی پیکچ میں کٹ لگانے کی تیاری

    اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دور کے وزیر اعظم کے 80 ارب ترقیاتی پیکچ میں کٹ لگانے کی تیاری کی جا رہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ 53 ارب کٹوتی کی تجویز منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل میں پیش کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم دور میں وزیر اعظم اقدامات کے تحت بجٹ میں 80 ارب کے 9 منصوبے شامل کیے گئے تھے، جن میں سے جولائی تا دسمبر 2023 وزیر اعظم اقدامات کے تحت تقریباً 2 ارب جاری کیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق ترقیاتی پیکج میں زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے پروگرام کے لیے 30 ارب روپے مختص تھے، بجٹ میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، چھوٹے قرضوں کے لیے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت 10 ارب روپے مختص تھے، وزیر اعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 5 ارب روپے مختص تھے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان انڈوومنٹ فنڈ برائے ایجوکیشن کے لیے 5 ارب روپے مختص تھے، وزیر اعظم آئی ٹی اسٹارٹ اپس اور وینچر کیپیٹل پروگرام کے لیے 5 ارب روپے رکھے گئے تھے، اسپورٹس اقدامات کے لیے 5 ارب، سبز انقلاب پروگرام کے لیے 5 ارب روپے مختص تھے، اور خواتین کو با اختیار بنانے کے پروگرام کے لیے بھی 5 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔