Author: طارق منیر بٹ

  • لاہور: والٹن اور برکی روڈ کے اطراف فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں

    لاہور: والٹن اور برکی روڈ کے اطراف فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں

    لاہور: والٹن اور برکی روڈ کے اطراف میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں آنے پر لاہور کے کچھ حصوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے والٹن ،کے اطراف فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد سائرن بج اٹھے، ذرائع نے بتایا کہ آسمان میں پیراشوٹ پر فائرنگ کی جارہی ہے۔

    اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آرنے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ بھارت نے سات اور آٹھ مئی کی درمانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی۔ جس پر بھارت کے بارہ ڈرون مار گرائے۔

    انھون نے بتایا کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، بہاولپوراورکراچی میں ڈرون حملے کیے،۔ سندھ کےعلاقے میانوں میں ڈرون حملے میں ایک شخص شہید اورایک زخمی ہوا جبکہ لاہورکے قریب ڈرون حملے میں پاک فوج کے چارجوان زخمی ہوئے اور فوجی تنصیبات کومعمولی نقصان پہنچا۔

    مزید پڑھیں : بھارت کی ایک بار پھر جارحیت کی کوشش، 12 ڈرون حملوں کو ناکام بنادیا گیا

    یاد رہے آج صبح بھی والٹن روڈ کے علاقے میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے ہوئے تھے، جس نے لوگوں کو خوف زدہ کر دیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ والٹن روڈ کے علاقے میں تین زوردار دھماکے ہوئے، دھماکوں کی آوازیں کئی کلو میٹر دور تک سنی گئیں، دھماکے سن کر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

  • صدر زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہم ملاقات

    صدر زرداری سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہم ملاقات

    لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی جس میں انہوں نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بریف کیا جسے آصف علی زرداری نے بروقت، فوری اور دور اندیش قومی اقدامات قرار دیتے ہوئے سراہا۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے تمام فیصلے قوم کے دل کی آواز ہیں، کمیٹی نے پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمانی کی، قوم فیصلوں اور اقدامات کے ساتھ کھڑی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: "بھارت نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکار کرے گا تو ہمارا نقصان نہیں”

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کا کوئی جواز نہیں۔

    اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان کا دفاع الحمدللہ ناقابل تسخیر ہے۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کے ساتھ واہگہ بارڈر اور فضائی حدود فوری بند کرنے اور تمام تجارتی روابط معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    قومی سلامتی کمیٹی نے 23 اپریل 2025 کو اعلان کردہ بھارتی اقدامات کا جائزہ لیا اور بھارتی اقدامات کو یکطرفہ، غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔

    کمیٹی نے پہلگام حملے پر بھارتی الزامات مسترد کردیئے اور بھارتی آبی جارحیت پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی بھارتی کوشش ناقابل قبول قرار دیا اور کہا بھارت کی کسی بھی آبی یا سرحدی مہم جوئی کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے بھارت کیساتھ شملہ معاہدے سمیت دوطرفہ تمام معاہدے معطل کرنے پر غور کیا اور واہگہ بارڈر فوری طور پر بند کرنے اور تمام بھارتی ٹرانزٹ معطل کرنے کافیصلہ کرلیا۔

    اعلامیے کے مطابق سارک ویزہ اسکیم کے تحت جاری بھارتی ویزےمنسوخ کردیئے ، سکھ یاتریوں کے علاوہ تمام بھارتی ویزے منسوخ کئے گئے۔

    بھارتی دفاعی، فضائی اور بحری مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دےکرپاکستان چھوڑنے کا حکم دیا جبکہ بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ 30 افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

  • نیویارک میں محسن نقوی کی اپنے چینی ہم منصب سے اہم ملاقات

    نیویارک میں محسن نقوی کی اپنے چینی ہم منصب سے اہم ملاقات

    نیویارک: یو این کوپ کانفرنس کے موقع پر محسن نقوی کی اپنے چینی ہم منصب سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک چین تعلقات اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں یو این پیپلز ری پبلک آف چائنا کے مشن کے آفس میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی پیپلز ری پبلک آف چائنا کے ہم منصب کیو آئی یانجن سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور چین کے تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوئی، ملاقات میں ٹریننگ اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے بھی گفتگو کی گئی۔

    اس سلسلے میں جاری اعلامیے کے مطابق چین پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹریننگ و استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون کرے گا، چینی ہم منصب نے اسلام آباد میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے ایس پی یو کے قیام کے اقدام کو سراہا۔

    کیو آئی یانجن نے ایس پی یو کی ٹریننگ اور دیگر امور میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، انھوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان چین ہر موسم کے دوست ہیں، دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔

    محسن نقوی نے داسو میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا، پیپلز ری پبلک آف چائنا کے ہم منصب نے کیس پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، کیو آئی یانجن نے کہا پاکستانی اداروں نے محنت اور پروفیشنل انداز میں اس کیس کو ٹریس کیا۔

    انھوں نے محسن نقوی کو ستمبر میں چائنا میں ہونے والی گلوبل سیکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی، جسے وزیر داخلہ نے قبول کر لیا اور شکریہ ادا کیا، محسن نقوی نے بھی اپنے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، پیپلز ری پبلک آف چائنا کی وزارت داخلہ کا ایڈوائزی گروپ جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

    خیال رہے کہ محسن نقوی اور کیو آئی یانجن چوتھی یو این کوپ کانفرنس میں شرکت کے لیے نیویارک میں ہیں۔

  • ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے حوالے سے عوام کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے حوالے سے عوام کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    اسلام آباد: تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج جمعرات کو نادرا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا، اور ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوام کی سہولت کے لیے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی فیس ختم کرنے کا اعلان کیا، انھوں نے کہا عوامی سہولت کے لیے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی فیس ختم کی جا رہی ہے۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹر کے لان میں شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا، اور چیئرمین نادرا محمد منیر افسر کی کارکردگی کو سراہا، انھوں نے کہا نادرا پاکستان کی پہچان ہے، محمد منیر افسر نے محنت سے فرائض انجام دے کر نادرا کو فرینڈلی ادارہ بنایا۔

    وزیر داخلہ نے غیر مؤثر اور زائد المیعاد شناختی کارڈز پر موبائل سمز کو بند کرنے کا بھی حکم دیا، محسن نقوی نے کہا غیر مؤثر اور زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری سمز کارڈز کو جلد بند کیا جائے، انھوں نے پنجاب میں ماڈل تھانوں کی طرز پر ملک بھر میں نادرا آفس بنانے کی بھی ہدایت کی۔

  • محسن نقوی سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے؛ کامیابی پر اہم وزارت دیے جانے کا امکان

    محسن نقوی سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے؛ کامیابی پر اہم وزارت دیے جانے کا امکان

    اسلام آباد: سابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب اور موجودہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی حکومتی اتحاد کی جانب سے ایوانِ بالا (سینیٹ) کا الیکشن لڑیں گے۔

    ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ محسن نقوی کو سینیٹر منتخب ہونے کے بعد وفاق میں اہم وزارت دی جائے گی تاہم وہ چیئرمین پی سی بی کا عہدہ بھی برقراررکھیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ان کو سینیٹر منتخب ہونے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    محسن نقوی نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب رہے جبکہ حال ہی میں وہ پی سی بی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔

    متعلقہ: وزیر اعلیٰ ہاؤس کا سارا خرچہ میں خود اٹھا رہا ہوں، محسن نقوی

    پی سی بی چیئرمین کے انتخاب کیلیے گورننگ بورڈ کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا تھا جس میں چیئرمین کیلیے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے امیدوار تھے تاہم آخری وقت میں وہ مقابلے سے دستبردار ہوگئے تھے۔

    محسن نقوی کو تین سال کیلیے کرکٹ بورڈ کی سربراہی سونپی گئی ہے۔ وہ پی سی بی کے 37ویں چیئرمین اور یہ عہدہ پانے والے 33ویں شخص ہیں۔

    اس سے قبل نجم سیٹھی تین بار، ذکا اشرف اور شہریار خان دو دو مرتبہ چیئرمین کے عہدے پر ذمے داریاں انجام دے چکے ہیں۔

    دسمبر 2022 میں سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو برطرف کیا گیا تھا جس کے بعد نئے چیئرمین کو آنے میں 14 ماہ کا وقت لگا تھا۔

  • نواز شریف کے جلسہ گاہ آمد کے شیڈول میں تبدیلی

    نواز شریف کے جلسہ گاہ آمد کے شیڈول میں تبدیلی

    لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے جلسہ گاہ آمد کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی، لاہور ائیرپورٹ سے میاں نواز شریف جاتی امرا جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے جلسہ گاہ آمد کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی، نواز شریف اسلام آباد آباد کے بعد لاہور ائیر پورٹ پہنچیں گے۔

    نواز شریف لاہورائیر پورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر جاتی امرا جائیں گے ، جہاں آرام کے بعد شام 7 بجے جلسہ گاہ جائیں گے، نواز شریف کے ہمراہ شہباز شریف ، مریم نواز ، مریم اورنگزیب جلسہ گاہ جائیں گے۔

    نواز شریف کو شاہی قلعہ میں ہیلی پیڈ سے گاڑیوں کے ذریعے جلسہ گاہ لایا جائے گا۔

    خیال رہے مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف وطن واپسی کے لئے روانہ ہوگئے ہیں ، نوازشریف کاطیارہ 10بجکر 42منٹ پر دبئی سے پاکستان روانہ ہوا۔

    میاں نواز شریف کا طیارہ دبئی سے اسلام آباد لینڈ کرے گا ، جہاں مختصر قیام کے بعد لاہور ہوگا، نواز شریف کا 3 سے 4 بجے کے دوران لاہور ائیرپورٹ پہنچنے کا امکان ہے۔

  • نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان

    نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان

    سابق وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی لندن سے وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

    صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے اور وطن واپسی پر نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا۔

    نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق پارٹی رہنماؤں نے کہا تھا کہ وہ اکتوبر میں آجائیں گے تاہم کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی تھی۔

    شہبازشریف نے 25 اگست کو واضح کیا تھا کہ قائد نوازشریف اکتوبرمیں پاکستان جائیں گے اور قانون کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ الیکشن مہم کی قیادت کریں گے۔

    لندن میں نوازشریف سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا تھا کہ پاناما لیکس میں سیاستدانوں سمیت ساڑھے400 افراد کے نام تھے اور نوازشریف کا نام سازش سے پاناما کیس میں شامل کیا گیا نوازشریف کے خلاف بدنیتی پر مبنی فیصلہ دیا گیا تھا دعا ہےاللہ تعالیٰ بعض افراد کو ہدایت دے۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف پاکستان آئیں اور قانون کا سامنا کریں گے صاف و شفاف احتساب وقت کی ضرورت ہے ہم نے آئین کے مطابق اسمبلی تحلیل کی اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ عام انتخابات ہوں، صاف و شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں گے۔

  • ڈاکٹر عظمیٰ خان کے خلاف کرپشن کا ایک اور مقدمہ درج

    ڈاکٹر عظمیٰ خان کے خلاف کرپشن کا ایک اور مقدمہ درج

    لاہور: ڈاکٹر عظمیٰ خان کے خلاف کرپشن کا ایک اور مقدمہ درج ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان اینٹی کرپشن نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عظمیٰ نے جعل سازی سے کروڑوں کی اراضی غیر قانونی طور پر اپنے نام ٹرانسفر کرائی ہے، جس پر ان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق کیس میں 2 شریک ملزمان افضل سلیانہ نائب تحصیلدار اور اسلم خان پٹواری کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان نے جھنگ میں 310 کنال اراضی دھوکا دہی سے ڈاکٹر عظمیٰ کے نام منتقل کی۔

    ملزمان نے ریکارڈ میں رد و بدل کر کے رقبہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کے نام منتقل کیا، اور رقبے کا اصل ریکارڈ غائب کر دیا، اینٹی کرپشن نے مشکوک انتقالات، دھوکا دہی، اور جعل سازی کے الزامات کی تحقیقات کیں تو انکوائری میں ڈاکٹر عظمیٰ و دیگر ملزمان جعل سازی میں ملوث پائے گئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن فیصل آباد نے ڈاکٹر عظمیٰ و دیگر 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

  • 117 بینک اکاؤنٹس کا انکشاف، فرحت شہزادی اور ان کے شوہر نیب میں طلب

    117 بینک اکاؤنٹس کا انکشاف، فرحت شہزادی اور ان کے شوہر نیب میں طلب

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے 117 بینک اکاؤنٹس کے انکشاف کے بعد فرحت شہزادی اور احسن جمیل گجر کو آٹھ جون کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے فرحت شہزادی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو 8 جون کو طلب کرلیا۔

    فرحت شہزادی اور احسن جمیل گجر کے نام 117 بینک اکاؤنٹس ہونے کے انکشاف پر طلبی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ملزمان کیخلاف تحقیقات کے دوران 4 فارن بینک اکاؤنٹس بھی منظرعام پر آگئے ، جس میں بینک اکاؤنٹس میں بزدار دور حکومت میں ساڑھے4 ارب کی مبینہ ٹرانزکشنز کا انکشاف ہوا۔

    دونوں ملزمان کے نام مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب مالیت کی جائیدادیں بھی پائی گئیں ، 2021 میں ملزمہ فرحت شہزادی نے ایف بی آر کو کل 97 کروڑ کے اثاثہ جات ظاہر کئے تھے۔

    فرحت شہزادی اور ان کے شوہر کی ملکیت 10 کمپنیز کا بھی پتہ لگایاگیا جومبینہ مالی لین دین کیلئے استعمال ہوتی رہیں، تحقیقات میں نیب تفتیشی ٹیم نے فرح گوگی کیلئے کام کرنےوالے کیش بوائے کا سراغ بھی لگالیا ہے۔

    کیش بوائے نے مجموعی طور پر 860 ملین کی کیش ٹرانزیکشن کا اعتراف کیا ، شواہد نیب نے حاصل کرلئے ہیں ، ریکارڈ کےمطابق فرحت شہزادی نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 50 کروڑ وائٹ کرائے۔

    فرحت شہزادی ،احسن جمیل کےاثاثہ جات میں3سال کےدوران مبینہ طورپر420فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا، ملزمان نے 2018 سے 2021 کے دوران 1 ارب سے زائد کی جائیدادیں بھی بنائیں۔

    لاہور: نیب تحقیقات میں احسن جمیل اور فرحت شہزادی کے نام 19 گاڑیاں بھی پائی گئی ہیں ، نیب نوٹس میں ملزمان کو 8 جون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • چوہدری پرویزالٰہی کوگرفتار کرلیا گیا

    چوہدری پرویزالٰہی کوگرفتار کرلیا گیا

    لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کےصدرپرویزالٰہی کو گرفتارکرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویزالٰہی کو اینٹی کرپشن پنجاب اورپولیس نے ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا۔

    ان کی گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب وہ گاڑی میں بیٹھ کر جارہے تھے۔

    پرویزالٰہی پرمنڈی بہاوالدین اورگوجرانوالہ میں کرپشن کےمقدمات درج ہیں،ضمانت منسوخ ہونےپرپرویزالٰہی عدالت میں پیش نہیں ہورہےتھے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کی 26 تاریخ کو لاہورکی اینٹی کرپشن کی عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہردی پرویزالٰہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

    عدالت نے حکم دیا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی کو گرفتارکرکے2جون تک پیش کیا جائے۔

    آپریشن مکمل ہونے کے بعد ظہور الہیٰ روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دی گیا ہے جبکہ پولیس بدستور وہاں موجود ہیں، پولیس نے دس روز سے ظہور الہٰی روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کررکھا ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے خلاف کار سرکار میں مداخلت پر غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج ہے جبکہ ان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور ترقیاتی فنڈز میں خوردبرد کا بھی مقدمہ درج ہے۔

    انتیس اپریل کو ظہور الہیٰ روڈ پر واقع پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کی رہائشگاہ کا مرکزی دروازہ توڑ کر پولیس اندر داخل ہوئی تھی تاہم وہ انہیں گرفتار نہ کرسکی۔