Author: طارق منیر بٹ

  • دشمن خواہ کچھ بھی کر لے یہ حکومت قائم رہے گی، پرویزالہٰی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ دشمن خواہ کچھ بھی کر لے یہ حکومت قائم رہے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کے باہر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بڑی مشکلات کے بعد یہاں تک پہنچے ہیں، دشمن خواہ کچھ بھی کر لے یہ حکومت قائم رہے گی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ یونیورسٹی آف گجرات کا ترمیمی بل ایوان میں پیش کر دیا گیا، دین کا کام کرنے پر عمران خان کی حکومت کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے، کابینہ اور اسمبلی کو سعادت بخشی، نجی و سرکاری اسکولز میں اسلامی تعلیم شروع ہونے پر مراد راس کا شکر گزار ہوں، یہ اہم بل منظور کرنے پر ایوان کا بھی شکرگزار ہوں۔

  • گورنر کے غیر قانونی اقدام کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پرویز الہٰی

    گورنر کے غیر قانونی اقدام کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پرویز الہٰی

    وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ گورنر کی جانب سے غیر قانونی طور پر ڈی نوٹیفائی کیے جانے کے اقدام کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے گورنر کے اقدام کو عدالت میں چینلج کیے جانے کے بعد اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کو مجھے ہٹانے کا اختیارنہیں۔ اجلاس بلانا اسپیکر کی ذمے داری ہوتی ہے، وزیر اعلیٰ کی نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ گورنر کی جناب سے غیر قانونی طور پر ڈی نوٹیفائی کرنے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست درخواست دائر کردی ہے۔ انشا اللہ وہاں سے انصاف ملے گا۔ اگر عدالت نے بلایا تو تمام ارکان سمیت پیش ہوں گا۔

    یہ بھی پڑھیں: ن لیگ نے ’’58 ٹو بی‘‘ کو زندہ کردیا، فواد چوہدری

    پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کروں گا اور ق لیگ، پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی صدارت بھی کروں گا۔ ان شااللہ آج دونوں اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی آج اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔

  • پارلیمانی پارٹی نے تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعلیٰ پنجاب کو دے دیا

    پارلیمانی پارٹی نے تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعلیٰ پنجاب کو دے دیا

    لاہور: مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی نے تمام فیصلوں کا اختیار وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور ساجد بھٹی زیر صدارت ق لیگ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ قائد اعظم متحد ہے اور متحد رہے گی، افواہیں پھیلانے والے مخصوص ایجنڈے پر چل رہے ہیں ہم عمران خان کے ساتھ دل و جان سے ہیں اور انشا اللہ ساتھ دیتے رہیں گے۔

    ارکان پارلیمانی پارٹی کا کہنا ہے کہ ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی نے چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

    ارکان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی قیادت میں ق لیگ متحد ہے ہم سیسہ پلائی دیوار کے ساتھ پرویز الٰہی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    ق لیگ کے ارکان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر پرویز الٰہی، سبطین خان، واثق قیوم کو ووٹ دیں گے۔

    ساجد بھٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی ہمارے لیڈر ہیں اور اختلافات کا پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم عزائم ناکام ہوں گے۔

  • پی ٹی آئی اور ق لیگ میں قومی وپنجاب اسمبلی کی کتنی نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ زیر غور؟

    پی ٹی آئی اور ق لیگ میں قومی وپنجاب اسمبلی کی کتنی نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ زیر غور؟

    پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کی آئندہ انتخابات کے لیے قومی اور پنجاب اسمبلی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر دوبارہ مشاورت ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر گزشتہ روز دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی میٹنگ ہوئی تھی۔ پی ٹی آئی کمیٹی کے اراکین شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور پرویز خٹک اس ملاقات سے متعلق آج پارٹی چیئرمین عمران خان کو بریفنگ دیں گے۔

    سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر دونوں جماعتوں کے رہنما آج بھی ملاقات کریں گے اور کسی حتمی فیصلے پر پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔

    آج ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور حسین الہٰی شرکت کریں گے جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور پرویز خٹک شامل ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنا وزیراعلیٰ لانے کیلیے متحرک

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات کے لیے دونوں جماعتوں میں قومی اسمبلی کی 15 اور پنجاب اسمبلی کی 30 نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ زیر غور ہے۔

  • گورنر  نے وزیراعلی پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینےکا کہہ دیا

    گورنر نے وزیراعلی پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینےکا کہہ دیا

    لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو خط بھجوا دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 21 دسمبر شام 4 بجے بلایا جائے، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ لیں۔

    گورنرپنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اراکین اسمبلی کا اعتماد کھو چکےہیں، حالیہ بیانات سے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے درمیان اختلافات واضح ہوگئے، دونوں حکومتی اتحادی جماعتوں میں ترقیاتی منصوبوں، افسران کےٹرانسفر پراختلافات ہوچکے۔

    یہی نہیں وزیراعلیٰ نےایک رکن پنجاب اسمبلی خیال احمد کو کابینہ میں شامل کیا، پی ٹی آئی چیئرمین نےاس سےلاعلمی کا اظہارکیا جس سےاختلافات ظاہر ہیں، سردار حسنین کی کابینہ اجلاس کےدوران تلخ کلامی ہوئی جس پر وہ مستعفی ہوگئے ۔

    گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کافی دن سے یہ بات بھی گردش کررہی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے پارٹی صدر،اراکین کا اعتماد کھوچکے۔

    یہ بھی پڑھیں: ’پرویز الٰہی ’پی ڈی ایم‘ کے ’وزیراعلیٰ‘ آسکتے ہیں، معاون خصوصی کا دعویٰ

    گورنر کے حکم نامے میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے چار دسمبرکوٹی وی انٹرویومیں کہا وہ مارچ تک اسمبلی تحلیل نہیں کرینگے، وزیراعلیٰ کا یہ بیان پی ٹی آئی کی پارٹی پالیسی کیخلاف تھا جس پردو اراکین مستعفی بھی ہوئے، سترہ دسمبر کو وزیراعلیٰ نےعمران خان کےسابق آرمی چیف کیخلاف کمنٹس پر  بھی تنقید کی۔

    گورنر پنجاب کے حکم نامے میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں حکومتی اتحاد اوراپوزیشن اتحاد میں بہت کم عددی فرق ہے،بطور گورنراس بات پر متفق ہوں کہ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی ایوان کی اکثریت کااعتمادکھوچکے، آرٹیکل 130(7)کےتحت میں بدھ21دسمبر کو4بجےاسمبلی کااجلاس طلب کرتاہوں، 21دسمبرسہ پہر4بجےپنجاب اسمبلی اجلاس میں وزیراعلیٰ پرویزالٰہی اعتماد کا ووٹ لیں۔

  • پی پی اور ن لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروادی

    پی پی اور ن لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروادی

    لاہور: مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کروادی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کے لیے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی پہنچے۔

    ن لیگی رہنما خواجہ نذیر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک اعتماد کی تحریک جمع کروادی گئی ہے۔

    ’اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف بھی تحریک اعتماد جمع کروادی گئی ‘

    خواجہ نذیر نے کہا کہ ’اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک اعتماد جمع کروائی گئی ہے۔

    ن لیگ کے رکن اسمبلی نے کہا کہ ’پنجاب کے عوام کے لیے اچھا سرپرائز دیں گے، تحریک عدم اعتماد کو سیکریٹری اسمبلی نے وصول کرلیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیکریٹری اسمبلی کو قانون کے مطابق تحریک اعتماد جمع کروائی گی ہے جبکہ نمبرز پورے ہونے کے بعد تحریک جمع کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ن لیگ نے گورنر سیکریٹریٹ سے وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے رابطہ کرلیا

    علاوہ ازیں ن لیگ کے رہنما خلیل طاہر سندھو تصدیق کی کہ گورنر سیکریٹریٹ سے وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے رابطہ کرلیا گیا ہے، گورنر ہاؤس میں اعتماد کے ووٹ کے لیے درخواست جمع کروائی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک اعتماد کے ساتھ وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کا کہا جائے گا۔

  • پی ٹی آئی نے 23 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کے بعد کی تیاری شروع کر دی

    پی ٹی آئی نے 23 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کے بعد کی تیاری شروع کر دی

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے 23 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کے بعد کی تیاری شروع کر دی۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے اسمبلیاں توڑے جانے کے بعد کی حکمت عملی کے بارے میں سوچنا شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں عمران خان پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ تئیس دسمبر کے بعد مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کے خلاف جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، اور پی ڈی ایم کے بند ہونے والے کرپشن کیسز کو عوام میں اجاگر کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ملک بھر میں انتخابی مہم کا بھی آغاز کیا جائے گا، این آر او ٹو کو انتخابی اور احتجاجی مہم میں تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا۔

    اسمبلیاں توڑنے کا اعلان، اے آر وائی نیوز کی سب سے پہلے خبر دینے کی روایت برقرار

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے گزشتہ روز پنجاب اور خیبر پختون خوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے کہا اگلے جمعہ کو پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں توڑ دیں گے، یہ اعلان کرتے ہوئے دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی موجود تھے۔

    انھوں نے وزرائے اعلیٰ کا اس فیصلے میں ساتھ دینے پر اظہار تشکر کیا اور کہا ملک کی خاطر دو اسمبلیاں قربان کرنے کا فیصلہ کیا ہے، قومی اسمبلی میں بھی جا کر استعفے منظور کرائیں گے۔

  • اسمبلیاں تحلیل معاملہ، صدر علوی اور وزیراعلیٰ پنجاب میں آج اہم ملاقات ہوگی

    اسمبلیاں تحلیل معاملہ، صدر علوی اور وزیراعلیٰ پنجاب میں آج اہم ملاقات ہوگی

    صدر عارف علوی آج وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے اہم ملاقات کریں گے جس میں اسمبلیوں کی تحلیل ودیگر اہم سیاسی امور پر مشاورت ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے اہم ملاقات کریں گے۔ جس میں اسمبلیوں کی تحلیل سمیت دیگر سیاسی امور پر بات ہوگی۔

    صدر علوی وزیراعلیٰ پنجاب کی دعوت پر وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ جائیں گے۔ اس ملاقات کے دوران مونس الہٰی سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوں گے جب کہ چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے صدر مملکت کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق صدر پاکستان کو اپنے موقف سے آگاہ کریں گے اور صوبے میں ترقیاتی کاموں پر بھی انہیں بریفنگ دیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ دینے کے اعلان کے بعد وفاقی وزرا نے صدر عارف علوی سے ملاقات کی تھی۔

    صدر مملکت سے ملاقات کرنے والوں میں ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ شامل تھے جنہوں نے عارف علوی کو ملکی معاملات پر کردار ادا کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

    وزرا کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کے بجائے نظام کا حصہ رہ کر ملک کو مسائل سے نکالا جائے۔ اس پر صدر مملکت نے تمام سیاسی جماعتوں کو بالغ نظری کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔

  • مسلم لیگ ن کا پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں بڑھانے کا فیصلہ

    مسلم لیگ ن کا پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں بڑھانے کا فیصلہ

    لاہور : مسلم لیگ ن نے پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، ممبران کا کہنا ہے کہ الیکشن سے قبل پیٹرول،بجلی اور دیگراشیا خوردونوش میں عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں بڑھانے کا فیصلہ کرلیا , ن لیگ کے ممبران نے جلد الیکشن کی صورت میں قیادت کو تحفظات سے آگاہ کردیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ممبران کا کہنا ہے کہ بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے حلقوں میں دشواریاں پیدا ہوں گی کیونکہ تحریک انصاف لانگ مارچ کے دوران مکمل الیکشن مہم کرچکی ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل پیٹرول،بجلی اور دیگراشیا خوردونوش میں عوام کوریلیف دینا ہوگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سےپی ٹی آئی اراکین کوترقیاتی فنڈزجاری کیےجارہےہیں، وفاقی حکومت کی طرف سے اراکین اسمبلی کوترقیاتی فنڈزجاری کیےجائیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جلدالیکشن کی صورت میں میاں نوازشریف یامریم نوازالیکشن مہم کاحصہ بنیں اور مرکزی قیادت پنجاب کا پارلیمانی اجلاس بلا کر ممبران اسمبلی کو اعتماد میں لے۔

  • عمران خان کا دورہ لاہور، پرویز الہٰی کو مکمل حمایت کا یقین دلائیں گے

    عمران خان کا دورہ لاہور، پرویز الہٰی کو مکمل حمایت کا یقین دلائیں گے

     چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان آج لاہور پہنچ رہے ہیں جہاں وہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات بھی کرینگے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں عمران خان چوہدری پرویز الہٰی کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلائیں گے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب انہیں وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں کی جانیوالی مداخلت سے آگاہ کریں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران 25 مئی تشدد کے واقعے میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا جب کہ عمران خان سے تحریک انصاف کے صوبائی رہنما، وزرا، ارکان بھی ملاقات کریں گے، سینیئر صوبائی وزیر میاں اسلم کی جانب سے پارٹی سربراہ کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائیگا۔

    واضح رہے کہ کچھ دنوں سے ن لیگی رہنماؤں کی جانب سے پنجاب حکومت کے جلد خاتمے کے تواتر کے ساتھ بیانات میڈیا میں آرہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سی سی پی او لاہور غلام محمود پر وفاقی اور پنجاب حکومت میں ٹھن گئی

    دوسری جانب سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر پر وفاقی اور پنجاب حکومتوں میں ٹھن گئی ہے، وزیر اعلیٰ نے غلام محمود کو چارج چھوڑنے سے روک دیا ہے۔