Author: طارق منیر بٹ

  • رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ درج

    رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: وفاقی وزیر برائے داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف گجرات میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تھانہ گجرات میں شہری شہکاز اسلم کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق رانا ثنا نے انتظامیہ، عدلیہ اور دیگر سرکاری ملازمین کو دھمکیاں دیں۔

    مقدمے کی درخواست میں کہا گیا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے انہوں نے عدلیہ کے گھیراؤ، ججوں کو آئینی کام سے روکنے کی دھمکی دی۔

    https://urdu.arynews.tv/653181-2/

    مقدمے کے متن کے مطابق رانا ثنا نے کہا عدالت اورہر اس ججز کا گھیراؤ کریں گے جو ایجنڈے کو پروان چڑھائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی ضلع میانوالی کے صدر نے وزیرداخلہ رانا ثناللہ، مریم نواز،نوازشریف ، وزیراعظم شہبازشریف کے خلاف مقدمے کی درخواست دائر کی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ راناثنانے چیف سیکریٹری پنجاب ، کمشنر لاہور کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، دھمکی آمیزبیان جیو ٹی وی پرچلنےکی وجہ سے پنجاب بیوروکریسی میں خوف و ہراس پھیلا۔

    پی ٹی آئی ضلع میانوالی کے صدر کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف ،رانا ثنا نے بیانات مریم نواز، شہباز اور نوازشریف کے کہنے پر دیے۔

  • پنجاب حکومت نے ضلع گجرات کو ڈویژن کا درجہ دے دیا

    پنجاب حکومت نے ضلع گجرات کو ڈویژن کا درجہ دے دیا

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدی پرویزالہیٰ نے دیرینہ مطالبہ پورا کرکے عوام کے دل جیت لیے، پنجاب حکومت نے ضلع گجرات کو ڈویژن کا درجہ دے دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے گجرات کو ڈویژن قرار دینے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پنجاب میں ڈویژن کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

    پنجاب حکومت نے ضلع گجرات کو ڈویژن کا درجہ قرار دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق گجرات ڈویژن کا ہیڈ کوارٹر بھی گجرات کو قرار دے دیا گیا ہے، ڈویژن میں 3 اضلاع گجرات، منڈی بہاالدین اور حافظ آباد شامل ہوں گے۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق گجرات میں نیا ڈویژنل ہیڈکوارٹر کمپلیکس بنایا جائے گا، گجرات کو ڈویژن کا درجہ دینے کا فیصلہ عوام کی فلاح وبہبود کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گجرات مسلم لیگ ق کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا آبائی علاقہ ہے، اور وہ گجرات سے ہی ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، مسلم لیگ ق کی جانب سے ماضی میں بھی گجرات کو ڈویژن کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔

  • ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، اویس قریشی کو دوبارہ ذمے داریاں دینے کا فیصلہ

    ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، اویس قریشی کو دوبارہ ذمے داریاں دینے کا فیصلہ

    لاہور: صوبائی حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی انتظامیہ میں بھی ردوبدل کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق محمد اویس قریشی کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ فیصلہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی طرف سےکیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد اویس قریشی کے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہوگا۔

    یاد رہے کہ محمداویس قریشی عثمان بزدار حکومت میں بھی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تھے تاہم تحریک انصاف کی حکومت ختم ہونے پراویس قریشی نےعہدے سےاستعفیٰ دیا تھا۔

    بعد ازاں حمزہ شہباز کی حکومت کے خاتمے کے بعد سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت اپنےعہدے سے مستعفی ہوگئےتھے۔

    یہ بھی پڑھیں: پنجاب کابینہ کے 21 ارکان نے حلف اٹھالیا

    شہزاد شوکت کی جانب سے استعفے میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ نئی حکومت کو اپنی مرضی کا ایڈووکیٹ جنرل لگانے کا اختیار ہے۔

    اس سے قبل آج پنجاب کابینہ کے اکیس ارکان نے حلف اٹھالیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نےارکان سے حلف لیا، اس موقع پر گورنر ہاؤس عمران خان کے نعروں سے گونج اٹھا۔

    وزیر اعلی پنجاب پرویزالٰہی نے حلف اٹھانے والے صوبائی وزرا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا امید ہے صوبائی وزرااپنی ذمےداریاں بطریق احسن نبھائیں گے اور عوام کی خدمت کے لیے دن رات ایک کریں گے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرین کی مالی امداد کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرین کی مالی امداد کا اعلان

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے سیلاب متاثرین کی مالی امداد کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں متعلقہ حکام سے تفصیلی بریفنگ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 8، آٹھ لاکھ فی کس دینے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ نقصانات کا تخمینہ لگ اکرمتاثرہ افراد کی مالی معاونت کی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں: یواے ای سیلاب، وزیراعظم کا قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس

    اجلاس میں چوہدری پرویزالٰہی نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر ومرمت کا حکم دیا اور کہا کہ سڑکوں کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پرشروع کیا جائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت دی کہ سیلاب متاثرین کو وبائی امراض سےبچاؤکی ویکسین بھی لگائی جائے جبکہ محکمہ خوراک کو سیلاب متاثرین میں خشک راشن تقسیم کرنے کا حکم دیا۔

    انہوں نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو سخت ہدایت جاری کی کہ تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز سے ریلیف کی سرگرمیوں کومزید تیزکریں، ڈی واٹرنگ پمپس کےذریعےسیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایاجائے،میں خود بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا۔

  • چوہدری شجاعت کی پارٹی صدارت سے متعلق بڑے فیصلے کا امکان

    چوہدری شجاعت کی پارٹی صدارت سے متعلق بڑے فیصلے کا امکان

    مسلم لیگ ق کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلس طلب کرلیا گیا ہے جس میں چوہدری شجاعت کی پارٹی صدارت سے متعلق بڑے فیصلے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ق کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلس طلب کرلیا گیا ہے جس میں چوہدری شجاعت کی پارٹی صدارت سے متعلق بڑے فیصلے کا امکان ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی پارٹی صدر اور جنرل سیکریٹری کے اختیارات ختم کرسکتی ہے۔ کمیٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے پارلیمانی پارٹی کو ہدایت دے گی۔

    ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس چوہدری شجاعت کے نئے خط کا راستہ روکنے کیلیے طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی ہدایت پر بلایا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے موقع پر اچانک خط نمودار ہونے پر چوہدری شجاعت ملکی سیاست میں موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ کے انتخاب سے کچھ وقت قبل اچانک ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ کے لیے ووٹ دینے سے معذرت کرلی تھی اور اس حوالے سے ایک خط تحریر کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: چوہدری شجاعت نے پرویزالٰہی کو ووٹ دینے سے معذرت کرلی

    پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کی ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے اسی خط کی بنیاد پر ق لیگ کے 10 ووٹ مسترد کرکے حمزہ شہباز کی کامیابی کی رولنگ دی تھی جو بعد ازاں سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دے دی تھی۔

  • گورنر پنجاب نے پرویز الٰہی سے حلف لینے سے انکار کردیا

    گورنر پنجاب نے پرویز الٰہی سے حلف لینے سے انکار کردیا

    لاہور: گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے چوہدری پرویز الٰہی سے حلف لینے سے انکار کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے پرویز الٰہی سے حلف لینے سے انکار کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ان سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیں گے۔

    ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف لینے گورنر ہاؤس پہنچ گئے ہیں لیکن گورنر ہاؤس کے دروازے بند ہونے پر انہیں داخلے کی اجازت نہیں ملی ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھی گورنر ہاؤس میں داخلے کی اجازت نہیں ملی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/supreme-court-dicision-d-speaker-rolling/

    گورنر ہاؤس کے گیٹ بند ہیں جبکہ ق لیگ اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی بڑی تعداد باہر موجود ہے جبکہ گورنر ہاؤس کے باہر گورنر پنجاب اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا تھا کہ گورنر آج رات ساڑھے 11 بجے پرویز الٰہی سے حلف لیں اور اگر گورنر پنجاب حلف نہیں لے سکتے تو صدر مملکت پرویز الٰہی سے حلف لیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: حکومتی اتحاد کا پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

    وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: حکومتی اتحاد کا پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

    وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر فل کورٹ بنانے پر حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم جماعتوں نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز لاہور کے بیوروچیف کے مطابق حکومت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب پر سپریم کورٹ کے عبوری فیصلے پر پٹیشن دائر کی جائے گی۔

    حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم قائدین کل صبح مشترکہ پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گے۔ حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم قائدین وکلا کے ہمراہ مشترکہ طور پر سپریم کورٹ جائیں گے۔

    پٹیشن میں فل کورٹ بنانے اور سپریم کورٹ بار سمیت متعلقہ درخواستوں کی ساتھ سماعت کی استدعا کی جائےگی۔

    مسلم لیگ (ن) ، پی پی پی ، جے یو آئی (ف) قیادت سپریم کورٹ جائے گی جب کہ ایم کیوایم، اے این پی، بی این پی، باپ سمیت دیگر اتحادی بھی درخواست گزار ہوں گے۔

  • پنجاب میں گرفت کیلیے مریم نواز کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ

    پنجاب میں گرفت کیلیے مریم نواز کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ

    مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کی جانب سے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کو پنجاب میں گرفت کے لیے ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف اور مریم نواز سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے رابطہ کیا اور وزارت اعلیٰ پنجاب، الیکشن اور سیاسی صورتِ حال پر بات چیت کی۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ 17 جولائی انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) کو دوبارہ منظم کیا جائے، ملکی حالات کے پیشِ نظر کسی وقت بھی الیکشن ہو سکتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سینئر رہنماؤں سے گفتگو میں پنجاب میں گرفت کے لیے مریم نواز کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نواز شریف کی سابق صدر آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم سربراہ فضل الرحمٰن سے بھی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔

  • پرویز الہٰی کے ساتھ ہوں، خط سے متعلق باتیں جھوٹ کا پلندہ ہیں، چوہدری شجاعت

    پرویز الہٰی کے ساتھ ہوں، خط سے متعلق باتیں جھوٹ کا پلندہ ہیں، چوہدری شجاعت

    پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ میں پرویز الہٰی کے ساتھ ہوں اور خط سے متعلق باتیں جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف خط جاری کرنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہئوے کہا ہے کہ میں پرویز الہٰی کے ساتھ ہوں اور خط سے متعلق باتیں جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

    چوہدری شجاعت حسین نے مونس الہٰی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پرویز الہٰی کے خلاف کوئی لیٹر جاری نہیں کیا اور نہ ہی ایسا سوچ سکتا ہوں کہ ان کے خلاف کوئی لیٹر جاری کروں۔

     سپریم کورٹ کے حکم پر وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے سے زائد وقت سے تاخیر ہے اور پی ٹی آئی اس تاخیر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے جا رہی ہے۔

    دوسری جانب پنجاب اسمبلی اجلاس شروع ہونے میں غیر معمولی تاخیر کے بعد مونس الہٰی بھی اسمبلی سے واپس گھر روانہ ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ ن لیگ کی جانب سے ق لیگی ارکان کے حوالے سے جعلی لیٹر لانے کے خدشے کے پیش نظر سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت کا ویڈیو پیغام ریکارڈ کرایا جائے گا۔

  • پرویز الہٰی کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کا امکان: آئی جی پنجاب نے مزید کام کرنے سے معذرت کرلی

    پرویز الہٰی کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کا امکان: آئی جی پنجاب نے مزید کام کرنے سے معذرت کرلی

    لاہور : آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے مزید کام کرنےسےمعذرت کرلی ، آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر کام کرنا مشکل ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے مزید کام کرنے سے معذرت کرلی، جس کے بعد آئی جی پنجاب راؤ سردار علی کو کل تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔

    نئے آئی جی کے لئے اے ڈی خواجہ ، فیصل شاہکار اور انعام غنی کے نام سامنے آگئے ہیں۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب راؤسردار نے وزیراعلیٰ پنجاب کو وفاق تبادلے کی درخواست دی ، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے راؤ سردار کو تبدیل کرنےسے متعلق وفاق سے مشورہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے درخواست میں کہا تھا کہ پرویز الہٰی کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر کام کرنا مشکل ہوجائے گا، میرٹ پرسب کام کئے مگرنہیں چاہتا کوئی نیا معاملہ کھڑا ہو۔

    ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ آپ نے ہمیشہ میرٹ اور شفافیت پر فیصلے کئے ہم آپکی خدمات کو سراہتے ہیں۔

    خیال رہے پرویزالہٰی نے اسمبلی میں پولیس ایکشن پر آئی جی کیخلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔