Author: الفت مغل

  • پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ، ارکان نے ایک دوسرے کو تھپڑ مار دیے

    پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ہنگامہ، ارکان نے ایک دوسرے کو تھپڑ مار دیے

    پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی اور ارکان نے ایک دوسرے کو تھپڑ مار دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومتی رکن احسان ریاض اور اپوزیشن رکن خالد زبیر نثار کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے ایک دوسرے کو تھپڑ مارے۔

    احسان ریاض اور خالد زبیر نثار کے درمیان جھگڑے میں ذیشان رفیق بھی آئے اور صلح کروانے کی کوشش کی۔

    قائمقام اسپیکر کے بار بار منع کیا لیکن ارکان ایک دوسرے کو تھپڑ مارتے رہے، ارکان نے ایک دوسرے پر جملے کسے جس کے بعد ہاتھا پائی ہوئی، دیگر ارکان نے بیچ بچاؤ کروایا۔

    قائمقام اسپیکر نے جھگڑے کی وجہ سے اجلاس 5 منٹ کے لیے ملتوی کرنے کے بعد حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے اپنے چیمبر میں بلایا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی جانب سے جھگڑے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

  • پنجاب کابینہ سے متعلق بڑا فیصلہ، نواز شریف نے گرین سگنل دے دیا

    پنجاب کابینہ سے متعلق بڑا فیصلہ، نواز شریف نے گرین سگنل دے دیا

    مری (20 جولائی 2025): شریف خاندان کی اہم بیٹھک میں پنجاب کابینہ سے متعلق بڑا فیصلہ کیا گیا ہے اور نواز شریف نے گرین سگنل دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے تفریحی پہاڑی مقام مری میں شریف خاندان کی اہم بیٹھک ہوئی ہے۔ اس بیٹھک میں ن لیگ کے صدر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے شرکت کی۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس اہم بیٹھک میں پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور مجموعی طور پر مزید 10 وزرا اور مشیروں کو کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ میں شامل ہونے والے وزرا اور مشیروں کی اکثریت جنوبی پنجاب سے ہوگی اور کابینہ میں یہ توسیع آئندہ ماہ متوقع ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ن لیگ کے صدر نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو نہ صرف پنجاب کابینہ کی توسیع کا گرین سگنل دے دیا ہے، بلکہ نواز شریف اور مریم نواز اراکین سے ملاقاتوں میں نام بھی شارٹ لسٹ کر چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ نواز شریف گزشتہ تین روز سے مری میں کشمیر پوائنٹ باغ شہیداں میں اپنی رہائشگاہ پر قیام پذیر ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف بھی مری پہنچے اور ان کی دعوت پر نواز شریف اور مریم نواز ڈونگا گلی پہنچے، جہاں یہ اہم مشاورت اور فیصلہ کیا گیا۔

  • پھوپھو کے بیٹے سے شادی نہ ہوتی تو بچے نارمل ہوتے، معذور بچوں کی ماں کی روداد

    پھوپھو کے بیٹے سے شادی نہ ہوتی تو بچے نارمل ہوتے، معذور بچوں کی ماں کی روداد

    کزن میرج بچوں میں بیماریوں کی منتقلی کا سبب ہے، فرسٹ کزنز میں شادی کرنے والے جوڑوں میں دونوں افراد کی ایک ایک جینز میں نقص ہو تو مرض کا پیدا ہونے والے بچوں میں منتقل ہونا یقینی ہے۔

    لاہور کی رہائشی کرن بچوں کی معذوری پر آنسو بہاتی ہیں اور خاندان میں شادی کی روایت کو ذمہ دار سمجھتی ہیں، کرن بڑی آرزوں کے بعد دھوم دھام سے اپنی پھو پھو کے بیٹے کے ساتھ بیاہی گئیں، کزن میرج کی وجہ سے ان کے دونوں بچے ذہنی اور جسمانی معذوری کا شکار ہیں۔ اس پر شدید غربت نے مسائل کا ایسا پہاڑ کھڑا کیا ہے کہ وہ روز جیتی اور روز مرتی ہے۔

    پنجاب اسمبلی میں کزن میرج کا معاملہ اٹھا تو اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بتایا کہ انکے قریبی رشتہ دار بھی کزن میرج کی وجہ سے ذہنی و جسمانی معذوری کا شکار ہیں ، حکومت اس مسئلہ پر قدم اٹھائے۔

    ایسی ہی ایک قیامت کرن پر گزری جو آج دعا کرتی ہیں کہ کاش ان کی کزن میرج نہ ہوتی، ان کے دونوں بچے معذور ہیں۔

    جینی اور موسی خود نہ کچھ کھا پی سکتے ہیں اور نہ ہی اپنی ماں سے کوئی فرمائش کرتے ہیں، کرن ترس گئی ہے کہ انکے بچے کچھ فرمائش یا ضد کریں۔

    ماہر امراض خون پروفیسر ڈاکٹر شبنم بشیر کا کہنا ہے کہ نسل در نسل ایک ہی خاندان میں شادیوں کی وجہ سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

    صحت مند معاشرے کے تسلسل کے لیے ضروری کہ حکومت کزن میرج جیسے رواج کی حوصلہ شکنی کرے، اور شادی سے پہلے بلڈ اسکریننگ پر توجہ دی جائے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

  • نواز شریف کی عبدالمالک بلوچ سے بلوچستان سے متعلق کیا بات ہوئی؟ ملاقات کا اندرونی احوال

    نواز شریف کی عبدالمالک بلوچ سے بلوچستان سے متعلق کیا بات ہوئی؟ ملاقات کا اندرونی احوال

    مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے ملاقات کی جس کا احوال سامنے آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کیا کچھ ہوا، اس کا اندرونی احوال سامنے آ گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں عبدالمالک بلوچ نے نواز شریف کو بلوچستان دورے کی استدعا کی تاہم انہوں نے فوری طور پر بلوچستان کے دورے کا وعدہ نہیں کیا اور کہا کہ اگر سیاسی پیش رفت ہوئی تو وہ (نواز شریف) ضرور بلوچستان کا دورہ کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد میں لے کر اختر مینگل اور بلوچستان کے دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بات کریں گے اور صوبے کے لیے کوئی قدم اٹھائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات میں نواز شریف نے عبدالمالک بلوچ کے اس موقف سے اتفاق کیا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل سیاسی ہے۔

    نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلیے ان سے جو کچھ ہو سکے گا وہ ضرور کریں گے۔

  • بزدار حکومت میں 550 ملین اسکینڈل، تحقیقات اعلیٰ افسران سے کیوں نہیں کرائی گئی؟ کمیٹی کی ناراضگی

    بزدار حکومت میں 550 ملین اسکینڈل، تحقیقات اعلیٰ افسران سے کیوں نہیں کرائی گئی؟ کمیٹی کی ناراضگی

    لاہور: پی ٹی آئی کی سابق حکومت سے تعلق رکھنے والے 550 ملین روپے کی مالی بے ضابطگی کے اسکینڈل میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی حکومت میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں 286 ملین روپے کے بغیر ٹینڈرز خریداریاں کی گئی تھیں، جب کہ 263 ملین روپے کی خریداری میں بنیادی قوانین کو نظر انداز کیا گیا تھا، بزدار دور کی اس بڑی مالی بے ضابطگی پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے سخت ایکشن لیا ہے۔

    پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے اس بات پر سخت اظہار ناراضگی کیا ہے کہ اس اسکینڈل کی تحقیقات جونیئر افسران سے کیوں کرائی گئی، کمیٹی نے تحقیقات اعلیٰ افسران سے کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔


    عثمان بزدار حکومت میں اسکولوں میں ہونے والے 58 فی صد داخلوں کی حقیقت کیا ہے؟


    پی اے سی نے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا مؤقف مسترد کر دیا، اور آڈٹ پیراز نمٹانے کی ایس اینڈ جی اے ڈی درخواست بھی مسترد کر دی، کمیٹی نے نئی تحقیقات مکمل ہونے تک تمام آڈٹ رپورٹس منجمد کر لیے ہیں۔

  • نواز شریف وزیر اعظم اور مریم نواز کے ہمراہ سعودی عرب نہ جا سکے

    نواز شریف وزیر اعظم اور مریم نواز کے ہمراہ سعودی عرب نہ جا سکے

    لاہور: میاں محمعد نواز شریف وزیر اعظم اور مریم نواز کے ہمراہ سعودی عرب نہ جا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی طبیعت ناساز ہو گئی ہے، اور ڈاکٹروں نے انھیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم طبیعت خراب ہونے کے باعث عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب نہ جا سکے، نواز شریف کا ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان روزانہ کی بنیاد پر چیک اپ کر رہے ہیں۔

    نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ہمراہ سعودی عرب جانا تھا، مریم اورنگزیب نے بھی پریس کانفرنس میں گزشتہ روز ان کی طبیعت ناسازی کا ذکر کیا تھا۔


    ‘قومی سلامتی کا اجلاس بلانے والے بتائیں نواز نے بائیکاٹ کیوں کیا؟ ‘


    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نے پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی، جس پر اپوزیشن کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی گئی ہیں۔

    بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلانے والے بتائیں، نواز شریف کیوں نہیں آئے؟ کیا قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ان کی غیر موجودگی دہشت گردوں کی حمایت ہے؟ انھوں نے کہا کہ اجلاس بلانے والے بتائیں انھوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کیوں کیا، کیا ان کے پلیٹ لیٹس پھر گر گئے ہیں کہ اجلاس میں نہیں آئے۔

    وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی حکومت کی نمائندگی موجود تھی، نواز شریف کی پارٹی کی بھرپور نمائندگی بھی موجود تھی، اس لیے نواز شریف اجلاس میں آتے تب بھی ٹھیک تھا نہ آتے تب بھی ٹھیک تھا۔

  • یہ بے نام قبریں کس کی ہیں؟ دل دہلا دینے والی کہانی

    یہ بے نام قبریں کس کی ہیں؟ دل دہلا دینے والی کہانی

    لاہور کے قریب علاقے سگیاں میں ایک ایسا قبرستان ہے جہاں ایسی لاشیں لائی جاتی ہیں جو لاوارث ہوتی ہیں، یا پھر ان کی شناخت نہیں ہو پاتی۔ لاوارث لاشوں میں کسی اپنے کا چہرہ تلاش کرنے والا شہری محمد اقبال ایک سال سے لاپتا کزن کی تلاش میں لاشوں کی شناخت کے لیے آتا ہے۔

    یہ بے نام قبریں ہیں یا ورثا کا نا ختم ہونے والا غم، یہاں ہر منگل کو تدفین کے لیے لاوارث لاشیں لائی جاتی ہیں، محمد اقبال باقاعدگی سے اس امید کے ساتھ آتے ہیں کہ شاید اس بار ان کے پیارے کی لاش مل جائے، اگر وہ مرگیا ہے تو قبر کا پتہ چل جائے۔

    اس قبرستان میں 3 سال کے دوران 14 سو سے زائد لاوارث میتوں کی تدفین کی گئی ہے، یہاں 20 فی صد خواتین اور 80 فی صد مرد مدفون ہیں۔ فلاحی تنظیم کے سربراہ ملک اکبر علی کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ روڈ ایکسیڈنٹ میں مرنے والوں کے موبائل فون اور پرس کے ساتھ شناختی تفصیلات بھی چرا کر لے جاتے ہیں، اس لیے شناخت میں دشواری ہوتی ہے۔

    تدفین سے پہلے لاشوں کی شناخت اور ورثا کی تلاش کے لیے نادرا سے مدد لی جاتی ہے، شناخت نہ ملے تو لاوارث شخص کی قبر تیار کر دی جاتی ہے بغیر کتبے کی بے نام قبر، تاہم تدفین کے بعد اگر ورثا کا پتا چلتا ہے تو وہ قبر پختہ کروا کر تختی لگوا دیتے ہیں۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • پی ٹی آئی دور کے کرپشن کے 18 کیسز اینٹی کرپشن کے حوالے

    پی ٹی آئی دور کے کرپشن کے 18 کیسز اینٹی کرپشن کے حوالے

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں کی گئی کرپشن کی تحقیقات کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 2019 کی مالی بدعنوانی کے 18 کیسز اینٹی کرپشن بھجوا دیے ہیں۔

    پی اے سی پنجاب نے ڈیرہ غازی خان اور فیصل آباد ڈی ایچ اوز میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات ڈی جی اینٹی کرپشن کے سپرد کی ہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری نے تحقیقات کے لیے وزیر اعلیٰ کی معائنہ ٹیم سے بھی مدد حاصل کر لی ہے۔

    عثمان بزدار دور سے متعلق محکمہ صحت سمیت دیگر محکموں کا ضروری ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے، پی اے سی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    عثمان بزدار دور حکومت سے متعلق اہم خبر

    یاد رہے کہ دو ہفتے قبل پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈی جی خان میں سرکاری اسکولوں میں سرکاری فنڈز غیر قانونی طور پر خرچ کیے گئے، سرکاری اسکولوں میں رقم خرچ کرنے کی با ضابطہ منظوری نہیں لی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق 21-2020 میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے فرنیچر اور دیگر اشیا کی خریداری کے لیے 9 کروڑ 90 لاکھ روپے خرچ کیے، تاہم اس رقم سے فرنیچر اور دیگر اشیائے ضرورت کی کسی سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

  • پاکستان نے جس طرح بولنگ کی اس پر تو میں بھی چھکا مارلوں، عظمیٰ بخاری

    پاکستان نے جس طرح بولنگ کی اس پر تو میں بھی چھکا مارلوں، عظمیٰ بخاری

    لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری بھی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں پاکستان کی کارکردگی پر مایوس ہوگئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں جس طرح کی بولنگ پاکستانی بولر نے کی اس پر تو میں بھی چھکا مار لوں۔

    انہوں نے کہا کہ فخر آخری امید تھی اب وہ بھی نہیں رہی۔

    عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی کارکردگی دیکھ کر بلڈ پریشر بڑھ گیا ہے۔

    وزیر اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ دیکھنے کی دعوت آئی ہے، میں نے امریکا سے ہارنے کے بعد میچ دیکھنا ہی چھوڑ دیا۔

    گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں 60 رنز سے شکست دی۔

     کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 321رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 47.2 اوورز میں 260 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    خوشدل شاہ نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، بابر اعظم 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، سلمان آغا نے 28 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی

    سعود شکیل 6 اور محمد رضوان 3 رنز بنا کر چلتے بنے، شاہین آفریدی 14، حارث رؤف 19 اور نسیم شاہ 13 رنز بناسکے۔

    نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان مچل سینٹنر اور دی اوورکی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

  • عثمان بزدار دور میں 99 ملین روپوں کی مبینہ بے ضابطگی کا انکشاف

    عثمان بزدار دور میں 99 ملین روپوں کی مبینہ بے ضابطگی کا انکشاف

    لاہور: عثمان بزدار دور میں 99 ملین روپوں کی مبینہ بے ضابطگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں ڈیرہ غازی خان میں مبینہ مالی بے ضابطگی کی رپورٹ سامنے آئی ہے، محکمہ آڈٹ پنجاب کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار دور میں سرکاری اسکولوں میں فنڈز مبینہ طور پر غیر قانونی خرچ کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق عثمان بزدار دور میں اسکولوں میں رقم خرچ کرنے کی با ضابطہ منظوری نہیں لی گئی تھی، 2020-21 میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے 99 ملین روپے مبینہ طور پر خرچ کیے، اور ان سے مبینہ طور پر فرنیچر و دیگر اشیائے ضرورت خریدی گئیں۔

    بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں انہیں ’’مشورہ‘‘ دوں گا کہ ….؟ علی محمد خان نے بتا دیا

    تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی خان میں 99 ملین کی فرنیچر و دیگر اشیا کی خریداری کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ آڈٹ پنجاب کی نشان دہی پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔