Author: الفت مغل

  • مولانا فضل الرحمان بلاول اور مریم سے نالاں، بڑی دھمکی دے دی

    مولانا فضل الرحمان بلاول اور مریم سے نالاں، بڑی دھمکی دے دی

    اسلام آباد : جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلاول اور مریم پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہی چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم سربراہی چھوڑنے کی دھمکی دے دی اور آصف زرداری اور نواز شریف کو خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا اگر بلاول اور مریم نے خود فیصلے کرنے ہیں تو انہیں سربراہی کیوں دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے شکوہ کیا کہ دیگر جماعتوں کے رہنمائوں کے بھی خدشات ہیں ، ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان پی ڈی ایم کو اعتماد میں لیے بغیرکیا گیا اور سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان میڈیا میں کیا گیا۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ فیصلے پی ڈی ایم پرمسلط کر رہے ہیں، طے ہوا تھا ہر فیصلہ پی ڈی ایم جماعتوں کی مشاورت سے ہوگا ۔

    فضل الرحمان نے گلہ کیا چھوٹی جماعتوں کو خدشات ہیں پی پی ،ن لیگ استعمال کر رہی ہے۔

    آصف زرداری اور نواز شریف سے گفتگو میں مولانا نے کہا اتحاد برقرار رہنا چاہیے، آصف زرداری نے کہا آپ کی شخصیت ہی پی ڈی ایم کو آگے لیکر چل سکتی ہے اور مولانا کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ شکایت نہیں ملے گی،ہر فیصلہ مشاورت سےہوگا۔

  • پی ڈی ایم میں شامل چھوٹی جماعتوں سے بھی اہم حلقوں کے رابطوں کا انکشاف

    پی ڈی ایم میں شامل چھوٹی جماعتوں سے بھی اہم حلقوں کے رابطوں کا انکشاف

    لاہور : پی ڈی ایم میں شامل چھوٹی جماعتوں سے بھی اہم حلقوں کے رابطوں کا انکشاف سامنے آیا جبکہ گرینڈ ڈائیلاگ کے حوالے سے کئی جماعتوں نے نرم گوشے کا اظہار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کےاجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، جس میں پی ڈی ایم میں شامل چھوٹی جماعتوں سے بھی اہم حلقوں کے رابطوں کا انکشاف ہوا۔

    ن لیگ اور پی پی سمیت اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے مذکرات کیلئے رابطے شروع کردیے ہیں جبکہ گرینڈ ڈائیلاگ کے حوالے سے کئی جماعتوں نے نرم گوشے کا اظہار کردیا۔

    نوازشریف نے گرینڈ مذکرات کو چال قرار دیا، جس کی مولانافضل الرحمان نے تائید کردی ہے، نوازشریف نے رائے میں کہا ہے کہ شہباز شریف بھی اس چال میں کئی بارپھنس چکےہیں، فیصلہ آپ قائدین نےخودکرناہے، شہبازشریف کوایک مرتبہ پھرمیٹھی باتوں میں لانےکی کوشش کی گئی، مذاکرات ان سے کیے جاتے ہیں جو بددیانتی کا مظاہرہ نہ کریں۔

    نوازشریف کا کہنا ہے کہ 40سالہ اپنی سیاسی زندگی میں کئی نشیب وفرازدیکھےہیں، سینیٹ انتخابات کےحوالےسےفیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے پراصرار کیا اور آصف زرداری نے سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں ہرصورت حصہ لینے کی تجویز پیش کی۔

    آصف زرداری نے کہا کہ اگرسینیٹ الیکشن میں جاتے ہیں تو بھی ہماراپلڑا بھاری ہوگا، سینیٹ انتخابات میں آرام سے 12 سے 14 نشستیں جیت سکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے استعفوں کےحوالے سے ساراوزن پی ڈی ایم پر ڈال دیا، پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ استعفوں کا آپشن تب استعمال ہوں جب ماحول گرم اور عوام سڑکوں پر ہو، عوامی رائےعامہ کو ہموار کرنے کیلئے ریلیاں اور جلوس نکالیں جائیں۔

    پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ استعفوں کیلئے ہر وقت تیار ہیں لیکن حکمت عملی میڈیا پر ظاہر نہ کی جائے۔

    پیپلزپارٹی نے اجلاس میں تجویز دی کہ استعفے کب دینے ہیں یہ سرپرائز ہی رہنے دیں، اجلاس میں کہا گیا کہ پی ڈی ایم سطح پر ملک کے سینئر صحافیوں اور ایڈیٹرزسے ملاقاتیں کی جائیں گی ، جس میں پی ڈی ایم کی تحریک کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔

  • ’’ہمیں چور اور غدار کہا جارہا ہے‘‘

    ’’ہمیں چور اور غدار کہا جارہا ہے‘‘

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہمیں چور اور غدار کہا جارہا ہے، نواز شریف کا کیا جرم ہے کیا آئین کی بات کرنا بغاوت اور غداری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر طرف انتشار اور تلخی ہے، ہم نے جھگڑا نہ کرنے کی کوشش کی لیکن اب کوئی راستہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کا چہرہ داغدار کرنے کی سازش کی گئی، حمزہ شہباز، سید خورشید شاہ طویل عرصے سے جیل میں کیوں ہیں، تم نے شہباز شریف کو نہیں پنجاب کی خدمت کا پابند سلاسل کیا ہے، جیلیں، مقدمے، الزام، جبر مسلم لیگ کے شیروں کا راستہ نہیں روک سکتے۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 2 برس ہم نے اور قوم نے برداشت کیا لیکن تم نے کام نہیں کیا، غربت بیروزگاری بڑھ گئی ہے، عزتیں محفوظ نہیں، ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ نئے پاکستان کا دعویٰ کرکے لوگوں کو سبز باغ دکھائے گئے، ہم نے ساری زندگی جمہوریت، آئین اور قانون کی پاسداری کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کی گئی، نواز شریف نے جدید پاکستان کی بنیاد رکھی، نئے پاکستان والوں نے کونسا نیا پراجیکٹ دیا ہے۔

    سعد رفیق نے کہا کہ جب کوئی راستہ نہیں بچا تو ہم نے پی ڈی ایم اے بنائی، ہم چاہتے ہیں ملک کو آئین کے مطابق چلاؤ، حزب اختلاف کی 11 جماعتیں حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔

  • ہراساں کرنے کا الزام:  طلال چوہدری پرن لیگی ایم این اے عائشہ رجب کے بھائیوں کا تشدد

    ہراساں کرنے کا الزام: طلال چوہدری پرن لیگی ایم این اے عائشہ رجب کے بھائیوں کا تشدد

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کو ایم این اے عائشہ رجب بلوچ کے بھائیوں نے تشدد کا نشانہ بناڈالا ، جس کے باعث ان کا بازو 2جگہ سے فریکچر ہوگیا ، طلال چوہدری نے عائشہ رجب بلوچ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کو فیصل آباد میں نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا، ذرائع کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری نے ن لیگی ایم این اے عائشہ رجب بلوچ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔

    جس کے بعد خاتون ایم این اے کے بھائیوں نے طلال چوہدری پر تشدد کیا، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری کابازو 2جگہ سے فریکچر ہوا جبکہ ان کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں، طلال چوہدری کے بائیں بازو کی سرجری کردی گئی ہے۔

    تاہم مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے اس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

  • بغاوت کا خوف: ن لیگ نے امیدواروں کے ناموں کا فوری اعلان مؤخرکردیا

    بغاوت کا خوف: ن لیگ نے امیدواروں کے ناموں کا فوری اعلان مؤخرکردیا

    لاہور : سابق لیگی رہنما زعیم قادری کی پارٹی سے بغاوت کے بعد ن لیگ نے امیدواروں کے ناموں کا فوری اعلان مؤخرکردیا، خواتین کی مخصوص نشستوں کے ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی شدید تنقید کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق لیگی رہنما زعیم قادری کی پارٹی قیادت کےخلاف بغاوت نے ن لیگی قیادت کی نیندیں اڑادیں، شہبازشریف کولندن سےہنگامی طور پرواپس آنا پڑا۔

    شہباز شریف کی لندن سے واپسی پر پارٹی رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پارٹی معاملات سمیت موجودہ صورتحال اور لیگی رہنماؤں کو ٹکٹوں کی تقسیم پر مشاورت کی گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ  متوقع امیدوار وحید عالم خان کو این اے133سے ٹکٹ دینے کے معاملے  پردوبارہ غورکیا جائے گا جبکہ مزید کسی بھی بغاوت کےخوف سے ن لیگ نے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کا اعلان چند روز کے لیےموخر کردیا ہے۔

    اس کے علاوہ ن لیگ کو خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی اندرونی طور پرشدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    دوسری جانب حلقہ این اے 133سے مسلم لیگ ن کے متوقع امیدوار وحید عالم خان نے زعیم حسین قادری کے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وحید عالم کا کہنا ہے کہ لاہور شریف خاندان کی جاگیر ہے،  دوسروں کو بوٹ پالش کرنے کا طعنہ دینے والے زعیم قادری بتائیں کہ وہ بیس سال سے ن لیگ میں کیا کر رہے تھے؟

    ،مزید پڑھیں: زعیم قادری کی ن لیگ سے بغاوت، آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان

    وحید عالم نے مزید کہا کہ ووٹ صرف نواز شریف کا ہے زعیم قادری الیکشن لڑنے کا شوق پورا کر لیں انہیں آٹے دال کے بھاﺅ کا لگ پتہ جائے گا، پریس کانفرنس کے دوران تنویر نثار گجر سمیت متعدد یونین کونسلز کے چیئرمینوں نے وحید عالم خان کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس مقابلہ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس مقابلہ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    ڈیرہ اسماعیل خان: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس مقابلے میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ یونیورسٹی کی حدود کٹ شہانی میں پولیس سرچ آپریشن کے بعد واپس جارہی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار ڈی ایف سی گومل یونیورسٹی ولایت اور ایف آر پی کانسٹیبل جاوید پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور دستی بم پھینک دیا جس سے دونوں اہلکار زخمی ہوگئے۔

    اس دوران پیچھے سے آنے والی پولیس پارٹی نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دستی بم بھی استعمال کیے گئے۔

    واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی او یاسر آفریدی پولیس پارٹی کے ہمراہ فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دونوں دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان دہشت گردوں سے اسلحہ اور دیگر بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

    زخمی پولیس اہلکاروں کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنک ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

    آر پی او سید فدا حسن شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس عوام کی جان و مال و عزت و آبرو کی محافظ ہے۔ پولیس نے ڈٹ کر جواں مردی سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

    ان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے بارے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • مسئلہ کشمیر: جماعت اسلامی نے آل پارٹیزکانفرنس بلانے کا اعلان کردیا

    مسئلہ کشمیر: جماعت اسلامی نے آل پارٹیزکانفرنس بلانے کا اعلان کردیا

    لاہور:  جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف حکومت خاموش ہے اس لیے جماعت اسلامی نے مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے 29جولائی کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    آل پارٹیزکانفرنس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی قیادت اور سول سوسائٹی کے اہم رہنماﺅں کو دعوت دی جائے گی جس کے لیے خود امیر جماعت اسلامی سیاسی قیادتوں سے رابطے کرینگے ۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارتی مظالم کے خلاف 31 جولائی کو ناصر باغ سے واہگہ بارڈر تک کشمیر مارچ ہو گا جبکہ 4آگست کو کراچی میں خواتین اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے اظہار یکجہتی کرینگے ۔

    لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارتی حکومت کی انا خطے میں خوفناک جنگ کا سبب بن سکتی ہے اس لیے مسلم دشمنی پر مبنی انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

    مزید پڑھیں: آل پارٹیز کانفرنس: سراج الحق کی خورشید شاہ اورعمران خان سے ملاقات

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور پالیسی ساز بھارت سے جھوٹی دوستی کے نام پر ان کی چالوں میں آکر الجھ جاتے ہیں اور پھر منہ کی کھاتے ہیں، اس لیے حکومت کشمیر پر واضع مؤقف اختیار کرے اور کشمیر کے حل اور بھارتی مظالم بند ہونے تک بھارت سے تمام تعلقات ختم کیے جائیں۔

    ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ تحریک انصاف کی 7 آگست سے شروع ہونے والی کرپشن کے خلاف تحریک مظلوم کشمیریوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اس تحریک کے دباﺅ میں آکر شاید حکومت مقبو ضہ کشمیر کے مسلئے پر کوئی واضع موقف اختیار کرلے۔

     

  • پنجاب اسمبلی میں فنانس بل منظور،اپوزیشن کا احتجاج

    پنجاب اسمبلی میں فنانس بل منظور،اپوزیشن کا احتجاج

    لاہور ( الفت مغل): اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے فنانس بل 2016,17منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا۔

    اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ نئے ٹیکس واپس لیے جائیں، پلاٹوں پر ٹیکس سے عام آدمی براہ راست متاثر ہو گا اور لوگ اپنی چھت کی خواہش سے محروم رہیں گے۔

    اپوزیشن رکن میاں اسلم اقبال نے بل پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت اپنے غیر ضروری اخراجات کم کرے رکشا اور چھوٹی گاڑیوں پر ٹیکس کے بجائے بڑی اور لگژ ری گاڑیوں پر ٹیکس لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ،عوام کے ٹیکسوں سے جاتی امرا رائے ونڈ کے لیے بلٹ پروف سیکیورٹی دیواریں بنائی جا رہی ہیں۔

    وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے اپوزیشن کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے چیمبر آف کامرس کی مشاورت سے ٹیکس نیٹ کو بہتر بنایا ہے،رکشا اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ یک مشت یا اقساط میں ٹیکس جمع کرا سکیں گے۔

    صوبائی وزیر خزانہ نے کہاکہ غریب لوگوں کی توجہ صرف روٹی پر ہے ،غریب لوگ پراپرٹی کا کام نہیں کرتے، پانچ مرلے تک کے پلاٹ مالکان دو سال میں گھر کی تعمیر کا آغاز کردیں گے تو ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ لوگ اپنا سر مایہ پراپرٹی میں لگا رہے ہیں اس کے بجائے اگر وہ انڈسٹریز لگائیں گے تو روز گار بڑھے گا۔

    اپوزیشن کی تنقید اور مخالفت کے باوجود اکثریت کی بنیاد پر حکومت نے فنانس بل 2016,17 پنجاب اسمبلی سے منظور کرا لیا۔

    اجلاس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے مقامی حکومتوں کا چوتھا ترمیمی بل پیش کیا جس کے مطابق شہری سہولیات کی حامل دیہی یونین کونسلز کو بھی پراپرٹی ٹیکس لگانے کا اختیار دے دیا گیا۔

    اپوزیشن نے اس بل کی بھی مخالفت کی تاہم پنجاب اسمبلی نے بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ اسپیکر نے منگل کی صبح دس بجے تک اجلاس ملتوی کر دیا۔

  • لاہور: شہادت حضرت علیؓ  کا جلوس آج نکالا جائے گا، 6ہزار پولیس اہلکار تعینات

    لاہور: شہادت حضرت علیؓ کا جلوس آج نکالا جائے گا، 6ہزار پولیس اہلکار تعینات

    لاہور: شہات حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا مرکزی جلوس قدیم مبارک حویلی اندرون لاہور موچی گیٹ سے صبح ساڑھے نو بجے برآمد ہو گا،جلوس کو سخت سیکیورٹی دی جائے گی، حفاظت کے لیے چھ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے چھ ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے ساتھ ہی اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی تعداد اس کے علاوہ ہو گی۔

    پولیس کی مدد کے لیے حیدری اسکاﺅٹس کے ایک ہزار رضا کار بھی سیکیورٹی کے فرئض سر انجام دیں گے جس میں سات سو نوجوان لڑکے اور تین خواتین اہلکار شامل ہوں گی۔

    جلوس کی سیکیورٹی کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور جلوس میں شریک افراد کے لیے مخصوص راستے مختص کر دیئے گئے ہیں، جلوس کے کسی بھی راستے سے داخل ہونے کے لیے تین مقامات پر جامہ تلاشی ہو گی جبکہ واک تھرو گیٹس بھی انٹری پوائنٹس پر نصب کر دیئے گئے ہیں۔

    جلوس کے راستوں پر بلند و بالا عمارتوں پر ڈبل روف ٹاپ چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی کی مانیٹرنگ سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشن کریں گے۔ سیکیورٹی انتظامات کا لمحہ بی لمحہ جائزہ لینے کے لیے ڈی سی او آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے ۔

    جلوس اپنے مقررہ راستوں چوک نواب صاحب ، بازار حکیماں ، بازار شیعاں سے ہوتا ہوا رنگ محل پہنچے گا جہاں جلوس آغا حیدر علی موسوی کی امامت میں نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد جلوس کے شر کا دوبارہ اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہیں گے۔

    شہا دت حضرت علی ابن ابی طالب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا جلوس افطار سے قبل کر بلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو جائے گا تاہم سیکیورٹی پلان کے مطابق کسی بھی ناخو شگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پو لیس اس وقت تک اپنے اپنے پوائنٹس پر موجود رہے گی جب تک تمام عزادار گھروں کو واپس نہیں چلے جاتے۔